Book Name:Sadqa ke Fawaid

آپ نے اس ہفتے پیر شریف (یا رہ جانے کی صور ت میں کسی بھی دن)کا روزہ رکھا؟نیز اس ہفتے کم از کم ایک دن کھانے میں جَو شریف کی روٹی تناول فرمائی ؟

پیاری پیاری اسلامی بہنو!فرض روزوں کے ساتھ ساتھ نفل روزہ رکھنا بہت بڑی سعادت کی بات ہے ، امیر اہلسنت دَامَتْ بَـرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے مَدَنی انعامات میں نفل عبادات کا شوق دلاتے ہوئے ہر پیر شریف کو روزہ رکھنے کی ترغیب دلائی ہے اور اَلْحَمْدُلِلّٰہ جامعۃ المدینہ کے طلبَۂ  کرام اوردیگر کثیر اسلامی بھائی ، اسی طرح جامعات المدینہ للبنات کی طالبات و معلمات کے علاوہ کثیر اسلامی بہنیں بھی پیر شریف کانفل روزہ رکھنے کی سعادت حاصل کرتی ہیں۔ آیئے!نفل روزوں کی فضیلت پر دو (2) فرامینِ مُصْطَفٰے صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ سنتی ہیں :

نفل روزوں کی فضیلت

1۔    ارشادفرمایا : اگر کوئی شخص ایک دن نفلی روزہ رکھے پھر اسے زمین بھر سونا بھی دے دیا جائے ، تب بھی اس کا ثواب قیامت کے دن ہی پورا ہوگا۔             (مجمع الزوائد ، کتاب الصیام ، باب فی فضل الصوم ، ۳ / ۴۲۳ ،  حدیث :  ۵۰۹۲)

2۔    ارشادفرمایا : جس نے لَاۤاِلٰہَ اِلَّا اللہُ کہا اور اسی پر اس کا خاتمہ ہوا تووہ جنّت میں داخل ہوگا۔ جواللہ پاک کی رِضا چاہتے ہوئے کسی دن روزہ رکھے پھر اسی پر اس کا خاتمہ ہو جائے تو وہ جنت میں داخل ہوگا۔ جواللہ  پاک کی رضا کے لئے صدقہ کرے اور اسی پر اس کا خاتمہ ہو تو وہ جنت میں داخل ہوگا۔   (مسند احمد بن حنبل ،  ۹  /  ۹۰ ، حدیث  :  ۲۳۳۷۴)

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                                 صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمّد

      پیاری پیاری اسلامی بہنو!رَجَبُ الْمُرَجَّب  کا مہینا جاری ہے۔ اس مہینے میں بھی نفل روزے رکھنے کی بڑی برکتیں ہیں ، لہٰذا یہ برکتیں و فضائل پانے کے لیے اس مہینے کے اکثر دن اگر ہوسکے روزہ رکھ کر گزارنے کی کوشش کیجئے۔ احادیثِ مُبارکہ میں رَجَب کے نَفل روزوں کے بہت سے فَضائل بیان کئے گئے ہیں ، چنانچہ

       رسولِ اکرم صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے اِرْشاد فرمایا : جَنَّت  میں ایک نَہْر ہے جسے “ رَجَب “ کہا جا تا ہے ، جو دُودھ سے زِیادہ سفید اور شہد سے زِیادہ میٹھی ہے ، تو جو کوئی رَجَب کا ایک روزہ رکھے تو اللہ پاك اُسے اُس نَہْر سے سَیْراب کرے گا۔

 (شُعَبُ الایمان ، ۳ / ۳۶۷ ، حدیث۳۸۰۰)

                             اللہ پاک ہمیں دیگر نفل روزوں کے ساتھ ساتھ رجب شریف کے روزے رکھنے کی بھی توفیق عطا فرمائے۔  

اٰمِین بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم  

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                         صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد

کونسا مال صدقہ کرنا  چاہیے