دعوت اسلامی کی دینی خدمات دیگر ممالک میں بھی دیکھئے
ہسٹری

مخصوص سرچ

30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں

Qoot ul Quloob Jild 2 | قوت القلوب جلد دوم

book_icon
قوت القلوب جلد دوم

٭۔۔۔۔ذخیرہ کرنے اور بڑائی ظاہِر کرنے کے لیے مال کمانے کی کوشِش کرنا ۔

٭۔۔۔۔عِلْم جس شے سے مَنْع کرے اس کی یا ناپسندیدہ شے کی طَلَب میں حریص ہونا۔

٭۔۔۔۔اپنی مرضی کے نامُوافِق تقدیر پر ناراض ہونا۔

٭۔۔۔۔باہَم لین دین کے مُعامَلات میں دھوکا و فریب سے پیش آنے والے شخص کونصیحت نہ کرنا۔

٭۔۔۔۔مَخلوق کی طرف مائل ہونا۔        ٭۔۔۔۔کسی سَبَب میں طَمَع رکھنا۔

یہ تمام باتیں ایسی ہیں جن کی مَوجُودَگی میں تَوَکُّل دُرُسْت نہیں۔

وہ تجارت میں مسلمانوں کا خیر خواہ نہیں

ایک عالِم فرماتے ہیں کہ جب کوئی شخص بازار میں کمائی کے لیے داخِل ہو اور اسے اپنا دِرْہَم دوسروں کے دِرْہَم سے زیادہ مَحْبُوب ہو تو وہ تِجَارَت میں مسلمانوں کا خَیر خَواہ نہیں۔ (صَاحِبِ کِتاب اِمامِ اَجَلّ حضرت سَیِّدُنا شیخ ابُو طالِب مکّی عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللہ ِالْقَوِی فرماتے ہیں)گویا یہ بات ان کے نزدیک اسے تَوَکُّل سے نِکال دے گی ۔

بندے پر آفات و مصیبتوں کا نزول

عِلْم کی کمی یا نَفْسَانی خواہش کے غَلَبَہ کی وجہ سے بندے پر آفات و مصیبتوں کا نُزول اسے تَوَکُّل سے نِکال دیتا ہے۔ مثلاً

٭…وہ (اللہ عَزَّ  وَجَلَّ کے بجائے)لوگوں پر بھروسا کرنے لگتا ہے یعنی ان میں طَمَع رکھتا ہے یا ان کے سامنے تَصَنُّع اور بَناوَٹ سے کام لیتا ہے۔

٭… وہ (اللہ عَزَّ  وَجَلَّ کے بجائے)اپنی جِسْمانی صِحَّت  اور دائمی تَنْدُرُسْتی پر بھروسا کرتا ہے اور سمجھتا ہے کہ اسے محنت و کوشِش کے بغیر رِزْق نہیں ملے گا۔

٭…وہ (اللہ عَزَّ  وَجَلَّ کے بجائے)اپنے مال پر زیادہ بھروسا کرتا ہے، اس طرح کہ اسے اپنے مال پر اس قَدْر یقین و اِعْتِماد ہوتا ہےکہ وہ گمان کرنے لگتا ہے کہ اگر وہ فقیر ہو گیا تو اس کا رِزْق بھی خَتْم ہو جائے گا۔ اس کی عَلامَت یہ ہے کہ وہ مال پر بُخْل سے کام لیتا ہے اور اس لیے جَمْع کرتا رہتا ہے کہ یہ مال فلاں کام کے لیے اور یہ مال فلاں کام کے لیے ہے۔

یہ باتیں بندے کو تَوَکُّل سے نِکال دیتی ہیں اور بَسا اَوقات یہ باتیں اس قَدْر مَـخْفِی  اور دقیق ہوتی ہیں جنہیں صِرف دائمی مُشاہَدے پر اِسْتِقَامَت والے اور یقین کے مرتبے پر فائِز عُلَمائے راسخین رَحِمَہُمُ اللہ الْمُبِین ہی پہچان سکتے ہیں۔

اَسباب کی مَوجُودَگی و عدم مَوجُودَگی پر دل کی حالت

جس شخص نے مذکورہ اَسباب و اَشخاص پر نِگاہ رکھی یا ان سے مَانُوس و مطمئن ہوا تو ان اَسباب کے پائے جانے کے وَقْت اس کے دل کو قوّت حاصِل ہو گی اور نہ پائے جانے پر اس کا دِل مُضْطَرِب اور وَحْشَت زدہ یا کمزور ہو گا، لہٰذا یہ بات اس کے تَوَکُّل میں عیب کا باعِث ہے۔ جیسا کہ حضرت سَیِّدُنا بِشْر بِن حارِث عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللہ ِالْوَارِثْ فرماتے ہیں:بیشک بندہ جب یہ آیَت پڑھتا ہے(اِیَّاكَ نَعْبُدُ وَ اِیَّاكَ نَسْتَعِیْنُؕ(۴) (پ۱، الفاتحه:۴) ترجمۂ کنز الایمان:ہم تجھی کو پوجیں اور تجھی سے مَدَد چاہیں۔)تو اللہ عَزَّ  وَجَلَّ اِرشَاد فرماتا ہے: تو نے جھوٹ بولا ہے، تو صِرف میری پُوجا کرتا ہے نہ مجھ سے مَدَد چاہتا ہے، اگر تو صِرف میری عِبَادَت کرتا تو اپنی نَفْسَانی خواہش کو میری رَضا پر ترجیح نہ دیتا اور اگر مجھ سے ہی مَدَد چاہنے والا ہوتا تو اپنی طَاقَت و قُدْرَت اور مال و نَفْس سے مَانُوس نہ ہوتا۔

تجارت ترک کرناکب اَفضل ہے؟

جب بندہ بَقَدْرِ ضَرورت و کِفَایَت مال رکھے اور اسے صَبْر و قَناعَت کی مُعَاوَنَت بھی حاصِل ہو تو ہمارے آج کے زمانے میں ایسے شخص کا بازاروں میں جا کر کاروبار نہ کرنا کاروبار کرنے والے اس شخص سے اَفضل ہے جسے اندیشہ ہو کہ وہ اللہ عَزَّ  وَجَلَّ کی نافرمانی کے بغیر مال نہیں کما سکے گا اور واضِح طور پر کسی شُبہ میں مبتلا ہو جائے گا یا اپنے مسلمان بھائیوں سے خِیانَت کا مُرْتکِب ہو گا۔

فضیلت کی وجہ

اس کی وجہ یہ ہے کہ اَسبابِ مَعاش کے ساتھ ساتھ شرائطِ عِلْم پر عَمَل کرنا بَہُت مُشکِل ہو گیا ہے اور دوسری وجہ یہ ہے کہ تِجَارَت میں کثیر آفات و فَساد ہیں، لہٰذا اس ناپسندیدہ وَصْف کی بنا پر بازار والوں سے میل جول کا تَرْک کرنا سلامتی کے زیادہ قریب ہے تاکہ وہ ان اشیا کو دیکھے نہ براہِ راست ان میں مُلَوَّث ہو، اس لیے کہ حکْم کا تعلّق رُویَت یعنی دیکھنے سے ہوتا ہے۔ جیسا کہ مِثل مَشْہُور ہے کہ حَرام اس بُرائی کی مِثل ہے کہ جب تو اسے نہ دیکھے گا تو اسے روکنے کا حکْم بھی تجھ پر نہ ہو گا۔ نیز خَبَر آنکھوں دیکھے حال کی طرح ہوتی ہے نہ پاس بیٹھا ہونا خود کام کرنے کی طرح ہوتا ہے اور نہ دیکھنے والا خَبَر دینے والے کی طرح ہوتا ہے۔ یہ ایسے ہی ہے کہ ایک شخص کعبہ شریف زَادَہَا اللہ شَرَفًاوَّتَعْظِیْماً سے دُوری کی بنا پر مُکَمَّل طور پر سَمْتِ کعبہ نہ پا سکے مگر اس کا رُخ (اپنے غالِب گمان کے مُطابِق )کعبہ کی طرف ہی ہو تو اس کی نَماز جائز ہو گی مگر جو شخص کعبہ شریف زَادَہَا اللہ شَرَفًاوَّتَعْظِیْماً کو اپنی آنکھوں سے دیکھ رہا ہو اگر اس کا رُخ  کامِل طور پر کعبہ شریف کی طرف نہ ہوا تو اس کی نَماز نہ ہو گی۔

تجارت کب فرض ہے؟

تِجَارَت اگرچہ فَرْض نہیں مگر دو۲ صُورَتوں میں یہ فَرْض ہے،یعنی جب اہل و عَیال ہوں اور اس کے پاس  ان کی کَفَالَت کے لیے کوئی جائز ذریعہ نہ ہو یا کاروبار کا نہ ہونا کسی فَرْض کی ادائیگی کو ساقِط کر دے اور اس میں کمزوری واقِع ہو جائے تو اس صُورَت میں اس پر کاروبار کرنا فَرْض ہو جاتا ہے(ورنہ فَرْض نہیں)۔ چنانچہ،

حضرت سَیِّدُنا بِشْر بِن حارِث عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللہ ِالْوَارِثْ نے کاروبارِ حَیات تَرْک کر دیا تھا، آپ رَحْمَۃُ اللہ ِتَعَالٰی عَلَیْہ حَلال رِزْق کی ترغیب دِلایا کرتے اور اس میں شِدّت سے کام لیتے تھے، چنانچہ عَرْض کی گئی: اے ابو نَصْر! آپ کہاں سے کھاتے ہیں؟ اِرشَاد فرمایا:جہاں سے تم کھاتے ہو، مگر جو روتے ہوئے کھاتا ہو وہ اس شخص کی طرح نہیں جو ہنستے ہوئے کھاتا ہو ۔ ایک بار آپ رَحْمَۃُ اللہ ِتَعَالٰی عَلَیْہ نے اِرشَاد فرمایا: (میرا) ہاتھ اور لُقْمَہ دوسروں کی نِسْبَت چھوٹے ہیں۔

 

کتاب کا موضوع

کتاب کا موضوع

Sirat-ul-Jinan

صراط الجنان

موبائل ایپلیکیشن

Marfatul Quran

معرفۃ القرآن

موبائل ایپلیکیشن

Faizan-e-Hadees

فیضانِ حدیث

موبائل ایپلیکیشن

Prayer Time

پریئر ٹائمز

موبائل ایپلیکیشن

Read and Listen

ریڈ اینڈ لسن

موبائل ایپلیکیشن

Islamic EBooks

اسلامک ای بک لائبریری

موبائل ایپلیکیشن

Naat Collection

نعت کلیکشن

موبائل ایپلیکیشن

Bahar-e-Shariyat

بہار شریعت

موبائل ایپلیکیشن