30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
غلام بولا میں نے عرض کیا دعا کیجئے میں غلامی سے آزاد کر دیا جاؤں ، یہ سن کر آقا کی زبان سے بے ساختہ نکلا ’’جا تو غلامی سے آزاد ہے۔‘‘ پوچھا دوسری دعا کون سی کروائی، کہا جو چار درہم میں نے دے دیئے ہیں اس کا نعم البدل مل جائے آقا بول اٹھا میں نے تجھے چار درہم کے بدلے چار ہزار درہم دیئے۔ پوچھا تیسری دعا کیا تھی، بولا مجھے اور میرے آقا کو گناہوں سے توبہ کی توفیق نصیب ہو جائے۔ یہ سنتے ہی آقا کی زبان پر استغفار جاری ہوگیا اور کہنے لگا میں اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی بارگاہ میں اپنے تمام گناہوں سے توبہ کرتا ہوں ۔ چوتھی دعا بھی بتا دو کہا میں نے التجا کی کہ میری، میرے آقا کی آپ جناب کی اور تمام حاضرینِ اجتماع کی مغفرت ہو جائے یہ سن کر آقا نے کہا تین باتیں جو میرے اختیار میں تھیں وہ کرلی ہیں چوتھی سب کی مغفرت والی بات میرے اختیار سے باہر ہے۔ اسی رات آقا نے خواب میں کسی کہنے والے کو سنا جو تمہارے اختیار میں تھا وہ تم نے کردیا اور میں ارحم الراحمین ہوں ، میں نے تمہیں تمہارے غلام کو منصور کو اور تمام حاضرین کو بخش دیا۔ [1]؎
حدیث شریف میں ہے :
عَنْ أَنَسِ بْنِ مَالِکٍ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ قَالَ : قَالَحضرت انس بن مالک رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُسے مروی ہے فرماتے ہیں : تاجدار رسالت، شہنشاہ نبوت، رَسُوْلُ اللّٰہِ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَسَلَّمَ : ’’بَاکِرُوْا بِالصَّدَقَۃِ، فَإِنَّ الْبَلَائَ لَا یَتَخَطَّی الصَّدَقَۃَ‘‘۔[2]؎
مخزنِ جود وسخاوت، پیکر عظمت وشرافت، محبوب رب العزت، محسن انسانیت صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَنے فرمایا : صبح سویرے صدقہ دو کہ بلا صدقہ سے آگے قدم نہیں بڑھاتی۔
ایک شخص حضرت ابو ہریرہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُکی بارگاہ میں حاضر ہوکر کہنے لگا کہ میرا بیٹا سمندری سفر پر گیا ہے آپ اللہ تَعَالٰی سے اس کے لئے دعا فرمائیں توآپ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُنے فرمایا : اس کی طرف سے صدقہ دو۔ اس وقت سمندر میں موجیں اُٹھ رہی تھیں اور جہاز ڈوبنے کے قریب تھا، جب اس شخص نے اس کی طرف سے صدقہ دیا تو ایک کہنے والے کویہ کہتے سُنا گیا : اے سوارو! تمہارے لئے سلامتی ہے بے شک اللہ تَعَالٰی نیفدیہ قبول فرمالیا۔ جب بیٹا سفر سے لوٹا تو والد صاحب کو تمام قصہ بیان کیا۔[3]؎
حدیث شریف میں ہے :
عَنْ أَنَسِ بْنِ مَالِکٍ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ قَالَ : قَالَ رَسُوْلُ اللّٰہِ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَسَلَّمَ : ’’تَصَدَّقُوْا، فَإِنَّ الصَّدَقَۃَ فِکَاکُکُمْ مِنَ النَّارِ‘‘۔[4]؎
حضرت انس بن مالک رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُسے مروی ہے فرماتے ہیں ، سرکاروالا تبار، ہم بے کسوں کے مددگار، شفیع روزشمار، دو عالم کے مالک ومختار، حبیب پروردگار صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَنے فرمایا : صدقہ دیا کرو بے شک صدقہ تمہارے لئے جہنم سے بچاؤ کا ذریعہ ہے۔
ایک اور حدیث میں ہے :
عَنِ الْحَارِثِ الْأَشْعَرِيِّرَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ أَنَّ النَّبِيَّ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَسَلَّمَ قَالَ : ’’إِنَّ اللّٰہَ أَمَرَ یَحْیَی بْنَ زَکَرِیَّا عَلَیْھِمَا الصَّلَاۃُ وَالسَّلَامُ بِخَمْسِ کَلِمَاتٍ أَنْ یَّعْمَلَ بِھَا وَیَأْمُرَ بَنِيْ إِسْرَائِیْلَ أَنْ یَّعْمَلُوْا بِھَا‘‘، فَذَکَرَ الْحَدِیْثَ إِلٰی أَنْ قَالَ فِیْہِ : ’’وَآمُرُکُمْ بِالصَّدَقَۃِ، وَإِنَّ مَثَلَ ذٰلِکَ کَمَثَلِ رَجُلٍ أَسَرَہُ الْعَدُوُّ، فَأَوْثَقُوْا یَدَہُ إِلٰی عُنُقِہِ، وَقَدَّمُوْہُ لِیَضْرِبُوْا عُنُقَہُ فَقَالَ : أَنَا أَفْدِیْہِ مِنْکُمْ بِالْقَلِیْلِ وَالْکَثِیْرِ فَفَدٰی نَفْسَہُ مِنْھُمْ‘‘۔ (الحدیث) [5]؎
حضرت حارث اشعری رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُسے مروی ہے کہ آقائے مظلوم، سرور معصوم، حسن اخلاق کے پیکر، نبیوں کے تاجور، محبوب ر ب اکبر صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَنے فرمایا : بے شک اللہ تَعَالٰی نے (اپنے نبی) حضرت یحییٰ بن زکریا علیہما الصلوٰۃ والسلام کو پانچ باتوں کا حکم دیاکہ ان پر وہ خود بھی عمل کریں اور بنی اسرائیل کو بھی عمل پیرا ہونے کا حکم دیں ۔ سرکار مدینہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَنے ان باتوں کا تذکرہ کرتے ہوئے حضرت یحییٰ علیہ السلام کا یہ فرمان بھی ذکر فرمایا اور میں تمہیں صدقہ کرنے کا حکم دیتا ہوں بے شک اس کی مثال اس شخص کی سی ہے جسے دشمن نے قید کرلیا، پھر اس کے ہاتھ گردن سے باندھ دئیے اور اُسے گردن مارنے کے لئے آگے کیا تو اس نے کہا : میں تمہیں اپنا قلیل وکثیر سب فدیہ کے طور پر دیتا ہوں (کہ تم مجھے چھوڑ دو) اور اس طرح اس نے فدیہ دے کر خود کو ان سے چھڑا لیا۔
حدیث شریف میں ہے :
وَعَنْ رَافِعِ بْنِ مَکِیْثٍ، رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ أَنَّ النَّبِیَّ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَسَلَّمَ قَالَ : ’’حُسْنُ الْمَلَکَۃِ یُمْنٌ وَسُوْئُ الْخُلُقِ شُؤْمٌ وَالصَّدَقَۃُ تَمْنَعُ مِیْتَۃَ السُّوْئِ، وَالْبِرُّ زِیَادَۃٌ فِي الْعُمْرِ‘‘۔ اللفظ للمشکاۃ [6]؎
حضرت رافع بن مکیث سے روایت ہے کہ شہنشاہ مدینہ، قرار قلب وسینہ، صاحب معطر پسینہ، باعث نزول سکینہ، فیض گنجینہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَنے فرمایا : خوش خلقی برکت ہے اور بدخلقی نحوست اور صدقہ بری موت سے بچاتا ہے اورنیکی عمر بڑھاتی ہے۔
اس حدیث کی شرح میں حکیم الامت مفتی احمد یار خان نعیمی رَحْمَۃُ اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ فرماتے ہیں : اس کا تجربہ بارہا ہوا کہ خوش خُلق کی دنیا دوست ہوتی ہے بد خُلق کے سب دشمن، گھر والے بھی اور باہر والے بھی، خوش خُلق کی گھر وباہر والے سب تعظیم اور خدمت کرتے ہیں ، بدخُلق ہر جگہ سزا ہی پاتا ہے یہاں برکت ونحوست سے یہ ہی مراد ہے۔[7]؎
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع