30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
سے)لڑکی کو حمل رہ جائے تو یقینا بالغ و بالغہ ہیں ۔ اور اگر آثار نہ ہوں ، مگر وہ خود کہیں کہ ہم بالغ وبالغہ ہیں اورظاہر حال ان کے قول کی تکذیب نہ کرتا(یعنی جھٹلاتا نہ)ہو تو بھی بالغ وبالغہ سمجھے جائیں گے اورتمام احکام ، بلوغ کے نفاذ پائیں گے اور داڑھی مونچھ نکلنا یا لڑکی کے پستان میں ابھار پیدا ہونا کچھ معتبر نہیں ۔ (فتاویٰ رضویہ ، ج۱۹، ص۹۳۰)
والدین کو اپنے بچے پرکڑی نظر رکھنی چاہیے کہ وہ کس قسم کے رسائل یا کتابیں پڑھتا ہے ۔ کہیں وہ رومانی ناول یا گمراہ کن عقائد پر مشتمل بدمذہبوں کی کتابیں پڑھنے کا عادی تو نہیں ۔ایسی صورت میں بچے کو سمجھانے میں دیر نہ کی جائے اور اسے اپنے اسلاف کی حکایات اور صحیح العقیدہ علماء کی کتابیں پڑھنے کی ترغیب دلائی جائے ۔ بعض مائیں یا دادیاں بچوں کو سوتے وقت خوفناک کہانیاں سناتی ہیں ۔ جس کی ’’برکت‘‘سے بچے کو ڈراؤنے خواب آنا شروع ہوجاتے ہیں ۔ایسی ماؤں کو چاہیے کہ بچوں کو بزرگوں کی اصلاحی حکایات سنائیں ۔
محدّثِ اعظم پاکستان حضرت مولاناسردار احمدقادری رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہِ کو بچپن ہی سے اپنے بزرگوں سے والہانہ عقیدت تھی چنانچہ آپ اسکول کی تعلیم کے دوران بھی اپنے استاذ سے عرض کیا کرتے تھے : ’’ماسٹر جی ہمیں بزرگوں کی باتیں سنائیے اور حضور سرورِ کائنات صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی حیاتِ طیبہ پر ضرور روشنی ڈالا کیجئے ۔‘‘(حیاتِ محدثِ اعظم رحمۃ اللہ علیہ ، ص۳۲)
مسئلہ :
عجیب وغریب قصّے کہانیاں تفریح کے طور پر سننا جائز ہے جب کہ ان کا جھوٹا ہونا یقینی نہ ہو بلکہ جو یقینا جھوٹ ہوں اور بطورِ ضرب المثل یا نصیحت کے طور پر سنائے جاتے ہوں ان کا سننا بھی جائز ہے ۔(الدر المختار، کتاب الحظر والاباحۃ، فصل فی البیع ، ج۹، ص۶۶۷)
اولاد جوان ہوجائے تو جلد شادی کر دیجئے
اولاد کے جوان ہوجانے پر والدین کی ذمہ داری ہے کہ ان کی نیک اور صالح خاندان میں شادی کر دیں ۔حضرت سیدنا ابن عمر رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ ما سے روایت ہے کہ سرورِ کونین صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا : اپنے بیٹوں اور بیٹیوں کا نکاح کرو، بیٹیوں کو سونے اور چاندی سے آراستہ کرو اور انہیں عمدہ لباس پہناؤاور مال کے ذریعے ان پر احسان کرو تاکہ ان میں رغبت کی جائے (یعنی ان کے لئے نکاح کے پیغام آئیں )۔(کنزالعمال، کتاب النکاح ، احادیث متفرقہ ، الحدیث ۴۵۴۲۴، ج۱۶، ص۱۹۱)
اولاد کے جوان ہونے پر بلاوجہ نکاح میں تاخیرنہ کی جائے ۔حضرتِ سیدنا ابن عباس رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ ما سے روایت ہے کہ اللہ عَزَّوَجَلَّ کے مَحبوب، دانائے غُیوب، مُنَزَّہٌ عَنِ الْعُیوب صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَنے فرمایا : ’’جس کے ہاں لڑکے کی ولادت ہو اسے چاہیے کہ اس کا اچھا نام رکھے اور اسے آداب سکھائے، جب وہ بالغ ہوجائے تو اس کی شادی کر دے ، اگر بالغ ہونے کے بعد نکاح نہ کیا اورلڑکا مبتلائے گناہ ہوا تو اس کا گناہ والد کے سر ہوگا ۔‘‘(شعب الایمان، باب فی حقوق الاولاد ، الحدیث۸۶۶۶، ج۶، ص۴۰۱)
حضرتِ سیدنا ابن عمر رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ ما سے مروی ہے کہ حضورِ پاک، صاحبِ لَولاک، سیّاحِ افلاک صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے فرمایا : ’’جب تمہیں کفو مل جائے تو تم اپنی بچیوں کا نکاح ان سے کردو اور بچیوں کے معاملے میں ٹال مٹول (یعنی آج کل ) مت کرو۔‘‘(کنزالعمال، کتاب النکاح، الفصل الثانی فی الکفاء ۃ، الحدیث۴۴۶۸۶، ج۱۶، ص۱۳۵)
(مدینہ : کفو کا معنی یہ ہے کہ مرد عورت سے نسب وغیرہ میں اتنا کم نہ ہو کہ اس سے نکاح عورت کے اولیاء کے لیے باعث ننگ و عار ہو ۔کفاء ت صرف مرد کی جانب سے معتبر ہے عورت اگرچہ کم درجہ کی ہو اس کا اعتبار نہیں ۔کفاء ت میں چھ چیزوں کا اعتبار ہے نسب، اسلام، پیشہ، حریت، دیانت، مال۔ (الفتاوی الھندیہ ، کتاب النکاح ، الباب الخامس فی الاکفاء، ج۱، ص۲۹۰ تا ۲۹۱، و الفتاوی رضویہ ، ج۱۱، ص۱۳۱))
نبی اکرم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کا یہ فرمانِ عالیشان اپنی اولاد کے نکاح میں کوتاہی برتنے والوں کے لئے تازیانہ عبرت ہے ۔
رشتہ کرتے وقت انہی چیزوں کو مدِّ نظر رکھئے جو کتاب کے شروع میں دی گئی ہیں اور مناسب غور وفکر کے بعد اولاد کا رشتہ طے کیجئے ۔سرکار دو عالم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَنے ارشاد فرمایا : ’’نکاح کرنا عورت کوکنیز بناناہے، لہٰذا غور کر لینا چاہیے کہ وہ اپنی بیٹی کو کہاں بیاہ رہا ہے۔‘‘(السنن الکبریٰ ، کتاب النکاح ، باب الترغیب فی التزویج ، ج۷، ص۱۳۳)
رحمت ِ دو عالمصَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَکا فرمان عالیشان ہے ’’جس نے اپنی بیٹی کا نکاح کسی فاسق سے کیا ا س نے قطع رحمی کی۔‘‘(الکامل فی ضعفاء الرجال، الحسن بن محمد ، ج۳، ص۱۶۵ )
حضرت سیدنا شیخ کرمانی رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہِ شاہی خاندان سے تعلق رکھتے تھے ، لیکن آپ نے زہد وتقویٰ اختیار فرمایا ہوا تھا اور دنیاوی مشاغل سے بہت دور ہوچکے تھے ۔ آپ کی ایک صاحبزادی تھیں جو بہت حسین وجمیل اور نیک وپرہیز گار تھیں ۔ ایک دن اس صاحبزادی کے لئے بادشاہ کرمان نے نکاح کا پیغام بھیجا ۔ آپ یہ پسند نہ فرماتے تھے کہ ملکہ بن کر میری بیٹی دنیا کی طرف مائل ہو ۔اس لئے آپ نے کہلا بھیجا کہ مجھے جواب کے لئے تین روز کی مہلت دیں ۔
اس دوران آپ مسجد مسجد گھوم کر کسی صالح انسان کو تلاش کرنے لگے ۔ دورانِ تلاش ایک لڑکے پر آپ کی نگاہ پڑی جس کے چہرے پر عبادت وپرہیزگاری کا نور چمک رہا تھا ۔آپ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہِ نے اس سے پوچھا : ’’تمہاری شادی ہوچکی ہے ؟‘‘ اس نے نفی میں جواب دیا ۔پھر پوچھا : ’’کیا ایسی لڑکی سے نکاح کرنا چاہتے ہو جو قرآن مجید پڑھتی ہے ، نماز روزہ کی پابند ہے ، خوبصورت پاکباز اور نیک ہے ۔‘‘ اس نے کہا : ’’میں تو ایک غریب شخص ہوں بھلا مجھ سے ان صفات کی حامل لڑکی کا رشتہ کون کرے گا ؟‘‘آپ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہِ نے فرمایا : ’’میں کرتا ہوں ، یہ دراہم لو اور ایک درہم کی روٹی ، ایک درہم کا سالن اور ایک درہم کی خوشبو خرید لاؤ۔‘‘
نوجوان وہ چیزیں لے آیا ۔آپ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہِ نے اپنی صاحبزادی کا نکاح اس پارسا نوجوان کے ساتھ کردیا ۔ صاحبزادی جب رخصت ہو کر شوہر کے گھر آئی تو اس نے دیکھا کہ گھر میں پانی کی ایک صراحی کے سوا کچھ نہیں ہے اور اس صراحی پر ایک روٹی رکھی ہوئی دیکھی ۔پوچھا : ’’یہ روٹی کیسی ہے ؟‘‘شوہر نے جواب دیا : ’’یہ کل کی باسی روٹی ہے ، میں نے افطارکے لئے رکھ لی تھی ۔‘‘یہ سن کر کہنے لگیں کہ مجھے میرے گھر چھوڑ آئیے ۔نوجوان نے کہا : ’’مجھے تو پہلے ہی اندیشہ تھا کہ شیخ کرمانی کی دختر مجھ جیسے غریب انسان کے گھر نہیں رک سکتی ۔‘‘لڑکی نے پلٹ کر کہا : ’’میں آپ کی مفلسی کے باعث نہیں لوٹ رہی ہوں بلکہ اس لئے کہ مجھے آپ کا توکل کمزور نظر آرہا ہے ، اسی لئے مجھے اپنے والد پر حیرت ہے کہ انہوں نے آپ کو پاکیزہ خصلت ، عفیف اور صالح کیسے کہا جب کہ آپ کا اللہ تَعَالٰی پر بھروسے کا یہ حال ہے کہ روٹی بچا کر رکھتے ہیں ۔‘‘
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع