Book Name:Faizan e Maula Ali Mushkil Kusha

مخلوقاتِ الٰہی اِنْس و جِنّ و مَلک (یعنی اِنسانوں ، جنّوں اور فِرشتوں)سے افضل صدِّیقِ اکبر ہیں، پھر عُمر فاروقِ اعظم،پھرعثمانِ غنی،پھر مولیٰ علیرَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُم،افضل کے یہ معنی ہیں کہ اللہ عَزَّ  وَجَلَّ  کے یہاں زیادہ عزَّت و مَنزِلت والا ہو۔(مُلَخَّص ازبہارِ شریعت ج۱ص۲۴۱ تا۲۵۴) کراماتِ شیرخدا،ص:۲۲)

میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!یقیناً تمام ہی خُلفائے راشدین  پیارے آقا صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کے مَحبُوب اور آپ کے نور ِنظر تھے اور  سب کے ہی فضائل  آپ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے بیان فرمائے ہیں۔چُنانچہ فقیہِ اُمّت حضرتِ سَیِّدُناعبدُاللّٰہ بِن مَسعودرَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ سے مَروی ہے کہ سرکارِ مدینہ،راحتِ قلب وسینہ، فیض گنجینہ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کا فرمانِ عالی شان ہے: ’’اَنَا مَدِیْنَۃُ الْعِلْمِ وَاَبُوْبَکْرٍ اَسَاسُہَا وَعُمَرُ حِیْطَانُہَا وَعُثْمَانُ سَقْفُہَا وَعَلِیٌّ بَابُہَایعنی میں علْم کا شہر ہوں، ابوبکْر اس کی بنیاد، عُمَر اس کی دیوار، عثمان اُس کی چھت اور علی اس کادروازہ ہیں۔‘‘ (مُسندُ الفردوس ج۱  ص۴۲ حدیث۱۰۸، کراماتِ شیرخدا،ص:۲۴)

ترے چاروں ہمدم ہیں یک جان یک دل

ابوبکر فاروق عثمان علی ہے

(حدائقِ بخشش شریف،ص۱۸۸)

مَحَبّتِ علی کا تقاضا

          امیرُ الْمُؤْمِنِین حضرتِ سیِّدُنا علیُّ المُرتَضٰی، شیرِخدا کَرَّمَ اللّٰہُ تَعَالٰی وَجْہَہُ الْکَرِیْم نے فرمایا: رسولِ کریم ،رَء ُوْفٌ رَّحیم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم  کے بعد سب سے بہتر ابوبکر وعمر ہیں پھر فرمایا:’’لَا یَجْتَمِعُ حُبِّیْ وَبُغْضُ اَبِیْ بَکْرٍ وَّعُمَرَ فِیْ قَلْبِ مُؤْمِنٍ یعنی میری  مَحَبّت اور(شَیْخَیْنِ کَرِیْمَیْن) ابُو بکْر و عُمر کا بُغْض کسی مؤمن کےدل میں جَمْع نہیں ہوسکتا۔‘‘(اَلْمُعْجَمُ الْاَ وْسَط لِلطّبَرانی ج۳ص۷۹ حدیث۳۹۲۰،( کراماتِ شیرخدا،ص:۲۵) سُبْحٰنَ اللہ