دعوت اسلامی کی دینی خدمات دیگر ممالک میں بھی دیکھئے
ہسٹری

مخصوص سرچ

30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں

Seerat e Rasool e Arabi صلی اللہ تعالی علیہ وسلم | سیرتِ رسُولِ عربی صلی اللہ تعالی علیہ وسلم

book_icon
سیرتِ رسُولِ عربی صلی اللہ تعالی علیہ وسلم

            ان آیتوں میں فرشتوں نے حضرت سارہ کو بیٹا اور پوتا پیدا ہونے کی بشارت دی ہے۔حضرت سارہ اس پر تعجب کرتی ہیں۔فرشتے حضرت سارہ کو لفظ اہل بیت سے خطاب کر کے فرماتے ہیں کہ یہ جائے تعجب نہیں ۔تم پر خدا کی رحمت اور برکتیں ہیں جن میں سے ایک یہ بھی ہے۔مزید بحث کے لئے تحفہ شیعہ مولفۂ خاکسار دیکھو۔

            ازواجِ مطہرات رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُنَّ  کی تعداد میں اختلاف ہے۔گیارہ پر سب کا اتفاق ہے۔ جن میں سے چھ  (حضرت خدیجہ،  عائشہ،  حفصہ،  ام حبیبہ،  ام سلمہ، سودہ  رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُنَّ)  قبیلہ قریش سے اور چار  (حضرت زینب بنت جحش،  میمونہ،  زینب بنت خزیمہ،  جویریہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُنَّ)  عربیات غیر قریش خلفائے قریش سے ہیں اور ایک  (حضرت صفیہ)  غیر عربیہ بنی اسرائیل سے ہے.  ([1]  ) ذیل میں بہ ترتیب تزوج ان سب کا حال بطریق اختصار لکھا جاتا ہے۔  ([2]  )

حضرت خدیجہ بنت خویلد  رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہا:

            ان کا سلسلہ نسب قُصٰی میں آنحضرتصَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کے خاندان سے جا ملتا ہے۔حضورصَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کی بعثت سے پہلے طاہرہ کے لقب سے مشہور تھیں ۔ ان کی پہلی شادی ابو ہالہ بن زرارہ تمیمی سے ہوئی۔ جن سے دو لڑکے ہندوہالہ نام پیدا ہوئے۔ یہ دونوں صحابی ہیں ۔حضرت ہند کی روایت سے آنحضرت صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کا حلیہ شریف منقول ہے۔

            ابو ہالہ کے انتقال کے بعد دوسری شادی عتیق بن عائذ مخزومی سے ہوئی جن سے ایک لڑکی پیدا ہوئی۔اس کا نام بھی ہند تھا۔یہ اسلام لائیں اور اپنے چچیرے بھائی صیفی بن امیہ بن عائذ مخزومی سے شادی کی۔ان سے ایک لڑکا محمد  بن صیفی پیدا ہواجس کی اولاد کو حضرت خدیجہ کے تعلق کے سبب بنو طاہرہ کہتے ہیں ۔

            عتیق کے انتقال کے بعد آنحضرت کے نکاح میں آئیں جس کا ذکر پہلے آچکا ہے۔حضور اقدسصَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمکی تمام اولاد سوائے ابراہیم کے اسی نیک نہاد بیوی کے  بطن مبارک سے تھی۔تفصیل آگے آئے گی۔ ان شاء اللّٰہ تعالٰی ۔

            حضرت خدیجہ سب سے پہلے آنحضرتصَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم پر ایمان لائیں ۔ نکاح کے بعد 25 برس تک زندہ رہیں ۔ان کی زندگی میں حضور عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلام نے دوسری شادی نہیں کی۔انہوں نے اپنے مال سے رسول اللّٰہ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کو مدد دی۔ ایک روز حراء میں حضور اقدسصَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کے لئے کھانا لارہی تھیں ۔حضرت جبرئیل عَلَیْہِ السَّلام نے خدمت اقدس میں حاضر ہو کر عرض کیا کہ خدیجہ جب آئیں تو آپ ان کو ان کے رب کی طرف سے اور میری طرف سے سلام پہنچادیں اور بہشت میں ایک موتیوں کے محل کی بشارت دیں ۔

            اَزواجِ مطہرات رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُنَّمیں حضرت خدیجہ و عائشہ باقی سب سے افضل تھیں ۔ حضرت خدیجۃ الکبری نے ہجرت سے تین سال پہلے 65سال کی عمر میں انتقال فرمایا اور کوہِ حُجون میں دفن ہوئیں ۔آنحضرتصَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ان کو قبر میں اتارا۔ ان پر نماز نہ پڑھی گئی کیونکہ اس وقت تک نماز جنازہ فرض نہ ہوئی تھی۔ ([3]  )  

حضرت سودہ بنت زَمْعہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہا

            ان کا سلسلہ نسب کعب بن لوئَ  یْ بن غالب میں آنحضرتصَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم سے ملتا ہے۔ قدیم الاسلام تھیں ۔ پہلے اپنے والد کے چچیرے بھائی سکران بن عمرو بن عبد شمس کے نکاح میں تھیں ۔حضرت سکرا ن رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ بھی قدیم الاسلام تھے۔دونوں نے حبشہ کی طرف ہجرت ثانیہ کی۔ جب مکہ واپس آئے تو حضرت سکران نے وفات پائی اور ایک لڑکا یادگار چھوڑا جس کا نام عبد الرحمن تھا۔ حضرت عبد الرحمن رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ نے جنگ جلولاء ([4]  )   (آخر ۱۶ھ)  میں شہادت پائی۔

            حضرت خدیجۃ الکبری رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہاکے انتقال سے آنحضرت صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کو نہایت پریشانی ہوئی کیونکہ گھر بار بال بچوں کا انتظام ان ہی سے متعلق تھا۔یہ دیکھ کر خولہ بنت حکیم نے عرض کیا: یارسول اللّٰہ!  صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم آپ نکاح کر لیجئے۔ فرمایا: کس سے؟  خولہ نے حضرت عائشہ و سودہ کا نام لیا۔ آپ نے دونوں سے خواستگاری ([5]  )  کی  اجازت دے دی۔ خولہ حضرت سودہ  رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُمَا کے پاس گئیں اور کہا کہ خدا نے تم پر کیسی خیر و برکت نازل فرمائی ہے۔ سودہ نے پوچھاکہ وہ کیا ہے؟  خولہ نے کہا کہ رسول اللّٰہصَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَسَلَّم نے مجھے آپ کے پاس بغرض خواستگاری بھیجا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ مجھے منظور ہے مگر میرے باپ سے بھی دریافت کرلو۔ ‘‘  چنانچہ وہ ان کے والدکے پاس گئیں اور جاہلیت کے طریق پر سلام کیا۔ یعنی ’’   اَ نْعَمْ صَبَاحًا  ‘‘ کہا۔ انہوں نے پوچھا کہ تم کون ہو؟  خولہ نے اپنا نام بتایا پھر نکاح کا پیغام سنایا۔ انہوں نے کہا کہ محمد   (صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم )  شریف کفو ہیں مگر سودہ سے بھی دریافت کرلو۔ خولہ نے کہا کہ وہ راضی ہیں ۔ یہ سن کر زمعہ نے کہا کہ نکاح کے لئے آجائیں ۔ اس طرح باپ نے نبوت کے دسویں سال سودہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہاکا نکاح حضورعَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلام  سے کردیا۔سودہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہاکا بھائی عبد اللّٰہ  بن زمعہ آیا۔یہ معلوم کر کے کہ بہن کا نکاح رسول اللّٰہصَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم سے ہو چکا ہے اس نے اپنے سر پر خاک ڈال لی۔ عبد اللّٰہ  مذکور جب اسلام لائے تو ان کو اپنے اس فعل پر افسوس ہوا کرتا تھا۔

            حضرت سودہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہاطبیعت کی فیاض تھیں ۔ایک روز حضرت عمر فاروق رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ نے ایک درہموں کی تھیلی آپ کی خدمت میں بھیجی۔آپ نے پوچھا کہ یہ کیا ہے؟  لانے والوں نے جواب دیا کہ درہم ہیں ۔ آپ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہانے فرمایا کہ درہم کھجوروں کی طرح تھیلی میں بھیجے جاتے ہیں !  یہ کہہ کر اسی وقت تمام درہم تقسیم کردیئے۔

 



[1]     شرح الزرقانی علی المواھب، المقصدالثانی۔۔۔الخ،  الفصل الثالث فی ذکر ازواجہ الطاھرات وسراریہ۔۔۔الخ، ج۴،  ص۳۵۹-۳۶۱ملخصا۔علمیہ

[2]     یہ حالات عموماً زرقانی علی المواہب سے ماخوذ ہیں ۔ زرقانی نے بحوالہ دیگر کتب ان کو یکجا جمع کردیا ہے۔

[3]     شرح الزرقانی علی المواھب، المقصدالثانی ۔۔۔الخ،  الفصل الثالث فی ذکر ازواجہ الطاھرات وسراریہ۔۔۔الخ،ج۴، ص۳۶۳-۳۷۶ملخصا۔علمیہ

[4]     ایک مقام کا نام۔    

[5]     نکاح کا پیغام بھیجنا۔

کتاب کا موضوع

کتاب کا موضوع

Sirat-ul-Jinan

صراط الجنان

موبائل ایپلیکیشن

Marfatul Quran

معرفۃ القرآن

موبائل ایپلیکیشن

Faizan-e-Hadees

فیضانِ حدیث

موبائل ایپلیکیشن

Prayer Time

پریئر ٹائمز

موبائل ایپلیکیشن

Read and Listen

ریڈ اینڈ لسن

موبائل ایپلیکیشن

Islamic EBooks

اسلامک ای بک لائبریری

موبائل ایپلیکیشن

Naat Collection

نعت کلیکشن

موبائل ایپلیکیشن

Bahar-e-Shariyat

بہار شریعت

موبائل ایپلیکیشن