30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
ترجمۂ کنز الایمان:تو اے مَحْبُوب تمہارے رب کی قَسَم وہ مسلمان نہ ہوں گے جب تک اپنے آپَس کے جھگڑے میں تمہیں حاکِم نہ بنائیں پھر جو کچھ تم حکْم فرما دو اپنے دِلوں میں اس سے رُکاوَٹ نہ پائیں اور جی سے مان لیں۔
اب جو شخص حاکِمِ اَوَّل اور قاضِیِ اَجَل کے حکْم کی نافرمانی کرے اس کا حال کیسا ہو گا؟
مُسْتَحَب تَوَکُّل مُشاہَدۂ باری تعالیٰ سے حاصِل ہوتا ہے، کیونکہ اس وَقْت مُتَوکِّل مَقامِ مَعْرِفَت پر فائز ہوتا ہے اور عَینُ الیقین سے دیکھتاہے جیسا کہ ایک صَالِح شخص کا قول قرآنِ کریم میں کچھ یوں مذکور ہے:
فَكِیْدُوْنِیْ جَمِیْعًا ثُمَّ لَا تُنْظِرُوْنِ(۵۵)(پ ۱۲، ھود:۵۵)
ترجمۂ کنز الایمان:تم سب مل کر میرا بُرا چاہو پھر مجھے مہلت نہ دو۔
اس صَالِح شخص نے ایسا اس لیے کہا تھا کہ اس پر اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی عظیم قوّت و قُدْرَت عَیاں تھی اور وہ اپنے رب کے ہر شے پر غالِب ہونے کی خَبَردے رہا تھا، گویا کہ اس سے کہا گیا:ایسا کیسے ہو سکتا ہے جبکہ تو بھی ہماری طرح ایک کمزور بندہ ہے؟ تو اس نے جواب دیا:
اِنِّیْ تَوَكَّلْتُ عَلَى اللّٰهِ رَبِّیْ وَ رَبِّكُمْؕ- (پ ۱۲، ھود:۵۶)
ترجمۂ کنز الایمان:میں نے اللہ پر بھروسا کیا جو میرا رب ہے اور تمہارا رب۔
گویا اس سے اس کے تَوَکُّل کی وَضَاحَت طَلَب کی گئی کہ اس کا سَبَب کیا ہے؟ تو اس نے مُشاہَدۂ باری تعالیٰ کی بنا پر یہ خَبَردی کہ زمین کے ہر جاندار کی پیشانی اس کے رب کے قبضے میں ہے۔ جیسا کہ اِرشَادفرمایا:
مَا مِنْ دَآبَّةٍ اِلَّا هُوَ اٰخِذٌۢ بِنَاصِیَتِهَاؕ- (پ ۱۲، ھود:۵۶)
ترجمۂ کنز الایمان: کوئی چلنے والا نہیں جس کی چوٹی اس کے قبضۂ قُدْرَت میں نہ ہو۔
اس کے بعد اس شخص نے اس مُعامَلے میں اپنے رب کی حِکْمَت اور عَدْل کی خَبَردی کہ اگرچہ خَیر و شَر اور نَفْع و نُقْصَان کے ہر مُعامَلے میں بندوں کی پیشانیاں اس کے پروردگار عَزَّ وَجَلَّکے قبضۂ قُدْرَت میں ہیں تو یہ بات اس کے عَدْل میں ٹھیک ہے۔ جیسا کہ اِرشَادہوتا ہے:
اِنَّ رَبِّیْ عَلٰى صِرَاطٍ مُّسْتَقِیْمٍ(۵۶)(پ ۱۲، ھود:۵۶)
ترجمۂ کنز الایمان:بے شک میرا رب سیدھے راستہ پر ملتا ہے۔
فَرْض تَوَکُّل کے مُتَعَلِّق قرآنِ کریم میں کچھ یوں اِرشَادفرمایا:
وَ عَلَى اللّٰهِ فَتَوَكَّلُوْۤا اِنْ كُنْتُمْ مُّؤْمِنِیْنَ(۲۳) (پ۶،المآئدة:۲۳)
ترجمۂ کنز الایمان:اور اللہ ہی پر بھروسا کرو اگر تمہیں اِیمان ہے۔
اسی طرح ایک مَقام پر اِرشَادفرمایا:
اِنْ كُنْتُمْ اٰمَنْتُمْ بِاللّٰهِ فَعَلَیْهِ تَوَكَّلُوْۤا اِنْ كُنْتُمْ مُّسْلِمِیْنَ(۸۴) (پ ۱۱، یونس:۸۴)
ترجمۂ کنز الایمان:اگر تم اللہ پر اِیمان لائے تو اسی پر بھروسا کرو اگر اِسلام رکھتے ہو۔
مُسْتَحَب تَوَکُّل کے مُتَعَلّق اِرشَادفرمایا:
وَ عَلَى اللّٰهِ فَلْیَتَوَكَّلِ الْمُتَوَكِّلُوْنَ۠(۱۲) (پ۱۳،ابراھیم:۱۲)
ترجمۂ کنز الایمان:اور بھروسا کرنے والوں کو اللہ ہی پر بھروسا چاہیے۔
ایک مَقام پر اِرشَادفرمایا:
اِنَّ اللّٰهَ یُحِبُّ الْمُتَوَكِّلِیْنَ(۱۵۹) (پ۴،اٰل عمرٰن:۱۵۹) ترجمۂ کنز الایمان:بیشک تَوَکُّل والے اللہ کو پیارے ہیں۔
(صَاحِبِ کِتاب اِمامِ اَجَلّ حضرت سَیِّدُنا شیخ ابُو طالِب مکّی عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللہ ِالْقَوِی فرماتے ہیں)جان لیجئے! اللہ عَزَّ وَجَلَّ قُدْرَت و حِکْمَت والا ہے، اس نے اَشیا کو اپنے وَصْفِ قُدْرَت سے ظاہِر کیا اور اپنی حِکْمَت کے مَعانی سے انہیں جاری کیا، اب جو بات اس کی حِکْمَت سے ثابِت ہو چکی ہو مُتَوکِّل اسے ساقِط نہیں کر سکتا، اس لیے کہ وہ اس کی قُدْرَت کا یہ مُشاہَدہ پہلے ہی کر چکا ہوتا ہے کہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ حکیم ہے اور حِکْمَت اس کی صِفَت ہے۔
مُتَوکِّل کبھی یہ نہیں سمجھتا کہ اَشیا حکْم دینے ، سَبَب پیدا کرنے اور نَفْع و نُقْصَان دینے والی ہیں، اس لیے کہ اسے مَعْلُوم ہے ایسا سمجھنا توحید میں شِرک کرنا ہے، کیونکہ وہ بخوبی جانتا ہے کہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ ہی قادرِ مُطْلَق ہے اور قُدْرَت اس کی صِفَت ہے، وُہی حاکِم اور سَبَب پیدا کرنے والا اور نَفْع و نُقْصَان کا مالِک ہے، اس کے اَسمائے حسنیٰ میں کوئی شریک ہے نہ اس کے اَحکام (کے نَفاذ)میں کوئی مَدَدگار ہے۔ جیسا کہ اس کا فرمانِ عالیشان ہے:
[1]………صَاحِبِ کِتاب اِمامِ اَجَلّ حضرت سَیِّدُنا شیخ ابُو طالِب مکّی عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہ ِالْقَوِی نے یہاں فَصْل کا جو نام ذِکْر کیا ہے طَوَالَت کے باعِث اس کی مین ہیڈنگ نہیں بنائی جا رہی جبکہ ان کی ذِکْر کردہ عِبارَت کا ترجمہ کچھ یوں بنتا ہے: اَسباب و اَوَاسِط کا حِکْمَت کے مَعانی کے لیے ثُبوت اور ان کے حاکِمِ اوّل کے لیے ثُبوتِ حکْم و قُدْرَت کا باعِث بننے کی نفی کا بیان۔
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع