30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
اگر اس چیز کا دیکھنا نہ ثواب ہے نہ گناہ ، تب بھى مناسب ىہی ہے کہ نہ دىکھے کیونکہ وہ فضول نظر جس سے ہم لوگ بچ نہىں پا رہے ،اِدھر اُدھر دىکھ رہے ہىں ،نظارے کر رہے ہىں جس میں نہ کوئى دِىن کا فائدہ ہے اور نہ دُنىا کا تو اس فضول نظری کا بھى حِساب ہے ۔([1])اور ظاہر ہے کہ آخرت کا حِساب کوئی نہیں دے سکتا ۔
سُوال : بعض اوقات بندہ چھپ کر گناہ کرتا ہے ،اس سے کیسے بچا جائے ؟
جواب : جب بھى مَعَاذَاللّٰہ عَزَّوَجَلَّ چھپ کرگناہ کرنے کا ذہن بنے تو بندہ فوراً توجہ اس طرف لے جائے کہ مىرا رب مجھے دىکھ رہا ہے لہٰذا اس کی نافرمانی نہیں کرنی چاہیے ۔ اگر ماں باپ،امام صاحب،خطىب صاحب بلکہ کوئی عام آدمى بھى دىکھے تو بندہ بہت سے گناہ نہیں کرتا ۔بعض اوقات یہ ڈر بھی ہوتا ہے کہ اگر کسى کو پتا چل گیا تو پولىس کىس ہو جائے گا،مىرى رُسوائى ہو جائے گى،مجھے مارىں گے ىا بُرابھلا کہىں گے تو یوں وہ گناہ سے باز رہتا ہے ۔ تو جب مخلوق کے ڈر سے بندہ گناہوں سے بچتا ہے تو رب سے بھی ڈرنا چاہیے اس لیے کہ بندہ ہزار پردوں مىں چھپ بھی جائے مگر وہ پھر بھی دىکھ رہا ہے ۔ میرے آقا اعلیٰ حضرت،امامِ اہلسنَّت،مُجَدِّدِ دِین و مِلَّت مولانا شاہ امام احمد رضا خان عَلَیْہِ رَحْمَۃُ الرَّحْمٰن نصىحت کرتے ہوئے فرماتے ہىں :
چھپ کے لوگوں سے کىے جس کے گناہ
وہ خبردار ہے کىا ہونا ہے (حدائقِ بخشش)
ىعنى ہم نے لوگوں سے چھپ کر گناہ تو کرلىا، کسى کو کانوں کان خبر نہىں پہنچى لىکن جس پَروردگار کا گناہ کىا ہے وہ تو خبردار ہے کہ ہم نے گناہ کىا ہے ۔ اب قبر میں،قىامت کے دِن ہمارا کىا ہوگا؟ وہ خبردار ہے کىا ہونا ہے ؟ قبر مىں کىا ہونا ہے ؟ بہت سارے گناہ اىسے ہىں جن کى سزا دُنىا مىں بھى مل جاتى ہے اور آخرت کى سزا بھى باقى رہتى ہے ۔ اگر مَعَاذَاللّٰہ عَزَّوَجَلَّ گناہوں کے سبب قىامت کے روز سزائىں ملىں یا جہنم مىں ڈال دیا گیا تو کیا بنے گا ؟
”اللہ دىکھ رہا ہے “نمایاں جگہ لکھ لیجیے
کاش!ہمارا ىہ ذہن بن جائے کہ اللہ دىکھ رہا ہے ۔ یہ ذہن بنانے کے لیے گھر مىں ایسی جگہ جہاں آپ کى نظر پڑتى رہے جَلى (یعنی موٹے حروف )سے لکھ کر لگا دیں کہ اللہ دىکھ رہا ہے ۔مکتبۃُ المدىنہ نے اِس مضمون کا اسٹیکر بھى چھاپا ہے چاہیں تو وہ بھی لگایا جا سکتا ہے ۔ جب بار بار اس تحریر پر نظر پڑتی رہے گی تو اپنا بھی ذہن بن جائے گا کہ مجھے گناہ کرنا ہى نہىں ہے کیونکہ اللہ مجھے دىکھ رہا ہے ۔
سُوال : حضرتِ سَیِّدُنا امام حسن بصری عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللّٰہِ الْقَوِی نے حضور صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم کا چھوڑا ہوا پانى پىا ہے تو کىا ہم ان کو صحابی کہہ سکتے ہىں؟( بصرہ میں حضرتِ سیِّدُنا امام حسن بصری عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللّٰہِ الْقَوِی کے مزار شریف میں حاضر ایک عاشقِ رَسول کا سُوال)
جواب : حضرتِ سیِّدُنا امام حسن بصری عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللّٰہِ الْقَوِی مولا مشکل کشا،عَلِیُّ المُرتَضیٰ کَرَّمَ اللّٰہُ تَعَالٰی وَجْہَہُ الْکَرِیْم کے خلىفہ اور تابعى تھے ۔([2]) حضور صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم کا چھوڑا ہوا پانى پىنے کا مىں نے پہلى بار سُنا ہے اور یہ ممکن ہے کہ مولا مشکل کشا کَرَّمَ اللّٰہُ تَعَالٰی وَجْہَہُ الْکَرِیْم کے پاس وہ پانى تبرکاً موجود ہو اور انہوں نے کچھ عطا کىا ہو البتہ مىں نے اىسى کوئی رِواىت پڑھى نہىں ہے ۔
لب لگے ہوئے پانى کو جوٹھا پانی کہتے ہیں لیکن جوٹھا پانى تو ہمارا تمہارا ہوگا ۔ پىارے آقا صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم تو جس پانى کو مشرف فرما دیں تو اس پانی کی بات ہی کچھ اور ہے ۔ بہرحال جس پانی کو آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم نے مشرف کىا ہو اس میں سے کچھ بچ گیا تو اسے پینے والا صحابی نہیں بن جائے گا لہٰذااگر ثابت ہو بھی جائے کہ حضرتِ سَیِّدُنا امام حسن بصری عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللّٰہِ الْقَوِی نے وہ مبارک پانی پیا ہے تب بھی وہ صحابى نہىں کہلائىں گے بلکہ وہ تابعى ہىں ۔ تابعی وہ ہوتے ہىں جنہوں نے کسى صحابى کى صحبت پائى ہو ۔([3])
سُوال : حضرتِ سَیِّدُنا امام حسن بصری عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللّٰہِ الْقَوِی کی پیدائش کب ہوئی؟
جواب : حضرتِ سیِّدُنا امام حسن بصری عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللّٰہِ الْقَوِی امىر المومنىن حضرتِ سیِّدُنا فاروقِ اعظم رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ کے دورِ مُبارَک مىں پىدا ہو چکے تھے ۔([4]) مولا مشکل کشا،عَلِیُّ المُرتَضیٰ کَرَّمَ اللّٰہُ تَعَالٰی وَجْہَہُ الْکَرِیْم نے انہیں خلافت دى ہے ۔ (امیرِ اہلسنَّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ کے قریب بیٹھے ہوئے مفتی صاحب نے فرمایا : ) حضرتِ سَیِّدُنا امام حسن بصری عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللّٰہِ الْقَوِی کى والدہ اُمُّ المومنین حضرتِ سیِّدَتنا اُمِّ سلمہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہا کے ىہاں کام کرتى تھىں، جب ىہ کام کے لىے جاتى تھىں تو ان کو ساتھ لے جاتى تھىں ۔ حجرہ مىں جب یہ روتے تھے تو حضرتِ سیِّدَتُنا اُمِّ سلمہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہا ان کو بہلاىا کرتى تھىں ۔
[1] احياء العلوم،کتاب المراقبة و المحاسبة،المقام الاول...الخ ،۵ / ۱۲۶ دار صادر بیروت
[2] مراٰۃ المناجیح،حالاتِ صحابہ و تابعین،۸ / ۱۹ ضیاء القرآن پبلی کیشنز مرکز الاولیا لاہور
[3] اصطلاح میں تابعی اس شخص کو کہتے ہیں کہ جوایمان کی حالت میں کسی صحابی سے ملا ہو اور ایمان پر ہی اس کا خاتمہ ہوا ہو ۔(قواعد الفقہ،التاء،ص۲۱۷ باب المدینہ کراچی)
[4] مراٰۃ المناجیح،حالاتِ صحابہ و تابعین،۸ / ۱۹
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع