30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
آپ نے سود کی ہلاکت خیزیاں تو جان لیں ، اے کاش! اگر ہمارے دل سے مال ، عمدہ تعمیرات اور جاہ و عزت کی طلب و محبت نکل جائے اور مال کی وہ صورت و معرفت جو بزرگوں کو حاصل تھی ہمیں نصیب ہو جائے۔ چنانچہ ،
دعوتِ اسلامی کے اشاعتی ادارے مکتبۃ المدینہ کی مطبوعہ ۱۵۴۸ صَفحات پر مشتمل کتاب ، “ فیضانِ سنّت “ جلد اول صَفْحَہ 366 پر شیخِ طریقت ، امیرِ اہلسنّت ، بانیٔ دعوتِ اسلامی حضرت علامہ مولانا ابو بلال محمد الیاس عطّار قادری دَامَتۡ بَرَکَاتُہُمُ الۡعَالِیَہۡ فرماتے ہیں : “ حُجَّۃُ الْاِسلام حضرت سیِّدُنا امام محمد غزالی علیہ رحمۃ اللہ الوالی فرماتے ہیں : (۱) حضرتِ سیِّدُنا حسن بصری علیہِ رَحمَۃُ اللّٰہِ القَوی فرماتے ہیں : “ خدا عَزَّوَجَلَّ کی قسم! جو دِرہم (یعنی دولت) کی عزّت کرتا ہے ، اللہ ربّ العزّت اُسے ذِلّت دیتا ہے۔ “ (۲) منقول ہے ، سب سے پہلے دِرہَم و دِینار بنے تو شیطان نے ان کو اُٹھا کر اپنی پیشانی پر رکھا پھر ان کو چُوما اور بولا : “ جس نے ان سے محبَّت کی وہ میرا غلام ہے۔ “ (العِیاذ باللّٰہ) (۳)حضرتِ سیِّدُنا سمیط بن عجلان علیہ رحمۃ المنّان نے فرمایا : “ دِرہم و دِینار (مال و دولت) مُنافِقوں کی لگامیں ہیں وہ ان کے ذَرِیعے دوزخ کی طرف کھینچے جائیں گے۔ “
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! اللہ تَبَارَکَ وَ تَعَالٰی آپ کو اور مجھ گناہگار کو مال و دولت کی محبت سے محفوظ فرمائے۔ آج ہم دیوانہ وار مال و دولت کی ہوس میں اندھے ہو گئے ہیں ، اپنے بیوی بچوں کا پیٹ پالنے کے لئے طرح طرح کے حیلے بہانے بناتے ہیں کہ میں بیوی بچوں کا پیٹ پال رہا ہوں ، انکے لئے کما رہا ہوں ، کیا کروں حرام روزی کمانے کے سوا کوئی چارا ہی نہیں۔ ارے نادان اسلامی بھائی!تمہیں کیا ہو گیا؟ بیوی بچوں کا پیٹ پالنے اور ان کو عیش و عشرت کی زندگی دینے کے لئے حرام روزی کمانے میں مصروف ہو گئے اور ان کی دینِ اسلام کے سنہری اصولوں کے مطابق تربیت کرنے اور انہیں حلال لقمے کھلانے سے غافل ہو گئے ، تمہیں کیا پتا کہ قیامت کے دن اپنے بیوی بچوں کو علمِ دین نہ سکھانے اور حرام روزی کھلانے کا کیسا وبال سامنے آئے گا۔ چنانچہ ،
دعوتِ اسلامی کے اشاعتی ادارے مکتبۃ المدینہ کی مطبوعہ ۱۴۶ صَفحات پر مشتمل کتاب ، “ قرۃ العیون “ صَفْحَہ ۹۳ پر ہے کہ مرد سے تعلق رکھنے والوں میں پہلے اس کی زوجہ اور اس کی اولاد ہے ، یہ سب (یعنی بیوی ، بچے قیامت میں) اللہ عَزَّوَجَلَّ کے سامنے کھڑے ہوکر عرض کریں گے : “ اے ہمارے ربّ عَزَّوَجَلَّ!ہمیں اس شخص سے ہمارا حق لے کر دے ، کیونکہ اس نے کبھی ہمیں دینی اُمور کی تعلیم نہیں دی اور یہ ہمیں حرام کھلاتاتھاجس کا ہمیں علم نہ تھا۔ “ پھر اس شخص کو حرام کمانے پر اس قدر ماراجائے گاکہ اس کا گوشت جھڑجائے گاپھر اس کو میزان کے پاس لایاجائے گا ، فرشتے پہاڑ کے برابر اس کی نیکیاں لائیں گے تو اس کے عیال میں سے ایک شخص آگے بڑھ کر کہے گا : “ میری نیکیاں کم ہیں۔ “ تو وہ اس کی نیکیوں میں سے لے لے گا ، پھر دوسرا آ کر کہے گا : “ تُونے مجھے سود کھلایا تھا۔ “ اور اس کی نیکیوں میں سے لے لے گااس طرح اس کے گھر والے اس کی سب نیکیاں لے جائیں گے اور وہ اپنے اہل وعیال کی طرف حسرت ویاس سے دیکھ کر کہے گا : “ اب میری گردن پر وہ گناہ و مظالم رہ گئے جو میں نے تمہارے لئے کئے تھے۔ “ (اس وقت) فرشتے کہیں گے : “ یہ وہ (بد نصیب) شخص ہے جس کی نیکیاں اس کے گھر والے لے گئے اور یہ ان کی وجہ سے جہنم میں چلا گیا۔ “[1]
میٹھے میٹھے اور پیارے اسلامی بھائیو!
٭ کیا اب بھی حرام روزی سے باز نہیں آئیں گے؟
٭ کیا اب بھی سود اور رشوت کے لین دین سے باز نہیں آئیں گے؟
٭ کیا اب بھی خیانت سے باز نہیں آئیں گے؟
٭ یا اب بھی اپنے اجارے میں خیانت کرتے رہیں گے؟
٭ کیا اب بھی اس نیت سے سرکاری ملازمت اختیار کریں گے کہ وہاں تو بڑی چھوٹ ہے ، خوب چھٹیاں بھی کریں گے اور تنخواہ بھی پوری لیں گے اور پھر اس مالِ حرام سے بیوی بچوں کا پیٹ پالیں گے؟
٭ کیا اب بھی تجارت کا علم نہیں سیکھیں گے؟
یاد رکھئے کہ تاجر پر لازم ہے کہ وہ تجارت کے مسائل سیکھے تا کہ جان سکے کہ کس طرح روزی حلال ہو گی اور کس طرح حرام؟ چنانچہ ،
دعوتِ اسلامی کے اشاعتی ادارے مکتبۃ المدینہ کی مطبوعہ 312 صَفحات پر مشتمل کتاب ، “ بہارِ شریعت “ کے حصہ 16 صَفْحَہ 211 پر صدرُ الشَّریعہ ، بدرُ الطَّریقہ حضرتِ علّامہ مولیٰنا مفتی محمد امجد علی اعظمی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللّٰہِ الْقَوِی فرماتے ہیں : “ جب تک خریدوفروخت کے مسائل معلوم نہ ہوں کہ کون سی بیع جائز ہے اور کون ناجائز ، اس وقت تک تجارت نہ کرے۔ “
اور حضرت سیِّدُنا امیر المؤمنین فاروقِ اعظم رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ فرمایا کرتے کہ ہمارے بازار میں وہی شخص آئے جو دین میں فقیہ یعنی عالم ہو اور سود خور نہ ہو۔[2]
آہ صد افسوس! آج کل معاملہ اس کے برعکس ہے ، آج کل لوگ زبانِ قال سے نہ صحیح مگر زبانِ حال سے مَعَاذَ اللہ ضرور کہتے ہیں کہ ہمارے بازار میں صرف وہی شخص آئے جو سب سے بڑا دھوکے باز ہو۔ اَلْعَیَاذُ بِاللہ ۔ شریف آدمی کا تو گویا بازار میں داخلہ ہی ممنوع ہے۔ آج کل جس طرح حرام روزی اور سود کا ارتکاب کیا جاتا ہے کسی پر پوشیدہ نہیں۔ یقیناً اس کی بڑی وجہ علمِ دین اور سنتوں بھرے ماحول سے دوری ہے۔ تاجروں اور خریداروں سب کے لئے لازم ہے کہ جلد از جلد خرید و فروخت کے مسائل سیکھ لیں۔ ورنہ میٹھے میٹھے اور پیارے اسلامی بھائیو!یاد رکھئے آخرت میں ایک ایک ذرّے کا حساب ہو گا اور اللہ عَزَّوَجَلَّ کی پکڑ بڑی شدید ہے۔
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع