دعوت اسلامی کی دینی خدمات دیگر ممالک میں بھی دیکھئے
ہسٹری

مخصوص سرچ

30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں

Sirat ul Jinan-Jild-5-Para-13-To-15 | صراط الجنان فی تفسیر القران جلد-پنجم- پارہ تیرہ تا پندرہ

book_icon
صراط الجنان فی تفسیر القران جلد-پنجم- پارہ تیرہ تا پندرہ

سورۂ کَہف

سورۂ کہف کا تعارف

مقامِ نزول:

             یہ سورت مکۂ مکرمہ میں  نازل ہوئی ہے۔( خازن، تفسیر سورۃ الکھف، ۳ / ۱۹۶)

رکوع اور آیات کی تعداد:

             اس سورت میں  12 رکوع اور 110 آیتیں  ہیں ۔

’’کہف ‘‘نام رکھنے کی وجہ :

            کہف کا معنی ہے پہاڑی غار ، اور اس سورت کی آیت نمبر 9 تا 26 میں  اصحاب ِ کہف یعنی پہاڑی غار والے چنداولیاءِ کرام کا واقعہ بیان کیا گیا ہے، اس مناسبت سے اس سورت کا نام’’ سورۂ کہف‘‘ رکھا گیا۔( صاوی، سورۃ الکہف، ۴ / ۱۱۷۹)

سورۂ کہف کے فضائل:

(1) …سورۂ کہف پڑھنے سے گھر میں  سکون اور برکت نازل ہوتی ہے، چنانچہ حضرت براء بن عازب رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ فرماتے ہیں  ’’ایک مرتبہ ایک صحابی رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ نے سورۂ کہف پڑھی، گھر میں  ایک جانور بھی تھا ، وہ بدکنا شروع ہو گیا تو انہوں  نے سلامتی کی دعا کی (اور غور سے دیکھا کہ کیا بات ہے؟ تو) انہیں  ایک بادل نظر آیا ، جس نے انہیں  ڈھانپ رکھا تھا، ان صحابی رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ نے اس واقعہ کا ذکر جب تاجدارِ رسالت صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ سے کیا، تو آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَنے فرمایا، اے فلاں ! قرآنِ پاک کی تلاوت کرتے رہا کرو، وہ بادل سکینہ تھا جو قرآنِ مجید کی وجہ سے نازل ہوا۔( بخاری، کتاب المناقب، باب علامات النبوّۃ فی الاسلام، ۲ / ۵۰۴، الحدیث: ۳۶۱۴)

(2) …حضرت ابو درداء رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے، رسول کریم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَنے ارشاد فرمایا ’’جو سورۂ کہف کی ابتدائی دس آیات یاد کرے گا وہ دجال (کے فتنے ) سے محفوظ رہے گا۔( مسلم، کتاب صلاۃ المسافرین وقصرہا، باب فضل سورۃ الکہف وآیۃ الکرسی، ص۴۰۴، الحدیث: ۲۵۷(۸۰۹))

(3) …حضرت ابو سعید خدری رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے، نبیٔ  کریم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا ’’جو شخص جمعہ کے دن سورۂ کہف کی تلاوت کرے گا تو آئندہ جمعے تک اس کے لئے خاص نور کی روشنی رہے گی۔( مستدرک، کتاب التفسیر، تفسیر سورۃ الکھف، فضیلۃ قراء ۃ سورۃ الکھف یوم الجمعۃ،  ۳ / ۱۱۷، الحدیث: ۳۴۴۴)

سورۂ کہف کے مضامین:

            اس سورت کا مرکزی مضمون یہ ہے کہ اس میں  نبیٔ  کریم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَسے اَصحابِ کہف رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُمْ اور حضرت ذوالقرنین رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُکے بارے میں  کئے گئے کفار کے سوالات کا جواب دیا گیا ہے ، چنانچہ آیت نمبر 9 سے لے کر 26 تک اصحابِ کہف کا واقعہ بیان کیا گیا ہے اور اس واقعے میں  ان لوگوں  کے لئے ایک بہترین مثال ہے جو اپنے دین اور عقیدے کی حفاظت کے لئے اپنا وطن، عزیز رشتہ دار، دوست اَحباب اور اپنا مال چھوڑ دیتے ہیں  کیونکہ اصحابِ کہف چند نوجوان مسلمان تھے جو کہ بت پرست بادشاہ سے اپنے دین کی حفاظت کی خاطر سب کچھ چھوڑ کر ایک غار میں  پناہ گزیں  ہو گئے تھے، اور آیت نمبر 83 سے لے کر 99 تک حضرت ذوالقر نین رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ کا واقعہ بیان کیاگیا اور اس واقعے میں  بادشاہوں  اور حکمرانوں  کے لئے بڑی عبرت و نصیحت ہے کیونکہ حضرت ذوالقرنین رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ کی حکمرانی مشرق سے لے کر مغرب تک تھی اس کے باوجود وہ اللّٰہ تعالیٰ سے ڈرنے والے ، اس کے احکام کی اطاعت کرنے والے ، اپنی رعایا سے شفقت و مہربانی کے ساتھ پیش آنے والے اور ان کے ساتھ عدل وانصاف کرنے والے تھے۔ اس کے علاوہ اس سورت میں  یہ مضامین بیان کئے گئے ہیں ۔

(1) …اس کی ابتداء میں  قرآنِ مجید کے اوصاف بیان کئے گئے کہ یہ عدل والی اور مستقیم کتاب ہے اور مسلمانوں  کو جنت کی بشارت دینے اور کافروں  کو جہنم کے عذاب کی وعید سنانے کے لئے نازل ہوئی ہے۔

(2) …یہ بیان کیا گیاہے کہ کفار کے ایمان نہ لانے کی وجہ سے نبیٔ  کریم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کس قدر غمزدہ ہوا کرتے تھے۔

(3) … اصحابِ کہف کا واقعہ بیان کر کے حق ظاہر کرنے کے بعد کفار کی سرزنش کی گئی اور وہ عذاب بیان کیا گیا جو ان کے لئے تیار کیا گیا ہے ۔

(4) …ایمان لانے والے اور نیک اعمال کرنے والے مسلمانوں  کی جزا جنت اور اس کی نعمتوں  کو بیان کیاگیا ہے۔

(5) …ایک امیر آدمی جو کہ متکبر اور کافر تھا اور ایک غریب آدمی جو کہ مومن تھا ان کا واقعہ بیان کیا گیا تاکہ مسلمان اپنی تنگدستی کی وجہ سے پریشان نہ ہوں  اور کافر اپنی دولت کی وجہ سے دھوکے میں  نہ پڑیں ۔

(6)…دنیوی زندگی کی ایک مثال بیان کی گئی ۔

(7) …فرشتوں  کے حضرت آدم عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامکو سجدہ کرنے اور شیطان کے سجدہ نہ کرنے کا واقعہ بیان کیاگیا۔

(8) …آیت نمبر 60 سے لے کر 82 تک حضرت موسیٰ اور حضرت خضرعَلَیْہِمَا الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کا واقعہ بیان کیا گیا۔

(9) …آخرت میں  کفار کے اعمال برباد اور ضائع ہونے کا اعلان کیا گیا۔

(10) …نیک اعمال کرنے والے مسلمانوں  کو ابدی نعمتوں  کی بشارت دی گئی ۔

(11) …آخر میں  یہ بیان کیاگیا اللّٰہ تعالیٰ کے علم کی کوئی حد اور انتہاء نہیں ۔

 

کتاب کا موضوع

کتاب کا موضوع

Sirat-ul-Jinan

صراط الجنان

موبائل ایپلیکیشن

Marfatul Quran

معرفۃ القرآن

موبائل ایپلیکیشن

Faizan-e-Hadees

فیضانِ حدیث

موبائل ایپلیکیشن

Prayer Time

پریئر ٹائمز

موبائل ایپلیکیشن

Read and Listen

ریڈ اینڈ لسن

موبائل ایپلیکیشن

Islamic EBooks

اسلامک ای بک لائبریری

موبائل ایپلیکیشن

Naat Collection

نعت کلیکشن

موبائل ایپلیکیشن

Bahar-e-Shariyat

بہار شریعت

موبائل ایپلیکیشن