30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
ڈنک مچھر کا بھی مجھ سے تو سہا جاتا نہیں
قبر میں بچھو کے ڈنک کیسے سہوں گا یاربّ (وسائلِ بخشش)
سُوال : شَہْد کی مکّھی جب کاٹتی ہے تو شدید دَرْد ہوتا ہے اس کا علاج اِرشاد فرما دیجیے ۔
جواب : شَہْد کی مکّھی اور دیگر کیڑے مکوڑوں کے کاٹے کے 9 علاج پیشِ خدمت ہیں :
(1) شَہْد کی مکّھی جب کاٹ لے تو فوراً اپنا یا کسی مسلمان کا تھُوک لگا لیں اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّوَجَلَّ دَرْد میں کمی آجائے گی بلکہ ہر قِسم کے کیڑے مکوڑے حتّٰی کہ سانپ اور بچھو کے کاٹے پر بھی اِنسانی تھوک لگانا مُفید ہے ۔
(2) سانپ ، بچھو، شَہْد کی مکھی یا کوئی سا بھی زَہریلا جانور کاٹ لے ، تو پانی میں نمک ملا کر ڈَنک کی جگہ پر لگایئے بلکہ ممکِن ہو تو وہ جگہ اُس نمک والے پانی میں ڈَبو دیجیے اور مُعَوَّذَتَیْن یعنی سورۃُ الْفَلَق اور سورۃُ النَّاس پڑھ کر دم کیجیے اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ زَہر کا اثر زَائل ہو جائے گا ۔
(3) اگر آپ ایسی جگہ رہتے ہیں جہاں شَہْد کی مکھیاں یا بچھو ہوتے ہیں تو پیاز کا رس 3 تولہ (تقریباً 35گرام)، اَن بجھا چونا 4گرام، نوشادر ایک تولہ (تقریباً 12 گرام) باہم ملا کر نِتھار (چھان) کر اپنے پاس محفوظ کر لیجیے اور بوقتِ ضَرورت بچھو اور شَہْد کی مکّھی کے کاٹنے کے مقام پر لگائیے اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّوَجَلَّ فائدہ ہو گا ۔
(4) اگر کسی کو سانپ ڈس لے تو پیاز کا رَس اور سَرسَوں کا تیل ہم وزن ملا کر مرض کی شدّت کے مطابِق آدھ آدھ گھنٹہ یا ایک ایک گھنٹہ بعد4تولہ (تقریباً 50 گرام) کی مقدار میں پلایئے اِنْ شَآءَاللہ عَزَّ وَجَلَّآرام آ جائے گا ۔
(5) اگر شَہْد کی مکّھی کاٹ لے تو اس پر پیاز کا ٹکڑا باندھ لیجیے ۔ گرم پانی یا آگ سے جل جانے کی صورت میں بھی یہی طریقہ اِختیار کیجیے ۔
(6) اگر بچھویا شہد کی مکّھی وغیرہ کاٹ لے تو اس پر پیاز کاٹ کر یا مَسَل کر لگایئے اور نمک لگا کر پیاز کِھلایئے ۔
(7) جب کسی کو سانپ ڈس جائے تو اس کو پیاز کثرت سے کھلایئے اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ زَہر کا اثر دُور ہو جائے گا ۔
(8)کنکھجورا کاٹ لے تو پیاز اور لہسن کو پیس کر زخم پر لیپ کر دیجیے اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ زہر کا اثر ختم ہو جائے گا ۔
(9) اگر پیاز کو پانی میں گھوٹ (پیس) کر گھر میں چھڑکیں تو اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّوَجَلَّ سانپ بچھو وغیرہ بھاگ جائیں گے ۔ ([1])
سانپ بچھو وغیرہ مُوْذِیات سے بچنے کا وَظیفہ
سُوال : سانپ بچھو وغیرہ مُوْذِیا ت(یعنی اِیذا دینے والے جانوروں)سے بچنے کا کوئی وَظیفہ بھی اِرشاد فرما دیجیے ۔
جواب : شجرۂ قادرِیّہ رَضَوِیّہ ضیائیہ میں ہے : ”اَعُوْذُ بِکَلِمَاتِ اﷲِ التَّآمَّاتِ مِنْ شَرِّ مَا خَلَق(یعنی میںاللہ عَزَّوَجَلَّ کے کامل کلمات کے واسطے سے ساری مخلوق کے شر سے پناہ مانگتا ہوں)روزانہ صبح وشام([2])تین تین با ر پڑھئے سانپ بچھو وغیرہ مُوْذِیات (یعنی اِیذا دینے والے جانوروں)سے پناہ حاصل ہو ۔ ([3])
حدیث شریف میں ہے کہ ایک شخص نے سرکارِ نامدار، مدینے کے تاجدار صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلہٖ وَسَلَّم کے دَربارِ نُور بار میں حاضِر ہو کر عرض کی : یارسُولَ اﷲ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلہٖ وَسَلَّم! کل شام مجھے ایک بچھو نے ڈنک مار دیا ۔ فرمایا : اگر تم نے شام کے وقت”اَعُوْذُ بِکَلِمَاتِ اﷲِ التَّآمَّاتِ مِنْ شَرِّ مَاخَلَق(یعنی میں اللہ عَزَّوَجَلَّ کے کامل کلمات کے واسطے سے ساری مخلوق کے شر سے پناہ مانگتا ہوں)کہہ لیا ہوتا تو وہ تجھے نقصان نہ پہنچاتا ۔
[1] ۔ ۔ ۔ پیاز یا لہسن کھانے یا لگانے کی صورت میں جب تک بدبو ختم نہ ہو مسجد میں جانا منع ہے لہٰذا ایسے علاج بغیر شدید حاجت کے جماعت کے وقت کے قریب نہ کیے جائیں اور جب ایسا علاج استعمال کریں تو بدبُو ختم ہونے تک مسجد نہ جائیں ۔ مزید تفصیلات جاننے کے لیے شیخِ طریقت، امیرِاہلسنَّت حضرت علّامہ مولانا ابو بلال محمّد الیا س عطاؔر قادری رضوی ضیائیدَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ کے رسالے ’’مسجدیں خوشبودار رکھیے ‘‘ کا مطالعہ کیجیے ۔ (شعبہ فیضانِ مدنی مذاکرہ )
[2] ۔ ۔ ۔ آدھی رات ڈھلے سے سورج کی پہلی کرن چمکنے تک صُبح ہے ، یوں ہی دوپہر ڈھلنے سے غُروبِ آفتاب تک شام ہے ۔ (الوظیفۃ الکریمہ، ص۹ ملتقطاً)
[3] ۔ ۔ ۔ شجرۂ قادرِیّہ رَضَوِیّہ ضِیائیہ عطَّارِیّہ، ص۱۲
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع