Book Name:Achay Mahol ki Barkatain Ma Dosti ki Sharait

شبِ عید کی عبادت

1.    جس نے عِیْدَین کی رات (یعنی شَبِ عِیْدُالفِطْر اور شَبِ عِیْدُ الْاَضْحٰی)طَلَبِ ثواب کیلئے قِیام کیا ،اُس دن اُس کا دِل نہیں مَرے گا،جس دن (لوگوں کے)دِل مَرجائیں گے۔(سُنَنِ ابنِ ماجہ ج۲ص۳۶۵، حدیث۱۷۸۲)

2.    جو پانچ(5) راتوں میں شب بیداری کرے اُس کے لئے جَنَّت واجِب ہوجاتی ہے۔ذِی الْحجّہ شریف کی آٹھویں(8)،نویں(9) اور دسويں(10) رات (اِس طرح تین(3) راتیں تویہ ہو ئیں )اور چوتھی(4) عِیدُالفِطْر کی رات ،پانچویں(5) شَعْبانُ الْمُعظَّم کی پندرہویں (15)رات (یعنی شبِ بَرَاءَ ت ) ۔

 (اَلتَّرْغِيْب وَالتَّرْھِيْب، ج۲،ص۹۸، حدیث:۲)

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                                   صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد

شش عید کے روزے

پیارے اسلامی بھائیو!یہ بھی نیّت کرلیجئے کہ رَمَضَانُ المُبارَک میں روزوں کی جو برکتیں حاصِل ہوئیں اُن برکتوں کو مزید پانے کے لئے رَمَضَان کے بعدنفلی روزے رکھنے کی بھی کوشش کریں گے۔ بِالْخُصُوص شَوّال کے چھ (6)روزے رکھنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔آیئے شوّال کے چھ (6)روزوں کے فضائل پر مشتمل تین(3)فرامینِ مصطفٰے صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ سماعت کیجئے:

1.    جس نے رَمَضان کے روزے رکھے پھر چھ(6) دن شَوّال میں رکھے تو گناہوں سے ایسے نکل گیا جیسے آج ہی ماں کے پیٹ سے پیدا ہوا ہے۔         (مجمع الزوائد ج۳ ص۴۲۵حدیث۵۱۰۲)

2.    جس نے رَمَضان کے روزے رکھے پھران کے بعدچھ (6)شَوّال میں رکھے۔ توایسا ہے جیسے دَہر کا (یعنی عمر بھرکیلئے)روزہ رکھا ۔ (صحیح مسلِم ص۵۹۲حدیث۱۱۶۴)

3.    جس نے عیدُالْفِطْر کے بعد(شَوّال میں)چھ(6) روزے رکھ لئے تو اُس نے پورے سال کے روزے رکھے کہ جو ایک نیکی لائے گا اُسے دس ملیں گی۔(سنن ابن ماجہ ج۲ص۳۳۳حدیث۱۷۱۵)