30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
دوسرا قول : حضور سیدنا غوث اعظم رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہفرماتے ہیں ’’جب تو اپنے دل میں کسی کی محبت یا دشمنی پائے تو اس کے کاموں کو قرآن و حدیث پر پیش کر اگر قرآن و حدیث کی رو سے پسندیدہ ہوں تو تواس سے محبت کر اور اگر اس اعتبار سے ناپسندیدہ ہوں تو اسے ناپسند کر تاکہ اپنی خواہش سے نہ کسی کو دوست رکھے نہ دشمن ۔ اللہ تَعَالٰیفرماتا ہے خواہش کی پیروی نہ کرکہ تجھے بہکادے گی خدا کی راہ سے ‘‘ ۔ (طباق کبریٰ ص ۱۳۰)
تیسرا قول : حضور پر نور سیدنا غوث الاغواث رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہفرماتے ہیں ’’ ولایت نبوت کا عکس ہے اور نبوت الوہیت کا عکس ہے اور ولی کی کرامت یہ ہے کہ اس کا فعل نبی کریمصَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کے قول کے قانون پر ٹھیک اترے ‘‘ ۔ (بہجۃ الاسرار ص ۳۹ مطبوعہ مصر)
چوتھا قول : حضور سیدنا محی الدین‘ محبوب سبحانی رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہفرماتے ہیں ’’ شریعت وہ حکم ہے جس کے قہر کی تلوار اپنے مخالف و مقابل کو مٹادیتی ہے اور اسلام کی مضبوط رسیاں اس کی حمایت کی مضبوط ڈوری پکڑے ہوئے ہیں ۔ دونوں جہاں کے کاموں کا دارومدار فقط شریعت پر ہے اور شریعت کی ڈوریوں سے ہی دونوں جہاں کی منزلیں وابستہ ہیں ‘‘ ۔ (بہجۃ الاسرار ص ۴۰ مطبوعہ مصر)
پانچواں قول : حضور سیدنا شیخ عبد القادر جیلانی رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہفرماتے ہیں ۔ ’’ پاکیزہ شریعتِ محمدیہ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم دین اسلام کا پھلدار درخت ہے شریعت وہ سورج ہے جس کی چمک سے تمام جہاں کی اندھیریاں جگمگا اٹھیں شریعت کی پیروی دونوں جہاں کی سعادت بخشتی ہے ۔ خبردار اس کے دائرے سے باہر نہ جانا خبردار اہل شریعت کی جماعت سے باہر نہ جانا‘‘ ۔ (بہجۃ الاسرار ص ۴۹ مطبوعہ مصر)
چھٹا قول : حضور سیدنا غوث پاک رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہفرماتے ہیں ’’ اللہ عَزَّوَجَلَّ کی طرف سے سب سے زیادہ قریب راستہ بندگی کے قانون کو لازم پکڑنا اور شریعت کی گرہ کوتھامے رکھنا ہے ‘‘(بہجۃ الاسرار ص ۵۰ مطبوعہ مصر)
ساتواں قول : حضور سیدنا غوث پاک رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہفرماتے ہیں ۔ ’’فقہ سیکھ اس کے بعد خلوت نشیں ہو جو بغیر علم کے خدا کی عبادت کرتا ہے وہ جتنا سنوارے گا اس سے زیادہ بگاڑے گا ۔ اپنے ساتھ شریعت کی شمع لے لو‘‘ ۔ (بہجۃ الاسرار ص ۵۳ مطبوعہ مصر) ۔
آٹھواں قول : حضرت سیدنا جنید بغدادی رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہفرماتے ہیں ’’ میرے پیر حضرت سری سقطی رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہنے مجھے دعا دی اﷲ تمہیں حدیث دان بنا کر پھر صوفی بنائے اور حدیث داں ہونے سے پہلے تمہیں صوفی نہ کرے ‘‘ ۔ (احیاء العلوم جلد۱ ص ۱۳)
نواں قول : حجۃ الاسلام امام غزالی رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہِحضرت سری سقطی رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہکی اس دعا کی شرح میں فرماتے ہیں ’’ حضرت سری سقطی نے اس طرف اشارہ فرمایا جس نے پہلے حدیث و علم حاصل کرکے تصوف میں قدم رکھا وہ فلاح کو پہنچا اور جس نے علم حاصل کرنے سے پہلے صوفی بننا چاہا اس نے اپنے آپ کو ہلاکت میں ڈالا والعیاذ باللہ تَعَالٰی‘‘ ۔ (احیاء العلوم ص۱۳ ج ۱)
دسواں قول : حضرت سیدنا جنید بغدادی رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہسے عرض کی گئی کہ کچھ لوگ گمان کرتے ہیں کہ شریعت کے احکام تو اللہ تَعَالٰیتک پہنچنے کا ذریعہ تھے اور ہم اللہ تَعَالٰیتک پہنچ گئے یعنی اب ہمیں شریعت کی کیا حاجت ؟ فرمایا وہ سچ کہتے ہیں وہ پہنچنے والے ضرور ہیں مگر کہاں تک ؟ جہنم تک، ایسا عقیدہ رکھنے والوں سے تو چور اور زانی بہتر ہیں ۔ میں اگر ہزار سال تک بھی زندہ رہوں تو فرائض و واجبات تو بڑی چیز ہیں ۔ میں نے جو نوافل و مستحبات مقرر کرلئے ہیں ان میں سے بھی کچھ کم نہ کروں گا ۔ ‘‘ (الیواقیت والجواہر للامام الشعرانی جلد ۱ ص ۱۳۹)
گیارہواں قول : حضرت امام قُشَیری رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہاپنی کتاب رسالہ قُشَیْریہ میں حضرت جنید بغدادی رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہسے نقل فرماتے ہیں ’’ جس نے نہ قرآن یاد کیا نہ حدیث لکھی یعنی جو علم شریعت سے آگاہ نہیں طریقت میں اس کی اقتداء نہ کریں اور اسے اپنا پیر نہ بنائیں کیونکہ ہمارا یہ علم طریقت بالکل کتاب و سنت کا پابند ہے ۔ (رسالہ قشیریہ ص ۲۴ مطبوعہ مصر)
نیز فرمایا ’’ خلق پر تمام راستے بند ہیں مگر وہ جو رسول اﷲ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کے نشانِ قدم کی پیروی کرے ‘‘ ۔ (رسالہ قشیریہ ص ۲۴ مطبوعہ مصر)
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع