یہ واقعہ غزوۂ بنی مُصْطَلِق سے واپسی پر ہوا،اِس کی تَفصِیل بیان کرتے ہوئے اُمُّ الْمُومِنِین حضرتِ سیِّدَتُنا عائشہ صِدِّیقہ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہَا اِرشَاد فرماتی ہیں: سرورِ کائنات، شَہَنشاہِ موجودات صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم جب کسی سَفْر کا اِرادہ فرماتے اتو اپنی اَزواجِ مُطَہَّرات رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُنَّ کے درمیان قُرْعَہ اَندازی فرماتے ان میں سے جس کا نام نِکَل آتا اُس کو اپنے ساتھ سَفَر میں لے جاتے۔اُمُّ المؤمِنین حضرتِ سیِّدَتُنا عائشہ صِدِّیقہ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہا فر ماتی ہیں:آپ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے اس غزوہ میں،جس میں آپ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے جنگ کی ہمارے درمیان قُرْعَہ اَندازی فر مائی تو اُس قُرْعَہ اَندازی میں میرا نام نِکل آیا،آیتِ حِجاب کے نُزُول کے بعد میں رسول اللہ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کے ہمراہ نکلی۔میں کَجاوَہ میں سَوار رہتی اور اِسی میں سَفْرکرتی۔ہم چلےحتّٰی کہ پیکرِ انوار،تمام نبیوں کے سردار، مدینے کے تاجدار صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم اِس غزوہ سے فارِغ ہو کر واپس ہوئے،ہم واپسی پر جب مدینہ منوَّرہ کے قریب آ گئے تو آپ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے اِس رات وہاں سے کُوچ کا اِعْلَان فرمایا۔جب لوگوں نے کُوچ کا اِعْلَان کیا تو میں کھڑی ہوئی (اور قضائے حاجَتْ کے لئے )لشکرسے دُور چلی گئی،جب میں نے قضائے حاجَتْ سے فَراغَت حاصِل کرلی اپنے کَجاوہ کی طرف واپس آئی تو میں نے اپنے سِیْنہ کو مَس کیا،کیا دیکھتی ہوں کہ میرا ہار گُم ہو گیا ہے میں واپس اپنے ہار کی تلاش میں گئی تو اِس کی تلاش نے مجھے روک لیا (یعنی دیر ہو گئی)اور وہ لوگ جو میرا ہَودَج (کَجاوہ) اُٹھاتے تھے آئے اُنہوں نے میرا کَجاوہ اُٹھایا اور جس اُونْٹ پر سوار تھی اِس پر رکھ دیا اُن کا خیال تھا کہ میں ہَودَج میں ہوں۔ لوگوں کو ہَودَج کے اُٹھاتے اور اُس کو اُونْٹ پر رکھتے وَقْت ہَودَج کے ہَلکا پن کا اِحساس نہ ہوا میں اُس وَقْت نو عُمَر تھی لوگوں نے اونٹوں کو اُٹھایا اور چل دئیے،لشکر کے چلے جانے کے بعد مجھے ہار مِل گیا میں لشکر کی جگہ پر آئی وہاں کوئی بھی نہیں تھا تو میں نے اُس جگہ کا اِرادہ کیا جہاں میں تھی اور میرا خیال تھا کہ وہ مجھے گُم پا کر میری طرف واپس آئیں گے اِسی اَثنا میں بیٹھے بیٹھے مجھ پر نِیند غالِب ہوئی اور میں سو گئی۔
حضرتِ سَیِّدُنا صَفْوان بن مُعَطَّل سُلَمِی رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہ لشکر کے پیچھے آرہے تھے،وہ صُبْح کے وَقْت میری جگہ کے قریب آئے اور دُور سے کسی سَوئے ہوئے اِنسان کا وُجود دیکھا جب اُنہوں نے مُجھے دیکھا تو پہچان لیا اور (اِس سے پہلے)انہوں نے آیتِ حِجاب(پردے کا حکم)نازِل ہونے سے پہلے مجھے دیکھا تھا،جب اُنہوں نے مجھے دیکھا تو پہچان لیا اور اِنَّا لِلّٰهِ وَ اِنَّاۤاِلَیۡهِ رٰجِعُوۡنَ پڑھا تو میں جاگ گئی میں نے دوپٹے سے اپنا چہرہ ڈھانپ لیا۔ اللہ پاک کی قسم!ہم نے نہ تو کوئی بات کی اور نہ ہی میں نے اِنَّا لِلّٰهِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡهِ رٰجِعُوۡنَ کے عِلاوہ ان سے کوئی بات سُنی۔اُنہوں نے اپنی سَواری کو بِٹھایا اور اُس کے پاؤں کو اپنے پاؤں سے دبائے رکھا،میں اٹھی اور اُس پر سوار ہو گئی اور وہ اُونْٹ پکڑ کر آگے آگے پیدل چلنے لگے حتّٰی کہ ہم دوپہر کی سَخْت گرمی میں لشکر کے پاس آئے اور وہ آرام کرنے کے لئے اُترے ہوئے تھے۔
اُمُّ الْمُومِنِین حضرتِ سیِّدَتُنا عائشہ صِدِّیقہ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہا فر ماتی ہیں:ہلاک ہوا جو شخص ہلاک ہوا۔جس نے بُہتان باندھنے میں بَہُت زِیادہ حصّہ لیا تھا وہ مُنافِقین کا سردار عبداللہ بِن اُبَیّ بِن سَلُوْل تھا۔عُرْوہ بن زُبیر رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ فر ماتےہیں:مجھے خبر دی گئی کہ عبداللہ بِن اُبَیّ بِن سَلُوْل کے پاس اِفک کے مُتَعلِّق باتیں کی جاتیں اور اِنہیں پھیلایا جاتا وہ اِن کی تَوثِیق کرتا،کان لگا کر اِنہیں سنتا اور آگے بیان کرتا۔
اُمُّ الْمُومِنِین حضرتِ سیِّدَتُنا عائشہ صِدِّیقہ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہَا فر ماتی ہیں:پھر ہم مدینہ مُنَوَّرہ آ گئے۔ مدینہ مُنَوَّرہ آ نے کے بعد میں ایک ماہ بیمار رہی اور لوگ بُہتان لگانے والوں کی گفتگو میں مَشْغول تھے مجھے اِس کے مُتَعلِّق کچھ مَعْلوم نہ تھا۔حتّٰی کہ جب میں کمزور ہو گئی تو اُمِّ مِسْطَح (رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہا)کے ساتھ مَنَاصِع کی طرف نکلی،وہ ہماری قضائے حاجَت کی جگہ تھی،ہم رات کو ہی باہر جایا کرتے تھے اور یہ ہمارے گھروں کے قریب بیت ُالخلا بنانے سے پہلے کی بات ہے۔ قضائے حاجَت سے فارِغ ہونے کے بعد جب میں اور اُمِّ مِسْطَح (رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُمَا)اپنے گھر کی طرف واپس آ رہی تھیں تو اُمِّ مِسْطَح(رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہا)اپنی چادر کے باعِث پھسل کر گر پڑیں اور کہا:مِسْطَح ہلاک ہو جائے۔ میں نے کہا تم نے بَہُت برُی بات کی ہے کیا تم ایسے شخص کو برا بھلا کہتی ہو جو غزوۂ بدر میں شریک تھے۔ تو انہوں نے مجھے اہلِ اِفْک کے متعلِّق بتایا، اِس بات نے میری بیماری میں اور اِضافہ کر دیا جب میں اپنے گھر واپس آئی تو رسولِ خدا،احمدِِ مُجتَبیٰ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم میرے پاس تشریف لائے،سلام کہنے کے بعد میرا حال دَرْیَافْت فرمایا،میں نے آپ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم سے اپنے والِدَین کے گھر جانے کی اِجازت طَلَبْ کی۔ میں چاہتی تھی کہ اپنے والدین سے اِس خبر کی تَصْدِیق کروں۔
اُمُّ الْمُومِنِین حضرتِ سیِّدَتُنا عائشہ صِدِّیقہ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہَا فرماتی ہیں:آپ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے مجھے والدین کے پاس جانے کی اِجازت مَرْحَمَتْ فرمادی (جب میں وہاں گئی)تو میں نے اپنی والِدہ سے کہا:اے میری پیاری والِدہ!لوگ کیا باتیں کر رہے ہیں؟میری والدہ نے کہا:اِس کی پروا نہ کرو،بخدا!کبھی اَیسا بھی ہوتا ہے کہ کوئی خوبصورت عورت ہو،اس کے خاوَنْد کو اِس سے مَحَبَّتْ ہو اور اس کی سوکنیں بھی ہوں تو وہ اُس پر غالب آ جاتی ہیں۔ میں نے(تَعَجُّب سے)کہا:سُبْحٰنَ اللہ!لوگ اَیسی باتیں کرتے ہیں۔فرماتی ہیں:میں اِس رات صبح تک روتی رہی کہ میرے آنسو نہیں رُکتے تھے اور نہ ہی مجھے نیند آئی پھر میں صُبْح کے وَقْت بھی روتی رہی۔
اِس دوران شہنشاہِ ابرار،محبوبِ ربِّ غفّار صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے حضرتِ سیِّدُنا علی بن اَبو طالِب اور اُسامہ بن زَیدرَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُمَا کو طَلَبْ فر مایا،جب وَحی ٹھہری ہوئی تھی آپ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے اپنی بیوی کے فِراق کے متعلِّق اِن دونوں سے دریافت فرمایا اور مَشْورہ لیا۔اُسامہ بن زَ ید رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ نے عَرْض کی: ہم تو اُن میں بھلائی ہی جانتے ہیں اور حضرتِ سیِّدُنا علی بن ابو طالب کرَّمَ اﷲُ وَجْہَہُ الکَرِیْم نے عَرْض کی: یَارَسُولَ اللہ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم !اللہ پاک نے آپ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم پر تنگی نہیں فرمائی،اُمُّ المؤمنین رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہا کے عِلاوہ اور بھی بَہُت عورتیں ہیں اور آپ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم حضرت سیِّدَتُنا بَرِیرہ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہا سے دَرْیَافْت کر لیجئے وہ آپ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم سے سچ بولیں گی۔
تو رسول اللہ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے حضرت سیِّدَتُنا بَریرہ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہا کو طَلَبْ فرمایا اور فرمایا:اے بَریرہ(رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہا)تم نے عائشہ (رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہا)میں کچھ دیکھا ہے جس سے تجھے کچھ شک ہوتا ہے؟حضرت سیِّدَتُنا بَریرہ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہَا نے عَرْض کیا:اُس ذات کی قسم!جس نے آپ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کو حق کے ساتھ مَبْعوث فرمایا! میں نے حضرت سیِّدَتُنا عائشہ صِدِّیقہ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہا میں کچھ نہیں دیکھا،میں نے ان میں ایسی کوئی بات نہیں دیکھی جسے میں مَعْیوب خیال کروں،ہاں!یہ کہ وہ ایک کم سِن لڑکی ہیں آٹا گوندھ کر سَو جاتی ہیں گھریلو بکری آتی ہے اور آٹا کھا جاتی ہے۔
اُمُّ الْمُومِنِین حضرتِ سیِّدَتُنا عائشہ صِدِّیقہ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہَافر ماتی ہیں:میں اِس سارے دن بھی روتی رہی میرے آنسو نہ رُکتے تھے اور نہ ہی مجھے نیند آتی تھی۔ آپ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہا نے فرمایا: میرے والدین صُبْح کے وَقْت میرے پاس آئے حالانکہ (اِس طرح) میں مُسلسل دو راتیں اور ایک دن روتی رہی تھی میرے آنسو نہیں رُکتے تھے اور نہ ہی مجھے نیند آتی تھی حتّٰی کہ میں نے خیال کیا کہ میرا رونا میرا جگر پھاڑ دے گا۔ ایک مرتبہ میرے والدین میرے پاس بیٹھے ہوئے تھے اور میں رو رہی تھی اِسی اَثنا میں ایک اَنصاریہ عورت نے اندر آنے کی اِجازَت مانگی میں نے اِسے اِجازت دی تو اِس نے بھی میرے ساتھ بیٹھ کر رونا شروع کر دیا۔ہم اِسی حال میں تھے کہ رسول اللہ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم ہمارے پاس تشریف لائے،سَلام کرنے کے بعد تشریف فرما ہوئے ۔
اُمُّ الْمُومِنِین حضرتِ سیِّدَتُنا عائشہ صِدِّیقہ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہَا فر ماتی ہیں: حالانکہ آپ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم جب سے میرے متعلِّق قِیل و قال ہوتی رہی اِس سے قبل آپ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم میرے پاس تشریف نہیں لائے تھے۔ ایک ماہ اِنتِظار کیا لیکن میرے مُعامَلہ کے متعلِّق آپ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم پر وَحی نازِل نہیں ہوئی۔
اُمُّ المؤمِنین حضرتِ سیِّدَتُنا عائشہ صِدِّیقہ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہا نے فرمایا:رسولُ اللّٰہ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم جب تشریف فرما ہوئے تَشَھُّد پڑھا۔پھر آپ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا: اے عائشہ(رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہا)! مجھے تمہاری طرف سے اَیسی اَیسی باتیں پہنچی ہیں اگر تم پاک دامن ہو تو عَنْقرِ یب اللہ پاک بَری کر دے گا اور اگر تم گناہ میں مُلَوَّث ہو تو اللہ پاک سے اِسْتِغْفار کرو اور اُس کے حُضُور توبہ کرو کیونکہ جب بندہ اِعترافِ جُرْم کرنے کے بعد اللہ پاک کی طرف رُجوع کرتا ہے تو اللہ پاک اُس کی توبہ قبول فرما لیتا ہے۔
اُمُّ الْمُومِنِین حضرتِ سیِّدَتُنا عائشہ صِدِّیقہ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہَافرماتی ہیں:جب آپ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے اپنا کلام پورا فرمایا میرے آنسو رُک گئے حتّٰی کہ میں ایک قطرہ آنسو بھی مَحْسُوس نہ کرتی تھی۔
آپ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہَا فرماتی ہیں:میرا گمان بھی نہ تھا کہ اللہ پاک میرے مُعامَلہ میں وَحی نازِل فرمائے گا جس کی تِلاوت کی جائے گی مجھے اِس بات کی اُمِّید تھی کہ رسول اللہ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نیند کی حالت میں خواب دیکھیں گے جس کے ذَرِیعے اللہ پاک مجھے بَری فرما دے گا۔اللہ پاک کی قسم!نبیوں کے سالار، حبیبِ پروَرْدْگار صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم اِس مَـجْلِس سے علیحدہ(عَ۔لَا۔حَ۔دَہ)نہ ہوئے اور نہ ہی گھر والوں سے کوئی باہر نکلا تھا حتّٰی کہ آپ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم پر وَحی کا نُزُول ہونے لگا،وَحی کی شِدَّت سے آپ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کی وہی حَالَت ہونے لگی جو ہوتی تھی حالانکہ سَخت سردی کے دِن میں کلام کی ثَقالت کے باعِث جو آپ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم پر نازِل کیا گیا،موتیوں کی مثل آپ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم سے پسینے کے قَطْرے گِر رہے تھے۔
جب آپ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم سے وحی کی شِدَّت زَائل ہوئی تو آپ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم مُسکرا رہے تھے اور پہلا کَلِمَہ جو آپ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے اِرشَاد فرمایا یہ تھا: اے عائشہ(رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہا)!اللہ پاک نے اِس بُہتان سے تجھے بَری کر دیا ہے۔
پیاری پیاری اِسْلَامی بہنو!ابھی آپ نے واقِعَہ اِفْک مُلَاحَظہ کیا کہ جو اُمُّ الْمُؤمِنِین حضرتِ سیِّدَتُنا عائشہ صِدِّیقہ طیبہ طاہرہ صابِرہ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہَا کے عظیم صَبْر پر دَلَالَت کرتا ہے۔
وہ کہ آفات میں مبتَلا ہیں جو گرفتارِ رنج و بلا ہیں
فضل سے اُن کو صبر و رِضا کی میرے مولیٰ تو خیرات دیدے
صَلُّوا عَلَی الْحَبیب! صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد
پیاری پیاری اِسْلَامی بہنو!دوسروں کی خواہش اور حاجَت کو اپنی خواہش و حاجَت پر ترجیح دینا یعنی دوسروں کے مَفاد کو اپنے مَفاد پر ترجیح دینا اِیثار کہلاتا ہےجیسا کہ حضرت سَیِّدُنا اِمام ابو عبداللہ شمس الدين قرطبی (مُتَوَفّٰى۶۷۱هـ) تفسیر قرطبی میں فرماتے ہیں کہ دینی ثواب کے حُصُول میں رَغْبَت کے باعِث کسی دُوسرے شخص کو دُنیاوی چیزوں میں اپنے اُوْپَر ترجیح دینا اِیثار کہلاتا ہے۔ چُنَانْچِہ صَبْر کے حُصُول میں اِیثار کا نہ ہونا بھی ایک بڑی رُکاوَٹ ہے، کیونکہ اپنی ضرورت کے باوُجُود کسی کو خود پر ترجیح دینا واقعی ایک مشکل کام ہے اور بلاشبہ اس حوالے سے بھی ہماری بزرگ خواتین کی سیرت میں ہمارے لئے یہ مدنی پھول مَوجُود ہیں کہ وہ کھانا دوسروں کو دے دیتیں اور خود بھوک پر صبر کر لیتیں۔
حضراتِ حَسَنَینِ کریمَین رَضِیَ اللّٰہ عَنْہُمَا بچپن میں ایک بار بیمار ہو گئے تو امیرُالْمُؤمِنِین حضرتِ مولائے کائنات،علیُّ المُرتَضٰی شیرِِخُداکَرَّمَ اللّٰہُ وَجْہَہُ الْکَرِیْم و حضرت سَیِّدَتُنا بی بی فاطِمہ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہَا اور خادِمہ حضرتِ سَیِّدَتُنا فِضَّہ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہَا نے ان شہزادو ں رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُمَا کی صِحّت یابی کیلئے 3 روزوں کی مَنّت مانی۔اللہ پاک نے دونوں شہزادوں کو شِفا عطا فرمائی۔ چُنَانْچِہ 3 روزے رکھ لئے گئے۔ حضرتِ سَیِّدُنا مولیٰ علی کَرَّمَ اللّٰہُ وَجْہَہُ الْکَرِیْم 3 صاع جَو لائے۔ایک ایک صاع (یعنی تقریباً 4 کِلو میں سے 160 گرام کم)تینوں دن پکایا۔جب اِفطار کا وَقت آیا اور تینوں روزہ داروں کے سامنے روٹیاں رکھی گئیں تو ایک دن مِسکین، ایک دن یتیم اور ایک دن قیدی دروازے پر حاضِر ہوگئے اور روٹیوں کا سُوال کیا تو تینو ں دن سب روٹیاں ان سائلوں کو دے دیں اور صِرف پانی سے اِفطار کر کے اگلا روزہ رکھ لیا گیا۔
بھوکے رہ کے خود اوروں کو کھلا دیتے تھے
کیسے صابِر تھے محمد کے گھرانے والے
صَلُّوا عَلَی الْحَبیب! صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد
پیاری پیاری اِسْلَامی بہنو!ابھی آپ نے مُلاحظَہ فرمایا کہ حضرات اَہْلِ بیت کیسے صابِر و شاکِر تھے کہ خود تین دن بھوک پر صَبْر کر لیا مگر اپنے دروازے سے کسی کو خالی لوٹانا گوارا نہ کیا۔مگر افسوس! آج ہماری حَالَت کیا ہو چکی ہے، اس حوالے سے شَیْخِ طَرِیْقَت، اَمِیْـرِ اَھْلِسُنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے ایثار کے فضائل و فوائد پر مُشْتَمِل اپنے رسالے مدینے کی مچھلی میں کیا خوب مدنی پھول ہماری رَاہ نُمائی کے لئے ذکر کئے ہیں، چُنَانْچِہ آپ اسی رسالے کے صفحہ نمبر 26 پر فرماتے ہیں:(ضروری ترمیم کے ساتھ پیشِ خِدْمَت ہے:)
ہماری بزرگ خواتین کا جذبۂ اِیثار کس قَدَر حیرت ناک تھا اور آہ! آج ہمارا جذبۂ حِرْص و طَمَع کہ جب کسی دَعْوَت میں ہوں اورکھانا شروع کیا جائے تو کھاؤں کھاؤں کرتی کھانے پر ایسی ٹوٹ پڑیں کہ کھانا اور چبانا بھول کر نگلنا اور پیٹ میں لڑھکانا شروع کر دیں کہ کہیں ایسا نہ ہو ہماری دوسری اسلامی بہن تو کھانے میں کامیاب ہو جائے اور ہم رہ جائیں!ہماری حِرْصکی کَیْفِیَّت کچھ ایسی ہوتی ہے کہ ہم سے بن پڑے تو شاید دوسری کے منہ سے نوالہ بھی چھین کرنگل جائیں!۔ کاش!ہم بھی ایثار کرنا سیکھیں۔ سلطانِ دو جہاں صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کافرمانِ بَـخْشِشْ نشان ہے: جو شخص کسی چیز کی خواہش رکھتا ہو، پھر اُس خواہش کو روک کر اپنے اوپر(دوسرے کو) ترجیح دے، تو اللہ پاک اُسے بخش دیتا ہے۔
کاش!ہمیں بھی ایثارکاجذبہ نصیب ہو،اگر خَرچ کرنے کو جی نہیں چاہتا تو بِغیر خَرْچ کے بھی اِیثار کے کئی مَواقِع مل سکتے ہیں ۔ مَثَلًا کہیں دَعْوَت پر پہنچے ، سب کے لئے کھانا لگایا گیا تو ہم عُمْدَہ بوٹیاں وغیرہ اس نیّت سے نہ اُٹھائیں کہ ہماری دوسری بہن اُس کو کھا لے ۔ گرمی ہے کمرے کے اندر یا سنّتوں کی تَرْبِیَت کے لئے اسلامی بہنیں جمع ہوں تو خود پنکھے کے نیچے قبضہ جمانے کے بجائے دوسری اسلامی بہن کو مَوْقَع دے کر اِیثار کا ثواب کما سکتی ہیں۔ اسی طرح سنّتوں بھرے اجتِماع وغیرہ میں آرام دِہ جگہ مل جائے تو دوسری اسلامی بہن پر جگہ کُشادہ کر کے یا اُسے وہ جگہ پیش کر کے، کھانا کم ہو اور کھانے والیاں یا والے زیادہ ہوں تو خود کم کھا کر یا بالکل نہ کھا کر نیز اسی طرح کے بے شمار مَواقِع پر اپنے نَفْس کو تھوڑی سی تکلیف دے کر مُفت میں اِیثار کاثواب کمایا جا سکتا ہے ۔
ہمیں بھوکا رہنے کا اَوروں کی خاطر عطا کر دے جذبہ عطا یا الٰہی
صَلُّوا عَلَی الْحَبیب! صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد
پیاری پیاری اِسْلَامی بہنو!اپنے مُعَامَلات کو اللہ پاک کے سُپُرد کر دینے کو تَوَکُّل کہتے ہیں،بلاشبہ جس میں تَوَکُّل نہ ہو اس کے لئے صَبْر کا دامَن تھامے رہنا اگر ناممکن نہیں تو انتہائی مُشکِل ضرور ہے۔ کیونکہ اللہ پاک پر بھروسا ہی وہ سہارا ہے جس سے ہم مشکلات میں مُطْمَئِن رہ سکتی ہیں۔ کیونکہ اس کا فرمانِ عالیشان ہے:
اَلَیْسَ اللّٰهُ بِكَافٍ عَبْدَهٗؕ- (پ۲۴،الزمر:۳۶)
ترجمۂ کنز الایمان:کیا اللہ اپنے بندوں کو کافی نہیں۔
پس جو لوگ اپنے ہر دکھ، درد اور مُصِیْبَت میں رب کریم پر بھروسا رکھتے ہیں اور اپنے تمام مُعَامَلات اس کے سُپُرد کر کے اس کی رضا پر راضی رہتے ہیں تو انہیں ان کا رب ان اَلْفَاظ میں خوش خبری اِرشَاد فرماتا ہے:
وَ مَنْ یَّتَوَكَّلْ عَلَى اللّٰهِ فَهُوَ حَسْبُهٗؕ- (پ۲۸،الطلاق:۳)
ترجمۂ کنز الایمان:اور جو اللہ پر بھروسا کرے تو وہ اُسے کافی ہے۔
پیاری پیاری اِسْلَامی بہنو!مَعْلُوم ہوا جس کی كِفَایَت کرنے والا اللہ پاک ہو تو اسے کسی دکھ، پریشانی اور مُصِیْبَت میں گھبرانا نہیں چاہئے، بلکہ صبر کا مُظاہَرہ کرنا چاہئے کہ ایسا ہی ہماری بزرگ خواتین سے بھی ثابت ہے کہ انہوں نے ہمیشہ اپنے رب کریم پر بھروسا رکھا اور کبھی صَبْر کا دامَن نہ چھوڑا تو ان کے رب کریم نے بھی ہمیشہ ان پر کرم فرمایا اور جب بھی انہوں نے اپنے رب کے بھروسے پر کوئی کام کیا تو انہیں شرمندہ نہ ہونا پڑا۔ چُنَانْچِہ،
دو۲ بزرگ حضرتِ سَیِّدَتُنا رابعہ بصریہ رَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہا سے مُلَاقَات کے لئے حاضِر ہوئے، انہیں شدید بھوک لگی تھی، لِہٰذا وہ آپَس میں باتیں کرنے لگے کہ اگر سَیِّدَتُنا رابعہ اس وَقْت انہیں کھانا پیش کردیں تو بَہُت اَچھّا ہو،بلاشبہ ان کے یہاں رِزْقِ حَلال ہی ملے گا۔اس وَقْت آپ رَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہا کے گھر میں صِرف دو ہی روٹیاں تھیں جو آپ نے انہیں پیش کر دیں، ابھی انہوں نے کھانا شروع نہ کیا تھا کہ کسی سائل نے دروازے پر صَدا بُلَند کی تو آپ رَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہا نے وہ دونوں روٹیاں اٹھا کر اسے دیدیں،یہ دیکھ کر وہ دونوں حضرات حیرت زدہ رہ گئے، مگر بولے کچھ نہیں۔کچھ ہی دیر ہوئی تھی کہ ایک کنیز بَہُت سی گرما گرم روٹیاں لئے حاضِرِ خِدْمَت ہوئی اور عَرْض کی کہ یہ میری مالِکہ نے بھجوائی ہیں۔ حضرت سَیِّدَتُنا رابعہ بصریہ رَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہا نے وہ روٹیاں شُمار کیں تو وہ 18تھیں، یہ دیکھ کر آپ نے کنیز سے فرمایا:شاید تمہیں غَلَط فہمی ہوگئی ہے، یہ روٹیاں میرے یہاں نہیں بلکہ کسی اور کے ہاں بھیجی گئی ہیں۔کنیز نے یقین کے ساتھ عَرْض کی کہ یہ آپ ہی کیلئے بھجوائی گئی ہیں مگر آپ نے کنیز کے مسلسل اِصْرَار کے باوُجُود روٹیاں واپس لوٹا دیں۔ کنیز نے جب واپس جا کر اپنی مالکہ سے یہ ماجِرا بیان کیا تو اس نے حُکْم دیا کہ اس میں مزید دو۲ روٹیوں کا اِضافہ کر کے لے جاؤ، کنیز جب 20 روٹیاں لے کر حاضِر ہوئی تو آپ رَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہا نے قبول فرما لیں اور مہمانوں کی خوب خاطِر تواضُع فرمائی۔کھانے سے فراغت کے بعد ان دونوں نے ماجرا دَرْیَافْت کیا تو آپ رَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہا نے اِرشَاد فرمایا:جب آپ حضرات تشریف لائے تو مجھے اندازہ ہوگیا تھا کہ آپ بھوکے ہیں۔ چُنَانْچِہ جو کچھ گھر میں تھا وہ میں نے پیش کردیا،اتنے میں سائل نے صَدا لگائی تو میں نے وہ دونوں روٹیاں اسے دے کر بارگاہِ خُداوندی میں عَرْض کی:یااللہ!تیرا وعدہ ایک کے بدلے 10 دینے کا ہے اور مجھے تیرے وعدے پر مُکَمَّل یقین ہے۔جب وہ کنیز 18 روٹیاں لائی تو میں نے سمجھ لیاکہ اس مُعَامَلے میں ضَرور کوئی غَلَطی ہوئی ہے، اس لئے میں نے واپس کر دیں اور جب وہ 20 روٹیاں لیکر آئی تو میں نے وعدے کی تکمیل سمجھ کر انہیں قبول کر لیا۔
اَفْسَوس! آج ہم اس وَصْف سے دور ہیں، تَوَکُّل اور قَناعَت کا دامَن ہم نے چھوڑ دیا ہے، رشوت ستانی کا جو بازار گرم ہے اس کی ایک بَہُت بڑی وجہ آج کی عورت بھی ہے، کیونکہ آج کی عورت کی ضروریات ہیں کہ پورا ہونے کا نام ہی نہیں لیتیں، آئے دن کی شاپنگ اور نت نئے ڈیزائنز کے ملبوسات و جیولری کی ہوس نے ان کے شوہروں کو ناجائز آمدنی کے ذرائع اِخْتِیار کرنے پر مَـجْبُور کر دیا ہے، راہِ خُدا میں خَرْچ کرنا تو ایک طرف رہا کثیر آمدنی کے باوُجُود ہر طرف یہی رونا رویا جاتا ہے کہ پوری نہیں ہوتی۔ آج گھروں میں ناچاقیوں کا بھی ایک بڑا سَبَب یہی ہے کہ عورتوں نے اپنے ہاتھوں سے اپنے گھروں کو برباد کرنے کا بیڑہ اٹھا رکھا ہے،وہ گھر جو کبھی امن کا گہوارہ ہوا کرتے تھے، مرد شام کو تھکا ماندہ گھر آتا تو بیوی بچوں کو دیکھ کر تھکن بھول جاتا، آج وہ گھر کے بجائے باہر سکون مَحْسُوس کرتا ہے کہ گھر جاتے ہی روز کی طرح پھر سننا پڑیں گی کہ مجھے یہ چاہئے وہ چاہئے، ہماری کوئی فکر ہی نہیں، فلاں کے بچے اتنے اچھے اسکول میں پڑھتے ہیں، ان کے پاس گاڑی ہے اور ہمارے پاس موٹر سائیکل بھی نہیں، وغیرہ وغیرہ۔۔
پیاری پیاری اِسْلَامی بہنو!بلاشبہ گھر کو امن کا گہوارہ بنانے کے لئے مرد و عورت دونوں کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا چاہئے، لِہٰذا ہمیں چاہئے کہ ہم اپنا کردار بخوبی نبھائیں اور کبھی مردوں سے ایسے مطالبات نہ کریں کہ انہیں ہماری وجہ سے کسی گناہ کے کام پر مَـجْبُور ہونا پڑے، بلکہ تَوَکُّل کا دامَن ہمیشہ تھامے رہنا چاہئے اور جو روکھی سوکھی ملے اس پر صَبْر و شُکْر کرنا چاہئے اور ہمیشہ اپنی آخِرَت کو بہتر بنانے کے لئے کوشش کرنی چاہئے۔ چُنَانْچِہ راہِ خُدا میں خَرْچ کر کے اُخْرَوِی زادِ راہ تیّار کرتے رہنا اور مردوں کو بھی اس کارِ خیر میں حِصّہ ڈالنے پر ابھارتے اور ان کی ہِمَّت بندھاتے رہنا چاہئے۔ ورنہ یاد رکھئے! دعوتِ اسلامی کے اِشَاعتی اِدارے مَکْتَبَةُ الْـمَدِینَه کی 853 صَفحات پر مُشْتَمِل کتاب جہنم میں لے جانے والے اَعمال(جلداول)صَفْحَہ 376 پر ہے:شہنشاہِ خوش خِصال، پیکرِ حُسن وجمال صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے عورتوں کے کَثْرَت سے جہنّم میں جانے کا سَبَب ان کے اپنے شوہروں کی نعمتوں سے اِنْـکَار کو قرار دیا اور ارشادفرمایا :اگر شوہَر اپنی کسی بیوی سے ساری عمر حُسْنِ سُلُوک سے پیش آئے پھر وہ شوہَر میں کوئی عیب دیکھ لے تب بھی یہی کہتی ہے میں نے تجھ سے کبھی کوئی بھلائی نہیں پائی۔
رہیں سب شاد گھروالے شہا تھوڑی سی روزی پر عطا ہو دولتِ صَبر و قَناعَت یارسولَ اللہ
صَلُّوا عَلَی الْحَبیب! صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد
پیاری پیاری اِسْلَامی بہنو!راہِ خدا میں در پیش مصائب کا جُرْأَت و بہادری سے سامنا نہ کرنا یعنی بزدلی دکھانا بھی صبر کے حُصُول میں رُکاوَٹ کا ایک سَبَب ہے۔حالانکہ ہماری بزرگ خواتین نے کبھی بھی راہِ حق میں بزدلی کا مُظاہَرہ نہیں کیا، بلکہ راہِ خُدا میں در پیش مصائب کا خندہ پیشانی سے مقابلہ کیا اور اگر حق گوئی و بیباکی کی ایسی بہترین داستانیں رقم کیں کہ دنیا آج بھی ان کی جُرْأَت پر حیران ہے۔
حضرتِ سیِّدَتُناسمیہ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہَا اسلام کی وہ پہلی شیر دل خاتون ہیں جنہوں نے اپنے مسلمان ہونے کا بَبانْگِ دُہْل(علی الاعلان)اِعْلَان کیا اور دِیْن اسلام کی خاطِر بہت زِیادَہ مشکلات کا سامنا کیا،مگر اس نیک بی بی کے دل میں اللہ پاک اور اس کے رسول صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کی مَحَبَّتْ ایسی گھر کر چکی تھی کہ اتنی سَخْت تکالیف کے باوُجود آپ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہَا نے اسلام کا دامَن نہ چھوڑا،بلکہ ڈٹ کر اِن مُشکِل حالات کا مُقابلہ کیا، آپ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہَا کا شُمار اُن مخِلص اور صَدَاقَت کی پیکر خواتین میں بھی ہوتا ہے جنہوں نے اسلام قُبول کرنے کے حوالے سے سَبْقَت لے جانے کا اِعزاز بھی حاصِل کیا۔آپ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہَا نے مظلومانہ شَہادَت کے عِلاوہ اور بھی سختیاں جھیلی تھیں، آپ کو لوہے کی زِرہ پہنا کر سَخْت دھوپ میں کھڑا کردیا جاتا تاکہ دھوپ کی گرمی سے لوہا تپنے لگے۔یہاں تک کہ سب سے بڑ ے دُشْمَنِ اسلام ابو جہل کے ہاتھوں آپ کی شَہادَت ہوئی۔
حضرت علَّامہ ابنِ عبدُ الْبَرْرَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہ نے سَیِّدَتُنا سُمَـیَّہ کی تعریف اور ان کے صَبْر و اِسْتِقَامَت کا تَذْکِرہ کچھ ان اَلْفَاظ میں کیا ہے کہ سَیِّدَتُنا سُمَـیَّہ وہ خاتون ہیں جنہیں اللہ پاک کی راہ میں سزا دی گئی،اور انہوں نے اس پر صَبْر کا دامَن تھامے رکھا، وہ بَـیْعَت کرنے والی، شرافت اور فضیلت والی خواتین میں سے تھیں،اللہ پاک ان پر رحم کرے۔
ہجرت کے مَوْقَع پر حضرتِ سیِّدَتُنااَ سما رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہا اللہ پاک کے حبیب صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کے راز کی امین تھیں اور آپ نے سرکار صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کی ہجرت کے راز کو کسی صُورَت بھی ظاہِر نہ ہونے دیا،اِس مُعامَلے میں آپ کو تکلیف کا سامنا بھی کرنا پڑا مگر آپ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہَا نے صَبْر کا دامن تھامے رکھا۔ایک روایت میں آپ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہَا خود بیان فرماتی ہیں:جب دو جہاں کے تاجْوَر، سلطانِ بَحرو بَر صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم اور حضرت سَیِّدُنا ابوبکر صِدِّیق رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہ گھر سے روانہ ہوئے تو ابو جہل چند اَفْراد کے ساتھ ہمارے گھر آیا اور دروازے پر دستک دی،میں باہَر نکلی تو اس نے پوچھا:اے بِنْتِ ابی بکر!تیرا باپ کہاں ہے؟ میں نے بڑی بے خوفی سے کہا:مجھے نہیں مَعْلُوم کہ میرے والِد کہاں ہیں۔ابوجہل چونکہ ایک کمینہ اور فُحْش انسان تھا،اس نے میرے چہرے پر زور دار طمانچہ مارا،جس سے میرے کان کی بالی دُور جا گری (مگر میں نے اسے کچھ بھی نہ بتایا)، پھر وہ واپس چلاگیا۔
پیاری پیاری اِسْلَامی بہنو!دیکھا آپ نے! حضرتِ سیِّدَتُنااَ سما رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہا نے رازِ سرکار کی حِفَاظَت میں ابو جہل جیسے دشمنِ اسلام کو کس طرح بے خوفی سے جواب دیا، کہ وہ لعین آپے سے باہر ہو گیا مگر آپ نے اس کے طمانچہ مارنے پر بھی کمال صبر سے کام لیا۔
آئِینِ جوانمرداں ، حق گوئی و بے باکی اللہ کے شیروں کو آتی نہیں روباہی
صَلُّوا عَلَی الْحَبیب! صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد
پیاری پیاری اِسْلَامی بہنو!رب کی رَحْمَت سے مایوسی بھی صبر کے حُصُول میں رُکاوَٹ کا باعِث ہے، حالانکہ ہمیں بطورِ مسلمان اس بات کا درس دیا گیا ہے کہ رب کی رحمت سے کبھی بھی مایوس نہ ہوں، جیسا کہ قرآنِ کریم میں ارشاد ہوتا ہے:
یٰعِبَادِیَ الَّذِیْنَ اَسْرَفُوْا عَلٰۤى اَنْفُسِهِمْ لَا تَقْنَطُوْا مِنْ رَّحْمَةِ اللّٰهِؕ-اِنَّ اللّٰهَ یَغْفِرُ الذُّنُوْبَ جَمِیْعًاؕ- (پ۲۴، الزمر: ۵۳)
ترجمۂ کنز الایمان:اے میرے وہ بندو جنہوں نے اپنی جانوں پر زیادتی کی اللہ کی رحمت سے نا اُمید نہ ہو بے شک اللہ سب گناہ بخش دیتا ہے۔
مگر افسوس! ہم اسلامی تعلیمات سے اپنا رشتہ توڑ کر مصیبتوں اور مشکلات کے علاوہ گناہوں کے دلدل میں بھی غرق ہوتی جا رہی ہیں، حالانکہ رَحْمَتِ خداوندی کی رسی تھام کر اس آلودگی سے نجات پا سکتی ہیں، مگر مایوسی کے اندھیرے میں شاید اُمِّید کی روشنی کی ہلکی سی جھلک بھی دیکھنے سے قاصر ہو چکی ہیں۔ یاد رکھئے! شیطان تو چاہتا ہے یہی ہے کہ ہم اپنے رب کریم کی رَحْمَت سے مایوس ہو جائیں اور ہمارا شمار بھی گمراہوں میں ہونے لگے، جیسا کہ فرمانِ باری تعالیٰ ہے:
وَ مَنْ یَّقْنَطُ مِنْ رَّحْمَةِ رَبِّهٖۤ اِلَّا الضَّآلُّوْنَ(۵۶) (پ۱۴، الحجر: ۵۶)
ترجمۂ کنز الایمان:اپنے رب کی رحمت سے کون ناامید ہومگروہی جوگمراہ ہوئے۔
پیاری پیاری اِسْلَامی بہنو!یاد رہے کہ اللہ تعالیٰ کی رحمت اور ا س کے فضل سے مایوس ہوجانا کافر کا وصف ہے، اہلِ ایمان کی یہ شان نہیں کہ وہ مصیبتوں ، پریشانیوں اور تنگدستی کی وجہ سے اللہ پاک کی رحمت سے مایوس ہو جائیں۔جیسا کہ اِرشَاد ہوتا ہے:
لَا یَسْــٴَـمُ الْاِنْسَانُ مِنْ دُعَآءِ الْخَیْرِ٘-وَ اِنْ مَّسَّهُ الشَّرُّ فَیَــٴُـوْسٌ قَنُوْطٌ(۴۹) (پ۲۵، حم السجدہ: ۴۹)
ترجمۂ کنز الایمان:آدمی بھلائی مانگنے سے نہیں اُکتاتا اور کوئی بُرائی پہنچے تو نا امید آس ٹوٹا۔
یعنی کافِر انسان ہمیشہ اللہ پاک سے مال ،امیری اور تندرستی مانگتا رہتا ہے اور اگر اسے کوئی سختی ،مُصِیْبَت اور معاش کی تنگی پہنچے تو وہ اللہ پاک کے فَضْل اور اس کی رَحْمَت سے بہت نااُمِّید اور بڑا مَایُوس ہو جاتا ہے۔
پیاری پیاری اِسْلَامی بہنو!مَعْلُوم ہوا! ہمیں کبھی اپنے رب کی رَحْمَت سے مایوس نہیں ہونا چاہئے،بلکہ اس بات پر یقین رکھنا چاہیے کہ اگر اللہ پاک نے ہمیں کسی مُصِیْبَت یا آزمائش میں مُبْتَلا فرمایا ہے تو اس سے نجات کی راہ پیدا کرنے والا بھی وہ ہے اور اس کے لئے ہمیں ہمیشہ سَیِّدَتُنا ہاجرہ رَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہا کی سیرت کا درج ذیل واقعہ یاد رکھنا چاہئے: