30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
مُفَسِّرِ شَہِیر، حکیم الاُمَّت مفتی احمد یار خان عَلَیْہِ رَحمَۃُ الْمَنَّان اس حدیثِ پاک کی شَرْح بیان کرتے ہوئے فرماتے ہیں: مومِن کی شان یہ ہے کہ اپنے مسلمان بھائی کی پَسِ پُشْت خیرخواہی کرے حتّی کہ اگر کوئی اس کی غیبت کرے تو یا اسے غیبت سے روک دے یا اس کا جواب دے کر مومِن کی عزّت بچالے یا اسے سمجھا بجھا کر اس کی اِصلاح کرے یا اس کے لیے اِصلاح کی دُعا کرے۔[1]
پیاری پیاری اِسْلَامی بہنو! اس فرمان کے مُخَاطَب صِرف مَرد حضرات ہی نہیں، بلکہ تمام مسلم خواتین بھی ہیں۔ جیساکہ حدیثِ مُبارَکہ سے مَعْلُوم ہوا کہ ہم سب آپَس میں اسلامی بہنیں ہیں اور ایک دوسری کے لیے آئینہ کی حَیْثِیَّت رکھتی ہیں۔ مَدَنی ماحول کے سائے تلے رہ کر ہم ایک دوسری کے ذریعے وہ باتیں بھی جان سکتی ہیں جو خود اپنی ذات میں نہیں دیکھ سکتیں۔ مَطْلَب یہ ہے کہ ہم اپنے ان عُیُوب سے بھی بخوبی آگاہ ہو سکتی ہیں جن کی ہمیں پہچان نہیں اور اللہ کے فَضْل و کَرَم سے شیخِ طریقت اَمِیرِ اہلسنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے ہمیں دَعْوَتِ اِسلامی کی صُورَت میں ایسا پیارا مدنی مَاحَول عَطا فرمایا ہے جو ہمیں نیکیوں کی رَغْبَت اور گناہوں سے نَفْرَت دِلاتا ہے اگر اس مَدَنی مَاحَول سے وابستہ نہ ہوتیں تو شاید اپنے گناہوں کو نہ جان پاتیں۔لہٰذا ہم پر لازِم ہے کہ ہمیشہ ایک دوسری کی خَیر خواہ رہیں، خواہ مَوجُود ہوں یا نہ ہوں، یہاں تک کہ اگر کوئی کسی کی غیبت کرنے لگے تو دوسری اسے اَحْسَن انداز میں روک دے یا مُناسِب انداز میں غیبت کرنے والی کو جواب دے کر اپنی اسلامی بہن کی عزّت بچالے یا سمجھا بجھا کر اس کی اِصلاح کرنے کی کوشِش کرے، اگر مُمکِن نہ ہو تو کم از کم اس کے لیے اِصلاح کی دُعا کرے کہ خیر خواہی کی نِیَّت سے کسی کی اِصلاح کرنا باعِثِ ثواب ہے۔ جیسا کہ مذکورہ مَفہوم کی ایک اور رِوایَت کی شَرْح میں مُفَسِّرِ شَہِیر، حکیم الاُمَّت مفتی احمد یار خان عَلَیْہِ رَحمَۃُ الْمَنَّان فرماتے ہیں: آئینہ چہرے کے سارے عَیب و خوبیاں ظاہِر کر دیتا ہے ایسے ہی مسلمان اپنے مسلمان بھائی کے عَیب پر اسے مُطّلَع کرتا رہے تاکہ وہ اپنی اِصلاح کرے۔ غرضکہ رُسوائی کرنا مَـمْنُوع ہے اِصلاح کرنا ثواب۔ حضرت عمر رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہ فرماتے تھے کہ اللہ اس پر رَحْم کرے جو مجھے میرے عُیُوب پر مُطّلَع کرے۔عُیُوب فرما کر بتایا کہ ہمارا نَفْس عیبوں کا سرچشمہ ہے یا یہ مَطْلَب ہے کہ مسلمانوں کو چاہیے کہ ان مومنوں کے پاس بیٹھا کریں جن کے ذریعہ انہیں اپنے عُیُوب پر اِطِّلَاع ہو۔آئینہ اس لیے دیکھتے ہیں کہ اپنے چہرے کے چھوٹے بڑے داغ دھبے نَظَر آجاویں۔ طبیب کے پاس اسی لیے جاتے ہیں کہ وہاں عِلاج ہو جاوے ایسے مومنوں کی صُحْبَت اکسیر ہے۔اس لیے صُوْفِیا فرماتے ہیں کہ ہمیشہ اپنے مُریدوں(اور) اپنے شاگردوں کے پاس نہ بیٹھو جو ہر وَقْت تمہاری تعریفیں ہی کرتے ہیں بلکہ کبھی کبھی اپنے مُرشِدوں اپنے اُستادوں اپنے بزرگوں کے پاس بھی بیٹھو جہاں تمہیں اپنی کمتری نَظَر آوے۔ہاتھی پہاڑ کو دیکھ کر اپنی حقیقت کو پہچانتا ہے، ہمیشہ حُضُور صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّم کی عظمتوں میں غور کیا کرو تاکہ اپنی گنہگاری اپنی کمتری مَحْسُوس ہوتی رہے۔مُـحَقِّقِین صُوفِیا اس حدیث کے یہ معنیٰ کرتے ہیں کہ مومِن جب کسی مسلمان میں عیب دیکھے تو سمجھے کہ یہ عیب مجھ میں ہے جو اس کے اندر مجھے نَظَر آرہا ہے جیسے آئینہ میں اپنے جو داغ دھبے نظر آتے ہیں وہ اپنے چہرے کے ہوتے ہیں نہ کہ آئینہ کے۔ یہ معنیٰ نِہَایَت عارِفانہ ہیں۔اس لیے اگر خواب میں حُضُور اَنْوَر (صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم)کی زِیَارَت ہو مگر شَکْل مُبارَک یا لِباس خوشنما نہ ہو تو سمجھ لو کہ ہمارا اپنے دِل کا حال خراب ہے اِصلاح کرو۔[2]
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع