Book Name:Sadqay ki Baharain ma Afzal Sadqaat

مَجْلسِ عُشْر و اطراف گاؤں

میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! بدقسمتی سے آج کل علمِ دین سے دُوری اور دُنیا داری نے کاشت کار مسلمانوں کو عُشْر و زکوٰۃ جیسی عظیم عِبادَت کی بجاآوری سے دُور کر رکھا ہے، چُنانچہ مُسلمانوں کی خیر خواہی اور عُشْر کیاَھَمِّیّت کے پیشِ نظر مُسلمانوں میں اِس عظیم مالی عِبادَت کو اَدا کرنے کا شعور بیدار کرنے اور اُنہیں عدمِ اَدائیگی کے گُناہ سے بچانے کیلئے تبلیغِ قرآن و سُنّت کی عالمگیر غیر سیاسی تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت ”مجلسِ عُشْرو اطراف گاؤں“ کا  قِیام عمل میں لایا گیا ہے۔عُشْر درحقیقت زمین کی زکوٰۃ ہے۔ زمین میں جو فَصْلیں وغیرہ ہوتی ہیں، اُس کا دَسواں(10/1)حِصّہ اور بعض اوقات بیسواں(20/1) حصّہ پیداوار کی زکوۃ فرض ہوتی ہے،لہٰذا عُشْر کے دنوں میں ہفتہ وار اور دیگر سُنّتوں بھرے اجتماعات میں راہِ خدا میں خَرْچ کرنے کے فضائل بیان کر کے دعوتِ اسلامی کو عُشْر دینے اور جمع کرنے کی ترغیب دِلائی جاتی ہے۔

اس شعبے کے ذِمہ داران،عُشر کی وصولی کے لیے وقتا فوقتاً کسانوں،زمینداروں،باغات کے مالکان وغیرہ سے اِنفرادی کوشش کے ذریعے رابطہ کرتے رہتے ہیں،"کسان اجتماعات" کا بھی اِنعقاد کیا جاتا ہے،رِسالہ"عُشر کے احکام"تقسیم کرکے عُشر دینے کاذہن دِیا جاتا ہے۔

بالخصوص زمینداروں کو چاہئے کہ عشر کے بارےمیں معلومات کیلئے دعوتِ اسلامی کے اشاعتی ادارے مکتبۃُ المدینہ کے مطبوعہ 48 صفحات پر مشتمل رسالے "عُشر کے اَحکام"اور"چندہ کرنے کی شرعی اِحتیاطیں" کا لازمی مُطالَعہ کریں اور شریعت کے مُطابق اپنی فصلوں کی زکوۃ نکالنے کے بارے میں دارُ الافتاء اہلسنت سے ضرور رہنمائی حاصل کریں۔

اللہ کرم ایسا کرے تجھ پہ جہاں میں     اے دعوتِ اسلامی تری دُھوم مَچی ہو

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                        صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد