دعوت اسلامی کی دینی خدمات دیگر ممالک میں بھی دیکھئے
ہسٹری

مخصوص سرچ

30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں

Sahabiyat-o-Salihat Aur Sabar | صَحابیات وصالحات اور صَبْر

Masaib Par Sabar Ka Sila

book_icon
صَحابیات وصالحات اور صَبْر

حکایت23:مصائب پر صبر کا صِلہ

حضرتِ سَیِّدُنا ابن عباس رَضِیَ اللّٰہُ  عَنْہُمَا  سے مَرْوِی  ہے کہ سرکارِ والا تَبار، ہم بے کسوں کے مددگار صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے اِرشَاد  فرمایا :بنی اسرائیل کا ایک شخص کہیں سَفَر  پر گیا تو پیچھے سے اس کی ماں نے اس کی بیوی کے دل میں شوہر کی نَفْرَت  ڈال دی اور اپنے بیٹے کی طرف سے اسے جھوٹا طلاق نامہ دے دیا۔چُنَانْچِہ وہ عورت اپنے دونوں بچوں کو لے کر اپنے والدین کے ہاں چلی گئی۔ وہاں کے ظالِم  بادشاہ نے مسکینوں کو کھا نا کھلانے پر پابندی لگائی ہوئی تھی۔ ایک دن عورت روٹی پکا رہی تھی کہ کسی مسکین نے کھانا مانگا ، اس نے کہا: کیا تجھے معلوم نہیں یہاں کے ظالِم بادشاہ نے مسکینوں کو کھانا کھلا نے سے منع کیا ہوا ہے؟ کہا:مجھے معلوم ہے لیکن اگر مجھے کھانا نہ ملا تو میں بھوک سے مر جاؤں گا۔ عورت کو تَرَس آگیا اور اسے دو روٹیاں دیں اور یہ بات کسی کو بتانے سے منع کر دیا ۔ مسکین روٹیاں لے کر وہاں سے چلا گیا۔راستے میں سپاہیوں نے روٹیاں دیکھ کر پوچھا :یہ کہاں سے لائے ہو؟ کہا:فلاں عورت نے دی ہیں۔چُنَانْچِہ،
سپاہی اس عورت کے پاس گئے اور اس سے حقیقت پوچھی تو اس نے اِقْرَار  کر لیا ۔ سپاہی اسے بادشاہ کے پاس لے گئے ۔ ظالِم بادشاہ نے اس کے دونوں ہاتھ کٹوا کر دربار سے نکال دیا۔ راستے میں اس کا ایک بیٹا نہر سے پانی بھرتے ہوئے نہر میں ڈوب گیا۔دُوسرا بیٹا اسے بچانے کے لئے گیا توہ بھی ڈوب گیا۔اب وہ بیچاری تنہارہ گئی۔ اچانک اس کے پاس ایک شخص آیا اور کہا:اے اللہ  کی بندی !تجھے کیا ہوا؟میں تیری حَالَت  بہت بُری دیکھ رہاہوں؟کہا:مجھے میرے حال پر چھوڑ دو،مجھ پر گزرے ہوئے واقعات نے مجھے بے حال کردیا ہے۔ جب اس نَو وَارِد نے اصرار کیا تو عورت نے سارا واقعہ بیان کردیا۔ اس نے کہا : تو اپنے ہاتھو ں اور بچوں میں سے کس کی واپسی چاہتی ہے؟ کہا:مجھے میرے بچے چاہئیں۔چُنَانْچِہ اللہ  پاک کے حُکْم سے وہ دونوں بچوں کو بھی نہر سے صحیح سالم نکال لایا اور اس کے کٹے ہوئے ہاتھ بھی دُرُسْت کر دیئے اور کہا:اللہ  پاک نے تجھ پر رحم فرمایا اور مجھے تیری مَدَد  کے لئے بھیجا ۔ مسکین کو دی ہوئی دو روٹیوں کے بدلے  تیرے دونوں ہاتھ تجھے لوٹا دیئے گئے اور مسکین پر ترس کھانے اور مُصِیْبَت پر صَبْر  کرنے کی وجہ سے تیرے دونوں بیٹے تجھے لوٹا دیئے گئے ہیں اور تیرے شوہر نے تجھے طلاق نہیں دی تھی،لہٰذا اب تو اس کے پاس چلی جا،وہ گھرآچکا ہے اور اس کی ماں کا بھی اِنْتِقَال ہوگیا ہے۔جب وہ عورت اپنے گھر گئی تَو تمام مُعَامَلہ  ویسا ہی پایا جیسا اسے بتا یا گیا تھا۔ 

حکایت24:صابره ،شاكره خاتون

    حضرتِ سیِّدُنا عبد الرحمٰن رَحْمَۃُ اللّٰہ عَلَیْہ  اپنے چچا کے حوالے سے بیان کرتے ہیں کہ بوڑھی عورت جو جنگل میں چراگاہ کے قریب رہتی تھی اس کے مُتَعَلِّق  مجھے ایک شخص نے بتایا کہ وہ بڑھیا بہت عَقْل  مند اور صابرہ وشاکرہ تھی ۔ لوگ اس کے صَبْر  و شُکْر اور دانائی کی مثالیں دیا کرتے تھے۔اس کا ایک بیٹا تھا جو انتہائی وجیہ و خوبصورت تھا،وہ کافی عَرْصَہ بیمار رہا،بوڑھی ماں نے بہت اچھے طریقے سے اس کی تیمارداری کی۔عرصۂ دراز تک بسترِ َ علالت پر اپنے زِنْدَگی  کے اَیّام گزارنے کے بعد بِالْآخِر اس کا نوجوان جمیل و شکیل اکلوتا بیٹا اس دارِ فنا سے دارِ بقا کی طرف کوچ کر گیا۔اس کی موت کے بعد بڑھیا اپنے گھر کے صحن میں بیٹھی ہوئی تھی۔لوگ تَعْزِیَت  کے لئے آئے تو بُڑھیا نے ایک ضعیف العمر شخص سے کہا:کتنا اچھا ہے وہ خوش بخت جس نے عَافِـیَّت  کا لباس پہن لیا،جس پر نعمتوں کا رنگ چڑھ گیا،جسے ایسی فِطرَت عطا کی گئی کہ جب تک وہ اپنے مسائل حل نہ کرلے اسے تو فیق و ہِمَّت  دی جاتی رہے۔ پھر بڑھیا نے دو عربی اشعار پڑھے جن کا مَفْہُوم  یہ ہے:
      وہ میرا بیٹا تھا مجھے مَعْلُوم نہیں کہ اس کی وجہ سے مجھے کتنا اجر ملا، میری مَدَد  اس کے لئے یہ تھی کہ میں نے اس کی پرورش کی اورمیں اس کی دیکھ بھال کر نے والی تھی ، اگر میں اس کی موت پر صَبْر  کروں تو اجر دی جاؤں گی اور اگر گریہ وزاری اور چیخ وپکار کروں تو اس رونے والی کی طرح ہوجاؤں گی جسے اس کے رونے دھونے نے کچھ فائدہ نہ دیا۔ 
    بڑھیا کی یہ حِکْمَت بھری باتیں سن کر ضعیف العمر شخص نے کہا:اب تک تو ہم یہی سنتے آئے ہیں کہ رونا دھونا ،واویلا کرنا عورتوں کی عادَت ہے،لیکن تم تو مردوں سے بھی زِیادَہ  صَبْر والی ہو،تمہارا صَبْر عظیم ہے اور عورتوں میں تمہاری نظیر ملنا مُشکِل  ہے۔یہ سن کر بڑھیا نے کہا:جب بھی کوئی شخص دو چیزوں یعنی صَبْر  و شُکْر  اور جَزَع فَزَع (یعنی بے صبری) کے درمیان ہو تو اس کے سامنے دو راستے ہوتے ہیں۔بہر حال صَبْر  تو ہرحال میں اَچھّا  ہے، وہ ظاہراً حسین اور اس کا اَنْجَام محمود ہے۔ جب کہ بے صبری ،اس پر تو کوئی ثواب ہی نہیں ہے۔اگر صَبْر و بے صبری انسانی شکل میں ہوتے تو صَبْر، حُسْن و عادات اور دین کے مُعَامَلے  میں بے صبری سے بدرجہا افضل ہوتا۔صَبْر دینی مُعَامَلات  اور نیکی کے کاموں میں جلدی کرنے والا ہے۔جسے اللہ پاک دولَتِ صَبْر  عطا فرمائے اسےاللہ  پاک کا وعدہ کافی ہے۔ صَبْر  میں بھلا ہی بھلا اور بے صبری میں نُقْصَان  ہی نُقْصَان ہے ۔ 

حکایت25:مظلوم بیٹے کی موت پر صبر

جب یومُ الْحَرَّہ  کو اَہلِ مدینہ شہید کئے جا رہے تھے تو شہیدوں میں حضرتِ سَیِّدَتُنا زینب بنت ابی سلمہ رَضِیَ اللّٰہُ  عَنْہاکے دو۲ بیٹے بھی شامِل تھے،جب ان  کی لاشیں آپ رَضِیَ اللّٰہُ  عَنْہا کے سامنے لائی گئیں تو آپ رَضِیَ اللّٰہُ  عَنْہا نے اِنَّا لِلّٰهِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡهِ رٰجِعُوۡنَ پڑھا(اور بِالْکُل جَزَع فَزَع سے کام نہ لیا)۔ 

حکایت26:مصیبت پر صبر کا انعام

 اُمُّ الْمُومِنِین  حضرت سَیِّدَتُنا اُمِّ سَلَمَہ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہا فرماتی ہیں:میں نے سیدالمرسلین صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کو یہ فرماتے ہوئے سنا کہ جس مسلمان پر کوئی مُصِیْبَت آئے اور وہ اللہ پاک کے حُکْم کے مُطابِق اِنَّا لِلّٰهِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡهِ رٰجِعُوۡنَ (پڑھے اور یہ دُعا  کرے)اَللّٰھُمَّ آجُرْنِیْ فِیْ مُصِيْبَتِیْ وَ اَخْلِفْ لِیْ خَيْرًا مِّنْھَا اے اللہ!میری ا س مُصِیْبَت پر مجھے اَجَر عَطا  فرما اور مجھے اس کا بہتر بدل عَطا  فرما تو اللہ پاک اس کو اس سے بہتر بدل عَطا  فرمائے گا۔ حضرت سَیِّدَتُنا اُمِّ سَلَمَہ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہا فر ماتی ہیں:جب حضرت سَیِّدُنا ابو سَلَمَہ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہ فوت ہو گئے تو میں نے سوچا کہ مسلمانوں میں حضرت سَیِّدُنا ابوسَلَمَہ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہ سے بہتر کون ہو گا؟وہ تو پہلے گھر والے ہیں جنہوں نے حضور پر نور صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کی طرف ہجرت کی۔ بہرحال میں نے یہ دُعا مانگ لی تو اللہ پاک نے ان کے بدلے مجھے رسول اللہ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم عَطا  فرما دئیے (جو کہ حضرت سَیِّدُنا ابو سلمہ رَضِیَ اللہُ  عَنْہ سے بہت بہتر تھے)  

مصیبت پر خاص تحفہ

حضرتِ سیِّدُنا اِبْنِ جُبير رَضِیَ اللّٰہُ  عَنْہ اِرشَاد  فرماتے ہيں: اِس اُمَّت کو مُصِیْبَت کے وَقْت  پڑھنے کے لئے ايک ايسی دُعا ملی ہے جو دوسری اُمَّتوں کو عَطا نہ ہوئی اور وہ اِنَّا لِلّٰهِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡهِ رٰجِعُوۡنَ ہے۔ اگر يہ پچھلی اُمَّتوں کو ملی ہوتی تو حضرتِ سیِّدُنا يعقوب عَلَیْہِ السَّلَام یٰۤاَسَفٰی عَلٰی یُوْسُفَ(پ۱۳، يوسف:۸۴)ترجمہ کنز الایمان: ہائے اَفْسَوس ! يُوسُف کی جُدائی پر۔کہنے کے بجائے يہی دُعا (یعنی اِنَّا لِلّٰهِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡهِ رٰجِعُوۡنَ) پڑھتے۔  
پیاری پیاری اِسْلَامی بہنو! حضور صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کے حُکْم پر  حضرت سَیِّدَتُنا  اُمِّ سَلمہ رَضِیَ اللّٰہُ  عَنْہا نے مُصِیْبَت پر صَبْر کرتے ہوئے دُعا پڑھی تو  اللہ  پاک نے ان کو بہترین نِعْمَ الْبَدل عَطا کیا۔اس لئے ہمیں بھی چاہئے کہ جب مَصَائِب و آلام پر گبھرانے،واویلا کرنے اور شور مچانے کے بجائے حدیث پاک میں مَذْکُور دُعا کو پڑھیں کہ اَحادِیث مُبارَکہ  میں مُصِیْبَت آنے پر اِنَّا لِلّٰهِ وَ اِنَّاۤاِلَیۡهِ رٰجِعُوۡن پڑھنے کے فضائل و برکات بیان کئے گئے ہیں،حُصُول بَرَکَت کیلئے 2 اَحادِیثِ مُبارَکہ  مُلَاحَظہ  فرمایئے:
حضرت سَیِّدُنا امام حسین بن علی رَضِیَ اللہُ عَنْہُ سے رِوایَت ہے کہ حضور پُر نور صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَسَلَّمَ نے اِرشَاد فرمایا:جس مسلمان مرد یا عورت پر کوئی مُصِیْبَت پہنچی اور وہ اسے یاد کر کے اِنَّا لِلّٰهِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡهِ رٰجِعُوۡنَ کہے،اگرچہ مُصِیْبَت کا زمانہ دراز ہوگیا ہو تو اللہ پاک  اُس پر نیا ثواب عَطا فرماتا ہے اور ویسا ہی ثواب دیتا ہے جیسا اس دن دیا تھا جس دن مُصِیْبَت پہنچی تھی۔ 
حضرت سَیِّدُنا عبداللہ بن عباس رَضِیَ اللہُ  عَنْہُما سے رِوایَت ہے کہ رسولِ اَکرم، شاہ ِبنی آدم صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے اِرشَاد فرمایا:میری اُمَّت کو ایک ایسی چیز دی گئی ہے جو پہلی اُمّتوں میں سے کسی کو نہیں دی گئی،وہ چیز مُصِیْبَت کے وَقْت اِنَّا لِلّٰهِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡهِ رٰجِعُوۡنَ پڑھنا ہے۔ 

حکایت27:بیٹا کھویا ہے، حیا نہیں

ابو داود شریف میں ہے کہ حضرت سیِّدَتُنا اُمِّ خلاد رَضِیَ اللّٰہُ  عَنْہا کا بیٹا جنگ میں شہید ہو گیا۔ آپ رَضِیَ اللّٰہُ  عَنْہا ان کے بارے میں معلومات حاصِل کرنے کے لئے نِقاب ڈالے بارگاہِ رسالت میں حاضِر ہو ئیں تو  اِس پر کسی نے حیرت سے کہا: اِس وقْت بھی باپردہ ہیں ! کہنے لگیں: میں نے بیٹا ضَرور کھویا ہے، حَیا نہیں کھوئی۔  

حرفِ آخر

پیاری پیاری اِسْلَامی بہنو! آپ نے مُلاحَظَہ فرمایا کہ صَحَابِیّات رَضی اللّٰہ  عَنْہُنَّ پر  جب بھی مصائب و آلام آئے اور انہیں مشکلات نے گھیرا تو انہوں نے ان مشکِل حالات کا  نہ صرف سامنا کیا بلکہ حُصُولِ ثواب کی خاطر ان پریشانیوں کا ڈٹ کر مُقابَلہ کیا،حتیٰ کہ اپنے  بیٹوں کو میدانِ جنگ میں روانہ کر دیا اور ان کی شَہادَت  کی خَبَر  سن کر جَزَع و فَزَع نہیں بلکہ صَبْر  کیا اور ان کے حق میں دُعا کی،اس کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ ان کی نَظَر صِرْف اور صِرْف اُخْرَوِی زندگی پر تھی کہ  کسی طرح اِن کا خالِق و مالِک اِن سے راضی ہو جائے اور اِس کے بدلے انہیں جنَّت کی اَبَدِی نعمتیں عَطا  فرما دے، اور پھر سرکار صَلَّی اللّٰہُ  عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم اور  دیگر صحابهو صَحَابِیّات طَیِّبَات رَضی اللّٰہ  عَنْہُنَّ کی سیرت بھی ان کے سامنے تھی کہ جس طرح اُنہوں نے مشکلات پر صَبْر کیا تو اُن کے نقشِ قَدَم پر چلتے ہوئے یہ مقدَّس ہستیاں بھی اس دنیا فانی سے رُخْصَت  ہوئیں اور بہت اعلیٰ مَقام حاصِل  کیا، لہذا اگر آج ہم بھی چاہتی ہیں کہ ہماری سیرت بھی ان کی سیرت کا عمَلی نَمونہ بن جائے تو ہمیں بھی زِنْدَگی کی ان پریشانیوں پر صَبْر  کر کے اجر ِعظیم حاصِل  کرنے کی کوشِش  کرنی ہوگی،تاکہ  کل کی ابَدی نعمتوں سے سرفراز ہو سکیں،تو اگر ہم چاہتی ہیں کہ ہمیں بھی اِس قِسْم کا جذْبہ حاصِل ہو تو اس کے لئے ایک ایسے مَاحَول کی ضَرورت  ہے کہ جس سے بندے کو اِن مشکلات پر صَبْر  کرنے اور اس پر اجرِ عظیم حاصِل  کرنے کا ذہن ملتا رہے۔اَلْحَمْدُلِلّٰہ!آج کے اس پُر فِتَن دور میں دعوتِ اسلامی اُمِّیدکی ایک ایسی کِرن ہے کہ جہاں نَماز  و روزہ کی پابندی کے ساتھ ساتھ آلام و مَصَائِب پر صَبْر کرنے کا ذہن بھی ملتا ہے،اس ضمن میں ایک مَدَنی بہار مُلاحَظَہ  کیجئے۔

میں پان کی دُکان پر بیٹھتی تھی

بابُ المدینہ (کراچی)کی ایک اسلامی بہن کے بیان کا لُبِّ لُباب  ہے کہ بہت پہلے کی بات ہے کہ میں اپنے محلے میں پان کی دُکان پر بیٹھا کرتی تھی۔زُبان دَراز بہت تھی، مردانہ انداز میں تُوتکار کرتی تھی جس کی وجہ سے لوگوں کو اپنی عزّت بچاتے ہی بنتی ۔ایک سے ایک گانا مجھے یاد تھا ۔شادیوں میں مجھ سے گاناگانے اور ڈانس کرنے کی فرمائشیں کی جاتی تھیں۔میں یونہی غَفْلَت بھرے معمولات میں مگن تھی کہ ایک دن میرے نصیب جاگ اٹھے ۔ہوایوں کہ کسی طرح میں نے دعوتِ اسلامی کے عالمی مَدَنی مرکز فیضانِ مدینہ کے وسیع وعریض تہہ خانے میں ہونے والے اسلامی بہنوں کے ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماع میں شِرْکَت کی ۔وہاں پر بیانات،ذکر ،دُعا اورکم گو سنجیدہ مزاج اسلامی بہنوں کی صُحْبَت نے مجھ پر وہ مَدَنی رنگ چڑھایا کہ میں نے  مَدَنی برقع اوڑھنے کی ہاتھوں ہاتھ نِیَّت کر لی۔ جب میں نے گھر پر اپنی والدہ سے اس بات کا اِظْہَار کیا تو انہوں نے پان کی دُکان پر بیٹھنے کے پیشِ نظر مَنْع کردیا مگر میرے اِصْرَار پر صِرف اس قدر راضی ہوئیں کہ جب اجتماع میں جاؤ تو پہن لیا کرنا ۔ بہرحال میں نے بِنْتِ عطّار کے مبارک ہاتھوں سے اپنے سر پر مَدَنی بُرْقَع سجا لیا۔ جونہی میں مَدَنی بُرْقَع میں مَلْبُوس اپنے گھر واپس پہنچی گھر کے اَفراد نے مجھے کوسنا شروع کردیا اور مَدَنی بُرْقَع پہننے سے منع کیا ۔ایسا لگتا تھا گویا کسی نے بارُود چھڑک کر آگ لگا دی ہو۔ میں چونکہ پختہ اِرادہ کرچکی تھی اس لئے اپنی بات پر قائم رہی اور صَبْر و تَحَمُّل سے خاموش رہ کر اُن کی جلی کٹی سنتی رہی۔ دُکان پر بیٹھنا بھی چھوڑدیا۔ وَقْت کے ساتھ ساتھ میرے گھر والوں کا بھی مَدَنی ذہن بن گیا ۔ دعوتِ اسلامی کے مَدَنی ماحول کی بَرَکَت سے مجھے نمازوں کی پابندی، اجتماعات میں شِرْکَت اور مَدَنی انعامات پر عَمَل میں اِسْتِقَامَت نصیب ہوگئی۔ کرم بالائے کرم یہ ہوا کہ مجھے زِیارتِ مکہ مکرمہ اورمیٹھے میٹھے مدینے شریف کی حاضری بھی نصیب ہوگئی۔یہ سطور لکھتے وَقْت میں علاقائی مُشَاوَرَت کی رکن کی حَیْثِـیَّت سے دعوتِ اسلامی کے مَدَنی کاموں میں مصروف ہوں۔
استِقامت دین پر یا مصطَفٰے کردو عطا بہرِ خَبّاب و بِلال و آلِ یا سِر یا نبی
صَلُّوا عَلَی الْحَبیب! صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد

صبر کے تقاضے

پیاری پیاری اِسْلَامی بہنو!صبر کے بھی کچھ تقاضے ہیں، آئیے! گزشتہ صفحات میں صبر کے مُتَعَلِّق جو کچھ بیان ہوا ہے، اس کی روشنی میں صبر کے تقاضوں کا جائزہ لیتی ہیں: 
اللہ پاک سے صَبْر کی توفیق مانگتی رہنا چاہئے۔ 
اللہ پاک کی طرف سے آنے والی ہر آزمائش پر صبر کرنا چاہئے۔ 
اللہ  پاک کی حَرام  کردہ اَشیا  سے باز رہنا چاہئے ۔
ہر مشکل وقت کے بعد آسانیوں کا اِنتِظار کرنا چاہئے۔
صَبْر چونکہ مومِن کا ہتھیار ہے، اس لئے اسے ہمیشہ ساتھ رکھنا چاہئے۔ 
صبر کی وجہ سے خطاؤں کی بخشش کی اُمِّید رکھنی چاہئے۔  
آنکھیں چلی جائیں تو واویلا کرنے کے بجائے صَبْر کر کے جَنّت کی خوش خبری پانے والوں میں شامل ہونے کی کوشش کرنا چاہئے۔ 
فتنے کی شِدَّت پر صَبْر کر کے قِیامَت کے دن نبی کریم صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَ سَلَّم کی شَفَاعَت پانے کی کوشش کرنی چاہئے۔
صَبْر چونکہ بھلائیوں کے خَزانوں میں سے ایک خَزانہ ہے، لِہٰذا اس خزانے کو پانے اور اسے مَحْفُوظ رکھنے کی کوشش کرتے رہنا چاہئے۔   
جَنَّت میں بے حساب داخلے کے لئے بھی صبر کا دامن کبھی ہاتھ سے نہ چھوڑنا چاہئے۔ 
مَصَائِب پر صبر کر کے دنیا و آخِرَت کی بھلائیاں پانے کی کوشش کرنی چاہئے۔  
صَبْر کی وجہ سے اَجْر و ثواب کا ایک ذخیرہ پایا جا سکتا ہے۔ 
کسی کی بات سے دُکھ پہنچنے پر تو صَبْر  سے کام لینا چاہے اورہاتھوں ہاتھ بَدْلَہ نہیں لینا چاہئے۔ 
بد اخلاقی کے جواب میں بد اخلاقی سے پیش آئیں یا پھر دل میں کینہ و بُغْض کو جگہ دینے کے بجائے صبر کرنا اور حسن اخلاق سے پیش آنا چاہئے۔ 
بے صبری بعض اوقات کفر تک لے جاتی ہے، اس سے بچنا چاہئے۔ 
صبر کے ذریعے بے صَبْری کے عیب سے نجات حاصل کرنے کی کوشش کرنی چاہئے۔ 
بے صبری کی وجہ سے بسا اوقات اَنْجَام کی طرف تَوَجُّہ نہیں اور اس وقت کوئی کام کرنا حُسْنِ تدبیر سے مَحْرُومی کا باعث بنتا ہے اور نقصان پر سوائے پچھتاوے کے کچھ ہاتھ نہیں آتا۔ 
صَبْر سے مَحْرُومی کا سبب بننے والی عجلت پسندی  سے بچنا چاہئے کہ  جس کی وجہ سے اکثر بے جا پریشانی و بے سکونی کا سامنا رہتا ہے۔
مُصِیْبَت کے وقت بےصبری کے مُظاہَرہ سے بسااوقات مُصِیْبَت دور ہونے کے بجائے زِیادَہ ہوتی ہے، لِہٰذا ایسا نہیں کرنا چاہئے کہ مُصِیْبَت کےوَقْت بے صبری مُصِیْبَت سے زِیادَہ بدتر مُصِیْبَت ہے۔ 
بے صبری اللہ پاک کی اِطَاعَت کا جذبہ بھی کم کردیتی ہے، لِہٰذا اس سے بچنا چاہئے۔ 
قَناعَت کی دولت سے مَحْرُومی چونکہ بے صبری کا سَبَب ہے، لِہٰذا اس بیش بہا دولت کو سنبھال کر رکھنا چاہئے۔ 
حِلْم و بردباری سے کام لینا چاہئے۔ 
حُکْمِ الٰہی سے اِعْرَاض نہیں کرنا چاہئے۔ 
تقویٰ و پرہیزگاری  کو اپنانا چاہئے۔ 
دِین پر ثابِت قَدَم رہنا چاہئے۔ 
مُعَاشَرْتی بُرائیوں سے بچنا چاہئے۔
رَحْمَتِ الٰہی سے کبھی بھی نااُمِّید نہیں ہونا چاہئے۔ 
لڑائی جھگڑے سے بچنا چاہئے۔ 
عفو و درگزر سے کام لینا چاہئے۔ 
حالت غربت کی ہو یا امارت کی، ہر حال میں نظر رب کریم کی حکمت پر ہونی چاہئے کہ وہ جسے چاہتا ہے مال و دولت سے نوازتا ہے اور جسے چاہتا ہے محروم رکھتا ہے۔
عزّت و ذِلَّت کے مواقع پر بھی اللہ پاک کے متعلق بدگمان نہیں ہونا چاہئے کہ عزتوں اور ذلتوں کا مالک وہی ہے، جسے چاہے عزت دے اور جسے چاہے ذِلَّت دے۔ 
کسی بات کو اپنی انا کا مسئلہ بنا کر اس پر ڈٹ نہیں جانا چاہئے، بلکہ اپنے غلطی پر ہونے کا اِعْتِرَاف کر لینا چاہئے۔ 
ہر کام کو اللہ پاک اور اس کے رسولِ کریم صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کی رضا کی خاطر کرنا چاہئے، خواہ اس میں کیسی ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔ 
اپنی ذات کا ہر لمحہ مُحَاسَبہ کرتے رہنا(جس کا آسان طریقہ روزانہ مدنی انعامات کا رسالہ پر کرنا بھی ہے)۔ 
گالی کا جواب گالی سے نہیں دینا چاہئے۔ 
غیبت، چغلی اور کینہ و حَسَد وغیرہ ایسی باطنی بیماریوں کو دل میں جگہ نہیں دینا چاہئے۔
غرور و تکبُّر سے بچنا چاہئے۔ 
ہر ایک سے خندہ پیشانی سے ملنے کی عادَت اپنانا چاہئے۔ 
جاہلوں سے اِعْرَاض کرے۔ 
دوسروں کی خیر خواہی پر ہمیشہ کمربستہ رہئے۔ 
صَلُّوا عَلَی الْحَبیب! صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد

مآخذ و مراجع

قرآن مجید 
کتاب مطبوعہ
کنز الایمان مکتبۃ المدینہ ،  باب المدینہ کراچی۱۴۳۲ھ
مفردات الفاظ القرآن المکتبة العصریه بيروت ۱۴۳۶ھ
تفسیر القرطبی دار الفکر  بیروت ۱۴۲۹ھ
تفسیر الخازن دار الکتب العلمیه بیروت ۱۴۳۵ھ
حاشية الصاوی علی الجلالین قاسم پبلی کیشنز کراچی
خزائن العرفان مکتبۃ المدینہ ،  باب المدینہ کراچی۱۴۳۲ھ
مؤطا امام مالك دار المعرفه  بیروت۱۴۳۳ھ
مسند احمد دار الکتب العلميه بيروت۱۴۲۹ھ
صحیح البخاری دار المعرفه بیروت۱۴۲۸ھ
صحیح مسلم دار الکتب العلميه بيروت 2008 ء
سنن ابی داود دار الکتب العلميه بيروت۱۴۲۸ھ
سنن الترمذی دار الکتب العلمیه بیروت2008ء
موسوعة ابن ابی دنیا المكتبة العصريه بيروت ۱۴۲۹ھ
مسند ابی یعلٰی دار الفکر بیروت ۱۴۲۲ھ
المعجم الکبیر دار الکتب العلمیه بیروت2007ء
المعجم الاوسط دار الفکر عمان۱۴۲۰ھ
المستدرك علی الصحیحین دار المعرفه بیروت۱۴۲۷ھ
شعب الایمان دار الکتب العلميه بيروت۱۴۲۹ھ
الفردوس بماثور الخطاب دار الکتب العلمیه  بیروت2010ء
الترغیب والترھیب دار المعرفه بیروت ۱۴۲۹ھ
الجامع الصغیر دار الکتب العلمیه بیروت۱۴۳۳ھ
جامع الاحادیث دار الفکر  بیروت ۱۴۲۱ھ
جمع الجوامع دار الکتب العلمیه بیروت ۱۴۲۱ھ
كنـز العمال دار الکتب العلمیه بیروت ۱۴۲۴ھ
فيض القدير دار الكتب العلميه  بيروت ۱۴۲۷ھ
مراٰة المناجیح نعیمی کتب خانہ گجرات
فیضان ریاض الصالحین مکتبۃ المدینہ ،  باب المدینہ کراچی 
کفریہ کلمات کے بارے میں سوال جواب مکتبۃ المدینہ ،  باب المدینہ کراچی ۱۴۳۰ھ
قرة العيون و مفرح القلب المحزون دار احياء التراث العربی ۱۴۱۶ھ
قوت القلوب دارالکتب العلمیة بیروت۱۴۲۶ھ
قوت القلوب مترجم مکتبۃ المدینہ ،  باب المدینہ کراچی ۱۴۳۷ھ
احیاء علوم الدین دار الکتب العلمیه بیروت2008ء
منهاج العابدین دار البشائر الاسلامیه بيروت ۱۴۲۲ھ
عیون الحکایات دار الکتب العلميه بيروت۱۴۲۴ ھ
الروض الفائق دار احياء التراث العربی ۱۴۱۶ھ
تنبیه المغترین دار الکتب العلمیه بیروت۱۴۲۴ھ
جہنم میں لے جانے والے اعمال مکتبۃ المدینہ ،  باب المدینہ کراچی
اتحاف السادة المتقين دار الکتب العلمیه بیروت۱۴۲۶ھ
جنتی زیور مکتبۃ المدینہ ،  باب المدینہ کراچی ۱۴۲۷ھ
نیکی کی دعوت مکتبۃ المدینہ ،  باب المدینہ کراچی ۱۴۳۲ھ
كتاب المغازى عالم الکتب  بیروت ۱۴۰۴ھ
السيرة النبويه لابن ھشام دار الفجر مصر ۱۴۲۵ھ
حلیة الاولیا ء دار الکتب العلميه بيروت۱۴۲۷ھ
الاستیعاب فی معرفة الاصحاب دار الجیل بیروت ۱۴۱۲ھ
اسد الغابة فی معرفة الصحابة دار الکتب العلمیه بیروت۱۴۲۹ھ
تذکرة الاولياء انتشارات گنجیہ ۱۳۷۹ھ
روض الرياحين فی حكايا الصالحين المكتبة التوفيقيه 
الاصابة فی تمييز الصحابه المکتبة التوفیقیه مصر
شواہد النبوۃ مکتبہ نبویہ لاہور2008ء
سعادة الدارين فی الصلاة علی سيد الكونين دار الکتب العلمیه بيروت ۱۴۲۵ھ
سیرتِ مصطفےٰ مکتبۃ المدینہ ،  باب المدینہ کراچی ۱۴۲۹ھ
مثنوی معنوی انتشارات کتاب آبان
حدائق بخشش مکتبۃ المدینہ ،  باب المدینہ کراچی ۱۴۳۳ھ
وسائلِ بخشش مرمّم مکتبۃ المدینہ ،  باب المدینہ کراچی ۱۴۳۶ھ
خود کشی کا علاج مکتبۃ المدینہ ،  باب المدینہ کراچی 


کتاب کا موضوع

کتاب کا موضوع

Sirat-ul-Jinan

صراط الجنان

موبائل ایپلیکیشن

Marfatul Quran

معرفۃ القرآن

موبائل ایپلیکیشن

Faizan-e-Hadees

فیضانِ حدیث

موبائل ایپلیکیشن

Prayer Time

پریئر ٹائمز

موبائل ایپلیکیشن

Read and Listen

ریڈ اینڈ لسن

موبائل ایپلیکیشن

Islamic EBooks

اسلامک ای بک لائبریری

موبائل ایپلیکیشن

Naat Collection

نعت کلیکشن

موبائل ایپلیکیشن

Bahar-e-Shariyat

بہار شریعت

موبائل ایپلیکیشن