30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
بُخار میں مبتلا رہنے کی دُعا کی تھی۔
اسی طرح مَرْوِی ہے کہ جب سرورِ کائنات ، فَخْرِ مَوجُودات صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے اِرشَاد فرمایا کہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ جس بندے کی دونوں آنکھیں لے لیتا ہے تو اس کےلئے جنّت سے کم ثواب پر راضی نہیں ہوتا۔[1] یہ سن کر کئی اَنصاری صحابَۂ کِرام عَلَیْہِمُ الرِّضْوَان نابینا ہونےکی تَمنّا کرنے لگے۔
جب بُخار نے حُضُور نبی پاک، صاحبِ لَوْلاک صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کی خِدْمَت میں حاضِری کے لیے اِجازَت طَلَب کی تو آپ صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے اس سے اِرشَاد فرمایا:اہلِ قبا کی طرف جاؤ۔ [2]
(صَاحِبِ کِتاب اِمامِ اَجَلّ حضرت سَیِّدُنا شیخ ابُو طالِب مکّی عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللہ ِالْقَوِی فرماتے ہیں)آپ صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کا بُخار کو اپنے پاس آنے کی اِجازَت نہ دینا دَرْج ذیل فرمانِ باری تعالیٰ کی دو۲ صورتوں میں سے ایک صُورَت میں مَرْوِی ہے۔ جیسا کہ اِرشَادہوتا ہے:
فِیْهِ رِجَالٌ یُّحِبُّوْنَ اَنْ یَّتَطَهَّرُوْاؕ- (پ ۱۱، التوبة:۱۰۸)
ترجمۂ کنز الایمان:اس میں وہ لوگ ہیں کہ خوب ستھرا ہونا چاہتے ہیں۔
مُراد یہ ہے کہ وہ لوگ گناہوں کی بیماریوں سے صاف ستھرا ہونا چاہتے ہیں۔
جو مصیبت پر خوش نہ ہو، عالم نہیں
حضرت سَیِّدُنا عیسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام اِرشَاد فرماتے ہیں: وہ شخص عالِم نہیں ہو سکتا جو اپنے جِسْم اور مال پر آنے والی مصیبتوں سے خوش نہ ہو۔اس لیے کہ اس صُورَت میں اس کے گناہوں کے کفّارہ کی اُمِّید ہوتی ہے۔
کون کیسی بیماریوں سے آزمایا جاتا ہے؟
صِدِّیْقِین جسمانی بیماریوں سے آزمائے جاتے ہیں جبکہ مُنَافِقِین قلبی بیماریوں سے آزمائے جاتے ہیں، اس لیے کہ بندہ جسمانی بیماریوں میں مبتلا ہو کر کمزوری کے سَبَب گناہوں اور سرکشی سے مَحْفُوظ رہتا ہے جبکہ قلبی بیماریوں میں مبتلا ہو کر وہ اُخْرَوِی اَعمال اور یقین کی کمزوری کا شِکار ہو جاتا ہے۔ چنانچہ فرمانِ باری تعالیٰ ہے:
وَ اَسْبَغَ عَلَیْكُمْ نِعَمَهٗ ظَاهِرَةً وَّ بَاطِنَةًؕ-(پ ۲۱، لقمان:۲۰)
ترجمۂ کنز الایمان:اور تمہیں بھرپور دیں اپنی نعمتیں ظاہِر اور چھپی۔
ایک قول کے مُطابِق یہاں ظاہِری عَافِـیَّـتیں اور باطِنی اِبْتِلائیں مُراد ہیں ، کیونکہ یہ بھی اُخْرَوِی نعمتیں ہیں۔
مَرْوِی ہے کہ حضرت سیِّدُنا موسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام نے ایک شخص کو بڑی آزمائش میں مبتلادیکھاتو اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی بارگاہ میں عَرْض کی:اے میرے رب!اس پر رَحْم فرما۔ اللہ عَزَّ وَجَلَّ نے وَحِی فرمائی:جو رَحْم اس پر ہورہا ہے اس سے زیادہ اور کیسے رَحْم ہوگا۔(صَاحِبِ کِتاب اِمامِ اَجَلّ حضرت سَیِّدُنا شیخ ابُو طالِب مکّی عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللہ ِالْقَوِی فرماتے ہیں کہ)اسی مَفہوم میں فرمانِ باری تعالیٰ ہے:
وَ لَوْ رَحِمْنٰهُمْ وَ كَشَفْنَا مَا بِهِمْ مِّنْ ضُرٍّ لَّلَجُّوْا فِیْ طُغْیَانِهِمْ یَعْمَهُوْنَ(۷۵)(پ ۱۸، المؤمنون:۷۵)
ترجمۂ کنز الایمان:اور اگر ہم ان پر رَحْم کریں اور جو مصیبت ان پر پڑی ہے ٹال دیں تو ضَرور بھٹ پنا (اِحْسَان فراموشی) کریں گے اپنی سرکشی میں بہکتے ہوئے۔
اللہ عَزَّ وَجَلَّ نے یہاں یہ خَبَر دی ہے کہ ان پر رَحْمَت نہ کرنے کا سَبَب ان پر لُطْف و رَحْمَت ہی ہے۔
حضرت سَیِّدُنا عَبْدُ الْوَاحِد بِن زَید رَحْمَۃُ اللہ ِتَعَالٰی عَلَیْہ سے مَرْوِی ہے کہ آپ رَحْمَۃُ اللہ ِتَعَالٰی عَلَیْہ اپنے چند دوستوں کے ساتھ بصرہ کے اَطراف کی طرف نِکَل گئے، چلتے چلتے وہ ایک پہاڑی غار کے پاس پہنچے تو کیا دیکھتے ہیں کہ وہاں جُذام میں مبتلا ایک شخص ہے جس کے جِسْم سے پیپ اور کَچ لَہُو بہہ رہا تھا، انہوں نے اس شخص سے فرمایا:اے اللہ عَزَّ وَجَلَّ کے بندے! اگر تو بصرہ چلا جائے تو اس بیماری کا عِلاج کرا سکتا ہے۔ یہ سن کر اس شخص نے آسمان کی طرف اپنی نِگاہیں بُلَند کیں اور عَرْض کی: اے میرے مالِک !میرے کس گناہ کے سَبَب تو نے ان لوگوں کو مجھ پر مُسَلَّط فرما دیا ہے؟کہ یہ سب مل کر مجھے تجھ سے ناراض کرنا چاہتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ میں تیری قَضا کو ناپسند کروں۔ اے میرے مالِک!میں تجھ سے اپنے اس گناہ کی مُعافی مانگتا ہوں، تجھے حَق ہے کہ تو مجھ پر عِتاب فرمائے، میں کبھی اس گناہ کا اِعادہ نہ کروں گا۔ اس کے بعد اس شخص نے اپنا چہرہ دوسری طرف کر لیا، فرماتے ہیں کہ ہم نے اسے اس کے حال پر چھوڑ دیا اور واپَس لَوٹ آئے۔
آزمائش مرتبہ کے مُطابق ہوتی ہے
ایک رِوایَت میں ہے کہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ کے مَحبوب، دانائے غُیوب صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے اِرشَاد فرمایا:ہم اَنبیائے کِرام کا گِروہ سب سے زیادہ آزمائش میں مبتلا ہوتا ہے، اس کے بعد دَرَجَہ بَدَرَجَہ ہر شخص کا بَقَدْرِ اِیمان اِمْتِحَان لیاجاتا ہے۔ [3] اگر اس کا اِیمان سَخْت ہو تو آزمائش بھی سَخْت ہوتی ہے اور اگر اِیمان کمزور ہوتو آزمائش بھی ہلکی ہوتی ہے۔ جیسا کہ تم سونے کو آگ میں ڈال کر پَرَکھْتے ہو، چنانچہ ان میں سے بعض لوگ خالِص سونے کی طرح نکلتے ہیں اور بعض اس سے کم دَرَجے کے ہوتے ہیں، جبکہ بعض جَلے ہوئے (کوئلے کی مانند) سیاہ نکلتے ہیں۔
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع