30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
وِلادت میں آسانی کا نسخہ (مریم بی بی کا پھول)
مریم بی بی کا پھول [1] دردِزہ (بچّے کی وِلادت کا درد) شروع ہونے پر کسی کھلے برتن یا ڈبے میں پانی میں ڈال دیا جائے تو جیسے جیسے تَر ہوتا جائے گا یہ کِھلتا جائے گاا ور اللہ پاک کی عِنایت سے مریم بی بی کے پھول کی بَرَکت سے بچے کی ولادت میں آسانی ہوتی ہے۔
بغیر آپریشن وِلادت ہو گئی (مریم بی بی کے پھول کا فائدہ)
دعوتِ اسلامی کے جامعۃُ المدینہ کے ایک مدرِّس مَدَنی اسلامی بھائی کا بیان ہے کہ میرے دوسرے بچّے کی وِلادت کا دن تھا، میرے بچّوں کی امّی اَسپتال کے مخصوص کمرے (لیبر روم) میں جا چکی تھیں، کچھ ہی دیر بعد مجھے مَدَنی منّے کی ولادت کی خوش خبری ملی۔ اَسپتال کی اِنتِظارگاہ میں ایک شَخْص سے ملاقات ہوئی تو اُس نے باتوں باتوں میں مریم بی بی کے پھول کا ذِکْر کیا تو میرے دَرْیَافت کرنے پر اُس نے بتایا کہ اگر دردِ زہ (بچّے کی وِلادت کا درد) شروع ہونے پر اس سُوکھے پھول کو کسی کھلے برتن یا ڈبے میں پانی میں ڈال دیا جائے تو جیسے جیسے تر ہوتا جائے گا یہ کِھلتا جائے گا اور اس کا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ بچے کی وِلادت میں آسانی ہوتی ہے۔ پھر کم وبیش دو سال کے بعد جب تیسرے بچے کی وِلادت کا مَرحَلہ آیا تو لیڈی ڈاکٹر نے میرے بچّوں کی امّی کو ذِہنی طور پر آپریشن کے ذَرِیعے وِلادت کے لئے تیّار رہنے کا کہا، مجھے مریم بی بی کے پھول کا خیال آیا تو میں نے پنساری (دیسی دواؤں) کی دُکّان سے مریم بُوٹی حاصِل کر لی اور جب وَقْتِ وِلادت قریب آیا تو اُسے پانی میں ڈال دیا، اللہ پاک کے کرم سے بغیر آپریشن مَدَنی مُنِّی کی وِلادت ہو گئی۔ ایک عرصے بعد چوتھے بچّے پر بھی ڈاکٹر نے آپریشن کنفرم کر دیا لیکن میں نے دیگر اَورادو وظائف (جو مکتبۃُ المدینہ کی مطبوعہ کِتاب ”گھریلو عِلاج“ میں موجود ہیں) کے ساتھ ساتھ مریم بُوٹی کا بھی اِسْتِعمال کیا، یوں ایک بار پھر بِغیر آپریشن مَدَنی مُنِّی کی وِلادت ہو گئی۔ اس کے کم وبیش دو سال بعد جب پانچویں بچے کی وِلادت مُتوَقع تھی تو ہم نے اپنے گھر کے قریبی اَسپتال میں رُجوع کیا، وہاں بھی ڈاکٹر نے میڈیکل رَپورٹس اور اپنے تجرِبے کی روشنی میں آپریشن کا ہی کہا، میں نے کوشش کر کے رقم کا بھی اِنتِظام رکھا اور اَوْراد و وَظائف کے ساتھ ساتھ وَقتِ وِلادت قریب ہونے پر مریم بُوٹی بھی کُھلے منہ والے ڈبے میں پانی میں ڈال دی، ڈاکٹر نے بغیر آپریشن وِلادت کے لئے کافی کوشش کے بعد آپریشن کے لئے رقم جمع کروانے کا بولا کہ اب آپریشن کے علاوہ چارہ نہیں اور آپریشن کا اِنتِظام شروع کر دیا، رقم بینک میں تھی میں اَسپتال کے قریبی اے ٹی ایم مشین سے رقم نکِال لایا اور کاؤنٹر پر جمع کروا دی، لیکن آپریشن سے پہلے ہی اللہ پاک کی عطا سے تندرست و توانا مَدَنی مُنّا پیدا ہونے کی خوش خبری مل گئی۔ مریم بُوٹی کے اِسْتِعمال کا میں نے چار یا پانچ اسلامی بھائیوں کو مشورہ دیا اُن میں سے کئی ایک کو ڈاکٹر نے آپریشن کا بول رکھا تھا، اَلحمدُ لِلّٰہ ! اُن کے یہاں بھی بِغیر آپریشن وِلادتیں ہو گئیں۔
[1]...اسے ”مریم بُوٹی“ اور ”مریم کا پنجہ“ بھی کہتے ہیں، پنجے کی شکل خشک حالت میں ہوتی ہے۔ پنساری (دیسی دواؤں) کی دُکّان سے ملنا ممکن ہے مکّے مدینے میں مقامی عورَتیں اور بچّے زمین پر رکھ کر چیزیں بیچتے ہیں اور ان کے پاس بھی مل سکتا ہے، اس کی خاصیت اور بَرَکت سے واقِف عاشِقانِ رسول وہاں سے تبرُّکاً وطن لاتے اور دوسروں کو تحفۃً پیش کرتے ہیں۔ جس کو دیں اس کو اِستِعمال کا طریقہ سمجھانا ضروری ہے۔ کم پُرانا ہو تو زیادہ بہتر ہے۔
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع