30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
تحقیق کی تو انہیں پتا چلا کہ وہ شخص جو فقیہ بن کر آیا تھا اس کا معمول تھاکہ وہ دورانِ تکرار قبلہ رو ہوکر بیٹھا کرتا تھا جبکہ وہ شخص جو علم وکمال سے عاری تھا وہ قبلہ کی طرف پیٹھ کر کے بیٹھا کرتا تھا۔ اس کے بعد تمام فقہا اورعُلما اس بات پرمتفق ہوئے کہ یہ شخص استقبالِ قبلہ کی برکت سے فقیہ بَناکیونکہ بیٹھتے وقت قبلہ رو ہوکر بیٹھنا سنت ہے ۔ نیز یہ بھی ہوسکتاہے کہ یہ مسلمانوں کی دعاؤں کا اثرہوکہ کوئی بھی شہر متقی اورپرہیزگارلوگوں سے خالی نہیں ہوتا، ہوسکتا ہے کہ ان نیک بندوں میں سے کسی نے ا س طالب علم کے لئے دعا کی ہو۔ لہٰذا ایک طالب علم کے لئے ضروری ہے کہ آداب وسنن کے بارے میں سستی سے کام نہ لے کیونکہ جو شخص آداب میں سستی کرتاہے سنتوں سے محروم ہوجاتاہے ۔ جو سنتوں کے معاملہ میں سستی سے کام لیتاہے اندیشہ ہے کہ وہ فرائض سے محروم ہو جائے اور جو بدنصیب فرائض میں سستی کرتاہے وہ آخرت میں محروم رہ جاتاہے ۔ اس لئے ایک طالب علم کو چاہیے کہ کثرت سے نوافل پڑھا کرے اورنماز پڑھتے وقت خشوع وخضوع کا لحاظ رکھے کیونکہ یہ چیزیں اس کے لئے تحصیل علم میں معاون ثابت ہوں گی۔
شیخ جلیل حضرت سیِّدُنانجم الدین عمر بن محمد نسفی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللّٰہِ الْقَوِیاپنے اشعار میں فرماتے ہیں :
کُنْ لِّلْاَوَامِرِوَالنَّوَاھِی حَافِظًا وَعَلَی الصَّلَاۃِ مُوَاظِبًاوَّمُحَافِظًا
وَاطْلُبْ عُلُوْمَ الشَّرْعِ وَاجْھَدْ وَاسْتَعِنْ بِالطَّیِّبَاتِ تَصِرْفَقِیْھًاحَافِظًا
وَاسْأَلْ اِلٰھَکَ حِفْظَ حِفْظِکَ رَاغِبًا فِیْ فَضْلِہٖ فَاللّٰہُ خَیْرٌحَافِظًا
ترجمہ : (۱)…اوامر ونواہی کے پابند ہوجاؤ نماز کی پابندی اورحفاظت کرو۔
(۲)…علم دین کو خوب محنت ولگن سے حاصل کرو اس سلسلے میں نیک اعمال سے مدد بھی لیتے رہوتا کہ تم ایک بڑے فقیہ بن سکو۔
(۳)… اللہ عَزَّ وَجَلَّ کا فضل چاہتے ہوئے اس سے اپنی قوت حافظہ کی حفاظت کا سوال کرتے رہو اللہ عَزَّ وَجَلَّ بہتر حفاظت فرمانے والا ہے ۔
حضرت سیِّدُناشیخ نجم الدین عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللّٰہِ الْمُبِیْنہی کے یہ اشعار بھی ہیں :
اَطِیْعُوْاوَجِدُّوْاوَلَا تَکْسَلُوْا وَاَنْتُمْ اِلٰی رَبِّکُمْ تَرْجِعُوْنَ
وَلَا تَہْجَعُوْافَخِیَارُالْوَرٰی قَلِیْلا مِّنَ اللَّیْلِ مَا یَھْجَعُوْنَ
ترجمہ : (۱)…فرمانبردار رہو اورمحنت کرتے رہو ، سستی سے کام مت لو، کہ تمہیں ایک دن اپنے رب عَزَّ وَجَلَّ کی طرف ضرورلوٹنا ہے۔
(۲)…راتوں کو سونا چھوڑدو ، مخلوق میں سے بہتر وہ ہے جو راتوں کو بہت کم سوتاہے ۔
ایک طالب علم کو چاہیے کہ ہر وقت کتابیں اپنے ساتھ رکھے تاکہ وقت فرصت ان کا مطالعہ کیا جاسکے ۔ کسی دانا کا قول ہے :
مَنْ لَّمْ یَکُنْ لَّہٗ دَفْتَرٌ فِی کُمِّہٖ لَمْ تَثْبُتِ الْحِکْمَۃُ فِی قَلْبِہٖ
ترجمہ : جس کی بغل میں ہروقت کتاب نہ ہواس کے قلب میں حکمت ودانائی راسخ نہیں ہو سکتی۔
مناسب یہ ہے کہ کاپی بھی پاس رکھے جو مفید بات سنے لکھ لے اورساتھ میں قلمدان بھی رکھے تاکہ سنی ہوئی خاص باتیں لکھنے میں دقت نہ ہوجیسا کہ اوپر حضرت سیِّدُناہلال بن یسار رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہ کی حدیث میں گزرا۔
قوت حافظہ کو بڑھانے والی اَشیاء کا بیان
محنت وپابندی کرنا، کم کھانا، نمازِتہجداداکرنااور قرآن پاک کی تلاوت کرنا حافظہ مضبوط کرنے کے اسباب میں سرفہرست ہیں ۔ کہاگیا ہے کہ’’ قرآن پاک کو دیکھ کر پڑھنے سے زیادہ کوئی اور چیز قوت حافظہ کو تیز نہیں کرتی۔‘‘ویسے بھی قرآن پاک دیکھ کر پڑھنا ہی افضل ہے ۔
حضرت سیِّدُناشداد بن حکیم عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللّٰہِ الْکَرِیْمنے اپنے ایک رفیق کو خواب میں دیکھ کر پوچھاکہ’’تم نے سب سے زیادہ نفع بخش کس چیز کو پایا۔‘‘تو انہوں نے فرمایاکہ’’قرآن پاک کودیکھ کر پڑھنا ۔‘‘
طالب علم کو چاہیے کہ جب کتاب اٹھائے تو یہ وظیفہ پڑھے :
بِسْمِ اللّٰہِ وَ سُبحٰنَ اللّٰہِ وَالْحَمْدُلِلّٰہِ وَلَااِلٰہَ إِلاَّاللّٰہُ وَاللّٰہُ اَکْبَرُوَلَاحَوْلَ وَلَاقُوَّۃَ اِلاَّبِاللّٰہِ الْعَلِیِّ الْعَظِیْمِ الْعَزِیْزِعَدَدَکُلِّ حَرْفٍ کُتِبَ وَیُکْتَبُ اَبَدَالآبِدِیْنَ وَدَھْرَالدَّاھِرِیْنَ۔
ہرنماز کے بعد یہ وظیفہ پڑھنا چاہییے :
آمَنْتُ بِاللّٰہِ الْوَاحِدِالْاَحَدِالْحَقِّ وَحْدَہٗ لَاشَرِیْکَ لَہٗ وَکَفَرْتُ بِمَاسِوَاہٗ۔
طالب علم کو چاہیے کہ رسولِ اَکرم، شاہ ِبنی آدم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم پر کثرت سے درود پاک پڑھا کرے کہ بے شک آپصَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم رَحْمَۃٌ لِّلْعٰلَمِیْن ہیں ۔
ایک شاعر(حضرت سیِّدُنااِمام شافعی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللّٰہِ الْکَافِی )فرماتے ہیں :
شَکَوْتُ اِلٰی وَکِیْعٍ سُوْئَ حِفْظِی فَأَرْشَدَنِیْ اِلٰی تَرْکِ الْمَعَاصِی
فَاِنَّ الْحِفْظَ فَضْلٌمِّنْ اِلٰھِی وَفَضْلُ اللّٰہِ لَایُھْدٰی لِعَاصِی
ترجمہ : (۱)…میں نے اپنے استاذسیِّدُناوکیع عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللّٰہِ الْبَدِیْع سے ضعف حافظہ کی شکایت کی توانہوں نے مجھے گناہوں سے اِجتناب کرنے کی ہدایت کی ۔
(۲)…بے شک قوت حافظہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی طرف سے ایک فضل ہے اور اللہ عَزَّ وَجَلَّ کا یہ فضل(قوت حافظہ) گنا ہوں کا عادی نہیں پا سکتا۔
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع