30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
یہ (یعنی اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی دوستی کا شَرَف پانا )توبہ کرنے والوں کی صِفَت ہے جو توبہ کے ذریعے ہی حاصِل ہو سکتی ہے اور (جب بندہ توبہ کر لیتا ہے تو) اللہ عَزَّ وَجَلَّ کا محبوب بن جاتا ہے جیسا کہ فرمانِ باری تعالیٰ ہے:
اِنَّ اللّٰهَ یُحِبُّ التَّوَّابِیْنَ (پ ۲، البقرة: ۲۲۲) ترجمۂ کنز الایمان:بے شک اللہ پسند رکھتا ہے بَہُت توبہ کرنے والوں کو۔
مراد یہ ہے کہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ انہی لوگوں کو اپنی دوستی کا شَرَف عَطا فرماتا ہے جو اپنی نفسانی خواہشات کو تَرْک کر کے اس کی بارگاہ میں رُجُوع کرتے ہیں اور رَضائے اِلٰہی کی خاطِر ناپسندیدہ باتوں اور کاموں سے پاک
رہتے ہیں۔ چنانچہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ کے پیارے حبیب صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کا بھی فرمانِ عالیشان ہے کہ توبہ کرنے والا اللہ عَزَّ وَجَلَّ کا دوست ہے۔[1]
حضرت سَیِّدُنا ابو محمد سَہْل تُسْتَری عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللہ ِالْقَوِی سے عَرْض کی گئی:توبہ کرنے والا بندہ کب اللہ عَزَّ وَجَلَّ کا دوست بنتا ہے؟ تو آپ رَحْمَۃُ اللہ ِتَعَالٰی عَلَیْہ نے اِرشَاد فرمایا:اس وَقْت جب وہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ کے اس فرمان کے مُطابِق بن جائے : (اَلتَّآىٕبُوْنَ الْعٰبِدُوْنَ الْحٰمِدُوْنَ السَّآىٕحُوْنَ(پ ۱۱، التوبة:۱۱۲))[2] اس کے بعد آپ رَحْمَۃُ اللہ ِتَعَالٰی عَلَیْہ نے اِرشَادفرمایا:حبیب کوئی ایسا کام نہیں کرتا جو اس کے مَحْبُوب کو پسند نہ ہو۔
حضرت سَیِّدُنا ابو محمد سَہْل تُسْتَری عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللہ ِالْقَوِی فرماتے ہیں: توبہ اس وَقْت تک دُرُسْت نہیں ہو سکتی جب تک کہ بندہ نیکیوں (یعنی ان کی اَدَائیگی میں ہونے والی کوتاہیوں)سے توبہ نہ کر لے۔
کسی عارِف کا قول ہے کہ عام لوگ اپنے گناہوں سے توبہ کرتے ہیں جبکہ صوفی حَضْرات اپنی نیکیوں سے توبہ کرتے ہیں یعنی جب وہ اپنی نیکیوں کو بارگاہِ خداوندی میں پیش ہوتے ہوئے دیکھتے ہیں تو اس مُعامَلے کو عظیم جانتے ہوئے نیکیوں کے بجا لانے میں اپنی کوتاہی کو تسلیم کر کے توبہ کرنے لگتے ہیں۔
توبہ کے بغیر اعمال دُرُسْت نہیں
حضرت سَیِّدُنا ابو محمد سَہْل تُسْتَری عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللہ ِالْقَوِی فرمایا کرتے کہ توبہ سب سے اَفضل عَمَل ہے کیونکہ اس کے بغیر اَعمال دُرُسْت نہیں۔ نیز توبہ کے دُرُسْت ہونے کے لیے یہ بھی ضَروری ہے کہ بندہ بَہُت سے حَلال کام اس خَدْشَہ کے پیشِ نظر چھوڑ دے کہیں ان کی وجہ سے وہ کسی حَرام کام کا مُرْتکِب نہ ہو جائے۔
اِسْتِغفار توبہ کرنے والوں کی غِذا اور گناہ گاروں کی پناہ گاہ ہے۔ چنانچہ اَصْدَقُ الْقَائِلین یعنی اللہ عَزَّ وَجَلَّ کا فرمانِ عالیشان ہے:
اِسْتَغْفِرُوْا رَبَّكُمْ ثُمَّ تُوْبُوْۤا اِلَیْهِ(پ ۱۲، ھود:۵۲)
ترجمۂ کنز الایمان:اپنے رب سے مُعافی چاہو پھر اس کی طرف رُجُوع لاؤ۔
ایک مَقام پر ہے:
اَفَلَا یَتُوْبُوْنَ اِلَى اللّٰهِ وَ یَسْتَغْفِرُوْنَهٗؕ-(پ ۶، المآئدة:۷۴)
ترجمۂ کنز الایمان:تو کیوں نہیں رُجُوع کرتے اللہ کی طرف اور اس سے بخشش مانگتے۔
(صَاحِبِ کِتاب اِمامِ اَجَلّ حضرت سَیِّدُنا شیخ ابُو طالِب مکّی عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللہ ِالْقَوِی فرماتے ہیں)یہاں پہلی آیتِ مُبارَکہ میں اِسْتِغفار کے ساتھ توبہ کا آغاز فرمایا اور دوسری آیتِ مُبارَکہ میں توبہ کے بعد اِسْتِغفار کا تذکرہ فرمایا۔ چنانچہ گناہوں کی مَوجُودَگی میں اِسْتِغفار سے مُراد اللہ عَزَّ وَجَلَّ سے پردہ پوشی کا سوال کرنا ہے جبکہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ کا اپنے بندے کو اس کی گناہ کی حَالَت میں مُعاف فرمانے سے مُراد یہ ہے کہ وہ اس کی پردہ پوشی کے ساتھ ساتھ اس سے دَرْگُزَر بھی فرمائے (اور فوری سزا نہ دے)۔
مَنْقُول ہے کہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ نے دنیا میں اپنے بندے کے جس گناہ کی پردہ پوشی فرمائی تو آخِرَت میں بھی اسے مُعاف فرما دے گاکیونکہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ اس سے بڑھ کر کریم ہے کہ اس نے جس گناہ کی دنیا میں پردہ پوشی فرمائی آخِرَت میں اسے ظاہِر فرما دے۔ نیز بندے کے جس گناہ کو اللہ عَزَّ وَجَلَّ نے دنیا میں ظاہِر فرمایا تو اس گناہ کو ہی اس کی اُخروی سزا بھی بنا دے گا کیونکہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ اس بات سے بڑھ کر کرم والا ہے کہ بندے کو دُہری سزا دے۔امیر المومنین حضرت سَیِّدُناعلی المرتضیٰ کَرَّمَ اللہ تَعَالٰی وَجْہَہُ الْکَرِیْماور حضرت سَیِّدُناعبداللہ بن عبّاس رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُمَا ودیگر کئی صحابہ کرام عَلَیْہِمُ الرِّضْوَان سے اس قسم کی روایات مَرْوِی ہیں۔
توبہ کے بعد اِسْتِغفار سے مُراد یہ ہے کہ بندہ اپنے پروردگار عَزَّ وَجَلَّسے گناہوں کے مُوَاخذے پر مُعافی کا سُوال کرے اور توبہ کے بعد اللہ عَزَّ وَجَلَّ کا اپنے بندے کی مَغْفِرَت فرمانے سے مُراد یہ ہے کہ وہ اس کی خَطاؤں کو مِٹا دے اور اس پر اپنے عَفْو و کرم کی اِنتِہا فرما دے یعنی اس کی بُرائیوں کو نیکیوں میں بدل دے جیسا کہ حدیثِ پاک میں ہے کہ بندہ جب اپنے رب عَزَّ وَجَلَّ کی بارگاہ میں عَرْض کرتا ہے:یَا کَرِیْمَ الْعَـفْوِ! تو اس سے مُراد یہ ہوتی ہے کہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ اپنی رحمتِ کامِلہ کے صَدْقے اس کے گناہ مُعاف فرما کر اپنے کَرَم سے ان گناہوں کو نیکیوں میں بدل دے۔ چنانچہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ نے اپنے اس فرمان میں یہی حکْم دیا ہے:
فَاسْتَقِیْمُوْۤا اِلَیْهِ وَ اسْتَغْفِرُوْهُؕ-(پ ۲۴، حٰم السجدة:۶)
ترجمۂ کنز الایمان:تو اس كے حُضور سیدھے رہو اور اس سے مُعافی مانگو۔
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع