دعوت اسلامی کی دینی خدمات دیگر ممالک میں بھی دیکھئے
ہسٹری

مخصوص سرچ

30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں

Toba Ki Riwayaat o Hikayaat | توبہ کی روایات و حکایات

book_icon
توبہ کی روایات و حکایات

تمام سرکش ظالموں کے ہاتھ باندھ دئیے جائیں گے، یاد کر اس اندھیری رات کو جو یومِ قیامت کے بعد آنے والی ہے اور جہنم کی وہ آگ جو غصے کی وجہ سے پھٹنے والی ہے اور غیظ وغضب سے چنگھاڑ رہی ہے ، سب لوگ اس کے خوف سے حواس باختہ ہو جاتے ہیں ۔ عقل مند آدمی کو دنیا کی فانی نعمتوں ، چھن جانے والی حکومتوں اور عورتوں کے ان خوبصورت بدنوں سے دھوکا نہیں کھانا چاہیے جو مرنے کے بعد صرف تین دن میں خون پیپ اور بدبودار لوتھڑوں میں تبدیل ہو جاتے ہیں بلکہ عقل مند آدمی تو جنت کی ان عورتوں (یعنی حوروں ) کا طالب ہوتا ہے جن کا خمیر کستوری عنبر اور کافور سے اٹھایا گیا ہے ، جو اتنی حسین و جمیل ہیں کہ آج تک کسی نے ان جیسی حسین و جمیل عورت نہ دیکھی ہے اور نہ ہی سنی ہے۔ اللہ   تَعَالٰی نے انہیں کے متعلق فرمایا ہے :

فِیْهِنَّ قٰصِرٰتُ الطَّرْفِۙ-لَمْ یَطْمِثْهُنَّ اِنْسٌ قَبْلَهُمْ وَ لَا جَآنٌّۚ(۵۶) فَبِاَیِّ اٰلَآءِ رَبِّكُمَا تُكَذِّبٰنِۚ(۵۷) كَاَنَّهُنَّ الْیَاقُوْتُ وَ الْمَرْجَانُۚ(۵۸)

ترجمہ کنزالایمان : ان بچھونوں پر وہ عورتیں ہیں کہ شوہر کے سوا کسی کو آنکھ اٹھا کر نہیں دیکھتیں ان سے پہلے انہیں نہ چھوا کسی آدمی اور نہ جن نے ، تو اپنے رب کی کون سی نعمت جھٹلاؤگے، گویاوہ لعل اور یاقوت اور مونگاہیں ۔(پ۲۷، الرحمن : ۵۶۔۵۸)

          لہذا! دانا وہی ہے جو جنت کی نعمتوں کی خواہش رکھے اور عذاب جہنم سے بچنے کی کوشش کرے۔ ‘‘

        میری یہ باتیں سن کربادشاہ کے بیٹے نے ایک ٹھنڈی آہ بھری اورکہنے لگا :  ’’اے طبیب ! تو نے تو کسی اسلحے کے بغیر ہی مجھے قتل کر ڈالا ہے ، مجھے بتاؤکیا ہمارا رب  عَزَّ  وَجَلَّ  اپنے نافرمان بھگوڑے بندوں کو قبول کر لیتا ہے کیا وہ مجھ جیسے گنہگار کی توبہ قبول فرمائے گا؟‘‘ میں نے کہا : ’’کیوں نہیں ! وہ بڑا غفورو رحیم اور کریم ہے ۔‘‘ میرایہ کہنا تھا کہ اس نے اپنی قیمتی عباء چاک کرڈالی اور محل کے دروازے سے باہر نکل گیا ۔ چند سالوں بعد جب میں حج کے لئے بیت اللہ   شریف گیا تو دیکھا کہ وہاں ایک نوجوان طواف ِ کعبہ میں مصروف ہے ۔اس نے مجھے سلام کیا اور کہنے لگا : ’’آپ نے مجھے پہچانا نہیں ، میں وہی بادشاہ کا بیٹا ہوں جس نے آپ کی باتیں سن کر توبہ کی تھی ۔‘‘(حکایات الصالحین ، ص۷۲)

( 12)   ڈاکوؤں کے سردار کی توبہ

        ایک قافلہ گیلان سے بغداد کی طرف رواں دواں تھا۔جب یہ قافلہ ہمدان شہر سے روانہ ہوا تو جیسے ہی جنگل شروع ہوا ڈاکؤں کا ایک گروہ نمودار ہوا اور قافلے والوں سے مال واسباب لوٹنا شروع کر دیا ۔اس قافلے میں ایک نوجوان بھی تھا جس کی عمر اٹھارہ (18)سال کے لگ بھگ تھی ۔ایک راہزن اس نوجوان کے پاس آیا اور کہنے لگا :  ’’صاحب زادے!تمہارے پاس بھی کچھ ہے ؟۔‘‘نوجوان بولا : ’’میرے پاس چالیس دینار ہیں جو کپڑوں میں سلے ہوئے ہیں ۔‘‘راہزن نے کہا کہ’’ صاحب زادے! مذاق نہ کرو سچ سچ بتاؤ؟‘‘نوجوان نے بتایا ’’میرے پاس واقعی چالیس دینار ہیں یہ دیکھو میری بغل کے نیچے دیناروں والی تھیلی کپڑوں میں سلی ہوئی ہے‘‘راہزن نے دیکھا تو حیران رہ گیا اور نوجوان کو اپنے سردار کے پاس لے گیا اور سار اواقعہ بیا ن کیا سردار نے کہا ’’نوجوان !کیا بات ہے لوگ تو ڈاکوؤں سے اپنی دولت چھپاتے ہیں مگر تم نے سختی کیے بغیر اپنی دولت ظاہر کر دی؟‘‘نوجوان نے کہا ’’میری ماں نے گھر سے چلتے وقت مجھے نصیحت فرمائی تھی کہ’’ بیٹا!ہر حال میں سچ بولنا ۔‘‘بس میں اپنی والدہ کے ساتھ کیا ہو اوعدہ نبھا رہا ہوں ۔‘‘

        نوجوان کا یہ بیا ن تاثیر کاتیر بن کر ڈاکوؤں کے سردار کے دل میں پیوست ہوگیا اس کی آنکھوں سے آنسوؤں کا دریاچھلکنے لگا ۔اس کاسویا ہوامقدر جاگ اٹھا ، وہ کہنے لگا’’صاحبزادے!تم کس قدر خوش نصیب ہو کہ دولت لٹنے کی پرواہ کیے بغیر اپنی والدہ کے ساتھ کیے ہوئے وعدے کو نبھا رہے ہو اور میں کس قدر ظالم ہوں کہ اپنے خالق ومالک کے ساتھ کیے ہوئے وعدے کو پامال کر رہا ہوں اور مخلوق خدا کا دل دکھا رہا ہوں ۔ ‘‘یہ کہنے کے بعدوہ ساتھیوں سمیت سچے دل سے تائب ہو گیا اورلوٹا ہوا سارا مال واپس کر دیا۔ (تاریخ مشائخ قادریہ ، ص ۶۶)

(13 )   ایک قصاب کی توبہ

        حضرت ِسیدنا شیخ ابو بکر بن عبد اللہ   حزنی رَضِیَ اللہ   تَعَالٰی عَنْہُ  کہتے ہیں کہ ایک قصاب اپنے پڑوسی کی لونڈی پر عاشق تھا ۔ایک دن وہ لونڈی کسی کام سے دوسرے گاؤں کو جا رہی تھی ، قصاب نے موقع غنیمت جان کر اس کا پیچھاکیا اور کچھ دور جا کر اسے پکڑ لیا ۔ تب کنیز نے کہا کہ’’اے نوجوان!میرا دل بھی تیری طرف مائل ہے لیکن میں اپنے رب  عَزَّ وَجَلَّ  سے ڈرتی ہوں ۔‘‘جب اس قصاب نے یہ سنا تو بولا، ’’جب تو اللہ   تَعَالٰی سے ڈرتی ہے تو کیا میں اس ذاتِ پاک سے نہ ڈروں ؟‘‘یہ کہہ کر اس نے توبہ کر لی اور وہاں سے پلٹ پڑا۔راستے میں پیاس کے مارے دم لبوں پر آ گیا ۔اتفاقاً اس کی ملاقات ایک شخص سے ہو گئی جو کہ کسی نبی علیہ السلام کا قاصد تھا ۔اس مردِ قاصد نے پوچھا، اے جوان کیا حال ہے؟‘‘قصاب نے جواب دیا، ’’پیاس سے نڈھال ہوں ۔‘‘قاصد نے کہا کہ’’ آؤ ہم دونوں مل کر خدا  عَزَّ  وَجَلَّ  سے دعا کریں تاکہ اللہ   تَعَالٰی ابر کے فرشتے کو بھیج دے اور وہ شہر پہنچنے تک ہم پر اپنا سایہ کئے رکھے ۔‘‘نوجوان نے کہا کہ’’میں نے تو خدا  عَزَّ  وَجَلَّ  کی کوئی قابلِ ذکر عبادت بھی نہیں کی ہے ، میں کس طرح دعا کروں ؟تم دعا کرو میں آمین کہوں گا۔‘‘اس شخص نے دعا کی ، بادل کا ایک ٹکڑا ان کے سروں پر سایہ فگن ہو گیا ۔

        جب یہ دونوں راستہ طے کرتے ہوئے ایک دوسرے سے جدا ہوئے تو وہ بادل قصاب کے سر پر آ گیا اور قاصد دھوپ میں ہو گیا ۔قاصد نے کہا، ’’اے جوان!تو نے تو کہا تھا کہ تو نے اللہ    عَزَّ وَجَلَّ  کی کچھ بھی عبادت نہیں کی ، پھر یہ بادل تیرے سر پر کس طرح سایہ فگن ہو گیا؟تو مجھے اپنا حال سنا۔‘‘نوجوان نے کہا ، ’’اور تو مجھے کچھ معلوم نہیں لیکن ایک کنیز سے خوفِ خدا  عَزَّ  وَجَلَّ  کی بات سن کر میں نے توبہ ضرور کی تھی ۔‘‘قاصد بولا، ’’تو نے سچ کہا، اللہ  تَعَالٰی کے حضور میں جو مرتبہ و درجہ تائب(توبہ کرنے والے) کا ہے وہ کسی دوسرے کا نہیں ہے۔‘‘

 (کتاب التوابین ، تو بۃ القصاب والجاریۃ ، ص۷۵ )

(14 )   بے ہوش ہونے والے شرابی کی توبہ

        حضرت سری سقطی علیہ الرحمۃ نے ایک شرابی کو دیکھا جو مدہوش زمین پر گرا ہوا تھااور اپنے شراب آلودہ منہ سے ’’اللہ  اللہ   ‘‘کہہ رہاتھا ۔آپ نے وہیں بیٹھ کر اس کا منہ پانی سے دھویا اور فرمایا : ’’اس بے خبر کو کیا خبر ؟کہ ناپاک منہ سے کس پاک ذات کا نام لے رہا ہے ۔‘‘منہ دھو کر آپ چلے گئے ۔جب شرابی کو ہوش آیا تو لوگوں نے اسے بتایا کہ تمہاری بے ہوشی کے عالم میں حضرت سری علیہ الرحمۃ یہاں آئے تھے اور تمہارا منہ دھوکر گئے ہیں ۔شرابی یہ سن کر بڑا پشیمان ونادم ہوااور رونے لگا اور نفس کو مخاطب کر کے بولا :  ’’بے شرم !اب تو سری علیہ الرحمۃبھی تجھے ا س حال میں دیکھ گئے ہیں ، خدا  عَزَّ وَجَلَّ سے ڈر اور آئندہ کے لیے توبہ کر۔‘‘

 

کتاب کا موضوع

کتاب کا موضوع

Sirat-ul-Jinan

صراط الجنان

موبائل ایپلیکیشن

Marfatul Quran

معرفۃ القرآن

موبائل ایپلیکیشن

Faizan-e-Hadees

فیضانِ حدیث

موبائل ایپلیکیشن

Prayer Time

پریئر ٹائمز

موبائل ایپلیکیشن

Read and Listen

ریڈ اینڈ لسن

موبائل ایپلیکیشن

Islamic EBooks

اسلامک ای بک لائبریری

موبائل ایپلیکیشن

Naat Collection

نعت کلیکشن

موبائل ایپلیکیشن

Bahar-e-Shariyat

بہار شریعت

موبائل ایپلیکیشن