دعوت اسلامی کی دینی خدمات دیگر ممالک میں بھی دیکھئے
ہسٹری

مخصوص سرچ

30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں

Sarf e Bahai | صرف بھائی

book_icon
صرف بھائی

            اور خماسی میں پانچ ہوتے ہیں :فاء، عین اور تین لام  ۔ جیسے جَحْمَرِشٌ بروزن فَعْلَلِلٌ ۔ خیال رہے کہ ثلاثی کی پھردو قسمیں ہیں ([1]): (۱)ثلاثی مجرد([2]) (۲) ثلاثی مزید فیہ([3]) ۔

            ثلاثی مجرد وہ کلمہ جس میں تین حروف اصلیہ کے علاوہ کوئی حرف زائد نہ ہو ۔  جیسے ضَرَبَ بروزن فَعَلَ ۔ اورثلاثی مزید فیہ وہ کلمہ جس میں تین حروف اصلیہ کے علاوہ کوئی حرف زائد بھی ہو ۔  جیسے اَکْرَمَ بروزن اَفْعَلَ ۔

            اسی طرح رباعی کی بھی دو قسمیں ہیں : (۱)رباعی مجرد (۲)رباعی مزید فیہ ۔  

            رباعی مجرد وہ کلمہ جس میں چار حروف اصلیہ کے علاوہ کوئی حرف زائد نہ ہو ۔  جیسے دَحْرَجَ بروزن فَعْلَلَ ۔ اوررباعی مزید فیہ وہ کلمہ جس میں چار حروف اصلیہ کے علاوہ کوئی حرف زائد بھی ہو ۔  جیسے تَدَحْرَجَ بروزن تَفَعْلَلَ ۔

            اورخماسی کی بھی دو قسمیں ہیں :(۱)خماسی مجرد  (۲)خماسی مزید فیہ ۔

            خماسی مجرد وہ کلمہ جس میں پانچ حروف اصلیہ کے علاوہ کوئی حرف زائد نہ ہو ۔  جیسے جَحْمَرِشٌ (بوڑھی عورت)بروزن فَعْلَلِلٌ ۔

            اورخماسی مزید فیہ وہ کلمہ جس میں پانچ حروف اصلیہ کے علاوہ کوئی حرف زائد بھی ہو ۔  جیسے خَنْدَرِیْسٌ ( پرانی شراب، پرانی گندم وغیرہ)  بروزن فَعْلَلِیْلٌ ۔

            اے عزیز طالبعلم! اسم اور فعل کی جملہ قسمیں سات اقسام سے باہر نہیں  ([4])ہیں اور سات اقسام درج ذیل ہیں :

            صحیح ،  مہموز،  مضاعف،  مثال،  اجوف،  ناقص،  لفیف ۔

(۱)  صحیح ([5]) :

             وہ اسم یا فعل ([6])جس کے فاء، عین اور لام کلمہ کے مقابلہ میں نہ حرف علت ہونہ ہمزہ ہواورنہ دو حروف ہم جنس ہوں ۔ جیسے ضَرْبٌ اورضَرَبَ  بروزن فَعْلٌ اورفَعَلَ ۔

نوٹ:   حروف علت تین ہیں :  واو،  الف ،  اور یاء ([7])  جن کا مجموعہ( وای) ہے  ۔

(۲)  مہموز ([8]) :

             وہ اسم یا فعل جس کا کوئی ایک حرف اصلی ہمزہ ہو ۔  اور اس کی تین قسمیں ہیں :

            (۱) مہموز الفاء،  (۲)مہموز العین ،  (۳)مہموز اللام ۔

            مہموز الفاء وہ اسم یا فعل جس کے ’’فاء ‘‘کلمہ کے مقابلہ میں ہمزہ آئے  ۔ جیسے اَمْرٌ اوراَمَرَ بروزن فَعْلٌ  اورفَعَلَ ۔

             مہموز العین وہ اسم یا فعل جس کے ’’ عین‘‘ کلمہ کے مقابلہ میں ہمزہ آئے ۔ جیسے سَأْلٌ  اورسَأَلَ بروزن فَعْلٌ  اورفَعَلَ ۔

            اورمہموز اللام وہ اسم یا فعل جس کے ’’لام‘‘ کلمہ کے مقابلہ میں ہمزہ آئے ۔ جیسے قَرْءٌ  اورقَرَءَ بروزن فَعْلٌ  اورفَعَلَ ۔

 



[1]    قولہ:  ( ثلاثی کی پھردو قسمیں ہیں )           یعنی (۱)ثلاثی مجرد( ۲)ثلاثی مزید فیہ، اسی طرح رباعی اورخماسی کی بھی دودو قسمیں ہیں ، انہی چھ اقسام کو ’’شش اقسام ‘‘کہتے ہیں  ۔

[2]    قولہ:  (ثلاثی مجرد)مجرد تجرید سے صیغۂ اسمِ مفعول ہے ، اس کا لغوی معنی ہے ’’ خالی کیاہوا‘‘، اور اصطلاح میں اس سے مراد وہ کلمہ ہے جس میں صرف حروف اصلیہ ہی ہوں اورکوئی زائد حرف نہ ہو، گویا وہ کلمہ حرف زائد سے خالی کیا ہواہوتاہے ۔ جیسے : نَصَرَ، نُوْرٌ ،  دَحْرَجَ، جَعْفَرٌ ۔

[3]    قولہ:  ( مزید فیہ) مزید’’زَادَ، یَزِیْدُ‘‘سے صیغۂ اسمِ مفعول ہے ، اصل میں ’’ مَزْیُوْدٌ‘‘ تھا؛ یاء کا ضمہ ما قبل کو دے کر یاء کی موافقت کی لیے ضمہ کو کسرہ سے بدلا، ’’ مَزِیْوْدٌ‘‘ ہوا، پہلی یاء التقائے ساکنین سے گرگئی ’’مَزِوْدٌ‘‘ ہوا، واوساکن ماقبل کسرہ کو یاء سے بدلاتویہ’’ مزید‘‘ ہوگیا ۔  اس کا لغوی معنی ہے ’’زیادہ کیاہوا‘‘ ، ’’فیہ ‘‘کا معنی ہے ’’ اس میں ‘‘ اور اصطلاح میں مزید فیہ وہ کلمہ ہے جس میں حروف اصلیہ کے علاوہ کوئی حرف زائد بھی ہو ۔  جیسے : اَکْرَمَ بروزن اَفْعَلَ اورقِرْطَاسٌ بروزن فِعْلَالٌ اورخَنْدَرِیْسٌ بروزن فَعْلَلِیْلٌ ۔ (فائدہ) فعل اور اسم متمکن میں کم از کم حروف اصلیہ تین ہوتے ہیں اور زیادہ سے زیادہ فعل میں چار اور اسم میں پانچ ہوتے ہیں ، اوربعض حروف کے حذف ہوجانے کے بعدفعل میں ایک دوحروف رہ جاتے ہیں  ۔ جیسے :  ’’ق‘‘ اور’’قل‘‘، اور حروف کی زیادتی کے بعد فعل میں زیادہ سے زیادہ چھ حروف ہوں گے اوراسم میں سات ۔ جیسے : ’’استغفر‘‘ اور’’استغفار‘‘ ۔

[4]    قولہ:  (سات اقسام سے باہر نہیں )ان سات اقسام سے مراد اسم متمکن اور فعل کی وہ سات اقسام ہیں جوحروف صحیحہ اور حروف علت کے اعتبارسے بنتی ہیں ، اوریہ کتاب میں مذکورہیں ۔ انہی سات اقسام کو اصطلاح صرف میں ’’ہفت اقسام ‘‘کہتے ہیں ۔ اوربعض صرفیین دوہی قسمیں شمار کرتے ہیں :(۱) صحیح اور(۲) معتل ۔  اوربعض تین قسمیں بتاتے ہیں :(۱) صحیح(۲) معتل اور(۳)مضاعف ۔ اور بعض چار قسموں پر تقسیم کرتے ہیں :(۱) صحیح(۲) مہموز(۳) مضاعف اور(۴) معتل ۔

[5]    قولہ:  ( صحیح ) صحیح کا لغوی معنی ہے ’’ تندرست‘‘ اور صرفیوں کی اصطلاح میں اس سے مرادوہ کلمہ ہے جس کی تعریف کتاب میں مذکور ہے ، صحیح اصطلاحی کو ’’صحیح‘‘ کہنے کی وجہ یہ ہے کہ اس میں حرف علت، ہمزہ اور دو حروف ہم جنس (جواعلال اور تغیر کاسبب ہیں )نہ ہونے کی بناء پر یہ تعلیلات اور تغیرات سے محفوظ ہوتاہے ، اسی لیے اس کو’’ سالم‘‘ بھی کہتے ہیں ۔ اور نحویوں کے نزدیک صحیح وہ کلمہ ہے جس کے آخر میں حرف علت نہ ہو ۔  جیسے : زید  ۔

[6]    قولہ :  ( وہ اسم یافعل ...الخ)اگر کہیے :کہ صحیح کی تعریف لفظ ’’صحیح‘‘ پر صادق نہیں آتی کیونکہ اس میں دو حروف اصلیہ ہم جنس ہیں  ۔ توہم کہیں گے :صحیح کی تعریف مسمٔی صحیح کے لیے ہے نہ کہ اسم صحیح کے لیے  ۔

[7]    قولہ:  (واو الف اور یاء)ان کو’’حروف ہوائی‘‘، ’’ام الزوائد‘‘، ’’حروف اعتلال‘‘ ، ’’حروف لین‘‘ اور’’ حروف مدہ‘‘بھی کہتے ہیں ؛ حروف علت توان کومطلقاً کہتے ہیں خواہ متحرک ہوں یا ساکن ، ما قبل حرکت موافق ہویا مخالف ۔ جیسے : عَوِرَ ،  قَالَ، قَوْلٌ ۔ اور حروف لین اس وقت کہتے ہیں جبکہ یہ ساکن ہوں خواہ ماقبل حرکت موافق ہویا مخالف ۔ جیسے :  قِیْلَاوربَیْعٌ ۔ نیز مدہ خاص طورپراس صورت میں کہتے ہیں جبکہ یہ ساکن ہوں اور ماقبل حرکت موافق ہو یعنی واو ساکن ما قبل ضمہ ہو توواوہ مدہ، یاء ساکن ما قبل کسرہ ہو تو یاء مدہ، اور الف ما قبل فتحہ ہوتو الف مدہ ہے ۔ ان تینوں حروف مدہ کی مثال’’ نُوْحِیْہَا‘‘ ہے  ۔ خیال رہے الف ہمیشہ ساکن ہوتا ہے ۔ حروف علت کے علاوہ تمام حروف تہجی کو ’’حروف صحیحہ‘‘کہتے ہیں  ۔

[8]    قولہ:  ( مہموز) مہموز کا لغوی معنی ہے ’’ ہمز ہ دیاہوا‘‘ اوراصطلاح میں اس سے مرادوہ کلمہ ہے جس کے حروف اصلیہ میں ہمزہ ہو ۔  جیسے : اَمَرَ ۔  اگر ہمزہ کسی حرف اصلی سے بدل کرآیا ہو ۔  جیسے :  قائل بروزن فاعلاوردعاء بروزن فعال میں تواعتبار حرف اصلی ہی کا ہوگا؛  لہذا قائلاوردعاء معتل کہلائیں گے نہ کہ مہموز، یہ بات ہر جگہ ملحوظ رہے  ۔

کتاب کا موضوع

کتاب کا موضوع

Sirat-ul-Jinan

صراط الجنان

موبائل ایپلیکیشن

Marfatul Quran

معرفۃ القرآن

موبائل ایپلیکیشن

Faizan-e-Hadees

فیضانِ حدیث

موبائل ایپلیکیشن

Prayer Time

پریئر ٹائمز

موبائل ایپلیکیشن

Read and Listen

ریڈ اینڈ لسن

موبائل ایپلیکیشن

Islamic EBooks

اسلامک ای بک لائبریری

موبائل ایپلیکیشن

Naat Collection

نعت کلیکشن

موبائل ایپلیکیشن

Bahar-e-Shariyat

بہار شریعت

موبائل ایپلیکیشن