30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
اللہ عَزَّ وَجَلَّ نے ناپسندیدگی کا خیر کے ساتھ اور پسندیدگی کا شَر کے ساتھ قرآن میں کچھ یوں تذکرہ فرمایا ہے:
وَ عَسٰۤى اَنْ تَكْرَهُوْا شَیْــٴًـا وَّ هُوَ خَیْرٌ لَّكُمْۚ-وَ عَسٰۤى اَنْ تُحِبُّوْا شَیْــٴًـا وَّ هُوَ شَرٌّ لَّكُمْؕ-(پ ۲، البقرة:۲۱۶)
ترجمۂ کنز الایمان:اور قریب ہے کہ کوئی بات تمہیں بُری لگے اور وہ تمہارے حَق میں بہتر ہو اور قریب ہے کہ کوئی بات تمہیں پسند آئے اور وہ تمہارے حَق میں بُری ہو۔
صبر کی حَد یعنی اس کی اِبْتِدَا اِخْلَاص کی اِبْتِدَا کی طرح فَرْض ہے۔
جس کے پاس کوئی حیلہ نہ ہو صَبْر اس کے لیے حیلہ ہے، کیونکہ جب آپ کا مُعامَلہ کسی دوسرے کے ہاتھ
میں ہو تو صَبْر کے سِوا کوئی چارہ نہیں اور اسی طرح اگر آپ کسی شے کے مُحتَاج ہوں مگر وہ تھوڑی تھوڑی کر کے آپ کو ملے تو اس صُورَت میں بھی صَبْر کے سوا کوئی چارہ نہیں ورنہ یہ تھوڑی مِقْدَار بھی خَتْم ہو سکتی ہے۔
صَبْر کی کمی کی اَصْل وجہ یہ ہے کہ بندہ جس ہستی کے لیے صَبْر کرتا ہے اس سے مِلنے والی بہترین جزا پر اس کا یقین کمزور ہوتا ہے۔ اس لیے کہ اگر اس کا یہ یقین مَضْبُوط ہو کہ اسے آخِرَت میں مِلنے والا اَجَر و ثواب بَہُت جَلْد مِلنے والا ہے کیونکہ جس ہستی نے یہ وعدہ فرمایا ہے وہ اپنے وعدے میں سچّی ہے تو اس عَطا و بخشش پر قَوِی اِعْتِماد کے سَبَب اس کا صبر عُمدہ ہو جائے۔
بندہ صِرف دو۲صُورَتوں میں صبر کرتا ہے:
٭… (صَبْر پر ملنے والے) اجرو ثواب کے مُشاہَدے کے سَبَب ۔ اس کا دَرَجَہ دونوں صورتوں میں کم تر ہے اور یہ مومنین کا حال جبکہ اَصحابِ یمین کا مَقام ہے۔
٭… (صبر پر) اَجَر و ثواب دینے والی ہستی کی جانِب دیکھنے کے سَبَب۔ یہ اَصحابِ یقین کا حال اور مُقرّبین کا مَقام ہے۔
پس جس نے جزا کا مُشاہَدہ کیا تو وہ ضَرور صَبْر کرے گا اور جس نے جزا دینے والے کی جانِب دیکھا تو اس کا یہ دیکھنا اسے صَبْر پر آمادہ کر دے گا۔
عارِفین کی نظر میں صبرکے درجات
بعض عارِفین رَحِمَہُمُ اللہ الْمُبِین کی نظر میں صَبْر کے تین۳دَرَجات ہیں اور یہ دَرَجات تین۳قسم کے مَقام والے لوگوں میں پائے جاتےہیں:(1)… شِکوہ نہ کرنا، یہ تائبین کا دَرَجَہ ہے۔
(2)… تقدیر میں جو لکھ دیا گیا ہے اس پر راضی رہنا، یہ زاہِدین کا دَرَجَہ ہے۔
(3)… اللہ عَزَّ وَجَلَّ جس حال میں رکھے اسے پسند کرنا، یہ صَادِقین کا دَرَجَہ ہے۔
صبر کی تین۳قسمیں
مُتَقَدِّمِیْن سَلَف صالحین رَحِمَہُمُ اللہ الْمُبِین نے صَبْر کی تین۳قسمیں بیان کی ہیں۔ چنانچہ حضرت سَیِّدُناامام حسن بصری عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللہ ِالْقَوِی اور دیگر بُزرگانِ دین رَحِمَہُمُ اللہ الْمُبِین سے مَرْوِی ہے کہ صَبْر کی تین۳ قسمیں ہیں: (1 ) مَعْصِیَّت سے (بچنے پر)صبر کرنا (2 ) طاعَت پر صبر کرنا اور (3 ) مَصَائِب میں صبر کرنا۔ جبکہ ان تینوں میں اَفضل پہلی قسم ہے۔ ابھی تک ہم نے صَبْر کے جس قَدْر مَفاہیم کو ذِکْر کیا ہے بزرگانِ دین رَحِمَہُمُ اللہ الْمُبِین کی بیان کردہ یہ اَقسام سب کو شامِل ہیں۔ چنانچہ اسے مُـجْمَل بیان کرنا ہو تو کچھ یوں کہہ سکتے ہیں کہ صَبْر فَرْض بھی ہے اور فضیلت کا باعِث بھی اور یہ بات مَعْرِفَتِ اَحْکام سے ہی جانی جا سکتی ہے۔ لہٰذا جب بھی کوئی مُعامَلہ درپیش ہو تو اس (کو بجا لانے)پر یا اس سے (بچنے پر)صبر کرنا فَرْض ہوتا ہے مگر جو مُعامَلہ مُسْتَحَب ہو اور اس میں ترغیب دلائی گئی ہو تو اس کے کرنے پر صَبْر کرنا یا اس سے بچنے میں صَبْر کرنا باعِثِ فضیلت ہے۔
برداشت حقیقی صَبْر نہیں بلکہ یہ تو ایک مُجاہَدہ ہے جو نفس کو صَبْر پر اُبھارتا ہے اور اسے اس کی ترغیب دِلاتا ہے، مُراد یہ ہے کہ یہ تو صَبْر کےحُصُول کے لیے مَحْض کوشِش کرنا ہے جبکہ صَبْر کرنے والے کے لیے بتکلّف صَبْر کی کوشِش کرنا بتکلّف زُہْد اپنانے یعنی زُہْد کے حُصُول کے لیے زُہْد کے اَسباب پر عَمَل کرنے کے مُتَرَادِف ہے۔
نفس کی کراہت صبر کے منافی نہیں
صَبْر، صَبْر کے وَصْف سے ہی ثابِت ہوتا ہے اور یہ ایک مَقام ہے۔ نَفْس کی کراہت بندے کو صَبْر کی حُدُود سے خارِج کرتی ہے نہ درد و اَلَم کے پائے جانے پر بندہ صَبْر کی حُدود سے خارِج ہوتا ہے، بلکہ وہ پھر بھی صابِر ہی رہتا ہے کیونکہ یہ بَشَرِی اَوصاف ہیں جو صبر کے مُنافی نہیں۔ البتہ! بندے کی حالَت یہ ہونی چاہئے کہ اس کی زبان پر شِکوہ آئے نہ وہ اپنے آقا کے حکْم پر کسی قسم کی ناراضی کا اِظْہَار کرے کیونکہ ان دونوں باتوں کا نہ ہونا رضا اور تَوَکّل کی حقیقت ہے اور یہ دونوں یقین کے اعلیٰ مَقامات ہیں۔
مَراتبِ یقین کے فُقْدَان سے بندہ صبر کی حُدُود سے خارِج نہیں ہوتا بلکہ جو چیزیں بندے کو صبر کی حُدُود سے خارِج کرتی ہیں وہ صبر کی ضِد ہیں: یعنی ٭ جَزَع فَزَع کا مُظاہَرہ ٭ عِلْم کی حُدُود سے تَجاوُز ٭ اَحْکامِ باری تعالیٰ پر ناراضی کا اِظْہَار٭ شِکوہ و شِکایَت کی کَثْرَت اور٭ اِظْہَارِ مَذمَّت۔
صَبْر کی کوشِش کرنے پر نفس کا رِیَاضَت کرنا بتکلّف صَبْر کرنے والوں کا مَقام اور کمزور مُریدوں کا حال ہے، کیونکہ جب نَفْسِ اَ مّارہ آپ کو فُضول شہوات کی جانِب مائل کرے یا بُری عادات اپنانے کے لیے آپ سے جھگڑا کرے تو آپ کو چاہئے کہ اسے ہر قسم کی خواہش کی تکمیل سے روکیں تا کہ حاجَت سے روکنا اور ضَروری خواہشات کا نہ پایا جانا غیر ضَروری خواہشات کے مُطالَبے سے بھی نَفْس کو باز رکھے، پس جب آپ نَفْس کو اس کی حاجَت پوری نہ کرنے پر راضی کر لیں گے، صَبْر کی کوشِش کے ذریعے اسے اس کی جائز و پسندیدہ شے سے روک دیں گے تو یہ آپ کی خاطِر فُضُول شہوت سے منہ مَوڑ کر صَبْر پر آمادہ ہو جائے گا اور جَلْد حاصِل ہونے والی کسی مُباح شے کے عِوْض شہوت کو چھوڑ دے گا اور اس طرح اس کا شُمار بھی صابِرین میں ہونے لگے گا کیونکہ آپ نے اسے فاقہ پانے سے روکا، نیز یہ غِذائی حاجَت پانے میں طَمَع رکھتے ہوئے اپنی نفسانی خواہشات کو بھی چھوڑ دے گا۔ سرکش نُفُوس کی رِیَاضَت و مشق(یعنی
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع