30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
حضرت سیِّدُنا ابوہریرہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ سے مروی ہے کہ سرکارِ مدینہ ، قرارِ قلب سینہ ، با عثِ نُزولِ سکینہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم کافرمانِ عرش نشان ہے : ’’ اللہ عَزَّوَجَلَّ سات اشخا ص کواس دن اپنے عرش کے سائے میں جگہ عطا فرمائے گاجس دن اُس کے علاوہ کوئی سایہ نہ ہوگا (۱)عادل حکمران (۲)وہ شخص جس سے کوئی جمال ومنصب والی عورت ملاقات کرے اورخودکو برائی کے لئے اس پرپیش کرے تووہ شخص یہ کہے کہ ’’میں اللہ عَزَّوَجَلَّ سے ڈرتا ہوں جو تمام جہا نوں کا پالنے والا ہے ۔ ‘‘ (۳)وہ شخص جس نے چھوٹی عمر میں قرآن پاک سیکھا اور اپنے بڑھاپے تک اس کی تلاوت کرتا رہا (۴)وہ شخص جس نے اپنے سیدھے ہاتھ سے اس طرح صدقہ کیاکہ اس کو اپنے بائیں ہاتھ سے پوشیدہ رکھا(یعنی بائیں ہاتھ کو خبر نہ ہوئی)(۵)وہ شخص جس کا دل مساجد سے محبت کے باعث انہی میں لگا ر ہے (۶) وہ شخص جو دوسرے شخص سے ملے اور کہے کہ ’’میں تم سے اللہ عَزَّوَجَلَّ کی رضا کے لئے محبت کرتا ہوں اور(۷)وہ شخص جس نے اللہ عَزَّوَجَلَّ کا ذکر کیاتواس کی آنکھوں سے خوفِ خدا عَزَّوَجَلَّ کے سبب آنسو بہہ نکلے ۔ ‘‘
(صحیح البخاری، کتاب الاذان، باب من جلس فی المسجد…الخ ، الحدیث۶۶۰، ص۵۳، بدون ’’ ورجل تعلم فی صغرہ فہو یتلوہ فی کبرہ‘‘لانہ ذکرہ السیوطی بسندہ)
(علامہ سیوطی عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہ ِالْقَوِی فرماتے ہیں )اس حدیث پاک میں بیان کردہ تیسری صفت کی جگہ ’’ بخاری شریف‘‘میں یہ الفاظ ہیں : ’’وہ نوجوان جس نے اللہ عَزَّوَجَلَّ کی عبادت میں نشونماپائی ۔ ‘‘
اللہ عَزَّوَجَلَّ سے گفتگوکرتے ہوں گے :
حضرت سیِّدُنا عبد اللہ بن عمر رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُمَاسے روایت ہے کہ نبی ٔکریم، رء ُوف رحیمصَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم کافرمانِ ذیشان ہے : ’’تین اشخاص عرش کے سائے میں امن کے ساتھ گفتگو کرتے ہوں گے جبکہ لوگوں کا حساب ہورہاہوگا(۱) وہ شخص جسے اللہ عَزَّوَجَلَّ کے معاملے میں کسی ملامت کرنے والے کی ملامت نہ روکے (۲) وہ شخص جواپنے ہاتھ کوحرام کی طرف نہ بڑھائے اور(۳)وہ شخص جو اللہ عَزَّوَجَلَّ کی حرام کردہ چیزوں کی طرف نظر نہ کرے ۔ ‘‘(کنزالعمال، کتاب المواعظ و الرقائق…، الحدیث۴۳۲۴۶، ج۱۵، ص ۴۵ ۳)
بارگاہِ الہٰی عَزَّوَجَلَّ کے مقربین :
حضرت سیِّدُنا سلمان فارسی رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہسے مروی ہے کہ اللہ کے پیارے حبیب ، حبیب لبیبعَزَّوَجَلَّ وصَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم کافرمانِ عالیشان ہے : ’’دنیا میں زہد و تقویٰ اختیار کرنے والے لوگ ، کل (بروز قیا مت)اللہ عَزَّوَجَلَّ کے قرب میں ہوں گے ۔ ‘‘ (الجامع الصغیر ، الحدیث ۳۵۹۷، ص ۲۱۹)
(علامہ سیوطی عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہ ِالْقَوِی فرماتے ہیں )’’اس حدیث پاک میں عرش کاسایہ پانے والے کی طرف اشارہ موجود ہے ۔ ‘‘
حضرت سیِّدُنا جابر بن عبد اللہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ سے روایت ہے کہ حضورنبی ٔپاک، صاحبِ لَوْلاک، سیّاحِ اَفلاکصَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا : ’’اللہ عَزَّوَجَلَّ قیامت کے دن ارشاد فرمائے گا : ’’کہاں ہیں وہ لوگ جو اپنے کانوں اور آنکھوں کوشیطا نی مزامیر سے دور رکھتے تھے ؟ ان کو دوسروں سے الگ کردو ۔ ‘‘ پس انہیں مشک و عنبر کے ٹیلوں پرالگ کر دیا جائے گا، پھر اللہ عَزَّوَجَلَّ فرشتوں کوحکم فرمائے گا کہ ’’ان کومیری تسبیح ، تمجید اور تہلیل سناؤ ۔ ‘‘تو وہ ایسی آواز میں تسبیح بیان کریں گے کہ سننے والوں نے اس جیسی آواز کبھی نہ سنی ہوگی ۔ ‘‘ (الزھد لابن المبارک ، الجزء الرابع، باب استعماع اللھو، الحدیث ۴۳، ص ۱۲ مختصرًا )
زنا، رشوت اورسودسے بچنے پرخوشخبری :
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع