30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
حضرت ِسیدنا شاہ شجاع کرمانی علیہ الرحمۃ کے یہاں لڑکا تولد ہوا تو اس کے سینہ پر سبز حروف میں ’’اللہ جل شانہ‘‘تحریر تھا لیکن جب شعوری عمر کو پہنچا تو لہو لعب میں مشغول رہ کر بربط پر گانا گایا کرتا تھا ۔ایک مرتبہ رات کے وقت جب وہ ایک محلہ سے گاتاہوا گزرا تو ایک نئی دلہن جو اپنے شوہر کے پاس سوئی ہوئی تھی مضطربانہ طور پر اٹھ کر باہر جھانکنے لگی ۔اسی دوران جب شوہر کی آنکھ کھلی تو بیوی کو اپنے پاس نہ پا کر اٹھا اور بیوی کے پاس پہنچ کر اس لڑکے سے مخاطب ہو کر کہا کہ’’ ابھی تیری توبہ کا وقت نہیں آیا ؟‘‘یہ سن کر لڑکے نے تاثر آمیز انداز میں کہا کہ’’ یقینا آچکا ہے۔‘‘ اور یہ کہہ کر بربط توڑ دیا اور اسی دن سے ذکر الہی میں مشغول ہو گیا اور اس درجہ کمال تک پہنچا کہ اس کے والد فرمایا کرتے کہ جو مقام مجھے چالیس سال میں نہ حاصل ہو سکا وہ صاحبزادے کو چالیس دن میں مل گیا ۔‘‘(تذکرۃ الاولیا ء، باب سی وششم ، ذکر شاہ شجاع کرمانی ، ج۱، ص۲۷۸)
منقول ہے کہ ایک بدمعاش نوجوان ‘حضرت ِسیدنا مالک بن دینا رعلیہ الرحمۃ کا ہمسایہ تھا ۔ لوگ اس سے بہت پریشان رہتے ۔چنانچہ ایک مرتبہ لوگوں نے حضرت مالک بن دینا رعلیہ الرحمۃسے اس کے مظالم کی شکایت کی تو آپ نے اس کے پاس جا کر سمجھایا لیکن اس نے گستاخی کے ساتھ پیش آتے ہوئے کہا کہ’’ میں حکومت کا آدمی ہوں اور کسی کو میرے کاموں میں دخیل ہونے کی ضرورت نہیں ۔‘‘آپ نے جب اس سے فرمایا کہ’’میں بادشاہ سے تیری شکایت کروں گا۔ ‘‘تو اس نے جواب دیا : ’’ وہ بہت ہی کریم ہے میرے خلاف وہ کسی کی بات نہیں سنے گا ۔‘‘آپ نے فرمایا کہ ’’اگر وہ نہیں سنے گا تو میں اللہ عَزَّ وَجَلَّ سے عرض کروں گا۔‘‘اس نے کہا کہ وہ بادشاہ سے بھی زیادہ کریم ہے ۔
یہ سن کر آپ واپس آگئے لیکن کچھ دنوں بعد جب اس کے ظالمانہ افعال حد سے زیادہ ہو گئے تو لوگوں نے پھر آپ سے شکایت کی اور آپ پھر نصیحت کرنے جا پہنچے لیکن غائب سے آواز آئی کہ’’ میرے دوست کو مت پریشان کرو ۔‘‘آپ کو یہ آواز سن کر بہت حیرانی ہوئی اور اس نوجوان سے کہا کہ میں اس غیبی آواز کے متعلق تجھ سے پوچھنے آیا ہوں جو میں نے راستہ میں سنی ہے ۔اس نے کہا کہ’’ اگر یہ بات ہے تو میں اپنی تمام دولت راہ خدا عَزَّ وَجَلَّ میں خیرات کرتا ہوں ۔‘‘اور پورا سامان خیرات کر کے نامعلوم سمت چلاگیا۔
اس کے بعد سوائے حضرت مالک بن دینا رعلیہ الرحمۃ کے کسی نے اس کو نہیں دیکھا۔ آپ نے بھی مکہ معظمہ میں اس حالت میں دیکھا کہ بہت ہی کمزوراور مرنے کے قریب تھا اور کہہ رہا تھا کہ خدا نے مجھے اپنا دوست فرمایا ہے میں اس کے احکام پر جان ودل سے نثار ہوں اور مجھے علم ہے کہ اس کی رضاصرف عبادت ہی سے حاصل ہوتی ہے اور آج سے میں اس کی رضا کے خلاف کام کرنے سے تائب ہوں ۔‘‘ یہ کہہ کر دنیا سے رخصت ہو گیا۔(تذکرۃ الاولیا ، باب چہارم ، ذکر مالک دینار ، ج۱، ص۵۰)
ابتدائی دور میں حضرت ِسیدنا حبیب عجمی علیہ الرحمۃبہت امیر تھے اور اہل بصرہ کو سود پر قرضہ دیا کرتے تھے ۔ جب مقروض سے قرض کا تقاضا کرنے جاتے تو اس وقت تک نہ ٹلتے جب تک کہ قرض وصول نہ ہو جاتا ۔اور اگر کسی مجبوری کی وجہ سے قرض وصول نہ ہوتا تو مقروض سے اپنا وقت ضائع ہونے کا ہرجانہ وصول کرتے ، اور اس رقم سے زندگی بسر کرتے ۔ایک دن کسی کے یہا ں وصولیابی کے لیے پہنچے تو وہ گھر پر موجود نہ تھا ۔ اس کی بیوی نے کہا کہ’’ نہ تو شوہر گھر پر موجود ہے اور نہ میرے پاس تمہارے دینے کے لیے کوئی چیز ہے ، البتہ میں نے آج ایک بھیڑ ذبح کی ہے جس کا تمام گوشت تو ختم ہو چکا ہے البتہ سر باقی رہ گیا ہے ، اگر تم چاہو تو وہ میں تم کو دے سکتی ہوں ۔‘‘
چنانچہ آپ اس سے سر لے کر گھر پہنچے اور بیوی سے کہا کہ یہ سر سود میں ملا ہے اسے پکا ڈالو۔بیوی نے کہا : ’’گھر میں نہ لکڑی ہے اور نہ آٹا ، بھلا میں کھانا کس طرح تیار کروں ؟‘‘آپ نے کہا کہ ’’ان دونوں چیزوں کا بھی انتظام مقروض لوگوں سے سود لے کر کرتا ہوں ۔‘‘اور سود ہی سے یہ دونوں چیزیں خریدکر لائے ۔ جب کھانا تیار ہو چکا تو ایک سائل نے آکر سوال کیا۔ آپ نے کہا کہ’’ تیرے دینے کے لیے ہمارے پاس کچھ نہیں ہے اور تجھے کچھ دے بھی دیں تو اس سے تو دولت مند نہ ہو جائے گا لیکن ہم مفلس ہو جائیں گے۔‘‘چنانچہ سائل مایوس ہو کر واپس چلا گیا۔
جب بیوی نے سالن نکالنا چاہا لیکن وہ ہنڈیا سالن کی بجائے خون سے لبریز تھی۔ اس نے شوہر کو آواز دے کر کہا : ’’ دیکھوتمہاری کنجوسی اور بد بختی سے یہ کیا ہو گیا ہے؟‘‘آپ کو یہ دیکھ کر عبرت حاصل ہوئی اور بیوی کو گواہ بنا کر کہا کہ آج میں ہر برے کام سے تائب ہوتا ہوں اور یہ کہہ کر مقروض لوگوں سے اصل رقم لینے اور سود ختم کرنے کے لیے نکلے۔
راستہ میں کچھ لڑکے کھیل رہے تھے آپ کو دیکھ کر کچھ لڑکوں نے آوازے کسنا شروع کئے کہ’’دور ہٹ جاؤ حبیب سود خور آرہا ہے ، کہیں اس کے قدموں کی خاک ہم پر نہ پڑ جائے اور ہم اس جیسے بد بخت نہ بن جائیں ۔‘‘یہ سن کر آپ بہت رنجیدہ ہوئے اور حضرت ِسیدنا حسن بصری علیہ الرحمۃ کی خدمت میں حاضر ہو گئے انہوں نے آپ کو ایسی نصیحت فرمائی کہ بے چین ہو کر دوبارہ توبہ کی ۔ واپسی میں جب ایک مقروض شخص آپ کو دیکھ کر بھاگنے لگا تو فرمایا’’تم مجھ سے مت بھاگو ، اب تو مجھ کو تم سے بھاگنا چاہیے تاکہ ایک گنہگار کا سایہ تم پر نہ پڑ جائے۔ ‘‘ جب آپ آگے بڑھے تو انہی لڑکوں نے کہنا شروع کیا کہ ’’راستہ دے دو اب حبیب تائب ہو کر آ رہا ہے کہیں ایسا نہ ہو کہ ہمارے پیروں کی گرد اس پر پڑ جائے اور اللہ عَزَّ وَجَلَّ ہمارا نام گناہگاروں میں درج کر لے ۔‘‘آپ نے بچوں کا یہ قول سن کر اللہ عَزَّ وَجَلَّ سے عرض کی : ’’ تیری قدرت بھی عجیب ہے کہ آج ہی میں نے توبہ کی اور آج ہی تو نے لوگوں کی زبان سے میری نیک نامی کا اعلان کرا دیا ۔‘‘
اس کے بعد آپ نے منادی کرا دی کہ جو شخص میرا مقروض ہو وہ اپنی تحریر اور مال واپس لے جائے ۔اس کے علاوہ آپعلیہ الرحمۃنے اپنی تمام دولت راہ خدا عَزَّ وَجَلَّ میں لٹا دی۔ پھر ساحل فرات پر ایک عبادت خانہ تعمیر کر کے عبادت میں مشغول رہے اور یہ معمول بنا لیا کہ دن کو علم دین کی تحصیل کے لیے حضرت ِسیدنا حسن بصریعلیہ الرحمۃکی خدمت میں پہنچ جاتے اور رات بھر مشغول عبادت رہتے ۔چونکہ قرآن مجید کا تلفظ صحیح مخرج سے ادا نہیں کر سکتے تھے اس لیے آپکو عجمی کا خطاب دے دیا گیا ۔(تذکرۃ الاولیاء، باب ، ذکر حبیب عجمی ، ج۱، ص ۵۶۔۵۷)
(46 ) حسین عورت پر فریفتہ ہونے والے کی توبہ
حضرت ِسیدنا عتبہ بن غلامعلیہ الرحمۃاس طرح تائب ہوئے کہ کسی حسین عورت پر فریفتہ ہوئے اور اس سے کسی نہ کسی طرح اپنے عشق کا اظہار کر دیا ۔ اس عورت نے اپنی کنیز کے ذریعے دریافت کرایاکہ’’ آپ نے میرے جسم کا کون سا حصہ دیکھا ہے ؟‘‘ آپ نے کہا کہ ’’تمہاری آنکھیں دیکھ کر عاشق ہوا ہوں ۔ ‘‘اِس کے جواب میں اس نے اپنی دونوں آنکھیں نکال کر آپ کی خدمت میں روانہ کرتے ہوئے کنیز سے کہلوایا : ’’جس چیز پر آپ فریفتہ ہوئے تھے وہ حاضر ہیں ۔‘‘
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع