30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
مومِن مذکورہ چاروں اَحْکام کو جان لیتا ہے تو خوف و رِجا اس کے دل میں پیدا ہو جاتے ہیں اور اس کے اِیمان کے اِعْتِدال کی وجہ سے اس کی حَالَت بھی مُعْتَدِل ہو جاتی ہے۔ وہ مخلوق پر اس کے ظاہِر کے مُطابِق حکْم لگاتا ہے اور پوشیدہ باتوں کو اللہ عَزَّ وَجَلَّ کے سِپُرْد کر دیتا ہے، وہ کسی بندے کے ظاہِر کی وجہ سے اس پر شَر کا قطعی حکْم نہیں لگاتا بلکہ اس کے لیے اس خیر کی اُمِّید رکھتا ہے جو عِنْدَ الله پوشیدہ ہو۔ نیز اپنے یا کسی کے بھی ظاہِر کی وجہ سے اس کے خیر میں مبتلا ہونے کی گواہی نہیں دیتا بلکہ عِنْدَ اللهشَر کے پوشیدہ ہونے سے ڈرتا ہے۔
مومِن کا کامِل حال یہ ہے کہ وہ اپنے نَفْس پر تو ڈرے مگر دوسروں کے لیے خیر کی اُمِّید رکھے کیونکہ یہی مومنین کا وِجدان ہے اس اعتبار سے کہ وہ حُسْنِ ظَن رکھتے ہوئے عِبادَت کرتے ہیں۔ وہ لوگوں سے بھی حُسْنِ ظَن رکھتے ہیں اور ظاہِری اَعمال پر سلامتیٔ قَلْب کی وجہ سے عُذر پیش کرتے ہیں اور پوشیدہ باتوں کو اللہ عَزَّ وَجَلَّ کے سِپُرْد کر دیتے ہیں۔ وہ اپنے نُفُوس سے بَدْظَن رہتے ہیں کیونکہ وہ ان کی صِفات کو خوب جانتے ہیں اور ان پر مَلَامَت کرتے رہتے ہیں اور وہ ان کے لیے کسی قِسْم کی کوئی حُجّت قائم نہیں کرتے کیونکہ وہ ان کے شَر میں مبتلا ہونے سے پوشیدہ طور پر ڈرتے ہیں، نیز انہیں یہ خوف بھی لاحِق رہتا ہے کہ ایسا کرنے سے گویا وہ خود اپنے ہی نُفُوس کو پاک دامَن قرار دیدیں گے۔
جس شخص پر یہ دونوں باتیں اُلَٹ ہو جائیں گویا وہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی خُفْیَہ تدبیر کا شِکار ہے یہاں تک کہ وہ اپنے نَفْس کے مُتَعَلّق تو اچھّا گمان رکھتا ہے مگر دوسروں کے مُتَعَلّق بد گمانی کاشِکار رہتا ہے، لوگوں کے شَر میں مبتلا ہونے کا تو خوف رکھتا ہے مگر اپنے لیے رَحْمَت کی اُمِّید رکھتا ہے، حُجّت قائم کرتے ہوئے اپنے نَفْس کے لیے تو عُذر تلاش کرتا ہے مگر لوگوں کو مَلَامَت کرتا ہے اور ان کی مَذمَّت سے بھی نہیں کتراتا۔ یہ سب مُنافقین کے اَوصاف ہیں۔
اَہْلِ رِجا کے لیے ان کے مَقام کے مُطابِق ایک حال ہوتا ہے اور چونکہ مَقام کے مُطابِق حال کی کوئی عَلامَت بھی ہوتی ہے،لہٰذا رِجا کی عَلامَت یہ ہے کہ بندے کو رِجا والی شے کے مُشاہَدے سے اپنے رب کے ساتھ دائمی حُسْنِ مُعامَلہ و قُرب حاصِل ہو،اللہ عَزَّ وَجَلَّ پر حُسْنِ ظَن رکھنے اور اچھّی اُمِّیدیں وابستہ کرنے کی بنا پر نوافِل کی ادائیگی کے ذریعے بَہُت زیادہ قُرْب حاصِل ہو اور اللہ عَزَّ وَجَلَّ نے اسے جو نیک اَعمال بجا لانے کا حکْم دیا ہے وہ اپنے فَضْل سے انہیں شَرَفِ قَبُولِیَّت عطا فرمائے اور یہ سب کچھ اللہ عَزَّ وَجَلَّ اپنے کَرَم سے کرتا ہے حالانکہ اس پر ان اَعمال کو قبول کرنا لازِم ہے نہ ہم اس بات کا کوئی حَق رکھتے ہیں۔ بلکہ بندہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ کے اِحسان اور اس کی رَحْمَت سے جو نیک عَمَل کرتا ہے وہ اس کے بُرے اَعمال کا کفّارہ بن جاتے ہیں اس اِعْتِبَار سے کہ وہ اپنے مَـخْفِی لُطْف و کَرَم اور اَخلاقِ حَمیدہ کی بنا پر ہم پر اپنی عِنایات فرماتا رہتا ہے مگر ایسا کرنا اس پر لازِم نہیں بلکہ ایسا وہ اس لیے فرماتا ہے کہ بندہ اس سے حُسْنِ ظَن رکھتا ہے۔ جیسا کہ حضرت سَیِّدُناسفیان ثوری عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللہ ِالْقَوِی فرماتے ہیں:جس نے کوئی گناہ کیا اور اسے یہ یقین ہو کہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ نے اس کی تقدیر میں ایسا ہی لکھا تھا اور پھر وہ اس سے بخشش کی اُمِّید رکھے تو اللہ عَزَّ وَجَلَّ اس کے گناہ کو مُعاف فرما دیتا ہے۔ مزید فرماتے ہیں:اس گمان کی وجہ سے اللہ عَزَّ وَجَلَّ نے ایک قوم کی حَالَت بَدَل دی۔ چنانچہ اِرشَاد فرمایا:
وَ ذٰلِكُمْ ظَنُّكُمُ الَّذِیْ ظَنَنْتُمْ بِرَبِّكُمْ اَرْدٰىكُمْ (پ ۲۴، حم السجدة:۲۳)
ترجمۂ کنز الایمان:اور یہ ہے تمہارا وہ گمان جو تم نے اپنے رب کے ساتھ کیا اور اس نے تمہیں ہلاک کر دیا۔
ایک مَقام پر اِرشَاد فرمایا:
وَ ظَنَنْتُمْ ظَنَّ السَّوْءِ ۚۖ-وَ كُنْتُمْ قَوْمًۢا بُوْرًا(۱۲) (پ ۲۶، الفتح:۱۲)
ترجمۂ کنز الایمان:اور تم نے برا گمان کیا اور تم ہلاک ہونے والے لوگ تھے۔
(صَاحِبِ کِتاب اِمامِ اَجَلّ حضرت سَیِّدُنا شیخ ابُو طالِب مکّی عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللہ ِالْقَوِی فرماتے ہیں)ان آیات سے معلوم ہوا کہ جس نے اللہ عَزَّ وَجَلَّ سے حُسْنِ ظَن رکھا وہ اَہْلِ نَجات سے ہے۔ جیسا کہ مَرْوِی ہے:جس نے کوئی گناہ کیا پھر اس پر غم زدہ ہوا تو اس کا گناہ مُعاف فرما دیا جائے گا اگرچہ اس نےاِسْتِغفار نہ بھی کیا۔[1]
رِجا کا مَقام بھی دوسرے مَقاماتِ یقین کی طرح ہے، ان میں سے کچھ فَرْض ہیں اور کچھ باعِثِ فضیلت۔ چنانچہ بندے پر فَرْض ہےکہ اپنے مولا، خالِق، مَعْبُود اور رازِق سے اُمِّید رکھے اس اِعْتِبَار سے کہ اس کے کَرَم اور فَضْل پر نظر رکھے اور اپنے نفس کی صِفات اور بُری باتوں کو نہ دیکھے۔ چنانچہ،حضرت سَیِّدُنا سَہْل تُسْتَرِی عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللہ ِالْقَوِی سے مَنْقُول ہے کہ جس نے اللہ عَزَّ وَجَلَّ سے کوئی چیز مانگی اور اپنے نَفْس اور اَعمال کی جانِب دیکھا تو اس کی دُعا قبول نہ ہو گی جب تک کہ اس کی نِگاہیں صِرف ذاتِ باری تعالیٰ اور اس کے لُطْف و کَرَم پر مرکوز نہ ہوں اور اسے دُعا کی قبولِیَّت کا یقین نہ ہو جائے۔
(صَاحِبِ کِتاب اِمامِ اَجَلّ حضرت سَیِّدُنا شیخ ابُو طالِب مکّی عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللہ ِالْقَوِی فرماتے ہیں)میری عمر کی قَسَم! بے شک جس نے اللہ عَزَّ وَجَلَّ سے کچھ مانگا اور کسی شے میں اپنی رَغْبَت کا اِظْہَار کیا مگر نظر اپنے نَفْس اور اَعمال کی جانِب رکھی تو وہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ سے اپنی رِجا میں مُخْلِص نہیں کیونکہ اس نے نظر میں شِرک کیا ہے اور جب وہ رِجا میں مخلص ہی نہ ہو تو وہ اَہْلِ یقین میں سے بھی نہ ہو گا اور اللہ عَزَّ وَجَلَّ اسی شخص کے عَمَل اور دُعا کو شَرَفِ قبولِیَّت سے نوازتا ہے جو مُخْلِص ہو اور اسے دُعا کی قبولِیَّت کا یقین بھی ہو۔ چنانچہ جسے مُشاہَدۂ توحید کی دولت نصیب ہو اور اس کی نگاہوں کا مَحْور بھی وَحْدَانِیّت ہی ہو تو یقیناً اِخلاص اور دُعا کی قبولِیَّت کے یقین کی دولت سے مالا مال ہو جائے گا۔ چنانچہ مَرْوِی ہے کہ جب تم دُعا مانگو تو دُعا کی قبولِیَّت کا یقین رکھو،[2] کیونکہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ اسی کی دُعا قبول فرماتا ہے جسے قبولِیَّت کا یقین ہو اور وہ خُلُوصِ نِیَّت سے دُعا مانگے۔ اس لیے کہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ جسے دُعا کی توفیق عطا فرماتا ہے اس کے لیے عِبادَت کا ایک دروازہ کھول دیا جاتا
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع