Book Name:Islam Aik Zabita-e-Hayat He

بڑے بھائی سے اچّھا سُلُوک کیجئے

حضرت سَیِّدُناجَرِیْر بن حازِم رَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہ فرماتے ہیں:میں نے ایک مرتبہ خواب دیکھا  کہ میرا سر میرے ہاتھوں میں ہے،اس کی تعبیر(Interpretation)جاننے کیلئے میں نے اپنا یہ خواب حضرت سَیِّدُنا امام اِبْنِ سیرین رَحْمَۃُ اللّٰہ ِ عَلَیْہ کو سُنایا(جو خوابوں کے نتائج بتانے میں کافی مہارت رکھتے تھے)اُنہوں نے مجھ سے پوچھا:تمہارے والدین میں سے کوئی زندہ ہے؟ میں نے کہا:جی نہیں،ارشاد فرمایا:کیاتمہارا کوئی بڑا بھائی ہے؟میں نے کہا:جی ہاں،آپرَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہ نے ارشاد فرمایا:اللہ پاک سے ڈرتے رہو، اس کے ساتھ اچّھا سُلُوک کیا کرو اور اس سےتعلّق توڑنے سے باز رہو۔(شعب الایمان،باب فی برالوالدین، فصل فی صلۃ الرحم، ۶/۲۱۰، رقم: ۷۹۲۸)

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                            صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمّد

چھوٹوں پر شفقت

پیاری پیاری اسلامی بہنو! اسلام نے جہاں چھوٹوں  کو بڑے بھائی کا ادب و اِحترام کرنے کا درس دیا ہے ،وہیں بڑوں کو بھی حکم دیا کہ وہ بھی  چھوٹے بہن بھائیوں کے ساتھ شَفْقَت ومَحَبَّت  کا برتاؤ کریں۔آئیے! ترغیب کے لئے2 فرامینِ مُصْطَفٰے صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَسنئے،چنانچہ

(1) ارشاد فرمایا:جس کی3 بیٹیا ں یا3 بہنیں ہوں،یا 2 بیٹیاں یا 2 بہنیں ہوں اور وہ ان کے ساتھ اچھا سُلُوک کرے اور ان کے معاملے میںاللہ پاک سے  ڈرے تو اس کے لئے جنت ہے۔(ترمذی، کتاب البر والصلۃ، باب ما جاء فی النفقۃ علی …الخ، ۳/۳۶۷،حدیث: ۱۹۲۳)

(2)ارشادفرمایا:جو ہمارے چھوٹوں پر رحم نہ کرے،ہمارے بڑوں کی عزّت نہ کرے اور ہمارا حق نہ پہچانے، وہ ہم سے نہیں۔(معجم کبیر،سعید بن جبیر عن ابن عباس،۱۱/ ۳۵۵، حدیث:۱۲۲۷۶)