30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
شَرْبَت کا حِساب دُور رکھو۔[1]
دشمنوں جیسا لباس پہننے کی ممانعت
اللہ عَزَّ وَجَلَّ نے اپنے کسی نبی کی جانِب وَحِی فرمائی کہ میرے اَوْلِیا کو بتا دو:میرے دشمنوں جیسا لِباس پہنیں نہ ان کے گھروں میں جائیں، ورنہ تم بھی میرے دُشْمَن بن جاؤ گےجیسا کہ وہ میرے دُشْمَن ہیں۔[2]
حضرت سَیِّدُنا رافِع بِن خُدَیج رَحْمَۃُ اللہ ِتَعَالٰی عَلَیْہ فرماتے ہیں کہ جب بِشْر بِن مَروان کوفہ کے مِنْبَر پر خُطْبَہ دینے لگا تو کسی صحابی نے اِرشَاد فرمایا:اپنے امیر کو دیکھو! لوگوں کو وَعظ و نصیحت کر رہا ہے اور حَالَت یہ ہے کہ فاسِقوں جیسا لِباس پہن رکھا ہے۔[3] فرماتے ہیں کہ میں نے پوچھا: وہ لِباس کیسا تھا؟ فرمایا: وہ لِباس باریک کپڑے کا تھا۔ ایک مَرتَبہ ابن رَبیعہ حضرت سَیِّدُنا ابو ذر غِفاری رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہ کی خِدْمَت میں اَعلیٰ لِباس پہن کر حاضِر ہوا اور زُہْد سے مُتَعَلِّق باتیں کرنے لگا تو آپ رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہ اپنی ہتھیلی منہ پر رکھ کر مارتے ہوئے آوازیں نکالنے لگے (گویا اس کا مَذاق اُڑا رہے ہوں)، ابنِ ربیعہ کو غُصّہ آگیا اور اس نے حضرت سَیِّدُنا ابن عمر رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُمَا کی خِدْمَت میں حاضِر ہو کر یوں شِکایَت کی:کیا آپ نے دیکھا ہے کہ آپ کے بھائی ابو ذَر نے میرے ساتھ کیسا سُلُوک کیا ہے؟ دَرْیَافْت فرمایا: کیا ہوا؟ عَرْض کی: میں زُہْد کی باتیں کر رہا تھا کہ انہوں نے میرا مَذاق اُڑانا شُروع کر دیا۔ اِرشَاد فرمایا:تم سے ایسا سُلوک تمہاری اپنی وجہ سے ہی ہوا ہے، کیونکہ تم ایسے عُمدہ لِباس میں حضرت سَیِّدُنا ابو ذر غِفاری رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہ کے پاس جا کر زُہْد کی باتیں کر رہے تھے!۔
امیر المومنین حضرت سَیِّدُنا علی المرتضیٰ کَرَّمَ اللہ تَعَالٰی وَجْہَہُ الْکَرِیْمفرماتے ہیں:اللہ عَزَّ وَجَلَّ نے اپنے اَئمّۂ ہُدٰی سے یہ عَہْد لیا ہے کہ وہ لوگوں میں سے ادنیٰ شخص کا حَال اپنائیں گے تاکہ مالدار لوگ ان کی پَیروی کریں اور فقیروں کو ان کا فَقْر مَعْیُوب نہ لگے۔
ایک بار امیر المومنین حضرت سَیِّدُنا عمر فاروق رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہ پر لِباس کے مُعَامَلے میں عِتاب ہوا تو آپ رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہ کھُرْدَرَا سُوتی لِباس پہننے لگے ۔آپ رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہ کی قمیص کی قیمت تین۳سے پانچ۵ دِرْہَم ہوتی اور انگلیوں کے اَطراف میں مَوجُود زائد کپڑا بھی آپ رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہ کاٹ دیا کرتے اور اِرشَاد فرماتے:یہ تواضُع کے قریب ہے اور یہی زیادہ مُناسِب ہے کہ مسلمان اس مُعَامَلے میں میری پَیروی کریں۔
ایک بار یمن سے کچھ چادَریں آپ رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہ کی خِدْمَت میں پیش ہوئیں (جیساکہ پہلے بھی بیان ہو چکا ہے) تو آپ رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہ نے ایک ایک چادَر تمام صحابَۂ کِرام عَلَیْہِمُ الرِّضْوَان میں تقسیم کر دی۔ پھر جُمُعہ کے دن مِنْبَر پر لوگوں کو خُطْبَہ دینے کے لیے تشریف فرما ہوئے تو آپ رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہ نے انہی چادَروں سے بنا ہوا ایک حُلّہ زیبِ تَن کیا ہوا تھا، عربوں کے ہاں چونکہ حُلّہ ایک ہی قِسْم کی دو۲ چادَروں سے بنتا تھا اور وہ اسے عُمدہ لِباس سمجھتے تھے، لہٰذا جب آپ رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہ نے اِرشَاد فرمایا:سنو! سنو! اس کے بعد جب آپ نے وَعظ شُروع کیا تو حضرت سَیِّدُنا سلمان فارسی رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہ کھڑے ہو گئے اور عَرْض کی: اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی قَسَم! ہم آپ کی بات ہر گز نہ سنیں گے۔ پوچھا: وہ کیوں؟ عَرْض کی: کیونکہ آپ نے ہم سب کو ایک ایک کپڑا عطا فرمایا ہے جبکہ خود حُلّہ پہن رکھا ہے، آپ نے ہم پر دنیا کو ترجیح دی ہے۔ یہ سن کر آپ رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہ مسکرا پڑے اور اِرشَاد فرمایا: اے ابو عبداللہ!اللہ عَزَّ وَجَلَّ آپ پر رحم فرمائے! آپ نے بَہُت جَلْدی یہ سوال کر دیا ہے (میں خود ہی اس کی وَضَاحَت کر دیتا)۔ بَہَرحَال اس کی وجہ یہ ہے کہ میں نے اپنے کپڑے دھوئے ہوئے تھے لہٰذا میں نے اپنے جِگَر گوشے عبداللہسے یہ چادَر اُدھار مانگی تاکہ اپنی چادَر کے ساتھ مِلا کر لِباس بنا سکوں۔ اس پر حضرت سَیِّدُنا سلمان فارِسی رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہ نے عَرْض کی:اب فرمائیے! ہم آپ کی بات سنیں گے۔
اللہ عَزَّ وَجَلَّ کے مَحبوب، دانائے غُیوب صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے نعمتوں بھری زِنْدَگی گزارنے سے مَنْع فرمایا[4] اور ایک مرتبہ اِرشَاد فرمایا:بے شک اللہ عَزَّ وَجَلَّ کے نیک بندے نعمتوں سے بھرپور زِنْدَگی بَسَر کرنے والے نہیں ہوتے۔[5]
مِصر کے گورنرحضرت سَیِّدُنا فَضَالَہ بِن عُبَید اَنصاری رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہ کو پراگندہ بال اور ننگے پاؤں دیکھ کر عَرْض کی گئی: آپ گورنر ہیں مگر یہ حَالَت کیسی ہے؟ فرمایا: ہمیں اللہ عَزَّ وَجَلَّ کے رسول صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے زیادہ آرائش سے مَنْع فرمایا اور حکْم دیا کہ کبھی کبھار ننگے پاؤں بھی چلا کریں۔[6]
امیر المومنین حضرت سَیِّدُنا عُمَر فاروق رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہ نے لوگوں کو خُطْبَہ میں اِرشَاد فرمایا:میں اس شخص کو اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی قَسَم دیتا ہوں جو مجھ میں کوئی عَیب دیکھے اور مجھے نہ بتائے۔ چنانچہ ایک نوجوان نے کھڑے ہو کر عَرْض کی: اے امیر المومنین! آپ میں دو۲ عَیب ہیں۔ پوچھا: اللہ عَزَّ وَجَلَّ تجھ پر رحم فرمائے! وہ دو۲ عَیب کون سے ہیں؟ عَرْض کی: آپ دو۲ چادَریں پہنتے ہیں اور ایک وَقْت میں دو۲قِسْم کے سالَن اپنے پاس رکھتے ہیں۔راوی فرماتے ہیں کہ اس کے بعد آپ رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہ نے کبھی دو۲ چادَریں پہنیں نہ دو۲سالَن جَمْع فرمائے یہاں تک کہ آپ رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہ بارگاہِ خُداوندی میں جا حاضِر ہوئے[7] ۔[8]
[1]………الزھد لاحمد بن حنبل ، زھد عمر بن الخطاب ، حدیث: ۶۲۸ ، ص۱۴۷ ، بدون: فی یوم صائف
[2]………موسوعة ابن ابی الدنيا ، كتاب الأمر بالمعروف والنهی عن المنكر ، ۲/ ۲۱۸ ، حدیث: ۸۹
[3]………ترمذی ، کتاب الفتن ، باب رقم: ۴۷ ، ۴/ ۹۶ ، حدیث: ۲۲۳۱ ، فیه ذکر ابن عامر انه یخطب
[4]………ابو داود ، کتاب الترجل ، باب النھی عن کثیر من الارفاه ، ۴/ ۱۰۲ ، حدیث: ۴۱۶۰ ، مفھوماً
مسند احمد ، حدیث معاذ بن جبل ، ۹/ ۲۵۷ ، حدیث: ۲۲۱۶۶
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع