30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
ہر بندہ اپنے مَقام کے اِعْتِبَارسے اپنے مَعْبُود کا مُشاہَدہ کرتا ہے اور اپنے مرتبے کے اِعْتِبَار سے اپنے مَعْبُود کے قریب ہوتا ہے، لہٰذا اگر بندے کا مُشاہَدہ اپنے مرتبے کی بُلَندی،عِلْم کے نَفَاذ اور یقین کی قوّت کی بنا پر ذاتِ باری تعالیٰ تک رَسائی حاصِل کر لے تو وہ ہر اس شے کا بھی مُشاہَدہ کر لیتا ہے جس کا ذِکْر ہم نے کیا ہے اور اسے لَوحِ مَحْفُوظ کی تخلیق سے بھی پہلے کی باتیں مَعْلُوم ہو جائیں گی جو صِرف عِلْمِ باری تعالیٰ میں ہیں، یوں اس کا دِل پُرسُکُون ہو جائے گا اور وہ عِلْمِ باری تعالیٰ جان کر اور اپنے مُتعلِّق کئے گئے اَزَلی فیصلے پر مطمئن ہوجائے گا۔ اسی لیے مَرْوِی ہے کہ دنیا میں زُہْد اِخْتِیار کرنے سے مُراد یہ ہے کہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ کے پاس جو کچھ ہے اس پر تو اپنے پاس مَوجُود اَشیا سے زیادہ بھروسا کرے۔[1]نیز تجھے مصیبت پر حاصِل ہونے والا اَجَر و ثواب زیادہ پسند ہو اور چاہے کہ کاش! یہ تجھ پر باقی رہتی۔[2] یعنی تیرے مُشاہَدے کے وُقُوع کی وجہ سے تیری حِرْص خَتْم ہو جائے اور مَخلوق میں تجھے کوئی طَمَع نہ رہے کہ یہی مَقامِ رَضا و زُہْد ہے۔ گویا تَوَکُّل نے رَضا و زُہْد کے دو۲ مَقامات کو ایک ساتھ جَمْع کر دیا ہے۔
اللہ عَزَّ وَجَلَّ کے پاس جو کچھ ہے وُہی تیرا رِزْق ہے اور وہ ہر حال میں تجھ تک پہنچے گا اور اس میں کوئی شک نہیں ہے، یہ وُہی رِزق ہے جو اللہ عَزَّ وَجَلَّ نے تیرے مُقدّر میں لکھا ہے اور وہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ کے عِلْم میں مَعْلُوم ہے اس میں کوئی تبدیلی مُمکِن نہیں۔چنانچہ اس رِزق کی تین۳ صُورتوں میں سے کوئی ایک صُورَت ہو گی: (1) …وہ رِزق تو نے کھا کر خَتْم کر دیا ہو گا (2) … یا پہن کر بوسیدہ کر دیا ہو گا (3) … یا صَدَقَہ کر کے آگے بھیج دیا ہو گا۔ اس لیے سرورِ کائنات ،فَخْرِ مَوجُودات صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ابنِ آدَم کی جَہالَت و غَفْلَت پر تَعَجُّب کا اِظْہَار کرتے ہوئے اِرشَاد فرمایا: اِبْنِ آدَم (اللہ عَزَّ وَجَلَّ کے مال کے مُتعلّق)کہتا ہے کہ وہ میرا مال ہے۔ (حالانکہ ایسا نہیں) بلکہ اے اِبْنِ آدَم! تیرا مال وہ ہے جو تو نے کھا کر خَتْم کر دیا یا پہن کر بوسیدہ کر دیا یا صَدَقَہ کر کے آگے بھیج دیا، اس کے علاوہ جو مال ہے وہ وارِث کا ہے۔ [3]
آپ صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے تین۳ طرح کے مال کا ذِکْر فرمایا اور ہر مال کے ساتھ اس کے اَنْجَام کو مَشْرُوط ٹھہرایا یعنی آپ صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے اس مال کوفناکرنے، بوسیدہ کرنے اور آگے بھیجنے کے ساتھ مَشْرُوط قرار دیا، مُراد یہ ہے کہ جس مال میں یہ تین۳ شرطیں پائی جائیں گی وہ بندے کا رِزْق ہے جو اس
کے رب کے پاس ہے اور اس تک ضَرور پہنچے گا، مگر جو مال بندے کے پاس ہوتا ہے بَسا اَوقات وہ اس کا اپنا مال نہیں ہوتا بلکہ وہ اس کے پاس بَطَورِ اَمانَت ہوتا ہے خواہ وہ اس کا مالِک ہونے کا دعویٰ کرے اور 50 سال تک اپنے پاس رکھے، کیونکہ بندہ صِرف اسی مال کا قَصْد کرتا ہے جو اس کی قِسْمَت میں لکھا ہو۔
یہ سب تفصیل قرآنِ کریم میں بیان کر دی گئی ہے کہ وہ مال بندے کو پورا پورا ملے گا اور اس میں کوئی کمی نہ ہو گی، جیسا کہ کیا آپ نے اللہ عَزَّ وَجَلَّ کا یہ فرمانِ عالیشان نہیں سنا:
اُولٰٓىٕكَ یَنَالُهُمْ نَصِیْبُهُمْ مِّنَ الْكِتٰبِؕ- (پ ۸، الاعراف:۳۷)
ترجمۂ کنز الایمان:انہیں ان کے نصیب کا لکھا پہنچے گا۔
ایک مَقام پر اِرشَادفرمایا:
وَ اِنَّا لَمُوَفُّوْهُمْ نَصِیْبَهُمْ غَیْرَ مَنْقُوْصٍ۠(۱۰۹) (پ ۱۲، ھود:۱۰۹)
ترجمۂ کنز الایمان:اور بے شک ہم ان کا حصّہ انہیں پورا پھیر دیں گے جس میں کمی نہ ہو گی۔
اب اگر کوئی شخص اپنے حصّے کے سِوا کسی اور مال کا مالِک ہونے کا دعویٰ کرے اس بنا پر کہ وہ مال اس کے خزانے میں اور اس کے قبضے میں ہے تو اس کے دعوے کی حقیقت یہ ہے کہ وہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی قُدْرَت کے مُتَعَلِّق کچھ نہیں جانتا،وہ ناسمجھ ہے اور اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی حِکْمَت سے بھی غافِل ہے، اس لیے کہ اگر وہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی حِکْمَت و قُدْرَت کی مَعْرِفَت رکھتا تو اسے مَعْلُوم ہوتا کہ زمین میں اس کے پاس جس قَدْر خزانے ہیں اور جو کچھ اس کے قبضے میں ہے سب اللہ عَزَّ وَجَلَّ کے خزانوں میں سے ہے جو وہ جسے چاہتا ہے اور جب تک چاہتا ہے عَطا فرماتا ہے یہاں تک کہ وہ خزانے اس کی مَرضی و مَنْشا کے مُطابِق بندے کے پاس رہتے ہیں۔ جیسا کہ اس کا فرمانِ عالیشان ہے:
فَمُسْتَقَرٌّ وَّ مُسْتَوْدَعٌؕ- (پ ۷، الانعام:۹۸) ترجمۂ کنز الایمان:پھر کہیں تمہیں ٹھہرنا ہے اور کہیں اَمانَت رہنا۔
ایک مَقام پر اِرشَاد ہوتا ہے:
لِكُلِّ نَبَاٍ مُّسْتَقَرٌّ٘- (پ ۷، الانعام:۶۷) ترجمۂ کنز الایمان:ہر خَبَرکا ایک وَقْت مُقَرَّر ہے۔
ایک مَقام پر ہے:
وَ لِلّٰهِ خَزَآىٕنُ السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضِ (پ ۲۸، المنافقون:۷)
ترجمۂ کنز الایمان:اور اللہ ہی کے لیے ہیں آسمانوں اور زمین کے خزانے۔
سرورِ کائنات ، فَخْرِ مَوجُودات صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم سے بھی اسی طرح مَرْوِی ہے کہ بے شک رِزْق بندے کی تلاش میں رہتا ہے جیسا کہ موت اس کی تلاش میں ہوتی ہے۔[4]
ایک رِوایَت میں ہے کہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ کے پیارے حبیب صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے اِرشَادفرمایا:بے شک ہر بندے کا رِزْق ہر صُورَت میں اسے ملے گا، اب جس نے اس پر قَناعَت
[1]………ترمذى ، كتاب الزهد ، باب ما جاء فی الزهادة فی الدنيا ، ۴/ ۱۵۲ ، حديث: ۲۳۴۷
[2]………ترمذى ، كتاب الزهد ، باب ما جاء فی الزهادة فی الدنيا ، ۴/ ۱۵۲ ، حديث: ۲۳۴۷ ، بتغیرقلیل
[3]………مسلم ، کتاب الزھد والرقائق ، ص۱۵۸۲ ، حدیث: ۲۹۵۸ ، ۲۹۵۹ ، بتغیرقلیل
عیون الاخبار ، كتاب الحوائج ، الترغيب فی قضاء الحاجة واصطناع المعروف ، ۳/ ۲۰۰
[4]………السنة لابن ابی عاصم ، باب رقم: ۵۱ ، ص۶۲ ، حدیث: ۲۷۱
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع