30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
امیرالمؤمنین حضرت سَیِّدُنا عمر فاروق رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ نے فرمایا، ’’اگر آواز دی جائے کہ ایک شخص کے سوا سب جہنم میں چلے جائیں تو مجھے امید ہے کہ وہ (یعنی جہنم میں نہ جانے والا)شخص میں ہوں گا اور اگر اعلان کیا جائے کہ ایک آدمی کے علاوہ سب جنت میں داخل ہوجائیں تو مجھے خوف ہے کہ کہیں وہ (یعنی جنت میں داخلے سے محروم رہ جانے والا)میں نہ ہوں ۔‘‘
(حلیۃ الأولیاء ، ذکر الصحابۃ من المہاجرین ، رقم ۱۴۲ ، ج ۱، ص ۸۹)
امیر المؤمنین سَیِّدُنا حضرت علّی المرتضٰیرَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ نے اپنے صاحبزادے سے فرمایا، ’’اے بیٹے ! اللہ تَعَالٰی سے ایسا خوف رکھو کہ تمہیں گمان ہونے لگے کہ اگر تم تمام اہلِ زمین کی نیکیاں اس کی بارگاہ میں پیش کرو تو وہ انہیں قبول نہ کرے اور اللہ تَعَالٰی سے ایسی امید رکھو کہ تم سمجھو کہ اگر سب اہلِ زمین کی برائیاں لے کر اس کی بارگاہ میں جاؤگے تو بھی تمہیں بخش دے گا ۔‘‘(اِحیاء العلوم ، کتاب الخوف والرجاء ، باب بیان ان الافضل ھو غلبۃ الخوف ۔۔۔الخ ، ج ۴، ص ۲۰۲)
دیانت داری سے سوچئے کہ رحمت ِ الہٰی عَزَّ وَجَلَّ پر اس قدر یقین کا اظہار کہیں سامنے والے کو خاموش کروانے کے لئے تو نہیں ہے ؟ اگر آپ کا یقین اتنا ہی کامل ہے تو کیا آپ اپنا تمام مال ودولت ، گھر بار غریبوں میں تقسیم کرنے کے بعد اس بات کے منتظر ہونے کو تیار ہوں گے کہ اللہ تَعَالٰی اپنی رحمت کے صدقے آپ کو زمین میں مدفون خزانے کا پتا بتادے گا ۔۔یا۔ ۔ ڈاکوؤں کی آمد کی اطلاع ہونے پر آپ اپنے گھر میں موجود تمام روپیہ اور زیورات یہ سوچ کر صحن میں ڈھیر کردینے کی ہمت کریں گے کہ اللہ تَعَالٰی اپنے فضل سے ڈاکوؤں کو اس کی طرف سے غافل کردے گا یا انہیں اندھا کردے گا اور اس طرح آپ لُٹ جانے سے محفوظ رہیں گے ؟ اگر ان سوالوں کا جواب نفی میں ہوتو اب آپ کا یقین کامل کہاں رخصت ہوگیا ؟ خدارا! نفس وشیطان کے دھوکے سے اپنی جان چھڑائیے کہ گناہ کر کے توبہ کئے بغیر مغفرت کا امیدوار بننے والے کو حدیث ِ نبوی میں احمق قرار دیا گیا ہے، چنانچہسرورِ عالم ، نورِ مجسم صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا ، ’’ سمجھ دار وہ شخص ہے جو اپنا محاسبہ کرے اور آخرت کی بہتری کے لئے نیکیاں کرے اور احمق وہ ہے جو اپنے نفس کی خواہشات کی پیروی کرے اور اللہ تَعَالٰی سے انعامِ آخرت کی امید رکھے ۔
(المسند احمد بن حنبل ، حدیث شداد بن اوس ، رقم ۱۷۱۲۳ ، ج ۶، ص۷۸ ، )
ایک اور مقام پر ارشاد فرمایا : ’’ تم میں سے کوئی اللہ تَعَالٰی کے حلم وبردباری سے دھوکہ میں نہ پڑ جائے ، جنت ودوزخ تمہارے جوتے کے تسمے سے بھی زیادہ قریب ہے ، پھر آپ نے یہ آیات تلاوت فرمائیں :
فَمَنْ یَّعْمَلْ مِثْقَالَ ذَرَّةٍ خَیْرًا یَّرَهٗؕ(۷) وَ مَنْ یَّعْمَلْ مِثْقَالَ ذَرَّةٍ شَرًّا یَّرَهٗ۠(۸)
ترجمہ کنزالایمان : تو جو ایک ذرہ بھر بھلائی کرے اسے دیکھے گا اور جو ایک ذرہ بھر برائی کرے اسے دیکھے گا ۔ (پ۳۰، الزلزال : ۷، ۸)
(الترغیب والترہیب ، کتاب التو بۃ والزھد ، باب التر غیب فی التو بۃ ۔۔۔الخ ، ۱۸ ، ج ۴ ، ص ۴۸)
امیدِ واثق ہے کہ اس نہج پر سوچنے کی برکت سے بہت جلد توبہ کی توفیق مل جائے گی ، اِنْ شَآءَاللہ عَزَّ وَجَلَّ ۔
تُوْبُوْا اِلَی اللّٰہِ(یعنی اللہ تَعَالٰی کی بارگاہ میں توبہ کرو) اَسْتَغْفِرُ اللّٰہَ (میں اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی بارگاہ میں توبہ کرتا ہوں ۔)
بعد ِ توبہ استقامت نہ ملنے کا خوف
بعض لوگ یہ عذر پیش کرتے ہیں کہ ہمیں اپنے آپ پر اعتماد نہیں کہ بعد ِ توبہ گناہوں سے بچ پائیں گے یا نہیں ؟ اس لئے توبہ کرنے کا کیا فائدہ ؟
اس کا حل :
یہ سراسر شیطانی وسوسہ ہے کیونکہ آپ کو کیا معلوم کہ توبہ کرنے کے بعد آپ زندہ رہیں گے یا نہیں ؟ ہوسکتا ہے کہ توبہ کرتے ہی موت آجائے اور گناہ کرنے کا موقع ہی نہ ملے ۔ وقت ِ توبہ آئندہ کے لئے گناہوں سے بچنے کا پختہ ارادہ ہونا ضروری ہے ، گناہوں سے بچنے پر استقامت دینے والی ذات تو رب العالمین کی ہے ۔اگر ارتکاب ِگناہ سے محفوظ رہنا نہ بھی نصیب ہوا تو بھی کم از کم گزشتہ گناہوں سے جان تو چھوٹ جائے گی اور سابقہ گناہوں کا معاف ہوجانا معمولی بات نہیں ۔اگر بعد ِ توبہ گناہ ہو بھی جائے تو دوبارہ پُرخلوص توبہ کرلینی چاہئیے کہ ہوسکتا ہے یہی آخری توبہ ہو اور اسی پر دنیا سے جانا نصیب ہو ۔حضرت ِسیدنا ابوسعیدرَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا ، ’’شیطان نے اللہ تَعَالٰی کی بارگاہ میں کہا، ’’اے میرے رب!مجھے تیری عزت وجلال کی قسم!جب تک بندوں کے جسموں میں روح باقی ہے، میں انہیں بہکاتا رہوں گا۔‘‘اللہ تَعَالٰی نے جواباًارشاد فرمایا، ’’ مجھے اپنی عزت وجلال اور بلندمقام کی قسم!میں ہمیشہ اس وقت تک ان کی مغفرت کرتا رہوں گا، جب تک کہ وہ مجھ سے مغفرت مانگتے رہیں گے۔‘‘(المسندللامام احمدبن حنبل ، مسند ابی سعید الخدری ، رقم ۱۱۲۳ ، ج ۴ ، ص ۵۸)
اور حضرت سیدنا ابوہریرہ رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کا فرمان عالیشان ہے کہ’’جب کوئی بندہ گناہ کر لیتا ہے اورپھر کہتا ہے کہ’’ اے مولا!میں نے گناہ کر لیا ، مجھے معاف کر دے۔‘‘ تو اللہ عَزَّ وَجَلَّ فرماتا ہے ، ’’ میرا بندہ جانتا ہے کہ اس کا کوئی رب عَزَّ وَجَلَّ ہے جو گناہ معاف بھی کرتا ہے اور اس پر پکڑ بھی لیتا ہے، (اے فرشتو!گواہ ہوجاؤ کہ)میں نے اپنے بندے کو بخش دیا۔پھر جتنا رب عَزَّ وَجَلَّ چاہتا ہے بندہ ٹھہرا رہتا ہے ، ا س کے بعد پھر کوئی گناہ کر لیتا ہے ، پھر عرض کرتا ہے، ’’ یا الٰہی عَزَّ وَجَلَّ ! میں نے پھر گناہ کر لیا، بخش دے ۔‘‘ تو رب کریم عَزَّ وَجَلَّ فرماتا ہے کہ میرا یہ بندہ جانتا ہے کہ اس کا کوئی رب عَزَّ وَجَلَّ ہے جو گناہ پر پکڑ بھی لیتا ہے اورمعاف بھی کر دیتا ہے ، (اے فرشتو!گواہ رہناکہ)میں نے اپنے بندے کو بخش دیا ۔‘‘
پھر جتنا رب عَزَّ وَجَلَّ چاہے وہ بندہ ٹھہرا رہتا ہے اورپھر مزیدگناہ کر بیٹھتا ہے ، اور دوبارہ عرض کرتا ہے ، ’’یارب کریم عَزَّ وَجَلَّ ! مجھے معاف کر دے ۔‘‘تو رب عَزَّ وَجَلَّ فرماتا ہے کہ میرا یہ بندہ جانتا ہے کہ اس کا کوئی رب ہے جو گناہ معاف بھی کرتا ہے اور اس پر پکڑ بھی لیتا ہے ۔(اے فرشتو!گواہ ہوجاؤ کہ)میں نے اپنے بندے کی بخشش فرمادی ، اب جو چاہے کرے ۔
(صحیح البخاری ، کتاب التو حید ، رقم ۷۵۰۷، ج ۴ ، ص ۵۷۵ )
اس انداز سے غوروفکر کرنے کی برکت سے مذکورہ رکاوٹ دور ہوجائے گی اورتوبہ کرنے میں کامیابی نصیب ہوگی ۔ اِنْ شَآءَاللہ عَزَّ وَجَلَّ
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع