30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
زکوۃ دینے میں گرانی محسوس ہوئی بولا: یہ تو ٹیکس ہوگیا تم ابھی واپس جاؤ تاکہ میں سوچ لوں ، زکوۃ وصول کرنے والے عامل جب حضور عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلامکی خدمت میں حاضر ہوئے تو ان کے کچھ کہنے سے پہلے ہی حضور عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلام نے فرمایا: ثعلبہ پر افسوس ، ثعلبہ پر افسوس،اس پر یہ آیات مبارکہ نازل ہوئیں :
وَ مِنْهُمْ مَّنْ عٰهَدَ اللّٰهَ لَىٕنْ اٰتٰىنَا مِنْ فَضْلِهٖ لَنَصَّدَّقَنَّ وَ لَنَكُوْنَنَّ مِنَ الصّٰلِحِیْنَ(۷۵) فَلَمَّاۤ اٰتٰىهُمْ مِّنْ فَضْلِهٖ بَخِلُوْا بِهٖ وَ تَوَلَّوْا وَّ هُمْ مُّعْرِضُوْنَ(۷۶) فَاَعْقَبَهُمْ نِفَاقًا فِیْ قُلُوْبِهِمْ اِلٰى یَوْمِ یَلْقَوْنَهٗ بِمَاۤ اَخْلَفُوا اللّٰهَ مَا وَعَدُوْهُ وَ بِمَا كَانُوْا یَكْذِبُوْنَ(۷۷) اَلَمْ یَعْلَمُوْۤا اَنَّ اللّٰهَ یَعْلَمُ سِرَّهُمْ وَ نَجْوٰىهُمْ وَ اَنَّ اللّٰهَ عَلَّامُ الْغُیُوْبِۚ(۷۸)([1]) ) پارہ ۱۰، رکوع۱۶(
حضور عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلام کی خدمت میں ثعلبہ کا ایک رشتہ دار حاضر تھا اس نے ثعلبہ کے پاس جا کر کہا: تیری ماں مرے، اللہ نے تیرے بارے میں یہ آیات نازل کی ہیں ،یہ سُن کر ثعلبہ زکوۃ کا مال لے کر سرکار دوعالم صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمکی خدمت میں حاضر ہوا،حضور عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلام نے اس کی زکو ۃ کا مال لینے سے انکار کردیا، فرمایا: اللہ تعالیٰ نے مجھے اس کے قبول فرمانے کی ممانعت فرمادی،ثعلبہ اپنے سر پر خاک ڈال کر واپس ہوا،پھر صدیق اکبر رَضِیَ اللہُ عَنْہ کے زمانۂ خلافت میں ثعلبہ زکوۃ کا مال لے کر حاضر ہوا، صدیق اکبر رَضِیَ اللہُ عَنْہ نے فرمایا: جب کہ حضور عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلام نے تیری زکوۃ کے مال کو رد فرمادیا تھا میں کیونکر قبول کرسکتا ہوں ،ثعلبہ ناکام واپس گیا، پھر فاروق اعظم رَضِیَ اللہُ عَنْہ کے زمانۂ خلافت میں ثعلبہ زکوۃ کا مال لے کر حاضر ہوا، فاروق اعظم رَضِیَ اللہُ عَنْہ نے فرمایا: تم اس کو واپس لے جاؤ جس چیز کورسول اللہ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّماور اس کے خلیفۂ برحق صدیق اکبر رَضِیَ اللہُ عَنْہ نے رد فرمادیا، عمر (رَضِیَ اللہُ عَنْہ ) کی مجال نہیں کہ اسے قبول کرلے، ثعلبہ ناکام و نامراد واپس گیا یہاں تک کہ حضرت عثمان غنی رَضِیَ اللہُ عَنْہ کے زمانۂ خلافت میں ہلاک ہوگیا۔([2]) (تفسیر خازن، تفسیر مدارک، خزائن العرفان)
جب آیت مبارکہ: مَنْ ذَا الَّذِیْ یُقْرِضُ اللہَ قَرْضًا حَسَنًا ([3]) نازل ہوئی سنتے ہی حضرت ابوالد حداح رَضِیَ اللہُ عَنْہ خوشی کے ساتھ جھومتے ہوئے رسول اللہ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمکی خدمت میں حاضر ہوئے ،عرض کی: یارسول اللہ (صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّم) کیا اللہ تعالیٰ ہم سے قرض لینا چاہتا ہے؟ حضور عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلام نے فرمایا: ہاں ! اے ابوالدحداح، ابوالدحداح نے عرض کی: یارسول اللہ ! (صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّم) میرے دو باغ ہیں ان کے علاوہ میری ملکیت میں کچھ نہیں ، میں اپنے دونوں باغ اللہ تعالیٰ کیلئے قرض دیتا ہوں ،حضور عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلام نے فرمایا: تو ایک باغ اللہ کیلئے دے دے اور ایک باغ اہل و عیال کے گزارہ کے لیے اپنے پاس رہنے دے، عرض کی:
یارسول اللہ ( صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّم) ایک باغ بڑا اور عمدہ ہے اس میں چھ سو درخت کھجور کے ہیں دوسرا باغ چھوٹا اور کمتر ہے آپ گواہ ہوجائیں کہ میں نے بڑا اور عمدہ باغ اللہ کے لیے دے دیا، حضور عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلام نے فرمایا: اِذًا یُّجْزِیْکَ اللہُ بِہِ الْجَنَّۃَ ( اللہتعالیٰ تجھے اس کے عوض جنت دے گا) ابوالد ّ حداح فرطِ مسرت سے باغ میں پہنچے، آپ کے بچے اسی بڑے باغ میں تھے پھل کھارہے تھے اور بچے کھیل رہے تھے، آپ نے اپنی بیوی سے فرمایا: تم بمع بچوں کے اسی وقت اس باغ کو چھوڑ کر دوسرے باغ میں چلی جاؤ اس لیے کہ میں نے یہ باغ اللہ کی رضا کے لیے رسول اللہ (صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّم)کی رضا کے لیے اللہ کو دے دیا، رسول اللہ کے حوالے کردیا ہے، آپ کی بیوی خوش ہو کر بولی: تجھے خیر اور فرحت کی بشارت ہو۔
[1] ترجمہ کنزالایمان: اور ان میں کوئی وہ ہیں جنہوں نے اللّٰہ سے عہد کیا تھا کہ اگر ہمیں اپنے فضل سے دے گا تو ہم ضرور خیرات کریں گے اور ہم ضرور بھلے آدمی ہوجائیں گے تو جب اللّٰہ نے انہیں اپنے فضل سے دیااس میں بخل کرنے لگے اور منہ پھیر کر پلٹ گئے تو اس کے پیچھے اللّٰہ نے ان کے دلوں میں نفاق رکھ دیا اُس دن تک کہ اس سے ملیں گے بدلہ اس کا کہ انہوں نے اللّٰہ سے وعدہ جھوٹا کیا اور بدلہ اس کا کہ جھوٹ بولتے تھے کیا انہیں خبر نہیں کہ اللّٰہ ان کے دل کی چھپی اور ان کی سرگوشی کو جانتا ہے اور یہ کہ اللّٰہ سب غیبوں کا بہت جاننے والا ہے۔(پ۱۰،التوبۃ:۷۵-۷۸)
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع