Book Name:Badshogooni Haram Hai

حکیمُ الاُمَّت حضر  ت  مفتی احمد یار خان عَلَیْہِ رَحْمَۃُ الْحَنَّان لکھتے ہیں:اسلام میں نیک فال لینا جائز ہے ،بَدفالی، بَدشُگُونی لینا حرام ہے۔(تفسیر نعیمی، ۹/۱۱۹)

میٹھے میٹھے اسلامی  بھائیو!معلوم ہو اکہ کسی بھی چیز کو دیکھ کر اس سے نیک فالی لینا جائزہے  مثا ل کے طور پر ہم کسی کام کو جارہے ہوں،کسی نے پُکارا: ’’یارَشید (یعنی اے ہدایت یافتہ)‘‘، ’’یا سَعید(یعنی اے سعادت مند)‘‘،’’اے نیک بَخْت ‘‘ ہم نے خَیال کیا کہ اَچّھا نام سُنا ہےاِنْ شَآءَ اللہ کامیابی ہوگی یا کسی بُزرگ کی زِیارَت ہوگئی اِسے اپنے حَق میں اَچّھا سمجھا کہ اَب اِنْ شَآءَ اللہ مجھے اپنے مَقْصَد میں کامیابی ملے گی  تو یہ اَچّھا شُگُون ہے اور اسلام نے اسے پَسَنْد کیا ہے۔ جبکہ   کسی بھی چیز کو دیکھ کر اس سے بدشُگُونی اور بد فالی مُراد لینا   اس سے اسلا م نے منع کیا ہے، مثلاً ایک شَخْص سَفَر کے اِرادے سے گھر سے نکلا لیکن راستے میں کالی بلّی راستہ کاٹ کر گُزر گئی ،اب اُس شَخْص نے یہ یَقین کرلیا کہ اِس کی نُحُوسَت کی وَجہ سے مجھے سَفر میں ضَرورکوئی نُقصان اُٹھانا پڑے گا اور سَفَر کرنے سے رُک گیا توایسا کرنابدشُگُونی میں مبُتلاہونا ہے اور اس سے شریعت نے منع کیا ہے۔کسی شخص ،جگہ ،چیزیا وَقت کو منحوس جاننے کا اسلام میں کوئی تصوُّر نہیں یہ مَحض وَہْمی خیالات ہوتے ہیں ۔

آیاتِ قرآنی

 قرآنِ کریم میں کئی جگہ بدشُگُونی کی ممانعت آئی ہے۔ چنانچہ اللہ پاک پارہ 9،سورۂ  اََعْراف کی آیت131میں فرعونیوں کے متعلّق  ارشاد فرماتا ہے :

فَاِذَا جَآءَتْهُمُ الْحَسَنَةُ قَالُوْا لَنَا هٰذِهٖۚ-وَ اِنْ تُصِبْهُمْ سَیِّئَةٌ یَّطَّیَّرُوْا بِمُوْسٰى وَ مَنْ مَّعَهٗؕ-اَلَاۤ اِنَّمَا طٰٓىٕرُهُمْ عِنْدَ اللّٰهِ وَ لٰكِنَّ اَكْثَرَهُمْ لَا یَعْلَمُوْنَ(۱۳۱) ۹،الاعراف :۱۳۱)