30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
ترجمۂ کنز الایمان:تو بھلا دیکھو تو وہ منی جو گراتے ہو کیا تم اس کا آدمی بناتے ہو یا ہم بنانے والے ہیں۔
اسی طرح اِرشَادفرمایا:
اَفَرَءَیْتُمْ مَّا تَحْرُثُوْنَؕ(۶۳)`ءَاَنْتُمْ تَزْرَعُوْنَهٗۤ اَمْ نَحْنُ الزّٰرِعُوْنَ(۶۴)(پ۲۷،الواقعة:۶۳، ۶۴)
ترجمۂ کنز الایمان:تو بھلا بتاؤ تو جو بوتے ہو کیا تم اس کی کھیتی بناتے ہو یا ہم بنانے والے ہیں۔
ان آیاتِ مُبارَکہ میں اللہ عَزَّ وَجَلَّ نے نطفہ ڈالنے اور کھیتی بونے کی نِسْبَت ہماری جانِب فرمائی ہے، کیونکہ یہ اَعمال ہیں اور ہم ان اَعمال پر عَمَل کرنے والے بندے۔ نیز یہ ہماری صِفات ہیں اور ان کے اَحْکام ہم پر عائد ہوتے ہیں،جبکہ پیدا کرنے اور کھیتی اُگانے کی نِسْبَت اپنی جانِب فرمائی ، کیونکہ یہ اس کی قُدْرَت و حِکْمَت کی نِشانیاں ہیں اور اللہ عَزَّ وَجَلَّ قادِر و حکیم ہے۔
عمل اور وصف کی نِسْبَت کس کی جانِب؟
قرآنِ کریم میں مذکور تمام اَعمال اور کَسْب پر مُشْتَمِل باتوں کی نِسْبَت کام کرنے والے اَعضا و جَوَارِح اور آلاتِ کَسْب کی طرف کی گئی ہے جبکہ قُدْرَت و اِرادے پر مُشْتَمِل تمام اَوصَاف کی نِسْبَت اللہ عَزَّ وَجَلَّ نے اپنی جانِب فرمائی ہے، اس لیے کہ وُہی سب سے پہلے اَشیا کا اِرادہ کرنے والا اور قادِرِ اعلیٰ ہے۔ لہٰذا اللہ عَزَّ وَجَلَّ کے خِطاب کو خوب سمجھ لو تاکہ تمہارا دل مُتَشَابِہات میں نہ بھٹکتا رہے۔
کبھی بندہ یہ کہتا ہے کہ فلاں نے مجھے دیا اور فلاں نے نہ دیا(دُرُسْت نہیں)، کیونکہ یہ مَـخْفِی شِرک ہے، اس لیے کہ اَسباب لوگوں کے ہاتھوں پر ظاہِر ہوتے اور واسِطوں کے ذریعے جاری ہوتے ہیں، لہٰذا ان واسِطوں کے اِخْتِیار کرنے کی وجہ سے وہ مُسَبِّبُ الاَسباب عَزَّ وَجَلَّسے حِجاب میں ہو گئے اور اَلْـمُعْطِی وَ الْـمَانِع بھی ان سے مَـخْفِی ہو گیا۔ اہلِ یقین کے نزدیک یہ بات بھی پہلی بات کی طرح قبیح ہے، اس لیے کہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ نے اپنے سِوا کسی دوسرے کے رازِق ہونے کی نفی فرما دی ہے جیسا کہ اس نے کسی اور کے خالِق ہونے کی نفی بیان کی ہے۔ چنانچہ اِرشَادفرمایا:
هَلْ مِنْ خَالِقٍ غَیْرُ اللّٰهِ یَرْزُقُكُمْ مِّنَ السَّمَآءِ وَ الْاَرْضِؕ- (پ ۲۲، فاطر:۳)
ترجمۂ کنز الایمان:کیا اللہ کے سِوا اور بھی کوئی خالِق کہ آسمان اور زمین سے تمہیں روزی دے۔
(صَاحِبِ کِتاب اِمامِ اَجَلّ حضرت سَیِّدُنا شیخ ابُو طالِب مکّی عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللہ ِالْقَوِی فرماتے ہیں)یہاں اس آیَتِ مُبارَکہ میں لَـفْظ کے مُطابِق لَـفْظ ذِکْر نہیں کیا گیا، اگروہ بہتر ہوتا تو یوں مذکور ہوتا: (هَلْ مِنْ غَیْرُ اللّٰهِ یَخْلُقُکُمْ و یَرْزُقُكُمْ)مُراد یہ ہے کہ خَالِق کی جگہ یَخْلُقُکُمْ ہوتا ، مگر یہاں اس لَـفْظ کے ذِکْر نہ ہونے کی وجہ یہ ہے کہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ نے اپنے کلام کی فضیلت سے ہمارا فائدہ چاہا اور ہمیں بتایا کہ رِزق کا تعلّق مَخلوق سے ہے اور یہ دونوں قُدْرَت کے اَسباب ہیں۔
کیا کسی کی کوشش اس کے کام آسکتی ہے؟
مُتَوکِّل کو اس بات کا یقین ہوتا ہے کہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ پر اسے پیدا کرنا لازِم نہ تھا، لیکن جب اس نے اسے پیدا کر دیا تو اب اس کا رِزْق اسی کے ذمّۂ کَرَم پر ہے۔ چنانچہ حَدِیْثِ قُدسی ہے:کیا (ایسا ہو سکتا ہے کہ) میں ایک مَخلوق کو پیدا کروں اور اسے رِزْق نہ دوں؟[1]
اللہ عَزَّ وَجَلَّ کے پیارے حبیب صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے: جس کو تو عَطا فرمائے اس سے کوئی روک نہیں سکتا اور جس کو تو ہی عَطا نہ فرمائے اسے کوئی دے نہیں سکتا اور تیری بارگاہ میں کسی محنت و کوشِش کرنے والے کو اس کی کوشِش کام نہ آئے گی۔[2]یہ جواب آپ صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ان لوگوں کو دیا تھا جب ان میں سے بعض نے یہ کہا کہ میری کوشِش فلاں شے میں ہے اور کسی نے کہا کہ میری کوشِش فلاں شے میں ہے۔ یعنی اُنہوں نے اَسباب مُراد لیے تو آپ صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ان کلمات مُبارَکہ سے دُعا مانگ کر اُن کے اس نظرئیے کی نفی فرما دی، اس اندیشے کی بنا پر کہیں یہ شِرکِ خَفی میں مبتلا نہ ہوجائیں، یعنی آپ صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے انہیں بتایا کہ بندے کی محنت و کوشِش کچھ نہیں کر سکتی۔ جیسا کہ فرمانِ باری تعالیٰ ہے:
وَ اِنَّ الظَّنَّ لَا یُغْنِیْ مِنَ الْحَقِّ شَیْــٴًـاۚ(۲۸) (پ ۲۷، النجم:۲۸)
ترجمۂ کنز الایمان:اور بے شک گمان یقین کی جگہ کچھ کام نہیں دیتا۔
اسی مَفہوم میں ایک عالِم (حضرت سَیِّدُنا ابو محمد سَہْل تُسْتَری عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللہ ِالْقَوِی) فرماتے ہیں کہ جس نے کسی شے کی طَلَب میں کوشِش کی اور اسے پانے کی حِرْص میں مبتلا ہوامگر اسے پانے کی کوشِش میں اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی طرف سے کوئی رُکاوٹ ہو تو اس کی طَلَب و حِرْص میں اس کی کوئی کوشِش اسے کچھ نَفْع نہ دے گی۔
اللہ جو چاہے مٹاتا اور ثابت کرتا ہے
فرمانِ باری تعالیٰ ہے:
یَمْحُوا اللّٰهُ مَا یَشَآءُ وَ یُثْبِتُ ۚۖ- (پ ۱۳، الرعد:۳۹)
ترجمۂ کنز الایمان:اللہ جو چاہے مِٹاتا اور ثابِت کرتا ہے۔
آپ رَحْمَۃُ اللہ ِتَعَالٰی عَلَیْہ نے اس آیَتِ مُبارَکہ کی تفسیر بیان کرتے ہوئے اِرشَادفرمایا کہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ عارِفین رَحِمَہُمُ اللہ الْمُبِین کے دِلوں سے اَسباب مِٹا کر اپنی قُدْرَت ثابِت کر دیتا ہےاور غافِلین کے دِلوں سے مُشاہَدہ خَتْم کر کے ان کے سینوں میں اَسباب ثابِت کردیتا ہے۔
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع