30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
زاہد کے لیے دو۲ اجر
زاہِد کے لیے گویا دو۲ اَجَر ہیں:ایک اس کے فَقْر پر صَبْر کرنے اور دوسرا زُہْد اِخْتِیار کرنے کی بنا پر۔چنانچہ مَفْلُوکُ الْحَال فقیر کے لیے فَقْر کے پائے جانے اور زُہْد کے نہ پائے جانے کی وجہ سے مال دار کے مُقَابَلے میں ایک اَجَر ہے۔اسی معنیٰ پر دَلَالَت کرنے والی دو۲ رِوایات میں سے ایک میں ہے کہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ کے پیارے حبیب صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے اِرشَاد فرمایا:میری اُمَّت کے فقیر مال داروں سے 40 خریف پہلے جنّت میں داخِل ہوں گے۔[1] جبکہ دوسری رِوایَت میں ہے کہ مومِن فقیر مال داروں سے 500 سال پہلے جنّت میں داخِل ہوں گے۔[2] چنانچہ جو زُہْد کے پیکر فقیر حضرات نیکوکار مال داروں سے 500 سال پہلے جنّت میں داخِل ہوں گے ان کا شُمار خواص اہل یقین فُقَرا میں ہوتا ہے۔مگر وہ مومِن فقیر جو زاہِد نہ ہو وہ اپنے فَقْر کی بنا پر امیروں سے 40 خریف پہلے جنّت میں داخِل ہو گا کہ اس کا شُمار عام فُقَرا میں ہوتا ہے۔ اس طرح دونوں حَالَتوں میں مال دار لوگ کم مَرتَبہ ہوں گے اور دنیا میں ان کی مال داری کے سَبَب حاصِل مَقام و مَرتَبہ کی بنا پر تمام فُقَرا ان سے پہلے جنّت میں داخِل ہوں گے جبکہ عام دنیا دار مال دار لوگ حِساب کے لیے کھڑے رہیں گے اور ان سے دولت کمانے اور خَرْچ کرنے کے مُتَعَلّق پوچھا جائے گا۔جیسا کہ تیسری رِوایَت میں ہے کہ سرورِ کائنات،فَخْرِ مَوجُودات صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے اِرشَاد فرمایا:میں نے جنّت میں جھانکا تو اکثر جنتیوں کو فقیر پایا اور جہنّم میں جھانکا تو اکثر جہنمیوں کو مال دار پایا۔[3] ایک رِوایَت میں اَلفاظ یوں ہیں: میں نے پوچھا: مال دار کہاں ہیں؟بتایاگیا کہ انہیں ان کے (حِساب کِتاب کے) حصّے نے روک لیا ہے۔[4]
اللہ عَزَّ وَجَلَّ نے زاہِد فقیروں کو مُـحْسِن کا نام دیا اور ان سے (حُجّت و مُطالَبہ وغیرہ کی) ہر راہ کو دُور فرماتے ہوئے ان کے مُتَعَلِّق اِرشَاد فرمایا:
وَ لَا عَلَى الَّذِیْنَ لَا یَجِدُوْنَ مَا یُنْفِقُوْنَ حَرَجٌ (پ ۱۰، التوبة:۹۱)
ترجمۂ کنز الایمان:اور نہ (کوئی حَرَج ہے)ان پر جنہیں خَرْچ کا مَقْدُور (طَاقَت) نہ ہو۔
پھر اِرشَاد فرمایا:
مَا عَلَى الْمُحْسِنِیْنَ مِنْ سَبِیْلٍؕ- (پ ۱۰، التوبة:۹۱) ترجمۂ کنز الایمان:نیکی والوں پر کوئی راہ نہیں۔
اس کے بعد ان لوگوں پر نَصّ بیان کی جن پر حُجّت اور مُطَالَبہ ہے۔ چنانچہ اِرشَاد فرمایا:
اِنَّمَا السَّبِیْلُ عَلَى الَّذِیْنَ یَسْتَاْذِنُوْنَكَ وَ هُمْ اَغْنِیَآءُۚ-رَضُوْا بِاَنْ یَّكُوْنُوْا مَعَ الْخَوَالِفِۙ- (پ ۱۰، التوبة:۹۳)
ترجمۂ کنز الایمان:مُوَاخَذہ (پکڑ) تو ان سے ہے جو تم سے رُخْصَت مانگتے ہیں اور وہ دولت مند ہیں انہیں پسند آیا کہ عورتوں کے ساتھ پیچھے بیٹھ رہیں۔
اللہ عَزَّ وَجَلَّ کے درج ذیل فرمانِ عالیشان کی تاویل بھی اسی مَفہوم پر دَلَالَت کرتی ہے:
اِنَّا جَعَلْنَا مَا عَلَى الْاَرْضِ زِیْنَةً لَّهَا لِنَبْلُوَهُمْ اَیُّهُمْ اَحْسَنُ عَمَلًا(۷)(پ ۱۵، الکھف: ۷)
ترجمۂ کنز الایمان:بے شك ہم نے زمین كا سنگار کیا جو کچھ اس پر ہے کہ انہیں آزمائیں ان میں کس کے کام بہتر ہیں۔
مَنْقُول ہے کہ یہاں ( اَحْسَنُ عَمَلًا)سے مُراد اَزْھَدُ فِی الدُّنْیَا ہے یعنی دنیا میں کون زیادہ زُہْد اِخْتِیار کئے ہے؟ گویا اِحسان زاہِدین کا مَقام ہے اور یہی یقین کی صِفَت بھی ہے۔ جیسا کہ سرورِ کائنات صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم سے اس کے مُتَعَلِّق عَرْض کی گئی تو آپ صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے اس کی یہی تفسیر بیان کی۔ چنانچہ مَرْوِی ہے کہ جب آپ صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم سے عَرْض کی گئی: مَا الْاِحْسَانُ؟ اِحسان کیا ہے تو اِرشَاد فرمایا:اَنْ تَعْبُدَ اللهَ کَاَنَّكَ تَرَاہ۔ یعنی تو اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی اس طرح عِبَادَت کرے گویا اسے دیکھ رہا ہے۔[5] مُراد یہ ہے کہ یقین کے ساتھ عِبَادَت کرے اور یہی تو (ذاتِ حَق کا)مُشاہَدہ ہے۔
(صَاحِبِ کِتاب اِمامِ اَجَلّ حضرت سَیِّدُنا شیخ ابُو طالِب مکّی عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللہ ِالْقَوِی فرماتے ہیں)میری زِنْدَگی کی قَسَم! زُہْد اہل یقین کا حال ہے کیونکہ یہ یقین کا مُتَقَاضِی ہے اور اس سے مُراد ہِدَایَت یافتہ مُتَّقِیْن رَحِمَہُمُ اللہ المَتِین ہیں جنہیں یقین کے ساتھ خاص کیا گیا ہے۔ چنانچہ اِرشَاد ہوتا ہے:
ذٰلِكَ الْكِتٰبُ لَا رَیْبَ ﶈ فِیْهِ ۚۛ-هُدًى لِّلْمُتَّقِیْنَۙ(۲) الَّذِیْنَ یُؤْمِنُوْنَ بِالْغَیْبِ وَ یُقِیْمُوْنَ الصَّلٰوةَ وَ مِمَّا رَزَقْنٰهُمْ یُنْفِقُوْنَۙ(۳) (پ ۱، البقرة:۲، ۳)
ترجمۂ کنز الایمان:وه بُلَند رُتْبہ كِتاب(قرآن) کوئی شک کی جگہ نہیں اس میں ہِدَایَت ہے ڈر والوں کو وہ جو بے دیکھے اِیمان لائیں اور نَماز قائم رکھیں اور ہماری دی ہوئی روزی میں سے ہماری راہ میں اُٹھائیں۔
یہاں وہ لوگ مُراد ہیں جو کچھ بچا کر نہیں رکھتے بلکہ جو رِزْق دیا جاتا ہے خَرْچ کر دیتے ہیں اور آخِرَت پر یقین رکھتے ہیں اور آخِرَت کو دنیا پر ترجیح دیتے ہیں۔ چنانچہ ان کا یہ وَصْف بیان کرتے ہوئے اِرشَاد فرمایا:
وَ بِالْاٰخِرَةِ هُمْ یُوْقِنُوْنَؕ(۴) اُولٰٓىٕكَ عَلٰى هُدًى مِّنْ رَّبِّهِمْۗ-وَ اُولٰٓىٕكَ هُمُ الْمُفْلِحُوْنَ(۵) (پ ۱، البقرة:۴، ۵)
ترجمۂ کنز الایمان:اور آخِرَت پر یقین رکھیں وُہی لوگ اپنے رب کی طرف سے ہِدَایَت پر ہیں اور وُہی مُراد کو پہنچنے والے۔
[1]………ترمذی ، کتاب الزھد ، باب ما جاء ان فقراء …الخ ، ۴ / ۱۵۸ ، حدیث: ۲۳۶۲
[2]………ترمذی ، کتاب الزھد ، باب ما جاء ان فقراء …الخ ، ۴ / ۱۵۸ ، حدیث: ۲۳۶۱
[3]………بخاری ، کتاب بدء الخلق ، باب ما جاء فی صفة الجنة وانهامخلوقة ، ۲/ ۳۹۰ ، حدیث: ۳۲۴۱ ، الاغنیآء بدله النسآء
مسند احمد ، مسند عبد اللہ بن عمرو بن العاص ، ۲ / ۵۸۲ ، حدیث: ۶۶۲۲
[4]………مسلم ، كتاب الرقاق ، باب اكثر اهل الجنة الفقراء…الخ ، ص۱۴۶۴ ، حديث: ۲۷۳۶ ، مفھوماً
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع