30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
پہلے اِسے پڑھئے
ایک مسلمان کو سب سے زیادہ اللہ پاک اور اس کے پیارے رسول صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم سے محبت ہونی چاہیے۔ اللہ پاک اِرشاد فرماتا ہے:
(وَ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْۤا اَشَدُّ حُبًّا لِّلّٰهِؕ )(پ2،البقرۃ:165)
ترجَمۂ کنزالعرفان : ” اور ایمان والے سب سے زیادہ اللہ سے محبت کرتے ہیں۔“
رسولِ کریم صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے اِرشاد فرمایا: لَا يُؤمِنُ اَحَدُكُمْ حَتّٰى اَكُوْنَ اَحَبَّ اِلَيْهِ مِنْ وَالِدِهٖ وَ وَلَدِهٖ وَالنَّاسِ اَجْمَعِيْنَ یعنی تم میں کوئی اُس وقت تک ( کامل) مومن نہیں ہو سکتا جب تک میں اُس کے نزدیک اُس کے والدین، اَولاد اور تمام لوگوں سے زیادہ محبوب نہ ہو جاؤں۔ (1) اللہ پاک کی محبت کا تقاضا یہ ہے کہ رسولِ کریم صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم سے محبت کی جائے اور رَسولِ کریم صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کی محبت کا تقاضا یہ ہے کہ آپ کے اَہْلِ بیت سے محبت کی جائے۔چنانچہ رسولِ کریم صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے اِرشاد فرمایا: اَحِبُّوا اللہ لِمَا یَغْذُوْکُمْ مِنْ نِعَمِہٖ وَاَحِبُّوْ نِیْ بِحُبِّ اللہ وَاَحِبُّوْا اَہْلَ بَیْتِیْ لِحُبِّیْ یعنی اللہ پاک سے محبت کرو کیونکہ وہ تمہیں اپنی نعمتیں کھلاتا ہے اور اللہ پاک کی محبَّت کے لئے مجھ سے محبت کرو اور میری محبت کے لئے میرے اَہْلِ بیت سے محبت کرو۔(2)ايك اور حديثِ پاک میں اِرشاد فرمایا: اَدِّبُوْا اَوْلَادَكُمْ عَلٰى ثَلَاثِ خِصَالٍ،حُبِّ نبِيِّكُمْ وَحُبِّ اَهْلِ بَيْتِهٖ وَقِرَاءَةِ الْقُرْآنِ یعنی اپنی اَولاد کو تین اچھی عادتیں سکھاؤ:(1)اپنے نبی کی محبت (2)ان کے اَہْلِ بیت کی محبت (3)قرآنِ پاک کی تعلیم۔ (3)
پیشِ نظر کتاب میں اَہْلِ بَیْتِ اَطہار رضی اللہ عنہم کے فضائِل و برکات ،عقیدت و محبت،تعظیم وتوقیر ، عبادت و ریاضت، سخاوت و اَخلاقِ کریمانہ،خصوصیات و کرامات اور عاشورا کے دِن کے فضائِل واَعمال بیان کیے گئے ہیں۔ یہ کتاب خلیفۂ امیرِ اَہْلِ سنَّت حضرتِ مولانا الحاج ابو اُسید عُبَید رضا عطاری مدنی دامت بَرَکاتُہمُ العالیہ کے مدنی چینل پر ہونے والے سلسلے ” فیضانِ اَہْلِ بیت “ میں کیے گئے بیانات کا مجموعہ ہے۔اِن بیانات کی افادیت کی وجہ سے انہیں کتابی صورت میں مُرتب کیا گیا ہے۔ اِس کتاب کا مُطالعہ کرنے سےجہاں اَہْلِ بَیْتِ اَطہار رضی اللہ عنہم کی سچی پکی عقیدت و محبت دِل میں بڑھے گی وہاں اِن شاءَ اللہ اِن مبارک ہستیوں کی سیرت و کردار پر چلنے اور اس پر عمل کرنے کا بھی ذہن بنے گا۔
اِس کتاب کو مُرتب کرنے کی سعادت اَبُو الاکرام سید بہرام حسین شاہ عطاری مدنی نے حاصل کی ہے جبکہ تخریج و تفتیش کا کام سید دِلدار حسین شاہ عطاری مدنی نے سر انجام دیا ہے۔ اللہ پاک اِس کتاب کو پڑھنے والوں کے لئے ہدایت کا ذَریعہ بنائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم
[1] …… بخاری،1/ 17،حدیث:15۔
[2] ……ترمذی، 5/ 434، حدیث:3814۔
[3] ……جامع صغیر،ص25،حدیث: 311۔
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع