30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
وُضُو کے 6 فرائض
( 1 )نیت کرنا: *وُضو کرنے والا وُضو کے فرض ادا کرنے یا حَدَث دُور کرنے وغیرہ کی نیت کرے۔ *چہرے کا پہلا حصہ دھوتے وَقْت دل میں یہ نیت ہونا فرض ہے۔ *چہرے کا کچھ حصہ دھلنے کے بعد نیت کی تو جو حصہ نیت سے پہلے دُھل چکا تھا، اسے دوبارہ دھونا ہو گا۔ ( 2 )چہرہ دھونا ( 3 )کہنیوں سمیت دونوں ہاتھ دھونا ( 4 )سر کے کچھ حصے کا مسح کرنا ( 5 )ٹخنوں سمیت دونوں پاؤں دھونا ( 6 )فرائض میں ترتیب قائم رکھنا (یعنی فرض اعضا میں پہلے منہ پھر ہاتھ کہنیوں سمیت دھونا پھر سر کا مسح کرنا اور پھر دونوں پاؤں دھونا۔) [1]
دھونے کی تعریف
کسی عُضْو (عُضْ۔وْ) کو دھونے کے یہ معنیٰ ہیں کہ اس عُضْو کے ہر حصّے پر پانی بہ جائے۔ صِرْف بھیگ جانے یا پانی کو تیل کی طرح چپڑ لینے کو دھونا نہیں کہیں گے نہ اس طرح وُضُو یا غسل ادا ہو گا۔ [2]
وُضُو کی 44 سنتیں
”وُضُو کا طریقہ (شافعی)“ میں بعض سنّتوں کا بیان ہو چُکا ہے اس کی مزید وضاحت مُلاحظہ فرمائیے: *قبلہ رُو *ایسی اونچی جگہ کہ پانی کے چھینٹے اُڑ کر اس تک نہ پہنچ سکیں *بیٹھنا *وُضو کی سُنَّتوں کی نیت کرنا اور زبان سے نیت کے الفاظ کہنا۔ اَعُوْذُ بِاللہ اور بِسْمِ اللہ پڑھتے وَقْت یہ نیّت دل میں حاضر رکھئے۔ * اَعُوْذُ بِاللہ * بِسْمِ اللہ *اور کلمۂ شہادت پڑھنا، کلمۂ شہادت کے بعد حمدِ الٰہی بیان کرنا *دونوں ہاتھ ایک ساتھ پہنچوں سمیت دھونا *مِسواک کرنا *کُلّی کرنا *ناک میں پانی چڑھانا *کُلّی کرنے اور ناک میں پانی چڑھانے کو تین چلوؤں کے ساتھ جمع کرنا *روزہ نہ ہو تو کُلّی کرنے اور ناک میں پانی چڑھانے میں مُبَالغہ کرنا کہ تالو کے آخِری حصے تک اور ناک کی جڑ تک پانی پہنچ جائے *اُلٹے ہاتھ کی چھنگلیا ناک میں ڈال کر ناک صاف کرنا *چہرہ کو اوپر سے دھونا شروع کرنا * دونوں ہاتھوں سے ایک ساتھ چہرہ دھونا *آنکھوں کے کونے صاف کرنا جب کہ ان میں میل نہ ہو، اگر میل ہو اور اسے صاف کئے بغیر نیچے پانی نہیں بہتا تو اسے صاف کر کے پانی بہانا فرض ہے۔ دائیں آنکھ کے کونے دائیں ہاتھ اور بائیں آنکھ کے کونے بائیں ہاتھ کی کلمے کی اُنگلیوں سے صاف کیجئے۔ اسی طرح ہر اس جگہ کا خُصُوصیت کے ساتھ خیال رکھئے جس کے دُھلنے سے رہ جانے کا اندیشہ ہو (جیسے ٹخنے، ایڑیاں، تلوے، کونچے یعنی ایڑیوں کے اوپر موٹے پٹھے، گھائیاں یعنی انگلیوں کے درمیان والی جگہیں اورکہنیاں) *منہ پر پانی نہ مارنا *گھنی داڑھی اور رُخسار کے گھنے بالوں کا خِلال کرنا *چہرے اور *ہاتھ پاؤں کی روشنی وسیع کرنا یعنی جتنی جگہ پانی بہانا فرض ہے اس کے اَطرَاف میں کچھ بڑھانا، چہرہ دھونے میں اس کی حد یہ ہے کہ چہرے کے ساتھ سر کا اگلا حصہ، دونوں کان اور گردن کا اوپری حصہ بھی دھوئے اور ہاتھ پاؤں میں حد یہ ہے کہ کہنی سے اوپر پورا بازو اور ٹخنے سے اوپر پوری پنڈلی دھوئے *پانی بہاتے وَقْت اعضا کو مَلنا *ہاتھ پاؤں دھونے میں اُنگلیوں سے شروع کرنا *ہاتھ اور*پاؤں کی انگلیوں کا خلال کرنا*پہلے سیدھاپھراُلٹا ہاتھ اور پاؤں دھونا *انگوٹھی کو حَرَکت دینا جب کہ ڈِھیلی ہو اور یہ یقین ہو کہ اِس کے نیچے پانی بہ گیا ہے، اگر سخت ہو تو حَرَکت دے کر انگوٹھی کے نیچے پانی بہانا فرض ہے *پورے سر کا مسح کرنا *کانوں کا مسح کرنا *وُضو کے آخِر تک نیتِ وُضو کا حاضِر رَہنا *پے در پے وُضو کرنا یعنی ہَوا، مِزاج، موسم اور جگہ کے معتدل ہونے کے ساتھ ایک عُضْو سوکھنے نہ پائے کہ دوسرا عُضْو دھونا شروع کر دینا۔ دَائِمُ الْحَدَث (یعنی جس کا وُضو نہ رہتا ہو) اور جس پر نماز کا وَقْت تنگ ہو انہیں پے در پے وُضو کرنا فرض ہے *دھونا، مسح کرنا، مَلنا، خِلال کرنا، مسواک کرنا اور اذکار پڑھنا، ان سب کاموں کو تین تین مرتبہ کرنا *وُضو کے بعد ہاتھ نہ جھٹکیں کہ شیطان کا پنکھا ہے *اَعضائے وُضو بِلاضَرورت نہ پونچھئے *بِلاضَرورت بات نہ کیجئے *اِسراف سے بچئے اگرچہ نہر کے کنارے ہوں*کم سے کم ایک مُد پانی سے وُضو کرنا
*بعدِ وُضو میانی (یعنی پاجامے کا وہ حصّہ جو پیشاب گاہ کے قریب ہوتا ہے) پر پانی چھڑکنا (پانی چھڑکتے وَقْت مِیانی کو کُرتے کے دامن میں چُھپائے رکھنا مُناسِب ہے نیز وُضو کرتے وَقْت بھی بلکہ ہر وَقْت پردے میں پردہ کرتے ہوئے میانی کو کُرتے کے دامن یا چادر وغیرہ کے ذریعے چُھپائے رکھنا حیا کے قریب ہے) *برتن سے وُضو کرنے کی صورت میں بچے ہوئے پانی میں سے پینا *وُضُو کرنے میں بِغیر ضَرورت کسی سے مدد نہ لینا *وُضو کے بعد ہاتھ اور نِگاہ آسمان کی طرف اُٹھا کر قبلہ رُو یہ کلمات پڑھنا: اَشْهَدُ اَنْ لَّآ اِلٰهَ اِلَّا اللَّهُ وَحْدَهٗ لَا شَرِيْكَ لَهٗ وَاَشْهَدُ اَنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُهٗ وَرَسُولُهٗ اَللّٰهُمَّ اجْعَلْنِيْ مِنَ التَّوَّابِيْنَ وَاجْعَلْنِيْ مِنَ الْمُتَطَهِّرِيْنَ وَاجْعَلْنِی مِنْ عِبَادِکَ الصَّالِحِیْنَ سُبْحٰنَكَ اللّٰهُمَّ وَبِحَمْدِكَ اَشْهَدُ اَنْ لَّآ اِلٰهَ اِلَّآ اَنْتَ اَسْتَغْفِرُكَ وَاَتُوْبُ اِلَيْكَ وَصَلَّى اللهُ عَلٰى سَیِّدِنَا مُحَمَّدٍ وَّعَلٰی اٰلِہٖ وَصَحْبِہٖ وَسَلَّم *وُضو کے بعد سورۂ قدْر اور *دو رَکعت نماز بھی پڑھئے۔ زیادہ وَقْت گزر جانے سے وُضو کے بعد کی دو رَکعت نماز فوت ہو جاتی ہے۔ [3]
وُضُو کے 10 مکروہات
*کلی نہ کرنا *ناک میں پانی نہ چڑھانا [4] *ضرورت سے زیادہ پانی اِستعمال کرنا [5] *روزہ دار کا زَوال کے بعدمسواک کرنا [6] *روزہ دار کا کلی کرنے اور ناک میں پانی چڑھانے میں مُبَالغہ کرنا *تین سے زیادہ مرتبہ دھونا یا مسح کرنا *تین سے کم مرتبہ دھونا یا مسح کرنا *بِلاضَرورت کسی سے مدد لینا *اُلٹے ہاتھ یا اُلٹے پاؤں کو سیدھے سے پہلے دھونا [7] *گھنی داڑھی کا خِلال نہ کرنا۔ [8]
دھوپ کے گَرْم پانی کی وَضاحت
جو پانی گرم مُلک میں گرم موسم میں سونے چاندی کے سِوا کسی اور دھات کے برتن میں دھوپ میں گرم ہو گیا تو جب تک گرم ہے اس سے وُضُو اور غسل بلکہ کسی بھی طرح بدن یا پہنے ہوئے کپڑوں کے اِستِعمال میں لانا مکروہِ تنزیہی ہے کہ اس پانی کے اِستِعمال میں برص (یعنی بدن پر سفید داغ کا اندیشہ) ہے، پھر بھی اگر وُضُو یا غسل کر لیا تو ہو جائے گا۔ [9]
[1]...تحفۃ المحتاج ، كتاب الطہارة، باب الوضوء، 1/96-104، ملخصا، دار الحديث قاہره۔
[2]...المجموع شرح المہذب، كتاب الطہارة، باب صفۃ الوضوء، 2/275، مفصلا، دار الحديث قاہره۔
[3]...تحفۃ المحتاج، كتاب الطہارة، باب الوضوء، 1/98-117، ملخصا۔
مغنی المحتاج، كتاب الطہارة، باب الوضوء، 1/163-181، ملخصا۔
فتح المعين، باب الصلاة، فصل فى شروط الصلاة، ص51-59، ملخصا۔
اعانۃ الطالبين، باب الصلاة، فصل فى شروط الصلاة، 1/76-96، ملخصا، دار الكتب العلميہ بيروت۔
[4]...اسنى المطالب، كتاب الطہارة، فصل فى کیفیۃ الغسل، 1/203، دار الكتب العلميہ بيروت۔
[5]...نہایۃ المحتاج، كتاب الطہارة، باب الوضوء، 1/114، دار الكتب العلميۃ بيروت۔
[6]...منہاج الطالبين، كتاب الطہارة، باب الوضوء، ص 74، دار المنہاج بيروت۔
[7]...تحفۃ المحتاج، كتاب الطہارة، باب الوضوء، 1/111-115، ملخصا۔
[8]...اعانۃ الطالبين، باب الصلاة،فصل فى شروط الصلاة، 1/86۔
[9]...تحفۃ المحتاج ، كتاب الطہارة، باب الوضوء، 1/57،ملخصا۔
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع