Book Name:Gunahon ki Nahusat Ma Ramadan main gunah karnay ki sazain

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                                                                              صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد

گُناہوں کے دس(10) نُقْصان:

        میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! یقیناً  گُناہوں سے کبھی بھی کوئی فائدہ حاصل نہیں ہوسکتا بلکہ اس میں نُقْصان ہی نُقْصان ہے اور گُناہوں میں کس قَدر نحوست ہے اس کی تباہی وبَربادی کا اَندازہ اس بات سے لگائیے۔چُنانچہ

اَمِیْرُ الْمُومنین حضرت سَیِّدُنا عمر بن خطاب رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ نے فرمایا کہ تم اللہ عَزَّ  وَجَلَّکےاس فرمان سے ہرگز دھوکے میں نہ پڑنا:

مَنْ جَآءَ بِالْحَسَنَةِ فَلَهٗ عَشْرُ اَمْثَالِهَاۚ-وَ مَنْ جَآءَ بِالسَّیِّئَةِ فَلَا یُجْزٰۤى اِلَّا مِثْلَهَا (پ۸،الانعام: ۱۶۰)

تَرْجَمَۂ کنز الایمان:جو ایک نیکی لائے تو اس کے لئے اس جیسی دس ہیں اورجو بُرائی لائے تو اسے بدلہ نہ ملے گا مگر اس کے برابر۔

 کیونکہ گُناہ اگر چہ ایک ہی ہواپنے ساتھ دس(10) بُری خصلتیں لے کر آتاہے: (1)جب بندہ گُناہ کرتاہے تو اللہ عَزَّ  وَجَلَّ کو غَضَب دِلاتاہے اور وہ اُسے پُورا کرنے پر قُدرت رکھتا ہے(2)وہ(یعنی گناہ کرنے والا) ابلیس ملعون کوخُوش کرتاہے(3)جنّت سے دُورہوجاتا ہے(4)جہنّم کے قریب آجاتاہے(5)وہ اپنی سب سے پیاری چیز یعنی اپنی جان کو تکلیف دیتا ہے(6) وہ اپنے باطن کو ناپاک کربیٹھتا ہے حالانکہ وہ پاک ہوتا ہے(7)اَعمال لکھنے والے فرشتوں یعنی کِراماً کاتبین کو اِیذا  دیتا ہے (8) وہ نبیِّ کریم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمکو روضۂ مُبارَکہ میں رَنجیدہ کردیتاہے۔(9)زمین وآسمان اورتمام مخلوق کواپنی نافرمانی پر گواہ بنا لیتا ہے(10)وہ تمام انسانوں سے خیانت او ررَبُّ الْعالَمِیْن عَزَّ  وَجَلَّکی نافرمانی کرتا ہے۔(بحرالدموع ،الفصل الثانی عواقب المعصية ،ص:۳۰)