دعوت اسلامی کی دینی خدمات دیگر ممالک میں بھی دیکھئے
ہسٹری

مخصوص سرچ

30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں

Tazkira Mujaddid e Alf e Sani | تذکرۂ مجدد الف ثانی قدس سرہ النورانی

Wali Wali Ko Pehchanta Hai

book_icon
تذکرۂ مجدد الف ثانی قدس سرہ النورانی

ولی ولی کو پہچانتا ہے (حکایت)

      حضرت  سیِّدُنا مجدّدِاَلف ثانی قُدِّسَ سِرُّہُ النُّوْرَانِی جن دنوں مرکزالاولیا لاہور میں قیام پذیر تھے اس دوران ایک سبزی فروش آپ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ  کی بارگاہِ عالی میں حاضر ہوا۔  آپ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ  اس کی تعظیم کے لیے کھڑے ہو گئے۔   اس کے جانے کے بعد آپ سے عرض کی گئی:  وہ تو سبزی فروش تھا!    (اس کی ایسی تعظیم؟)  ارشاد فرمایا:   وہ ابدال  (یعنی وَلِیُّ اللّٰہ )   ہیں ،   خود کو چھپانے کے لیے یہ پیشہ اختیار کر رکھاہے ۔   (حَضَراتُ القُدْس،   دفتر دُوُم ص۹۸ )  

’’ سرہندشریف ‘‘ کے نو حُرُوف کی نسبت سے 9 کرامات

{۱} ایک وَقت میں دس گھروں میں تشریف آوری (حکایت)

    حضرت  سیِّدُنا مجدِّدِ اَلْفِ ثانی شیخ احمد سرہندی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ القَوِی   کو دس مریدوں میں سے ہر ایک نے ماہِ رَمَضانُ الْمبارک میں ایک ہی دن افطار کی دعوت دی،   آپ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ نے سب کی دعوت قَبول فرمالی ،   جب غروبِ آفتاب کا وَقت ہوا تو ایک ہی وَقت میں سب کے پاس تشریف لے گئے اور ان کے ساتھ روزہ افطار فرمایا۔   (جامع کرامات الاولیاء للنبہانی  ج ۱ ص ۵۵۶)  

{۲} فوراًبارِش بند ہو گئی (حکایت)

ایک مرتبہ بارش برس رہی تھی تو حضرتِ   سیِّدُنا مجدِّدِ اَلْفِ ثانی قُدِّسَ سِرُّہُ النُّوْرَانِی نے آسمان کی طرف نظر اٹھائی اور بارِش سے اِرشاد فرمایا:  ’’فُلاں وَقت تک رُک جا!  ‘‘ چُنانچِہ بارش اُسی وَقت تک تَھم (یعنی رُک)   گئی۔   (ایضاً ج۱ص۵۵۶)  

{۳} اِسے ہاتھی کے پاؤں تلے کُچلوا دیا جائے (حکایت)

ایک امیر زادے سے بادشاہ ناراض ہوگیااور اسے مرکز الاولیا (لاہور)   سے سرہند طلب کیا۔   اس کے بارے میں یہ حکم جاری کیا کہ جیسے ہی یہ آئے تواسے ہاتھی کے پاؤں کے نیچے کُچلوا دیا جائے۔   وہ امیر زادہ جب سرہند پہنچا تو حضرتِ   سیِّدُنا مجدّدِاَلف ثانی قُدِّسَ سِرُّہُ النُّوْرَانِی  کی خدمتِ بابرکت میں حاضِر ہو کر نہایت ہی عاجِزی کے ساتھ اپنی نَجات کے لیے عرض گزار ہوا۔   آپ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ نے کچھ دیر مُراقَبہ کیا پھر فرمایا:   بادشاہ کی طرف سے تمہیں کوئی تکلیف نہیں پہنچے گی بلکہ وہ تم پر مہربان ہوگا۔  اس امیر زادے نے عرض کی:   عالیجاہ!   آپ لکھ کر دے دیجیے تاکہ یہ تحریر میری تسکینِ قلبی  (یعنی دل کے سکون)  کا سامان ہو ۔   چُنانچِہ آپ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ  نے اس کی تسلّی کے لیے یہ تحریر فرمایا:  ’’ یہ شخص بادشاہ کے غصّے کے خوف  سے یہاں آیاہے لہٰذا اِس فقیر نے اپنی ضَمانت میں لے کر اسے اس مصیبت سے رہائی دے دی ۔   ‘‘ وہ امیر زادہ جیسے ہی بادشاہ کے دربار میں پہنچا توآپ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ کے اِرشاد کے مطابِق بادشاہ نے اُسے دیکھا تو مسکرایا اور نصیحت کے طور پر چند باتیں کہیں اور نہایت مہربانی کے ساتھ اِنعام و اِکرام سے نواز کر رخصت کردیا۔   (حَضَراتُ الْقُدْس،    دفتر دُوُم ص ۱۷۰ ملخّصاً )  

{۴} بچّے کے بارے میں غیبی خبردی (حکایت)

حضرت  سیِّدُنا مجدّدِاَلف ثانی قُدِّسَ سِرُّہُ النُّوْرَانِی  کے ایک عزیز کے ہاں بیٹا پیدا تو ہوتا لیکن چھوٹی عمر میں ہی فوت ہو جاتا۔  ایک بار جب بیٹا پیدا ہوا تو وہ بچّے کو لے کر آپ  رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ   کی خدمتِ بابرکت میں حاضِر ہوا اور سارا ماجرا سنایااور عرض کی کہ ہم نے مَنَّت مانی ہے کہ اگر یہ بچّہ بڑا ہوا تو ہم اسے آپ کی غلامی میں دے دیں گے۔  آپ  رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ   نے ارشاد فرمایا:   ’’اس کا نام عبد الحق رکھو،   یہ زندہ رہے گا اور بڑی عمر پائے گا،   لیکن ہر ماہ حضرت خواجہ بہاء ُالدّین نقشبند عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللّٰہِ الصَّمَد کی نیاز دلواتے رہو۔  ‘‘اَلْحَمْدُلِلّٰہ آپ  رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ  کے فرمان کی بَرَکت سے وہ بچّہ بڑی عمر کو پہنچا۔    (ایضاً ص ۲۰۵ ملخّصاً )  

{۵} دل کی بات جان لی! (حکایت)

حضرت  سیِّدُنا مجدّدِاَلف ثانی قُدِّسَ سِرُّہُ النُّوْرَانِی کے ایک مُرید کا بیان ہے کہ میں چُھپ کر افیون کھایا کرتا تھا اور اس بارے میں کسی کو بھی معلوم نہیں تھا۔   ایک دن میں آپ  رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ کے ہمراہ جارہا تھا تو آپ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ  نے میری طرف دیکھ کر فرمایا:   کیا  بات ہے میں تمہارے دل میں تاریکی (یعنی اندھیرا)   دیکھتا ہوں ؟ میں نے اِقرار کیا کہ میں چُھپ کر افیون کھاتا ہوں لیکن اب اس سے توبہ کرتا ہوں ۔   (ایضاً)  

{۶} مانگ کیا منگتا ہے؟ (حکایت)

ایک دن حضرتِ سیِّدُنا مجدِّدِ اَلْفِ ثانی قُدِّسَ سِرُّہُ النُّوْرَانِی  تنہائی میں تشریف فرماتھے اور ایک نو مسلم  (یعنی نیا مسلمان )  آپ کی خدمتِ بابرکت میں موجود تھا۔   آپ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ  نے اُس سے فرمایا:  ’’ مانگ کیا مانگتا ہے؟ جو مانگے گاوُہی ملے گا۔  ‘‘ اُس نے عرض کیا:   ’’عالیجاہ!   میرا بھائی اور والِدہ اپنے کُفْر میں بڑی شدّت  (یعنی سختی )  رکھتے ہیں ،   میری بہت کوشش کے باوُجُود وہ اسلام قَبول نہیں کرتے،   آپ توجُّہ فرمادیجئے کہ وہ مسلمان ہوجائیں ۔  ‘‘ فرمایا :  اس کے علاوہ کچھ اور بھی چاہئے؟ عرض کی:   آپ کی توجُّہ سے مجھے بھلائیاں مل جائیں گی،   لیکن ابھی یہی خواہش ہے کہ وہ مسلمان ہوجائیں ۔   فرمایا:  ’’وہ بہت جلد مسلمان ہوجائیں گے۔  ‘‘آپ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ  کے فرمانے کے تیسرے دن اس کا بھائی اور والِدہ دونوں سرہند شریف آکر مُشَرّف بہ اسلام ہوگئے۔   (ایضاًص۲۰۳مُلَخَّصًا)   اللہُ ربُّ العِزّت عَزَّوَجَلَّ کی ان پر رحمت ہو اور ان کے صدقے ہماری بے حساب مغفرت ہو۔    اٰمین بِجاہِ النَّبِیِّ الْاَمین صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وسلَّم

{۷} مرید کی مدد فرمائی (حکایت)

حضرت  سیِّدُنا مجدّدِاَلف ثانی قُدِّسَ سِرُّہُ النُّوْرَانِی کے مریدِ خاص سید جمال ایک روز  کسی وادی سے گزر رہے تھے کہ اچانک ایک شیر سامنے آگیا!   اُن کے قدم وہیں جم گئے ،   آناً فاناً اپنے مرشد حضرت مجدّدِاَلف ثانی کی بارگا ہ میں عرض کی:  بچائیے!  اُسی وقت حضرت    سیِّدُنا مجدّدِاَلف ثانی رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ  ہاتھ میں عصا  (STICK)  تھامے اپنے مرید کی دست گیری (یعنی مدد )   کے لیے تشریف لے آئے ،   شیر کو عصا مار ا،  جب سیدجمال صاحب نے آنکھ کھولی تو شیر کا کہیں نام و نشان نہ تھا اور حضرت مجدّدِاَلف ثانی قُدِّسَ سِرُّہُ النُّوْرَانِی    بھی تشریف لے جا چکے تھے۔   ( زُبْدَۃُ الْمَقامات ص۲۶۳ مُلَخَّصًاً)        ؎
شیروں پہ شرف رکھتے ہیں دربار کے کتے شاہوں سے بھی بڑھ کر ہیں گدایانِ محمد
 صَلُّوا عَلَی الْحَبِیْب!    صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد

{۸} بد عقیدگی کاخواب میں علاج فرمادیا (حکایت)

     ایک شخص بعض صحابۂ کرام عَلَیْہِمُ الرِّضْوَان الخصوص حضرت سیِّدُنا امیر معاویہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ سے مَعَاذَ اللہ عَزَّوَجَلَّ کینہ رکھتا تھا۔   ایک دن وہ ’’ مکتوباتِ امام ربانی‘‘کا مطالعہ کررہا  تھا،  کہ اس میں یہ عبارت پڑھی:  ’’حضرت سیِّدُنا امام مالک رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ نے حضرتِ سیِّدُنا امیر معاویہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ  کو بُرا کہنے کو حضرت سیِّدُنا صدیق اکبر،  حضرت سیِّدُنا فاروق اعظم رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عنھما کو برا کہنے کے برابر قرار دیا ہے۔  ‘‘  تو وہ آپ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ سے رنجیدہ ہو گیا اور (مَعَاذَ اللہ عَزَّوَجَلَّ)  مکتوبات شریف کی کتاب زمین پر پھینک دی۔  جب وہ شخص سویا تو حضرت سیِّدُنا مجدّدِاَلف ثانی قُدِّسَ سِرُّہُ النُّوْرَانِی اُس کے خواب میں تشریف لے آئے۔  آپ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ  نہایت جلال میں اس کے دونوں کان پکڑ کر فرمانے لگے:   ’’تو ہماری تحریر پر اعتراض کرتا اور اسے زمین پر پھینکتا ہے !  اگر تو میرے قول (یعنی بات)   کو معتبر نہیں سمجھتا تو آ !  تجھے حضرت سیِّدُنا علیُّ المُرتَضٰی کَرَّمَ اللہُ تَعَالٰی وَجْہَہُ الْکَرِیْم ہی کے پاس لے چلوں ،  جن کی خاطر تو صحابۂ کرام عَلَیْہِمُ الرِّضْوَان کو برا کہتا ہے ۔  ‘‘پھر آپ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ اسے ایسی جگہ لے گئے جہاں ایک نورانی چہرے والے بزرگ تشریف فرماتھے۔   حضرت سیِّدُنا مجدّدِاَلف ثانی قُدِّسَ سِرُّہُ النُّوْرَانِی نے نہایت عاجزی سے اُس بزرگ کو سلام کیا پھر اس شخص کو نزدیک بلاکر فرمایا:  یہ تشریف فرما بزرگ حضرت سیِّدُنا علیُّ المُرتَضٰی کَرَّمَ اللہُ تَعَالٰی وَجْہَہُ الْکَرِیْم ہیں ،  سن!  کیا فرماتے ہیں ۔  اُس شخص نے سلام کیا،  سیِّدُنا شیر خدا کَرَّمَ اللہُ تَعَالٰی وَجْہَہُ الْکَرِیْم نے اسے سلام کا جواب دینے کے بعد فرمایا:  خبردار !    رسولِ اکرم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کے صحابہ سے کدورت (یعنی رنجش)   نہ رکھو،  ان کے بارے میں کوئی گستاخانہ جملہ زبان پرنہ لاؤ ۔   پھرحضرت مجدّدِاَلف ثانی قُدِّسَ سِرُّہُ النُّوْرَانِی کی جانب اشارہ کرکے اُس سے فرمایا:  ’’ان کی تحریر سے ہرگز نہ پھرنا  (یعنی مخالفت مت کرنا)  ۔  ‘‘اس نصیحت کے بعد بھی اس کے دل سے صحابۂ کرام کا کینہ دور نہ ہوا تو مولائے کائنات حضرت سیِّدُناعلیُّ المُرتَضٰی کَرَّمَ اللہُ تَعَالٰی وَجْہَہُ الْکَرِیْم نے فرمایا:  اس کا دل ابھی تک صاف نہیں ہوا ۔   یہ فرماکرحضرت سیِّدُنا مجدّدِاَلف ثانی قُدِّسَ سِرُّہُ النُّوْرَانِی سے تھپڑرسید کرنے کافرمایا ،  حکم کی تعمیل کرتے ہوئے جوں ہی آپ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ نے گدی پر تھپڑ مارا تو دل سے صحابۂ کرام عَلَیْہِمُ الرِّضْوَان کی ساری کدورت (یعنی نفرت)   دُھل گئی۔  جب وہ بیدا ر ہوا تو اس کادل صحابۂ کرام عَلَیْہِمُ الرِّضْوَان کی محبت سے معمور تھا اور آپ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ کی محبت بھی سوگنا زیادہ بڑھ چکی تھی۔    (حَضَراتُ القُدْس،   دفتر دُوُم  ص۱۶۷ مُلَخَّصًاً )  

{۹} اپنی وفات کی پہلے ہی خبر دیدی (حکایت)

حضرت  سیِّدُنا مجدّدِاَلف ثانی قُدِّسَ سِرُّہُ النُّوْرَانِی نے اپنے انتقِال سے بہت پہلے ہی اپنی زوجۂ محترمہ رحمۃ اللہ تعالٰی علیہاسے فرما دیا تھا کہ مجھ پر ظاہِر کردیا گیا ہے کہ میرا اِنتقال تم سے پہلے ہوجائے گا چُنانچِہ ایسا ہی ہوا کہ آپ  رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ ان سے پہلے وصِال  (یعنی انتقال )   فرماگئے۔       (ایضاً ص۲۰۸ مُلَخَّصًا)  

مِٹی کا کونا ٹوٹا ہوا پیالہ (حکایت)

سلسلئہ عالِیہ نَقْشْبَنْدِیَّہ کے عظیم پیشواحضرتِ سیِّدُنا مُجدِّد اَلْفِ ثانی قُدِّسَ سِرُّہُ النُّوْرَانِی نے ایک دن عام بَیتُ الْخَلا میں بھنگی کے پاس صَفائی کیلئے گندگی سے آلود بڑا سا مِٹّی کا کونا ٹوٹا ہوا پِیالہ رکھا  دیکھا تو بیتاب ہو گئے کیونکہ اُس پیالے پرلَفْظْ،  اللہ کَنْدَہ تھا !  لپک کرپیالہ اُٹھالیا اور خادِم سے پانی کا آفتابہ  (یعنی ڈھکَّن والا دَستہ لگا ہوا لوٹا)  منگوا کر اپنے دستِ مبارَک سے خوب مَل مَل کر اچھی طرح دھو کر اُس کو پاک کیا،   پھر ایک سفید کپڑے میں لپیٹ کر اَدَب کے ساتھ اُونچی جگہ رکھ دیا۔   آپ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ اُسی پیالے میں پانی پیا کرتے۔   ایک دن اللہ کی طرف سے آپ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ کو اِلْہام فرمایا گیا :   ’’ جس طرح تم نے میرے نام کی تَعظِیم کی میں بھی دنیا وآخِرت میں تمہارا نام اُونچا کرتا ہوں ۔  ‘‘ آپ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ فرمایا کرتے تھے:  ’’ اللہ  عَزَّ وَجَلَّ کے نامِ پاک کا اَدَب کرنے سے مجھے وہ مقام حاصل ہوا جو سو سال کی عبادت و رِیاضت سے بھی حاصل نہ ہو سکتا تھا۔  ‘‘  (ایضاً ص۱۰۶)  

سادہ کاغذ کا بھی ادب

سلسلئۂ عالیہ نقشبندیہ کے عظیم پیشوا حضرتِ سیِّدُنا شیخ احمد سر ہندی المعروف مجدد اَلف ثانی قُدِّسَ سِرُّہُ النُّوْرَانِی سادہ کاغذ کا بھی احتِرام فرماتے تھے،   چُنانچِہ ایک روز اپنے بچھونے پر تشریف فرماتھے کہ یکایک بے قرار ہو کر نیچے اُتر آئے اور فرمانے لگے:   معلوم ہو تا ہے،   اِس بچھونے کے نیچے کوئی کاغذ ہے۔    (زُبْدَۃُ الْمَقامات  ص۱۹۴)   

راہ چلتے ہوئے کاغذات کو لات مت ماریئے

میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!  معلوم ہوا،   سادہ کاغذ کا بھی اَدَب ہے اور کیوں نہ ہو کہ اِس پر قراٰن و حدیث اور اسلامی باتیں لکھی جاتی ہیں ۔   اَلْحَمْدُ للہ عَزَّوَجَلَّ بیان کردہ حکایت میں حضرت سیِّدُنا مجدد اَلف ثانی قُدِّسَ سِرُّہُ النُّوْرَانِی کی کھلی کرامت ہے کہ بچھونے کے نیچے کے کاغذ کا ظاہری طور پر بن دیکھے پتا چل گیا اور آپ نیچے اُترآئے تا کہ غلاموں کو بھی کاغذات کے اَدَب کی ترغیب ملے۔  ’’بہار ِشریعت‘‘ جلد اوّل صفحہ 411 پر ہے:   ’’کاغذ سے اِستِنجا مَنْع ہے اگر چِہ اُس پر کچھ بھی نہ لکھا ہو یا ابوجَہْل ایسے کافِر کا نام لکھا ہو۔  ‘‘ 

حُروف کی تعظیم کی جائے

فتاوٰی رضویہ شریف میں ہے:  ’’ہمارے عُلَما تصریح (یعنی واضِح طورپر)  فرماتے ہیں کہ نفسِ حُرُوف قابِلِ اَدَب ہیں اگرچِہ جُدا جُدا لکھے ہوں جیسے تختی یا وَصْلِی (کا غَذ)  پر خواہ ان میں کوئی بُرانام لکھا ہو جیسے فِرعَون،   ابوجَہْل وغیرہُما تاہم حُرُوف کی تَعظِیم کی جائے اگرچہ اِن کافروں کا نام لائق اِہانت و تَذلِیْل ہے۔  ‘‘  (فتاوٰی رضویہ ج۲۳ ص۳۳۶)  خود ابو جَہل کی کوئی تعظیم نہیں کہ یہ تو سخت کافر تھا مگرچُونکہ لفظِ ’’ابوجَہْل‘‘کے تمام حُرُوفِ تَہجَّی (اب و ج ہ ل)   قُراٰنی ہیں ۔  اِس لئے لکھے ہوئے لفظ’’ابوجَہْل‘‘ کے حروف کی  (نہ کہ شخصِ ابوجَہْل کی)  ان معنوں پر تَعْظِیم ہے کہ اُس کو ناپاک یا گندی جَگہوں پر ڈالنے اور جُوتے مارنے وغیرہ کی اِجازَت نہیں ۔  فتاوٰی عالمگیری میں ہے:  ’’جب فِرعَون یا ابوجَہْل کا نام کسی ہَدَف یانشانے پر لکھاہو تو (نشانہ بناکر)  اِن کی طرف تِیرپھینکنا مَکْرُوہ ہے کہ اِن حُرُوف کی بھی عزّت و توقیرہے۔  ‘‘ (عالمگیری ج۵ص۳۲۳)  اَلْبَتَّہ ٹِشو پیپرسے ہاتھ پونچھنے یا ٹائلِٹ پیپرسے جائے اِستِنْجا خشک کرنے کی علمائے کرام اِجازَت دیتے ہیں کیونکہ یہ اِسی کام کیلئے تیّار کئے جاتے ہیں اور اِن پر کچھ لکھا نہیں جاتا۔  

کتاب کا موضوع

کتاب کا موضوع

Sirat-ul-Jinan

صراط الجنان

موبائل ایپلیکیشن

Marfatul Quran

معرفۃ القرآن

موبائل ایپلیکیشن

Faizan-e-Hadees

فیضانِ حدیث

موبائل ایپلیکیشن

Prayer Time

پریئر ٹائمز

موبائل ایپلیکیشن

Read and Listen

ریڈ اینڈ لسن

موبائل ایپلیکیشن

Islamic EBooks

اسلامک ای بک لائبریری

موبائل ایپلیکیشن

Naat Collection

نعت کلیکشن

موبائل ایپلیکیشن

Bahar-e-Shariyat

بہار شریعت

موبائل ایپلیکیشن