دعوت اسلامی کی دینی خدمات دیگر ممالک میں بھی دیکھئے
ہسٹری

مخصوص سرچ

30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں

Seerat ul Anbiya | سیرتُ الانبیاء

book_icon
سیرتُ الانبیاء
            

حضرت یوشع عَلَیْہِ السَّلَام

حضرت یوشع عَلَیْہِ السَّلَام حضرت موسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام کے اصحاب میں حضرت ہارون عَلَیْہِ السَّلَام کے بعد سب سے عظیم المرتبہ ساتھی تھے۔آپ عَلَیْہِ السَّلَام حضرت موسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام پر ایمان لائے اور ان کی تصدیق کی ۔حضرت خضر عَلَیْہِ السَّلَام سے ملاقات کے سفر میں آپ حضرت موسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام کے ساتھ تھےاور ان کے وصالِ ظاہری تک ساتھ ہی رہے۔ حضرت موسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام کی وفات کے بعد آپ عَلَیْہِ السَّلَام کو نبوت عطا ہوئی ۔ آپ عَلَیْہِ السَّلَام نے جبارین کے خلاف جہاد فرمایا اور فتح حاصل کی۔یہاں 3 ابواب میں آپ عَلَیْہِ السَّلَام کی سیرت پاک بیان کی گئی ہے جس کی تفصیل درج ذیل ہے : باب:1

قرآن پاک میں حضرت یوشع عَلَیْہِ السَّلَام کا تذکرہ

قرآنِ پاک میں دو مقامات پر آپ عَلَیْہِ السَّلَام کا تذکرہ موجود ہے البتہ دونوں جگہ صراحت کے ساتھ آپ عَلَیْہِ السَّلَام کا نام مبارک مذکور نہیں : (1) سورۂ مائدہ ،آیت:23 ۔ (2) سورۂ کہف ،آیت:59تا65۔ باب:2

حضرت یوشع عَلَیْہِ السَّلَام کا تعارف

نام ونسب:

آپ عَلَیْہِ السَّلَام کا نام’’یوشع‘‘اور نسب نامہ یہ ہے ’’یوشع بن نون بن افرائیم بن حضرت یوسف عَلَیْہِ السَّلَام بن حضرت یعقوب بن اسحاق بن ابراہیم عَلَیْہِمُ السَّلَام ۔(1)

حضرت موسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام کی خدمتگاری:

آپ عَلَیْہِ السَّلَام حضرت موسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام کےخدمتگار اور انتہائی قریبی ساتھی تھے ،جب حضرت موسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام حضرت خضر عَلَیْہِ السَّلَام سے ملاقات کے لئے تشریف لے گئے تو اس وقت آپ ہی حضرت موسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام کے ہمراہ تھے۔

قوم کو جبارین کے خلاف جہاد کی ترغیب:

حضرت موسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام نے قوم جبارین کے احوال معلوم کرنے کے لیے چند افراد کو بھیجا تو ان میں حضرت یوشع بن نون عَلَیْہِ السَّلَام بھی شامل تھے ۔ واپسی پر کالب بن یوقنا اور آپ عَلَیْہِ السَّلَام نےجبارین کا حال حکم کے مطابق صرف حضرت موسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام سے عرض کیا جبکہ دیگر سرداروں نے حکم کی خلاف ورزی کرتے ہوئے قوم کو دشمنوں کی قوت و طاقت اور جسامت سے ڈرایا۔ حضرت یوشع عَلَیْہِ السَّلَام اور کالب بن یوقنانے قوم کو جوش دلانے کیلئے فرمایا: اُدْخُلُوْا عَلَیْهِمُ الْبَابَۚ-فَاِذَا دَخَلْتُمُوْهُ فَاِنَّكُمْ غٰلِبُوْنَ ﳛ وَ عَلَى اللّٰهِ فَتَوَكَّلُوْۤا اِنْ كُنْتُمْ مُّؤْمِنِیْنَ(۲۳) (2) ترجمہ :( شہر کے) دروازے سے ان پر داخل ہوجاؤ توجب تم دروازے میں داخل ہوجاؤگے تو تم ہی غالب ہوگے اور اگر تم ایمان والے ہو تو اللہ ہی پر بھروسہ کرو۔ یعنی اے لوگو! شہر کے دروازے سے ان جبارین پر داخل ہوجاؤ، اگر تم ہمت کرکے دروازے میں داخل ہوجاؤ تو تم ہی غالب ہوگے اور اگر تم ایمان والے ہو تو اللہ تعالیٰ ہی پر بھروسہ کرو کیونکہ اللہ تعالیٰ نے مدد کا وعدہ کیا ہے اور اس کا وعدہ ضرور پورا ہوناہے۔ تم جبار ین کے بڑے بڑے جسموں سے خوف نہ کھاؤ، ہم نے اُنہیں دیکھا ہے، اُن کے جسم بڑے لیکن دِل کمزور ہیں ،ان دونوں کی بات سن کر بنی اسرائیل بہت برہم ہوئے اور جوش میں آنے کی بجائے اُلٹا انہی کے خلاف ہوگئے۔

حضرت موسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام کی طرف سے خلافت:

جب حضرت موسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام کی وفات کا وقت قریب آیا تو آپ نے بنی اسرائیل کے سامنے کھڑے ہو کر ایک خطبہ ارشاد فرمایا جس میں انہیں وعظ و نصیحت فرمائی اور حضرت یوشع بن نون عَلَیْہِ السَّلَام کو بنی اسرائیل پر اپنا خلیفہ نامزد کیا ۔ (3)

نبوت اور حکمِ جہاد:

میدان تیہ میں ہی حضرت موسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام کا وصال ہوا اورجب اس میدان میں بنی اسرائیل کے چالیس سال مکمل ہو گئے تو اللہ تعالیٰ نے حضرت یوشع عَلَیْہِ السَّلَام کو نبوت عطا فرمائی اور جبارین کے خلاف جہاد کا حکم دیا ، چنانچہ آپ عَلَیْہِ السَّلَام نے باقی ماندہ بنی اسرائیل کو لے کر جبارین کے خلاف جہاد فرمایا۔ حضرت ابو ہریرہ رَضِیَ اللہُ عَنْہُ سے روایت ہے، رسول اللہ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا:ایک نبی(حضرت یوشع بن نون عَلَیْہِ السَّلَام )غزوہ کے لیے تشریف لے گئے اور اپنی قوم سے فرمایا: جس شخص نے ابھی نکاح کیا ہو اور اب تک اس نے شب زفاف نہیں گزاری اور وہ یہ عمل کرنا چاہتا ہے تو وہ میرے ساتھ نہ چلے اور وہ شخص بھی نہ جائے جس نے مکان بنایا اورابھی تک اس کی چھت نہیں ڈالی ،اور نہ وہ شخص جائے جس نے بکریاں اور گابھن اونٹنیاں خریدی ہوں اور وہ ان کے بچہ جننے کا منتظر ہے۔پھر اس نبی عَلَیْہِ السَّلَام نے جہاد کیا اور عصر کی نماز کے وقت یا اس کے قریب وہ ایک دیہات میں پہنچے تو انہوں نے سورج سے کہا :تم بھی حکم ِالٰہی کے ماتحت ہو اور میں بھی حکمِ الٰہی کا تابع ہوں ،اے اللہ اس سورج کو تھوڑی دیر میری خاطر روک دے ۔(یہ دعا قبول ہوئی )اور ان کی خاطر سورج روک دیا گیا یہاں تک کہ اللہ تعالیٰ نے انہیں فتح عطا فرمائی،پھر انہوں نے مال غنیمت ایک جگہ جمع کیا اور (دستور کے مطابق)اسے کھانے کے لیے (آسمان سے)آگ آئی ، لیکن اس نے مال نہ کھایا۔(یہ دیکھ کر)اس نبی عَلَیْہِ السَّلَام نے فرمایا: تم میں سے کسی نے (مال غنیمت میں)خیانت کی ہے ،لہذا ہر قبیلے کا ایک شخص مجھ سے بیعت کرے، پھر سب نے بیعت کی تو ایک شخص کا ہاتھ نبی عَلَیْہِ السَّلَام کے ہاتھ سے چمٹ گیا۔ نبی عَلَیْہِ السَّلَام نے فرمایا: تمہارے قبیلے میں سے کسی نے خیانت کی ہے ۔بالآخر وہ گائے کے سر کے برابر سونا نکال کر لائے تو نبی عَلَیْہِ السَّلَام نے فرمایا:اسے مال غنیمت میں اونچی جگہ رکھ دو۔ اس کے بعد آگ آئی اور اس نے سارا مال کھا لیا۔نبی کریم صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا:ہم سے پہلے کسی کے لئے بھی مالِ غنیمت حلال نہیں کیا گیا لیکن جب اللہ تعالیٰ نے ہمارا ضعف و عجز دیکھا تو ہمارے لیے مالِ غنیمت حلال کر دیا۔ (4)

بنی اسرائیل کے ہزاروں افراد کی ہلاکت کا سبب:

حضرت وضین بن عطاء فرماتے ہیں: اللہ تعالیٰ نے حضرت یوشع بن نون عَلَیْہِ السَّلَام کی طرف وحی فرمائی کہ میں تمہاری قوم کے ایک لاکھ چالیس ہزار نیک لوگوں اور ستر ہزار برے لوگوں کو ہلاک کر دوں گا۔ حضرت یوشع عَلَیْہِ السَّلَام نے (حکمت جاننے کے لیے) عرض کی:اے میرے رب!تو ان کے برے لوگوں کو ہلاک فرما دے لیکن ان کے نیک لوگ کس بنا پر ہلاک کیے جائیں گے ۔ارشاد فرمایا:یہ برے لوگوں کے پاس جاتے اور ان کے ساتھ کھاتے پیتے ہیں اور میری ناراضی سے صَرفِ نظر کر کے(ان کے گناہوں اور نافرمانیوں پر) غصہ نہیں کرتے۔(5) الامان والحفیظ،اس سے معلوم ہو اکہ اللہ تعالیٰ کے نافرمانوں کی صحبت میں بیٹھنا اور قدرت کے باوجود انہیں رب تعالیٰ کی نافرمانی سے منع نہ کرنا اور برائیوں سے نہ روکنا نیک لوگوں کو بھی اللہ تعالیٰ کے غضب و عذاب میں مبتلاکر دیتا ہے۔

اوصاف:

آپ عَلَیْہِ السَّلَام اللہ تعالیٰ سے ڈرنے والے، اس کے انعام یافتہ بندے اور انتہائی شجاع و بہادر تھے۔ قرآن پاک میں ہے: قَالَ رَجُلٰنِ مِنَ الَّذِیْنَ یَخَافُوْنَ اَنْعَمَ اللّٰهُ عَلَیْهِمَا ادْخُلُوْا عَلَیْهِمُ الْبَابَۚ-فَاِذَا دَخَلْتُمُوْهُ فَاِنَّكُمْ غٰلِبُوْنَ ﳛ وَ عَلَى اللّٰهِ فَتَوَكَّلُوْۤا اِنْ كُنْتُمْ مُّؤْمِنِیْنَ(۲۳) (6) ترجمہ : اللہ سے ڈرنے والوں میں سے وہ دومرد جن پر اللہ نے احسان کیا تھا انہوں نے کہا : ( شہر کے) دروازے سے ان پر داخل ہوجاؤ توجب تم دروازے میں داخل ہوجاؤگے تو تم ہی غالب ہوگے اور اگر تم ایمان والے ہو تو اللہ ہی پر بھروسہ کرو۔ تفاسیر میں مذکور ہے کہ ان دو اشخاص میں سے ایک حضرت یوشع عَلَیْہِ السَّلَام تھے۔

وصال:

جب بنی اسرائیل بیت المقدس کو فتح کر کے اس میں رہائش پذیر ہو گئے تو آپ عَلَیْہِ السَّلَام اللہ تعالی کی کتاب تورات کے مطابق ایک عرصے تک ان کے درمیان فیصلے فرماتے رہے جب آپ عَلَیْہِ السَّلَام کی عمر مبارک 127 سال ہوئی تو اللہ تعالیٰ نے آپ عَلَیْہِ السَّلَام کی روح قبض فرمالی۔ (7) باب:3

حدیث پاک میں حضرت یوشع عَلَیْہِ السَّلَام کا تذکرہ

حدیث پاک میں حضرت یوشع عَلَیْہِ السَّلَام کا تذکرہ

حضرت ابو ہریرہ رَضِیَ اللہُ عَنْہُ سے روایت ہے، حضور اکرم صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا:بیشک کسی انسان کی وجہ سے سورج کو نہیں روکا گیا سوائے حضرت یوشع عَلَیْہِ السَّلَام کے،(ان کے لئے) ایک رات(سورج غروب ہونے سے روک دیا گیا یہاں تک کہ )آپ عَلَیْہِ السَّلَام بیت المقدس پہنچ گئے ۔(8) یہاں ایک بات قابلِ توجہ ہے کہ بعض روایات میں ہے کہ حضرت موسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام کے لئے بھی سورج روکا گیا، ان دونوں میں باہم کوئی اختلاف نہیں کیونکہ حضرت موسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام کے لئے سورج کو طلوع ہونے سے روکا گیا جبکہ حضرت یوشع عَلَیْہِ السَّلَام کے لیے سورج غروب ہونے سے روکا گیا۔
1…البدایة والنھایة،ذکر نبوة یوشع …الخ، ۱/۴۲۱. 2…پ۶،المائدہ،۲۳. 3… الانس الجلیل بتاریخ القدس والخلیل، وفاة موسی علیه السلام، ۱/۱۹۷. 4…مسلم، کتاب الجھادوالسیر، باب تحلیل الغنائم…الخ،ص ۷۴۳، حدیث:۴۵۵۵، بخاری، کتاب فرض الخمس، باب قول النبی صلی اللہ علیه وسلم احلت لکم الغنائم، ۲/۳۴۹، حدیث: ۳۱۲۴. 5…شعب الایمان،باب فی مباعدة الکفار… الخ،۷/۵۳،حدیث:۹۴۲۸. 6… پ۶،المائدہ:۲۳. 7…البدایة والنھایة،ذکر نبوة یوشع …الخ، ۱/۴۲۹. 8…مسند امام احمد، مسند ابی ھریرة ،۳/۲۱۴، حدیث:۸۳۲۲.

کتاب کا موضوع

کتاب کا موضوع

Sirat-ul-Jinan

صراط الجنان

موبائل ایپلیکیشن

Marfatul Quran

معرفۃ القرآن

موبائل ایپلیکیشن

Faizan-e-Hadees

فیضانِ حدیث

موبائل ایپلیکیشن

Prayer Time

پریئر ٹائمز

موبائل ایپلیکیشن

Read and Listen

ریڈ اینڈ لسن

موبائل ایپلیکیشن

Islamic EBooks

اسلامک ای بک لائبریری

موبائل ایپلیکیشن

Naat Collection

نعت کلیکشن

موبائل ایپلیکیشن

Bahar-e-Shariyat

بہار شریعت

موبائل ایپلیکیشن