30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
غنیمت جانتے ہوئے ان سے فائدہ اٹھائے۔ حضرت سیِّدُنا یحییٰ بن معاذ رازی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللّٰہِ الْوَالِی فرماتے ہیں : ’’اَللَّیْلُ طَوِیْلٌ فَلَا تُقَصِّرْہُ بِمَنَامِکَ وَالنَّھَارُمُضِیْئٌ فَلاَ تُکَدِّرْہٗ بِآثَامِکَ۔یعنی : طویل راتوں کو سو سو کر ضائع مت کرو اور روشن دن کو اپنے گناہوں کے میل سے میلا مت بناؤ۔‘‘
ایک طالب علم کوچاہیے کہ بزرگوں کی صحبت کو غنیمت سمجھے اور ان سے اِستفادہ کرتارہے کیونکہ جو چیز چھوٹ جائے وہ پھر حاصل نہیں ہوتی۔جیساکہ ہمارے استاذِ محترم صاحب ہدایہ شیخ الاسلام حضرت سیِّدُنابرہان الدین عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللّٰہِ الْمُبِیْن عاجزاً اسی بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرماتے ہیں کہ’’ میں نے بہت سے بزرگوں کا زمانہ پایا مگر افسوس کہ میں ان سے اِستفادہ نہ کرسکا۔‘‘
اِستفادۂ خیر کے فوت ہونے پر میں نے بھی یہ شعر لکھا ہے :
لَھَفِیْ عَلٰی فَوْتِ التَّـلَاقِیْ لَھْفًا مَاکُلُّ مَافَاتَ وَیَفْنٰی ویُلْفٰی
ترجمہ : افسوس!بزرگوں کی صحبت کے چھوٹ جانے پر صدافسوس!ہر وہ چیز جو ختم ہو جائے وہ پھر نہیں ملتی۔
امیرالمؤمنین حضرت سیِّدُناعلی المرتضیٰ کَرَّمَ اللّٰہُ تَعَالٰی وَجْہَہُ الْکَرِیْم فرماتے ہیں کہ’’جب کسی کام میں لگ جاؤ تو پھر اس میں ایسے مگن ہو جاؤ کہ بس ہر وقت اسی کے حصول میں کوشاں رہو۔دنیا وآخرت کی رسوائی کے لئے علمِ دین سے اِعراض کرنا ہی کافی ہے۔ لہٰذادن رات اس بات سے اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی پناہ مانگنی چاہیے ۔
ایک طالبِ علم کو راہِ علم دین میں آنے والے مصائب اورذلتوں کو بھی خندہ پیشانی سے برداشت کرنا چاہیے۔خوشامد وچاپلوسی بے شک ایک مذموم چیزہے۔ لیکن اگر طلب علم کے لئے خوشامد سے کام لینا پڑے تو کوئی حرج نہیں کہ بعض اوقات طالب علم کو اپنے اساتذہ وشرکاکی خوشامد بھی کرنی پڑتی ہے۔
کہا جاتاہے کہ :
اَلْعِلْمُ عِزٌّ لَاذُلَّ فِیْہِ وَلَایُدْرَکُ اِلاَّبِذُلٍّ لَاعِزَّفِیْہِ
ترجمہ : علم ایک ایسی عزت ہے کہ جس میں کوئی ذلت نہیں اورہر عزت ذلت اٹھانے کے بعد ہی ملتی ہے ۔
ایک شاعر کہتاہے :
أَرَی لَکَ نَفْسًاتَشْتَھِی أََنْ تُعِزَّھَا فَلَسْتَ تَنَالُ الْعِزَّحَتّٰی تُذِلَّھَا
ترجمہ : میں دیکھتاہوں کہ تیرا ایک نفس ہے تیر ی خواہش ہوتی ہے کہ تو اسے باعزت رکھے مگر تو اس وقت تک عزت حاصل نہیں کرسکتاجب تک تو اپنے نفس کو ذلیل نہ کرے ۔
دورانِ تعلیم اہمیت ِپرہیز گاری کا بیان
بعض بزرگ رَحِمَہُمُ اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِمْ اَجْمَعِیْن اس موضوع پررحمتِِ عالَم، نُورِمُجسَّم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم سے ایک حدیث نقل کرتے ہیں کہ آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا : ’’مَنْ لَمْ یَتَوَرَّعْ فِی تَعَلُّمِہِ ابْتَـلَاہُ اللّٰہُ تَعَالٰی بِاَحَدِثَـلَا ثَۃِ اَشْیَائٍ اِمَّا اَنْ یُّمِیْتَہُ فِیْ شَبَابِہٖ اَوْ یُوْقِعَہٗ فِی الرَّسَاتِیْقِ اَوْ یَبْتَلِیَہٗ بِخِدْمَۃِ السُّلْطَانِ۔یعنی : جو طالب علمی کے زمانے میں پرہیزگاری اختیار نہیں کرتا اللہ عَزَّ وَجَلَّ اسے تین اشیاء میں سے کسی ایک میں مبتلا فرمادیتاہے یا تو اسے جوانی میں موت دیتاہے یا پھر وہ باوجود علم ہونے کے قریہ بہ قریہ مارامارا پھرتاہے یا پھر وہ ساری عمر حکمرانوں کی غلامی کرتا رہتاہے ۔‘‘
الغرض طالب علم جتنا زیادہ پرہیزگار ہوتاہے اس کا علم بھی اسی قدر نفع بخش ہوتاہے اوراسی قدر اس کے لئے علم کا حصول آسان ہوجاتاہے اوراس علم کے ثمرات وفوائد بھی خوب ظاہر ہوتے ہیں ۔ ایک طالب علم کے لئے سب سے بڑی پرہیزگاری کی بات تو یہ ہے کہ اسے کثرت طعام ، کثرتِ منام اورکثرتِ کلام سے اِجتناب کرنا چاہیے ۔ نیز ایک طالب علم کو اگر ممکن ہوتو غیر مفید اوربازاری کھانے سے بھی پرہیز کرناچاہیے کیونکہ بازاری کھانا انسان کو خیانت وگندگی کے قریب اور اللہ عَزَّ وَجَلَّ کے ذکر سے دور کردیتاہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ بازار کے کھانوں پر غربا اور فقرا کی نظریں بھی پڑتیں ہیں اور وہ اپنی غربت وافلاس کی بِنا پر جب اس کھانے کو نہیں خرید سکتے تو وہ دل آزردہ ہوجاتے ہیں اوریوں اس کھانے سے برکت اٹھ جاتی ہے ۔
منقول ہے کہ اِمامِ جلیل حضرت سیِّدُنامحمد بن فضل رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہ نے دورانِ تعلیم کبھی بھی بازار سے کھانانہیں کھایا ان کے والد صاحب گاؤں میں رہا کرتے تھے اور وہ ہر جمعہ کو ان کے لئے کھانا تیار کرکے لے آتے تھے ۔ایک مرتبہ جب وہ کھانا تیار کر کے لے کر آئے تو انھوں نے ان کے کمرے میں بازار کی روٹی رکھی دیکھی۔یہ دیکھتے ہی غصے سے لا ل پیلے ہو گئے اور اپنے لڑکے سے بات تک نہیں کی۔ صاحبزادے نے معذرت کرتے ہوئے عرض کی کہ’’یہ روٹی بازار سے میں خرید کر نہیں لایاہوں بلکہ میرا رفیق میری رضا مندی کے بغیر خرید کر لایا تھا۔‘‘ ان کے والدصاحب نے یہ سن کر ان کو ڈانٹتے ہوئے فرمایا : ’’اگر تمہارے اندر تقوی وپرہیز گاری کی صفت ہوتی تو تمہارے دوست کو بھی یہ جرأت کبھی نہ ہوتی۔‘‘یہ عالَم ہوتاہے ہمارے بزرگان دین رَحِِمَہُمُ اللّٰہُ الْمُبِیْن کے تقوی کاتبھی تو یہ نفوسِ قدسیہ ہر دم علم کی نشر واِشاعت میں مصروف عمل رہے۔ ان کی انہی کاوشوں کی وجہ سے ان کا نام قیامت تک باقی رہے گا۔
ایک فقیہ زاہد نے ایک مرتبہ ایک طالب علم کو وصیت کرتے ہوئے فرمایا کہ ’’تجھ پر لازم ہے کہ غیبت سے بچتے رہو اورباتونی طلبہ کے ساتھ بیٹھنے سے پرہیز کرو کیونکہ جو فضول کلام زیادہ کرتاہے وہ یقیناتیری عمر کو برباد اورتیرے اوقات کو ضائع کردے گا۔‘‘
نیز پرہیزگاری کے کاموں میں سے ایک یہ بھی ہے کہ جھگڑالو ، عصیاں شعار اوربے کار افراد کی صحبت سے بچا جائے اورنیک لوگوں کی صحبت کو اختیار کیا جائے کہ صحبت ایک دن ضروررنگ لاتی ہے ۔ اسی طرح ایک طالب علم کو چاہیے کہ ہمیشہ قبلہ رو بیٹھے اورحضورنبی ٔ مُکَرَّم، نُورِمُجسَّمصَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کی سنتوں پر سختی سے عمل کرے ۔ لوگوں کی دعاؤں کو غنیمت سمجھے اورمظلوم کی بددعا سے ہمیشہ اپنے آپ کو بچائے ۔
منقول ہے کہ دو طالب علم، طلب علم کے لئے پردیس گئے۔دوسال تک دونوں ہم سبق رہے۔ دو سال کے بعد جب وہ اپنے شہر واپس لوٹے تو ان میں سے ایک تو فقیہ بن چکا تھا جبکہ دوسرا علم وکمال سے خالی تھا ۔ اس شہر کے عُلمااورفقہانے اس بارے میں خوب غوروخوض کیا اورانہوں نے ان دونوں کے حصول علم کے طریقۂ کار، اندازِ تکرار اور بیٹھنے کے اطوار وغیرہ کے بارے میں
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع