30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
کہتے ہیں کہ انسان مال و دولت اور عزت و شان کے بغیر حقیر و ذلیل سمجھا جاتاہے تو ان کے سر پر اِنَّ الْعِزَّۃَ لِلّٰہِ وَرَسُوْلِہ وَلِلْمُؤْمِنِیْنَ(عزت تو حقیقت میں اللہ اور اس کے رسول صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّماور مومنوں کے لیے ہے۔) کی تلوار مارو اور وَ مَنْ یَّتَوَكَّلْ عَلَى اللّٰهِ فَهُوَ حَسْبُهٗؕ ([1]) کی تیغ ان کے سینہ پر مارو اور اَلَیْسَ اللّٰهُ بِكَافٍ عَبْدَهٗؕ- ‘ ([2]) کا خنجر ان کے گلے میں گھونپ دو یہ ان کے لیے کافی ہوگا اور پھر یہ کہو کہ اپنی ہستی کو دیکھو اور مستی نہ کرو۔
بادوست کنجِ فقر بہشت ست و بوستاں بے دوست خاک بر سرِ جاہ و تونگری
دوست کی معیت میں گوشہہ فقر بہشت ہے اور باغ ہے دوست کی معیت نہ ہو تو جاہ و تونگری پر بھی خاک پڑے۔ ([3]) (اخبار الاخیار)
شیخ عبدالحق محدث دہلوی کا بیان
شیخ المحققین حضرت شیخ عبدالحق محدث دہلوی رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہ فرماتے ہیں :سیدی شیخ عبدالوہاب المتقی القادری الشاذلی رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہ کے ایک دوست نے مجھ سے بیان کیا کہ ایک مرتبہ قحط کے زمانہ میں شیخ عبدالوہاب اپنے ایک دوست کے ساتھ ایک مسجد میں تھے ایک کونہ میں یہ اور دوسرے کونہ میں وہ عبادت ِ الہٰی کررہے تھے دونوں نے طے کرلیا تھا کہ ہم آپس میں گفتگو نہ کریں گے نیز کسی سے کھانا نہ مانگیں گے اور نہ ہی اپنے ہاتھ سے کچھ کھائیں گے متواتر بیس دن اسی طرح گزر گئی ان دونوں نے باہم کوئی بات نہیں کی اور نہ کھانا کھایا اکیسویں دن ایک حلوائی مسجد میں آیا اور ان دونوں کے درمیان کھانا رکھ کر چلا گیا ان دونوں نے اس میں سے کچھ نہ کھایا بائیسویں دن وہ حلوائی پھر مسجد میں آیا اور جو کھانا لایا تھا ان کے سامنے رکھ کر چلا گیا اس مرتبہ بھی ان دونوں نے کھانے کو ہاتھ تک نہ لگایا تئیسویں دن وہی حلوائی کھانا لے کر آیا جب اس نے دیکھا کہ پہلے دو دنوں میں لایا ہوا کھانا جوں کا توں ویسے ہی پڑا ہے تو اب کی بار اس نے اپنے ہاتھ سے لقمے بنا کر ان دونوں کو کھانا کھلایا۔
یہ اس زمانے کا قصہ ہے جب کہ شیخ عبدالوہاب مکہ معظمہ نہیں آئے تھے اور اس وقت آپ کی عمر تقریباً پندرہ سولہ سال کی ہوگی آپ اپنی عمر کے بیسویں سال مکہ معظمہ آئے اور شیخ علی متقی رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہ کی صحبت میں رہنے لگے۔([4]) (اخبار الاخیار)
اپنے گھر کا کوڑا کرکٹ ہمارے گھر میں ڈالتے ہو!
حضرت پیرسائیں روضے دھنی رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہ کے خلیفہ محمود نظامانی رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہ فرماتے ہیں کہ ایک دفعہ پیرسائیں کے مریدوں نے نذر و نیاز کی بہت سی اشیاء اور تحفے تحائف میرے پاس جمع کرائے تاکہ میں ان کی طرف سے حضرت قبلہ پیر سائیں کی خدمت میں لے جا کر پیش کروں جن میں کپڑا سونے چاندی کے زیورات وغیرہ شامل تھے۔ میں ان تمام چیزوں کو لے کر سلطان فقیر نظامانی اور سید میر علی شاہ کے ہمراہ درگاہ شریف پہنچا قبلہ پیر سائیں اس وقت ایک باغیچہ میں تشریف فرماتھے ، میاں قابل شاہ اور خلیفہ آدم خان ہم سے پہلے حضورمیں حاضر تھے ہم نے حاضر خدمت ہو کر تمام اشیاء آپ کے سامنے رکھ دیں آپ نے فرمایا: واہ واہ! تو دیدہ و دانستہ یہ حرکت کرتا ہے؟ اپنے گھر کا کوڑا کرکٹ سمیٹ کر ہمارے گھر میں پھینکتا ہے اس طرح نہیں کرنا چاہیے۔
میں نے عرض کی: حضور میں یہ چیزیں اپنے گھر سے نہیں لایا ہوں درگاہ شریف کے مریدوں نے آپ کے حضور پیش کرنے کے لیے مجھے دی ہیں مجھے تو جو کچھ ملتا ہے درویشوں میں تقسیم کردیا کرتا ہوں یا خیرا ت کردیا کرتا ہوں ۔
فرمایا:جو کچھ ہمارے لیے یا تمہارے لیے ملے سب درویشوں کو دے دیا کرو یا خیرات کردیا کرو۔ (ملفوظاتِ روضے دھنی)
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع