صبر کے مُتَعَلِّق فرمانِ باری تعالیٰ ہے:
اِنَّمَا یُوَفَّى الصّٰبِرُوْنَ اَجْرَهُمْ بِغَیْرِ حِسَابٍ(۱۰) (پ۲۳،الزمر:۱۰)
ترجمۂ کنز الایمان:صابروں ہی کو ان کا ثواب بھرپور دیا جائے گا بے گنتی۔
صدرُ الاََفاضل حضرتِ علاَّمہ مولانا سیِّد محمد نعیمُ الدِیْن مرادآبادی رَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہ اس آیَتْ کی تفسیر میں اَمِیرُ الْمُومِنِین حضرتِ سیِّدُنا علی المرتضیٰ کَرَّمَ اللّٰہُ وَجْہَہُ الْکَرِیْم کا قَول نَقْل کرتے ہوئے فرماتے ہیں کہ ہر نیکی کرنے والے کی نیکیوں کا وَزْن کیا جائے گا سِوائے صَبْر کرنے والوں کے کہ اِنہیں بے اندازہ اور بے حِساب دیا جائے گا۔یہ بھی مَرْوِی ہے کہ اصحابِ مُصِیْبَت و بَلا حاضِر کئے جائیں گے نہ ان کے لئے میزان قائم کی جائے،نہ ان کے لئے دَفْتَر کھولے جائیں،ان پر اجر و ثواب کی بے حِساب بارِش ہوگی یہاں تک کہ دنیا میں عافِیَّت کی زِنْدَگی بَسَر کرنے والے اِنہیں دیکھ کر آرزو کریں گے کہ کاش!وہ اَہْلِ مُصِیْبَت میں سے ہوتے اور ان کے جِسْم قینچیوں سے کاٹے گئے ہوتے کہ آج یہ صَبْر کا اجر پاتے۔
قرآنِ کریم میں کئی مقامات پر صبر کے فضائل منقول ہیں۔مَثَلًا
صبر کرنے والے رب کی طرف سے درود و ہِدَایَت اور رَحْمَت پاتے ہیں۔(پ۲، البقرة: ۱۵۷)
صبر کرنے والے اللہ پاک کو مَـحْبُوب ہیں۔(پ۴، آل عمران:۱۴۶)
اللہ پاک صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے۔ (پ ۱۰، الانفال: ۴۶)
صبر کرنے والے کو اس کے عَمَل سے اچھا اجر ملے گا۔ (پ۱۴،النحل:۹۶)
پیاری پیاری اِسْلَامی بہنو!صبر کے بے شمار فضائل و فوائد مُتَفَرِّق روایات میں مَرْوِی ہیں، چند پیشِ خِدْمَت ہیں:
1جو صَبْر کرنا چا ہے گا اللہ پاک اُسے صَبْر کی توفیق عَطا فرما دے گا اور صَبْر سے بہتر اور وُسْعَت والی عَطا کسی پر نہیں کی گئی۔
2جب اللہ پاک کی طرف سے بندے کے لئے کوئی مَرْتَبہ مُقدَّر ہو اور بندہ اپنے کسی عَمَل کے ذَرِیعے اُس تک نہ پَہُنْچ پائے تو اللہ اُسے جسمانی یا مالی یا اولاد کی پریشانی میں مُبْتَلا فرما دیتا ہے، پھر اُسے صَبْر کی توفیق عَطا فر ماتا ہے اور اُسے اُس مَرْتَبہ تک پہنچا دیتا ہے جو اللہ پاک کی طر ف سے اس کے لئے مُقدَّر ہوتا ہے۔
3صَبْر اور سَخَاوَت ایمان ہے۔ علامہ محمد عبدالرؤف مَنَاوِی رَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہ فیض القدیر شرح جا مع صغیر میں اس حدیث پاک کے تحت فرماتے ہیں:یہاں صَبْر سے مُراد اللہ پاک کی حَرام کردہ اَشیا سے صَبْر کرنا (یعنی باز رہنا)اور سَخَاوَت سےمُراد خوب فرائض کی ادائیگی ہے ۔
4صَبْر اِیمان کا نِصْف حِصّہ ہے۔ 5صَبْر اِیمان کا ایک سُتُون ہے۔
6بندے کو صَبْر سے بہتر اور وسیع کوئی چیز نہیں دی گئی۔
7اگر صَبْر کسی مرد کی شَکْل میں ہوتا تو وہ عزّت والا مرد ہوتا۔
8صَبْر بہترین سواری ہے ۔
9صَبْر کرنےسے مَدَد ملتی ہے۔
0صَبْر کے ساتھ آسانی کا اِنتِظار کرنا عِبَادَت ہے۔
Aصَبْر مومِن کا بہترین ہتھیار ہے۔
Bصبر کرنے والے کی خطائیں مِٹا دی جاتی ہیں۔
Cآنکھیں چلی جانے پر صَبْر کرنے کی جزا جَنّت ہے۔
Dصَبْر افضل ترین عَمَل ہے۔
Eفتنے کی شِدَّت پر صَبْر کرنے والے کو قِیامَت کے دن نبی کریم صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَ سَلَّم کی شَفَاعَت نصیب ہوگی۔
Fلوگوں سے میل جول رکھنے والااور ان کی طرف سے پہنچنے والی اذیتوں پر صَبْر کرنے والا اُن مسلمانوں سے اَفْضَل ہے جو ایسے نہیں ہیں۔
Gصَبْرکرنے اور اپنا مُحَاسَبہ کرنے والے کو اللہ پاک حِساب کے بغیر جَنّت میں داخِل فر ما دے گا۔
Hصَبْر بھلائیوں کے خَزانوں میں سے ایک خَزانہ ہے۔
Iصَبْر رضا کا نام ہے ۔
Jتمہارے بعد صبر کے دن آرہے ہیں جو اُن دنوں میں صبر کرلے گاگویا ہاتھ میں آگ کا انگارہ لے گا۔ اُن دنوں میں جو نیک اعمال کرے گا اس کو 50 آدمیوں کے اَعمالِ صالحہ کرنے کا ثواب ملے گا۔صحابہ نے عرض کی:یَا رَسُولَ اللہ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم ! ان لوگوں میں سے 50 آدمیوں کے اعمالِ صالحہ کا اجر اس کو ملے گا یا ہم صحابہ کے 50 آدمیوں کے اَعمالِ صالحہ کا ثواب اس کو ملے گا؟ارشاد فرمایا:تم (صحابہ) میں سے 50 آدمیوں کے اَعمالِ صالحہ کا ثواب اس کو ملے گا۔
Kجب اللہ پاک مخلوق کو جَمْع فرمائے گا تو ایک مُنادی ندا کرے گا: صبر والے کہاں ہیں؟تو کچھ لوگ کھڑے ہوں گے جن کی تعداد بہت کم ہو گی۔جب یہ جلدی سے جَنَّت کی طرف بڑھیں گے تو فرشتے ان سے مُلَاقَات کریں گے اور کہیں گے :ہم دیکھ رہے ہیں کہ تم تیزی سے جَنَّت کی طرف جا رہے ہو،تم کون ہو؟وہ جواب دیں گے:ہم صَبْر والے ہیں۔فرشتے کہیں گے:تمہارا صَبْر کیا ہے؟وہ جواب دیں گے ہم اللہ پاک کی اِطَاعَت پر اور اس کی نافرمانی سے صَبْر کرتے تھے ۔ پس ان سے کہا جائے گا:جَنَّت میں داخِل ہو جاؤ اور اچھے عَمَل والوں کا ثواب کتنا اَچھّا ہے۔
Lجسے 4 چیزیں عطا کی گئیں اسے دنیا و آخِرَت کی بھلائی عَطا کی گئی: 1شکر کرنے والا دل 2ذِکْر کرنے والی زبان 3شوہَر کے مال و جان میں خِیانَت نہ کرنے والی بیوی 4اور مَصَائِب پر صبر کرنے والا بَدَن۔
صَلُّوا عَلَی الْحَبیب! صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد
پیاری پیاری اِسْلَامی بہنو! آپ نے صَبْر سے متعلِّق فرامین ِاِلٰہی و فرامینِ مصطفٰے صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم،صَبْر کی اَقسام، نیز صبر کرنے کے فضائل و فوائد مُلاحَظَہ کئے،اب دنیا میں مشکلات و مَصَائِب پر صَبْر کرنے والوں کو قِیامَت کے دن ملنے والے زَبَرْدَسْت اجر وثواب جان کر اپنے قُلُوب و اَذہان کو مزید روشن کیجئے۔چُنَانْچِہ ،
فقیہ ابُواللَّیْث نصر بن محمد سمر قندی رَحمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہ قُرَّةُالعُیُونِ وَ مُفَرِّحُ الْقَلْبِ الْمَحْزُونِ میں ایک رِوایَت نَقْل فر ماتے ہیں کہ تاجدارِ رِسالت،شہنشاہِ نبوّت صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کا فرمانِ عالی شان ہے:قِیامَت کے دِن جب منادی ندا کرے گا کون ہے جس کا اللہ پاک پر قَرْض ہے؟تو مَـخْلُوق کہے گی:ایساکون ہے جس کا قَرْض اللہ پاک پر ہو؟فرشتےکہیں گے:وہ جسے (دنیا میں)ایسی مُصِیْبَت میں مُبْتَلا کیا گیا جس سے اس کا دِل غمگین ہوا،آنکھوں سے آنسو بہے لیکن اس نے ثواب کی اُمِّید پر اللہ پاک کی رضا کے لئے صَبْر کیا آج وہ کھڑا ہوجائے اور اللہ پاک سے اپنااَجر لے لے ۔چُنَانْچِہ،
(دنیامیں )مُصِیْبَت وآفات میں مُبْتَلا ہونے والے بہت سے لوگ کھڑے ہو جائیں گے،فرشتے کہیں گے:دعویٰ بغیر دلیل کے(مُعْتَبَر)نہیں ہوتا،تم اپنے نامۂ اَعمال ہمیں دکھاؤ۔فرشتے نامۂ اَعمال دیکھیں گے توجس کے نامۂ اَعمال میں(اللہ پاک کی ناراضی والا) غصہ اور فُحْش کلام پائیں گے تو اس سے کہیں گے:چل بیٹھ جا!تُو صَبْر کرنے والوں میں سے نہیں۔اسی طرح جب عورت کے نامۂ اَعمال میں غصّہ کرنا پائیں گے تو اُسے بھی ان لوگوں میں سے واپس بھیج دیں گے اور صابِر مردوں اور صابِر عورتوں کو لیں گے اور انہیں عَرْش کے نیچے لے جا کر بارگاہِ رَبُّ الْعِزَّت میں عَرْض کریں گے :اے ہمارے رب! یہ تیرے صابِر بندے ہیں۔اللہ پاک فرمائے گا:ان سب كو شَجَرَةُالْبَلْوٰی(جَنَّت میں ایک دَرَخْت کانام ہے) کے پاس لے جاؤ۔وہ انہيں ایسے دَرَخْت کی طرف لے جائيں گے جس کی جڑ سونے کی اور پتے چاندی کے ہوں گے اور اس کا سایہ اِتنا وسیع ہو گا کہ ایک گُھڑ سوار اس کے نیچے سو سال تک چلتارہے،صَبْر کرنے والے اس کے سائے میں بیٹھ جائیں گے۔اللہ پاک یکے بعد دیگرے ہر مرد و عورت پر تجلّی فرمائے گا اور اِن سے اس طرح اِرشَاد فرمائے گا جیسے کوئی دوست اپنے دوست سے گفتگو کرتاہے:اے میرے صابِر بندو!میں نے تمہیں آزمائش میں اس لئے نہ ڈالا تھا کہ تم میرے نزدیک ذلیل تھے بلکہ اس لئے کہ تمہیں اپنی بارگاہ میں عزّت دوں،میں نے چاہاکہ دنیامیں تمہیں آزمائش میں ڈال کر تمہارے گناہوں کو مٹادوں اور جن دَرَجات تک تم اپنے اَعمال کے ذَرِیعے نہیں پہنچ سکتے تھے(مُصِیْبَت میں مُبْتَلا کر کے)تمہیں وہ بلند دَرَجات عطا کردوں،تم نے میری رضا کی خاطر صَبْر کیا اور مجھ سے حیا کی اور میرے فیصلے پر غصے کا اِظْہَار نہیں کیا تو آج میں تم سے حَیا کرتے ہوئے نہ تمہارے لئے میزان رکھوں گا اور نہ تمہارے نامۂ اَعمال کو کھولوں گا۔(قرآنِ کریم میں ہے :)
اِنَّمَا یُوَفَّى الصّٰبِرُوْنَ اَجْرَهُمْ بِغَیْرِ حِسَابٍ(۱۰) (پ۲۳،الزمر:۱۰)
ترجمۂ کنز الایمان:صابروں ہی کو ان کا ثواب بھرپور دیا جائے گا بے گنتی۔
لِہٰذا میں تم سے حِساب نہ لوں گا۔پھر اللہ پاک فُقَرا سے اس طرح اِرشَاد فرمائے گا: اے میرے فُقَرا بندو!میں نے تمہیں فَقْر میں تمہاری عزّت کم کرنے کے لئے مُبْتَلا نہ کیا تھا اور نہ ہی میرے نزدیک دنیا(کے مال و دولت)کی کچھ اَہَمِیَّت و عزّت ہے اور میں نے یہ لکھ دیا ہے کہ جو کوئی دنیا کی کسی چیز کا مالِک ہوا،میں اُس سے اس کا حِساب لوں گا اور اس سے پوچھوں گا:اسے کہاں سے کمایا اور کہاں خَرْچ کیا؟میں نے تمہارے لئے فقر کو پسند کیا تاکہ تم سے حِساب آسانی سے لیاجائے اور تمہیں پورا پورا اَجر و ثواب دیا جائے اور جس نے دنیا میں تم فُقَرا کو ایک گھونٹ پانی پلایا،ایک لقمہ بھی کھلا یا پُرانا پھٹا ہوا کپڑا ہی پہنا یا وہ آج (بروزِ قِیامَت )تمہاری شَفَاعَت میں ہے۔
پھر اللہ پاک اس عورت سے جس کا بچّہ فوت ہو گیا تھا اس طرح اِرشَاد فرمائے گا: اے میری بندی!میں تیرے بچے کی موت کا فیصلہ لوحِ مَحْفُوظ میں کر چکا تھا اور جب مَیں نے اس کی رُوْح قَبْض کی تو تیرے دل نے جَزَع فَزَع نہ کیا اور نہ ہی تیر اسینہ تنگ ہوا تو سُن! آج میری رضا و خوشنودی کی تجھے خوشخبری ہو اور تجھے اپنے بیٹے کے ساتھ ایسے زِنْدَگی والے گھر یعنی جَنَّت میں اِکٹھّا کر دیا گیا جہاں جہاں نہ موت ہے اور نہ ہی غم و ملال اور ایسے مقام میں کہ جہاں سے کبھی نکلنانہیں۔
پھراللہ پاک نابیناؤں،کوڑھ،جزام اور ہر طرح کی بیماری والوں کی بھی دل جوئی فرمائے گا اور وہ اپنا اجر پا کر انتہائی خوش ہوں گے، ان کے لئے ایسے جھنڈے ہوں گے جیسے حکما و اُمرا کے جھنڈے ہوتے ہیں۔توجس نے ایک بلا پر صبر کیا ہوگا اس کے لئے ایک جھنڈا لہرا یا جائے گا اور جس نے دو قسم کی بلاؤں پر صَبْر کیا ہوگا اس کے لئے دو جھنڈے اور جس نے تین قسم کی مصیبتوں پر صَبْر کیا ہوگا اس کے لئے تین جھنڈے گاڑھے جائیں گے اور جو اس سے زِیادَہ بلاؤں میں مُبْتَلا ہوگا اس کے لئے اُسی قدر جھنڈے بلند کئے جائیں گے۔فرشتے ان کو عُمْدَہ قسم کی سواریوں پر سوار کرکے ان کے سامنے جھنڈے لہراتے ہوئے جَنَّت کی طرف لے چلیں گے تو لوگ ان کودیکھ کر کہیں گے: کیا یہ شُہَدا اور اَنۢبِیَائے کرام عَلَیْہِمُ السَّلَام ہیں؟فرشتے کہیں گے: اللہ پاک کی قسم !یہ شُہَدا ہیں نہ اَنۢبِیَا عَلَیْہِمُ السَّلَام بلکہ یہ توعام لوگ ہیں جنہوں نے دنیا کے مَصَائِب پر صَبْر کیا اور آج کے دن نجات پاگئے۔
لوگ تَمنّا کریں گے:کاش!ہم بھی مصائب و آلام کی سختیوں میں مُبْتَلا ہوئے ہوتے اور ہمارے گوشت قینچیوں سے کاٹے جاتے تاکہ ہمارے لئے بھی ان کے ساتھ حِصّہ ہوتا۔ پھر جب وہ(صابِر)لوگ جَنَّت کے پاس پہنچ کر اس کادروازہ کھٹکھٹا ئیں گے تو(جَنَّت پر مُقَرَّر فرشتے حضرت سَیِّدُنا)رضوان عَلَیْہِ السَّلَام آکر پوچھیں گے:یہ کون ہیں؟فرشتے(حضرت سَیِّدُنا) رضوان عَلَیْہِ السَّلَام سے کہیں گے:دروازہ کھولئے۔حضرت سَیِّدُنارضوان عَلَیْہِ السَّلَام اِسْتِفْسَار کریں گے:اِن کا حِساب کس وَقْت ہوا،انہوں نے کب نَجات پائی حالانکہ ابھی تو چندلوگ ہی قبروں سے اُٹھے ہیں اور ابھی تک تو اللہ پاک نے نامۂ اَعمال بھی نہیں کھلوائے اور نہ ہی میزان رکھاہے؟ملائکہ کہیں گے:یہ صَبْر کرنے والے ہيں ان پر حِساب نہیں،اے رِضوان!ان کے لئے جَنَّت کا دروازہ کھول دیجئے تاکہ یہ چین و سُکُون کے ساتھ اپنے مَحلاَّت میں بیٹھیں۔تب(حضرت سَیِّدُنا)رضوان عَلَیْہِ السَّلَام ان کے لئے جَنَّت کے دروازے کھولیں گے، تووہ اپنے جنتی گھروں میں داخل ہوجائیں گے ،خُدَّام کلمہ پڑھتے اور تکبیر کہتے ہوئے خوشی و مسَّرت سے ان کا اِسْتِقْبَال کریں گے،پھر وہ 500 سال تک جَنَّت کے بلند دَرَجات پر فائز رہیں گے اور مَـخْلُوق کے حِساب سے فارِغ ہونے تک ان کا مُشاہَدہ کرتے رہیں گے،تو صَبْر کرنے والوں کے لئے خوشخبری ہے۔صحابہ کرام عَلَیْہِمُ الرِّضْوَان نے عَرْض کی:یَا رَسُولَ اللہ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم!کون سی چیز میزان کو بھاری کردے گی؟ سَیِّدُ الصَّابِرین،اِمامُ الشَّاکِرین صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے اِرشَاد فرمایا: صبراورجس کا صَبْر جتنا زِیادَہ ہوگا اس کے لئے پُل صِراط اتناہی چوڑا ہوگا۔
صَلُّوا عَلَی الْحَبیب! صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد
پیاری پیاری اِسْلَامی بہنو!مَصَائِب و تکا لیف،مشکلات اور نیکی کی راہ میں صَبْر کرنے کی جہاں کثیر دینی و دُنْیَاوِی برکات ہیں وہیں بے صبری کے نقصانات بھی بَہُت زِیادَہ ہیں۔ حضرتِ سَیِّدُنا عبداللہ بن مُبارَک رَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہ نے فرمایا:مُصِیْبَت ایک ہوتی ہے لیکن جب وہ کسی پر پہنچے اور وہ صَبْر نہ کرے تو 2 مصیبتیں بن جاتی ہیں ، ایک تو وُہی مُصِیْبَت اور دُوسْری مُصِیْبَت صَبْر کے اجر کا ضائع ہونا اور یہ مُصِیْبَت پہلی سے بڑھ کر ہے ۔
1بے صبری کا ایک بَہُت بڑا نُقْصَان یہ ہے کہ صَبْر کرنے سے جو اَجْر و ثواب ہمیں حاصِل ہونا تھا بے صبری کی وجہ سے اس سے مَحْرُوم ہوجاتی ہیں۔
2بعض اوقات بے صبری گناہ بھی کروا دیتی ہے مَثَلًا کسی کی بات سے ہمیں دُکھ پہنچا تو صَبْر سے کام لے کر ثواب کمانے کے بجائے ہم نے ہاتھوں ہاتھ اس کا بَدْلَہ لے لیا اور بد اخلاقی سے پیش آئیں یا پھر دل میں کینہ و بُغْض کو جگہ دیدی تو بھی نُقْصَان ہمارا ہی ہو گا۔
3بعض اوقات بے صبری کفر تک لے جاتی ہے مَثَلًا کسی قریبی عزیز کی فوتگی پر یہ کہنا کہ اللہ کو ایسا نہیں کرنا چاہئے تھایا اس طرح کہنا کہ اللہ کو اس کی ضرورت تھی جو اسے اپنے پاس بلا لیا وغیرہ وغیرہ۔
4بے صَبْری کرنے والیوں کو مُعَاشَرے میں کوئی اچھا نہیں سمجھتا۔
5بے صبری کرنے والی اسلامی بہنیں عموماً دوسری اِسْلَامی بہنوں کو مَدَنی مَاحَول کے قریب لانے میں ناکام ہو جاتی ہیں۔
6بے صبر ی کا مُظاہَرہ کرنے والی اسلامی بہنیں چونکہ اَنْجَام کی طرف تَوَجُّہ کئے بغیر کسی بھی کا م کو سراَنْجَام دینے کیلئے بے تاب ہوتی ہیں لہٰذا حُسْنِ تدبیر سے مَحْرُوم ہو جاتی ہیں جس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ جن کاموں کا اَنْجَام باعِثِ نُقْصَان ہے وہ کر گزریں گی اور بعد میں پچھتائیں گی۔
7صَبْر سے مَحْرُوم اسلامی بہنیں عموماً عُجْلَت پسند (یعنی جلدباز) ہوتی ہیں جس کی وجہ سے اکثر بے جا پریشانی و بے سکونی کا شِکار رہتی ہیں۔
8بےصبری سے مُصِیْبَت دور ہونے کے بجائے زِیادَہ ہوتی ہے۔
9مُصِیْبَت کےوَقْت بے صبری مُصِیْبَت سے زِیادَہ بدتر مُصِیْبَت ہے۔
0بے صبری اللہ پاک کی اِطَاعَت کا جذبہ کم کردیتی ہے۔
Aبے صبری کرنے والیاں قَناعَت کی دولت سے مَحْرُوم ہوجاتی ہیں۔
Bبے صبری کرنے والیوں کے کاموں میں مَدَدِ اِلٰہی شامِل نہیں ہوتی۔
Cبے صبری کرنے والیاں عِلْم و حِلْم سے مَحْرُوم رہتی ہیں۔
Dبے صبری کرنے والیاں حُکْمِ الٰہی سے اِعْرَاض کرتی ہیں۔
Eبے صبری کرنے والیاں تقویٰ و پرہیزگاری سے مَحْرُوم رہتی ہیں۔
Fبے صبری سے دِین پر ثابِت قَدَمی مُشکِل ہو جاتی ہے۔
Gبے صبری سے مُعَاشَرْتی بُرائیوں سے بچنا مُشکِل ہو جاتا ہے۔
Hبے صبری انسان کو رَحْمَتِ الٰہی سے نااُمِّید کردیتی ہے۔
Iبے صبری سے لڑائی جھگڑے کا اندیشہ رہتا ہے۔
پیاری پیاری اِسْلَامی بہنو!جب بھی مُصِیْبَت آئے گھبرا کر بارگاہِ خُداوندی میں حاضِر ہو کر خوب توبہ و اِسْتِغْفار کیجئے اور اپنے آپ کو سراپا خطا تَصَوُّر کرتے ہوئے ہر حال میں خُدائے ذُوالجلال کا شُکْر ادا کیجئے کہ میں تو سَخْت ترین مُجْرِم ہونے کے سَبَب شدید عذاب کی حقدار ہوں مجھ پر آئی ہوئی مُصِیْبَت اگر میرے گناہوں کی سزا ہے تو میں بَہُت ہی سستی چُھوٹ رہی ہوں ورنہ دُنیا کے بجائے آخِرَت میں جہنّم کی سزا مِلی تو میں کہیں کی نہ رہوں گی۔
گر تُو ناراض ہوا میری ہلاکت ہوگی ہائے میں نارِ جہنّم میں جلوں گا یا ربّ
صَلُّوا عَلَی الْحَبیب! صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد
پیاری پیاری اِسْلَامی بہنو! مُصِیْبَت پر صَبْر کرنے کا ایک طریقہ یہ بھی ہے کہ انبیائے کِرام عَلَیْہِمُ السَّلَام اور خصوصاً مدینے والے مصطفےٰ،سردارِانبیاصَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم پر اور صَحَابِیّات طَیِّبَات رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُنَّ پر آنے والے مَصَائِب و آلام یاد کئے جائیں۔مزید یہ کہ صَبْر کرنے والوں کو قِیامَت کے دن اللہ پاک کی طرف سے جو عَظِیمُ الشَّان اَجر و ثواب عطا کیا جا ئے گا اُس پر نَظَر کی جائے۔جیسا کہ تَنْبِیْہُ الْمُغْتَرِیْن میں ہے: کسی بزرگ نے سَیِّدُنا حسن بن ذَکوان رَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہ کو اِن کی وفات کے ایک سال بعد خواب میں دیکھا تو پوچھا:کون سی قبریں زِیادَہ روشن ہیں؟ فرمایا: دُنیا میں مُصِیْبَت اُٹھانے والوں کی۔
صَبْر کا ذِہْن بنانے کا ایک طریقہ یہ بھی ہے کہ اپنے سے بڑھ کر مُصِیْبَت زَدہ کے بارے میں غور کیا جائے اِس طرح اپنی مُصِیْبَت ہلکی مَحْسُوس ہوگی اور صبر کرنا آسان ہوگا۔
اِمامُ الصّابرین،سَیِدُ الشّاکرین صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کا فرمانِ عالی شان ہے:دو۲ خصلتیں ایسی ہیں جس میں یہ ہوں گی اللہ پاک اُ سے اپنے نزدیک صابِر و شاکِر لکھ دے گا اور جس میں نہ ہوں گی اسے صابِر و شاکِر نہیں لکھے گا۔ اِن میں سے ایک عادَت یہ ہے کہ وہ دِین کے مُعَامَلے (یعنی عِلْم و عَمَل)میں اپنے سے برَترَ کی طرف نظر کرے اور اُس کی پَیْرَوِی کرے۔ دُوسری یہ کہ دُنیا کے مُعَامَلے میں اپنے سے کم ترَکی طرف دیکھے اور اس بات پر اللہ پاک کی حَمد بیان کرے کہ مجھے دوسرے شخص پر فضیلت ملی ہے تو اللہ اسے شاکر و صابر لکھ دیتا ہے۔ مگر جو اپنے دین میں اپنے سے کمتر کو دیکھے اور اپنی دنیا میں اپنے سے برتر کو دیکھے اور اس بات پر افسوس کرے جو اسے نہیں ملا تو اللہ پاک اسے صابِر و شاکِر نہیں لکھتا۔
اللہ پاک حضورِ اَقْدَس صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کےصَبْر کے صَدْقے ہمیں بھی مَصَائِب و آلام میں صَبْر کرنے کی تو فیق عَطا فرمائے اور بے صبری سے مَحْفُوظ فرمائے۔
اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم
شیطان مُسلَّط ہے افسوس! کسی صورت اب صبر گناہوں پر سرکار نہیں ہوتا
اے رب کے حبیب آؤ! اے میرے طبیب آؤ اچّھا یہ گناہوں کا بیمار نہیں ہوتا
صَلُّوا عَلَی الْحَبیب! صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد
جب مُصِیْبَت پہنچے تو اسی وَقْت صَبْر و اِسْتِقْلَال سے کام لیا جائے،جیسا کہ حضرت سَیِّدُنا انس بن مالِک رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہ سے رِوایَت ہے،حضور اَقْدَس صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے اِرشَاد فرمایا: صَبْر صَدْمَہ کی اِبْتِدَا میں ہوتا ہے۔
مُصِیْبَت کے وَقْت اِنَّا لِلّٰهِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡهِ رٰجِعُوۡنَ پڑھا جائے،جیسا کہ حضرت سَیِّدَتُنا اُمِّ سَلَمَہ رَضِیَ اللہُ عَنْہا کا عَمَل اوپر گزرا ہے کہ انہوں نے اپنے شوہر کے اِنْتِقَال پر اِنَّا لِلّٰهِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡهِ رٰجِعُوۡنَ پڑھا۔
مُصِیْبَت آنے پرزَبان اور دیگر اَعْضَا سے کوئی ایسا کلام یا فعل نہ کیا جائے جو شَریعَت کے خِلاف ہو جیسے زَبان سے اللہ پاک کی بارگاہ میں شِکوَہ و شِکایَت کے کلمات بولنا،سینہ پیٹنا اور گریبان چاک کر لینا وغیرہ۔
صَبْر کی بہترین صُورَت یہ ہے کہ مُصِیْبَت زَدہ پر مُصِیْبَت کے آثار ظاہِر نہ ہوں۔
صَلُّوا عَلَی الْحَبیب! صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد
پیاری پیاری اِسْلَامی بہنو!شَیْخِ طَرِیْقَت، اَمِیْـرِ اَھْلِسُنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ اپنی کُتُب و رسائل اور مدنی مذاکروں میں صَبْر کے مُتَعَلِّق ملفوظات شریف فرماتے ہی رہتے ہیں۔ چُنَانْچِہ ذیل میں آپ کی کُتُب و رسائل اور مدنی مذاکروں سے ماخوذ چند اہم باتیں ضروری ترمیم کے بعد پیشِ خِدْمَت ہیں:
1پریشان حال کو چاہئے کہ اللہ پاک کی رِضا پر راضی رہے اور اپنے آپ کو سمجھاتے ہوئے دل ہی دل میں کہے کہ شہیدان واَسِیرانِ کربلا پر جو مصیبتیں آئی تھیں وہ یقیناً مجھ پر آنے والی مصیبتوں سے کروڑوں گُنا زیادہ تھیں مگر اُنہوں نے ہنسی خوشی بَرْدَاشْت کیں اور صَبْر کر کے جنّت کے حق دار بنے۔ میں کہیں بے صبری کر کے آخِرت کی سَعَادَت سے محروم نہ ہو جاؤں ۔ یقیناً یقیناً یقیناً دُنیوی پریشانیوں ، تنگدستیوں ، بیماریوں وغیرہ میں صَبْر کرنے والوں کیلئے آخِرت کی خوب خوب راحت سامانیاں ہیں۔
2اللہ پاک مصیبتیں دے کر آزماتا ہے تو جس نے ان میں بے صبری کا مظاہَرہ کیا ،واوَیلا مچایا، ناشکری کے کَلِمات زَبان سے ادا کئے یا بیزار ہو کر مَعَاذَ اللہ خودکُشی کی راہ لی ،وہ اِس امتِحان میں بُری طر ح ناکام ہوکر پہلے سے کروڑہا کروڑ گُنا زائِد مصیبتوں کا سزاوار ہوگیا ۔ بے صبری کرنے سے مُصِیْبَت تو جانے سے رہی، اُلٹا صَبْر کے ذَرِیْعہ ہاتھ آنے والا عظیمُ الشّان ثواب ضائِع ہو جاتا ہے جو کہ بذاتِ خود ایک بَہُت بڑی مُصِیْبَت ہے۔
3کیسی ہی مُصِیْبَت آجائے اس کی اذیّت اور اس کے بڑے ہونے پر نظر رکھنے کے بجائے اس پر ملنے والے ثوابِ آخِرت پر غو رکیجئے۔اِنْ شَآءَ اللہ اِس طرح صَبْر کرنا آسان ہو جائے گا اور اگر آپ صَبْر کرنے میں کامیاب ہو گئیں تو بروزِ قِیامت اس کے ایسے عظیمُ الشّان ثواب کے حق دار ہو جائیں گی جس کودیکھ کر لوگ رشک کریں گے۔
4مُصِیْبَت آنے پر دل کو اللہ پاک سے ڈرانے،صَبْر پر اِسْتِقَامَت پانے اور غَلَط قدم اٹھانے سے خود کو بچانے کیلئے توبہ و اِسْتِغْفار کرتے ہوئے یہ ذِہن بنایئے کہ ہم پر جو مُصِیْبَت نازِل ہوئی ہے اُس کا سَبَب ہمارے اپنے ہی کرتُوت ہیں جیسا کہ پارہ 25 سورۃُ الشُّوریٰ کی 30 ویں آیتِ کریمہ میں ارشادِ ربّانی ہے: وَ مَاۤ اَصَابَكُمْ مِّنْ مُّصِیْبَةٍ فَبِمَا كَسَبَتْ اَیْدِیْكُمْ وَ یَعْفُوْا عَنْ كَثِیْرٍؕ(۳۰) ترجَمَۂ کنزُالایمان: اور تمہیں جو مُصِیْبَت پہنچی وہ اس کے سَبَب سے ہے جو تمہارے ہاتھوں نے کمایا اور بَہُت کچھ تو مُعاف فرما دیتا ہے۔
5صَبْر کا ذِہن بنانے کا ایک طریقہ یہ بھی ہے کہ اپنے سے بڑھ کر مُصِیْبَت زدہ کے بارے میں غور کیا جائے اس طرح اپنی مُصِیْبَت ہلکی محسوس ہوگی اورصَبْر کرنا آسان ہوگا۔
6مُصِیْبَت پر صَبْر کو آسان بنانے کا ایک عَمَل یہ بھی ہے کہ اس طرح اپنا ذِہن بنایاجائے کہ یہ مُصِیْبَت قلیلُ الْمدّت ،عارِضی اور ہلکی ہوکر جلد ختم ہوجا نے والی ہے مگر صَبْر کی صُورَت میں ملنے والا اجر وثواب کبھی خَتم نہ ہو گا۔لہٰذا صَبْر ہی میں بھلائی ہے۔ایک بُزرگ رَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہ فرماتے ہیں: مُصِیْبَت جب نازِ ل ہوتی ہے تو بڑی ہوتی ہے پھر آہِستہ آہِستہ چھوٹی ہوتی جاتی ہے ۔اس کا واقِعی بَہُت سوں کو تجرِبہ ہو گا مَثَلًا جب کوئی ٹَینشن آتی ہے تو انسان دم بخودرَہ جاتا اور نیند اُڑجاتی ہے! پھر آہِستہ آہِستہ عادی ہو جاتا ہے ۔ اِس کو اِس مثال سے سمجھنے کی کوشِش کیجئے:کوئی مزے سے .T.Vپر بیہودہ ڈرامہ دیکھ رہا ہو کہ یکایک اُس کی آنکھوں کے دونوں چَراغ گُل ہوجائیں ، یقیناً وہ رو رو کر آسمان سر پر اُٹھا لے گا جبکہ جو پہلے سے نابینا ہوتا ہے وہ ہنسی مذاق سب کچھ کر رہا ہوتا ہے۔ کیوں؟اِس لئے کہ اِس کے لئے نابینا ہونا پُرانی بات ہوچکی ہے! اِس سے زِیادہ واضِح مثال جس سے سب کو واسِطہ پڑتا ہے وہ یہ ہے کہ گھر میں میّت ہو جائے تو رونا دھونا مچ جاتا ہے اور پھر دھیرے دھیرے سب غم غَلَط ہو جاتے اور خوشیوں ، دھماچوکڑیوں، نیز شادیوں کا سلسلہ از سرِ نو شروع ہو جاتا ہے ۔
عمر بھر کون کسے یاد کرتا ہے! وقت کے ساتھ خیالات بدل جاتے ہیں
7مُصِیْبَت پر صَبْر کیلئے خود کوتیّار کرنے کا ایک طریقہ یہ بھی ہے کہ بڑی بڑی مصیبتوں کاپہلے ہی سے تصوُّر کرکے صَبْر کاعَزم کرلیا جائے۔مَثَلًا یہ تصوُّر کرلیا جائے کہ اگر گھر میں میرے جیتے جی کسی کی فوتگی ہو گئی تو اِنْ شَآءَ اللہ میں صَبْرکروں گی یا میرے اندر کوئی مُسْتَقِل جِسمانی عیب پیدا ہوگیا مَثَلًا لنگڑی ،کانی یا اچانک اندھی ہو گئی یا کسی نے جھاڑ دیا ،دل آزاری کر دی توصَبْر کرکے اَجْرحاصل کروں گی۔ اگر واقعی مُصِیْبَت آبھی جائے تو پھراپنے عَزْمِ صَبْر پر قائم رہا جائے۔
8ربُّ الانام کے ہر کام میں حکمتیں ہی حکمتیں ہوتی ہیں۔ تکلیف پر صَبْر کر کے اجْر حاصِل کرنا چاہئے کیوں کہ آفات وَ بَلِیّات کَفّارۂ سَیِّآت اور باعِثِ ترقّیِ دَرَجات ہوتی ہیں۔
9تکالیف پرشِکوہ کرنے کے بجائے صَبْر کی عادَت بنانی چاہئے کہ شِکایَت کرنے سے مُصِیْبَت دُور نہیں ہوجاتی بلکہ بے صبری کرنے سے صَبْرکا اَجرضائِع ہو جاتا ہے ۔بِلا ضَرورت مُصِیْبَت کا اِظہار کرنا بھی اچّھی بات نہیں ۔
Jکسی مردِ صالِح سے جب ان کے بال بچّوں نے کہا: آج کی رات کھانے کے لئے کچھ بھی نہیں۔ فرمایا: ہما را ایسا مقام نہیں کہ اللہ پاک ہمیں بھوکا رکھے!یہ دَرَجہ تو وہ اپنے وَلیوں کو عطا فرماتا ہے۔مشائخ میں سے بعض کایہ حال تھا کہ انہیں جب تنگدستی پیش آتی تو فرماتے، مرحبا! اے شَعارِ صالحین! (یعنی اے غُربت و فاقہ مستی!تُوتو اَھْلُ الله کی نشانی ہے تجھے خوش آمدید کہ ہمارے پاس تیری تشریف آوری ہو گئی )
وہ عشقِ حقیقی کی لذّت نہیں پا سکتا جو رنج و مصیبت سے دو چار نہیں ہوتا
K مُصِیْبَت پر صَبْر کی ایک صُورَت یہ ہے کہ کسی سے اِس کا اِظْہَار نہ کیا جائے۔
Lصبرِ جمیل یہ ہے کہ زبان بند اور حال و احوال سے تکلیف کا اِظہار نہ ہوحقیقی مُصِیْبَت آخِرت کی ہےہم مُصِیْبَت پروف نہیں ہوسکتے، یہ تو دُنیا میں آتی ہی ہیں بڑھاپا ایسی مُصِیْبَت ہے جس کا کوئی علاج نہیں۔
Mکوئی کسی بھی ناگواراندازمیں سوال کرے، ہمیں صَبْر و تَحَمُّل سے اِس کا اَحسن (اچھے) اندازمیں جواب دینا چاہئے۔
Nہمیں ہر آزمائش پر صَبْر اور ہر نِعْمَت پر شُکْر ادا کرنا ہے۔
Oبیماری پر صبر کر نے سے صبر کا ثواب ملتا ہے۔
صَلُّوا عَلَی الْحَبیب! صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد
پیاری پیاری اِسْلَامی بہنو!زِنْدَگی بلاشبہ ایک ایسا سَفَر ہے، جس میں کوئی لمحہ ہمارے لئے خوشیوں کا باعث ہوتا ہے تو کوئی غم کا، کبھی خوشیوں اور شادمانیوں کی بارش برستی ہے تو کبھی مصیبتوں کی آندھیاں چلتی ہیں۔ ان خوشیوں کی بارشوں اور غموں کی آندھیوں کا ہدف کبھی ہماری ذات آتی ہے تو کبھی گھر بار و دیگر رشتے دار۔ہمارا دین چونکہ زندگی کے ہر ہر شعبے میں ہماری رَاہ نُمائی کرتا ہے، اس لئے اس نے ہمیں مصیبتوں میں صَبْر اور خوشیوں میں اللہ پاک کا شکر ادا کرنے کی تعلیم دی ہے۔ حدیثِ پاک میں ہے: مومن کا مُعَامَلہ کتنا عجیب ہے کہ اس کے لئے ہر معاملے میں خیر ہی خیر ہے، اگر اسے خوشی پہنچے اور شکر کرے تو یہ اس کے لئے خیر ہے اور اگر مُصِیْبَت پہنچے اور اس پر صَبْر کرے تو یہ بھی اس کے لئے خیر ہی ہے۔ صبر بظاہر تین حَرْفی لفظ ہے مگر اپنے اندر ہمّت و حوصلہ، تَحَمُّل و برداشت،خیر و بھلائی،نرمی و سکون اور اطمینان کی پوری کائنات سَموئے ہوئے ہے۔مگر افسوس! آج ہم صبر سے بہت دور ہو چکی ہیں، شاید یہی وجہ ہے کہ ایک تعداد ذِہنی دباؤ، ڈپریشن،شوگر اور بلڈپریشر جیسے اَمْراض میں مُبْتَلا ہو رہی ہے۔ یاد رکھئے! بڑے بڑے عقلمندوں کی بصیرت کے چراغ بے صبری کی وجہ سے گُل ہو جاتے ہیں،آج دینی و دُنْیَوی مُعَامَلات میں صبر کا دامن ہاتھ سے چھوٹنے کی وجہ سے ہر کوئی تباہی کی سمت جارہا ہے، سینوں میں مَحبَّت و شَفْقَت کی جگہ بُغْض و کینہ نے لے لی ہے، ہر طرف عدمِ برداشت کی وجہ سے بے سکونی و بے اطمینانی کا دور دورہ ہے، آئیے! مُـخْتَصَر طور پر ایک جائزہ لیتی ہیں کہ وہ کون سے محرکات و اسباب ہیں جو حُصُولِ صبر میں رُکاوَٹ کا باعِث ہیں:
پیاری پیاری اِسْلَامی بہنو!اللہ پر یقین و ایمان کی کمزوری بھی حُصُولِ صبر میں ایک بہت بڑی رُکاوَٹ ہے۔چونکہ ایک رِوایَت میں ہے کہ اللہ پاک نے راحت و خوشی کو رضا و یقین میں جبکہ غم و پریشانی کو شک اور ناراضی میں رکھا ہے۔ لِہٰذا جس اسلامی بہن کا اس بات پر یقین پختہ ہو کہ اللہ پاک قادرِ مطلق ہے ، موت و حیات اسی کے قبضۂ قُدْرَت میں ہے، وہ جسے چاہتا ہے زِنْدَگی دیتا ہے اور جسے چاہتا ہے موت، تو وہ کبھی بھی کسی کے دنیا سے چلے جانے پر جزع فرع کا مُظاہَرہ کرے گی نہ صبر کا دامن اپنے ہاتھ سے چھوڑے گی۔ کیونکہ ایک حدیثِ قدسی میں ہے:جب میں اپنے مومن بندے سے اس کی کوئی دُنْیَوی مَـحْبُوب چیز لے لوں ، پھر وہ صَبْر کرے تو میرے پاس اس کی جزا جنّت کے سوا کچھ نہیں۔
مَشْہُور شارحِ حدیث، حکیم الاُمَّت مفتی احمد یار خان رَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہ اس حدیثِ پاک کے تحت فرماتے ہیں:یہ حدیث ہر پیاری چیز کو عام ہے، ماں باپ بیوی اولاد حتّی کہ فوت شُدہ، تندرستی وغیرہ جس پر بھی صَبْر کرے گا اِنْ شَآءَ اللہ جنَّت پائے گا۔ چُنَانْچِہ اس سے یہ مدنی پھول بھی حاصل ہوئے کہ اولاد یا اس جیسی محبوب شے کے فوت ہو جانے پر اللہ پاک کی رِضا کے لئے ثواب کی اُمِّید پر صَبْر کرنا چاہئے کہ اس صَبْر پر جَنَّت کی بِشارت ہے۔Dاللہ پاک کا بہت بڑا کرم ہے کہ وہ اپنی دی ہوئی چیز لے لے اور بندہ اس مُصِیْبَت پر ثواب کی نِیَّت سے صَبْر کرے تو اس کو جزا میں جَنَّت عطا فرماتا ہے۔
پیاری پیاری اِسْلَامی بہنو!بلاشبہ اس مُعَامَلے میں ہماری بزرگ خواتین کی سیرت میں ہمارے لئے بہترین مثالیں موجود ہیں۔ چنانچہ ایک مثال پیشِ خِدْمَت ہے: