30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
حاصِلِ زِیْسْت مَعْرِفَت حَق کی خَلْق کا مُدَّعَا عبادَت ہے
دونوں عالَم کا ہے بھلا اس سے دولَتِ بے بہا عبادَت ہے
یہ خُدا سے تجھے مِلائے گی قبلہ حَق نُما عبادَت ہے
روشنی مَعْرِفَت کی گر چاہو چَشْمِ دِل کی ضِیا عبادَت ہے
رُوح کو ملتی ہے توانائی ہر مرض کی دوا عبادَت ہے
اعظمیؔ کر علاج عِصْیَاں کا مَعْصِیَت کی شِفا عبادَت ہے[1]
صَلُّوا عَلَی الْحَبیب! صَلَّی اللّٰہُتَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد
پیاری پیاری اِسْلَامی بہنو! بُنْیَادِی طور پر اَعمال دو۲ طرح کے ہوتے ہیں۔ایک وہ جنہیں رَضائے اِلٰہی کی خاطِر کرنے پر ثواب مُرَتَّب ہوتا ہے جیسے نَماز، روزہ، حج اورزکوٰۃ وغیرہ، جبکہ دوسرے وہ جنہیں رَضائے اِلٰہی کی خاطِر تَرْک کرنے پر ثواب مُرَتَّب ہوتا ہے۔ مَثَلًا زنا،چوری اور قَتْل و غارَت وغیرہ۔ شَرِیْعَت نے تمام اَعمال کی مُـخْتَلِف حَیْثِـیَّـتیں مُقَرَّر فرمائی ہیں، چُنَانْچِہ دَعْوَتِ اِسْلَامی کے اِشَاعتی اِدارے مَکْتَبَةُ الْـمَدِیْنَه کی مَطْبُوعَہ 679 صَفحات پر مُشْتَمِل کِتاب جنتی زیور صَفْحَہ 209پر ہے:
فَرْض وہ ہے جو شَرِیْعَت کی یقینی دلیل سے ثابِت ہو اس کا کرنا ضَروری اور بِلا کسی عُذْر کے اس کو چھوڑنے والا فاسِق اور جہنمی اور اس کا اِنْـکَار کرنے والا کافِر ہے۔ جیسے نَماز و روزہ اور حج و زکوٰۃ وغیرہ۔
پھر فَرْض کی دو۲ قسمیں ہیں: ایک فَرْضِ عَین،دوسرے فَرْضِ کفایہ۔
فَرْضِ عَین وہ ہے جس کا ادا کرنا ہر عاقِل و بالغ مسلمان پر ضَروری ہے جیسے نَمازِ پنجگانہ وغیرہ اور فَرْضِ کفایہ وہ ہے جس کا کرنا ہر ایک پر ضَروری نہیں بلکہ بعض لوگوں کے ادا کرلینے سے سب کی طرف سے ادا ہو جائے گا اور اگر کوئی بھی اَدا نہ کرے تو سب گناہ گار ہوں گے جیسے نَمازِ جَنازہ وغیرہ۔
واجِب وہ ہے جو شَرِیْعَت کی ظنّی دلیل سے ثابِت ہو، اس کا کرنا ضَروری ہے اور اس کو بِلا کسی تاویل اور بغیر کسی عُذْر کے چھوڑ دینے والا فاسِق اور عَذاب کا مُسْتَحِق ہے لیکن اس کا اِنْـکَار کرنے والا کافِر نہیں بلکہ گمراہ اور بد مَذْھَب ہے۔
سُنّتِ مُؤَکِّدَہ وہ ہے جس کو حُضُورِ اَقْدَس صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنے ہمیشہ کیا ہو۔ البتہ! بیانِ جواز کے لیے کبھی چھوڑ بھی دیا ہو۔ اس کو اَدا کرنے میں بَہُت بڑا ثواب اور اس کو کبھی اِتِّفَاقِیَّہ طور پر چھوڑ دینے سے اللہ عَزَّ وَجَلَّ و رسول صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کا عِتاب اور اس کو چھوڑ دینے کی عادَت ڈالنے والے پر جہنّم کا عَذاب ہو گا۔ جیسے نَمازِ فَجْر کی دو۲ رَکْعَت سُنّت اور نَمازِ ظہر کی چار۴ رَکْعَت فَرْض سے پہلے اور دو۲ رَکْعَت فَرْض کے بعد سنتیں اور نَمازِ مَغْرِب کی دو۲ رَکْعَت سنّت اور نَمازِ عشا کی دو۲ رَکْعَت سنّت۔ یہ نَمازِ پنجگانہ کی 12 رَکْعَت سنتیں،یہ سب سُنّتِ مُؤَکِّدَہ ہیں۔
سُنّتِ غَیْر مُؤَکِّدَہ وہ ہے جس کو حُضُور نبی کریم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے کیا ہو اور بغیر کسی عُذْر کے کبھی کبھی اس کو چھوڑ بھی دیا ہو۔ اس کو اَدا کرنے والا ثواب پائے گا اور اس کو چھوڑ دینے والا عَذاب کا مُسْتَحِق نہیں۔ جیسے عَصْر کے پہلے کی چار۴ رَکْعَت سنّت اور عشا سے پہلے کی چار۴ رَکْعَت سنّت کہ یہ سب سُنّتِ غَیْر مُؤَکِّدَہ ہیں۔ سُنّتِ غَیْر مُؤَکِّدَہ کو سُنّتِ زَائِدَہ بھی کہتے ہیں۔
مُسْتَحَب ہر وہ کام ہے جو شَرِیْعَت کی نَظَر میں پسندیدہ ہو اور اس کو چھوڑ دینا شَرِیْعَت کی نَظَر میں بُرا بھی نہ ہو۔ خواہ اس کام کو رسولاللہ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے کیا ہو یا اس کی ترغیب دی ہو۔ یا عُلَمائے صَالِـحِین نے اسے پسند فرمایا اگرچہ اَحادِیث میں اس کا ذِکْر نہ آیا ہو۔ یہ سب مُسْتَحَب ہیں۔ مُسْتَحَب کو کرنا ثواب اور اس کو چھوڑ دینے پر نہ کوئی عَذاب ہے نہ کوئی عِتاب۔ جیسے وضو کرنے میں قبلہ رُو ہو کر بیٹھنا،نَماز میں بَحَالَتِ قِیام سجدہ گاہ پر نَظَر رکھنا، خُطْبَہ میں خُلَفَائے رَاشِدین وغیرہ کا ذِکْر، مِیلاد شریف، پِیرانِ کِبار کے وَظائِف وغیرہ۔مُسْتَحَب کو مَنْدُوب بھی کہتے ہیں۔
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع