30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
حضرت ِ سیدناربیع بن انس رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُفرما تے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے فرشتوں کو بدھ کے دن ، جنّات کو جمعرات اورسیدنا آدم عَلٰی نَبِیِّنَا وَعَلیہِ الصَّلٰوۃ والسَّلام کو جمعہ کے دن پیدا کیا۔ (جَامِعُ الْبَیَانِ فِیْ تَاْوِیْلِ الْقُرْاٰنِ ، الحدیث ۶۰۲ ، ج۱ ، ص۲۳۷)
جنات کو انسان سے پہلے پیدا کیا گیا :
حضرتِ سیدنا عبداللہ بن عباس رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُماسے مروی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے جنت کو جہنم سے پہلے ، اپنی رَحمت کی اشیاء کو اپنے غضب کی چیزوں سے پہلے ، آسمان کو زمین سے پہلے ، سورج وچاند کوستاروں سے پہلے ، دن کو رات سے پہلے ، دریا کوخشکی سے پہلے ، فرشتوں کو جنوں سے پہلے ، جنوں کوانسانوں سے پہلے اورنر کومادہ سے پہلے پیدا فرمایا ۔ (کتاب العظمۃ ، صفۃ ابتداء الخلق ، الحدیث ۸۹۱ ، ص۲۹۹)
زمین پر انسان سے پہلے جِنَّات آباد تھے
حضرتِ سیدنا ابن عباس رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُمَاسے مروی ہے کہ حضرتِ سیدنا آدم عَلٰی نَبِیِّنَا وَعَلیہِ الصَّلٰوۃ والسَّلام کی تخلیق سے دوہزارسال پہلے زمین پر جنات رہتے تھے ۔ انہوں نے زمین پر فسادبرپا کیااور خونریزی کی ۔ جب انہوں نے زمین میں فساد پھیلانے کو اپنا وتیرہ بنا لیا تواللہ تعالیٰ نے ان پرفرشتوں کے لشکر بھیجے جنہوں نے انہیں مارا اور سمندری جزیروں کی طرف بھگادیا۔ (اَلدُّرُّالْمَنْثُوْرُ ، ج۱ ، ص۱۱۱)
اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے :
فَسَجَدُوْۤا اِلَّاۤ اِبْلِیْسَؕ-كَانَ مِنَ الْجِنِّ (پ۱۵ ، الکہف۵۰)
ترجمۂ کنزالایمان : تو سب نے سجدہ کیا سوا ابلیس کے قومِ جن سے تھا ۔
حضرتِ علّامہ جلا ل الدین سُیُوطِی الشّافِعی عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہ ِالْقَوِی (اَ لْمُتَوَفّٰی۹۱۱ھ) نقل کرتے ہیں : شیاطین جنات ہی کی نافرمان قسم کا نام ہے جو ابلیس کی اولاد سے ہیں۔ (لَقْطُ الْمَرْجَانِ فِیْ اَحْکَامِ الَجَانِّ ، ذکر وجودھم ، ص۲۴)
صدر الافاضل حضرت مولانا سیدمحمد نعیم الدین مراد آبادی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْہَادِی (اَ لْمُتَوَفّٰی۱۳۶۷ھ) تفسیر خزائن العرفان میں لکھتے ہیں : شیطان دو قسم کے ہوتے ہیں ایک جنوں میں سے ایک انسانوں میں سے جیسا کہ قراٰن پاک میں ہے{شَیٰطِینَ الاِنْسِ وَالْجِنِّ }(ترجمۂ کنزالایمان : آدمیوں اور جنوں میں کے شیطان ۔ (پ ۸ ، الانعام ۱۱۲) ‘‘ (خزائن العرفان ، پ۲۴ ، حم السجدۃ ، زیرآیت۲۹)
حضرتِ سیدنا حسنرَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہِارشاد فرماتے ہیں : جس طر ح حضر ت آدمعَلٰی نَبِیِّنَا وَعَلیہِ الصَّلٰوۃ والسَّلام تمام انسانوں کے باپ ہیں ، اسی طرح ابلیس تمام جنات کا باپ ہے ۔ (کِتَابُ الْعَظْمَۃِ ، الحدیث۱۱۴۰ ، ص۴۲۹)
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!
جنات کے یہاں بھی اولاد پیدا ہوتی ہے جس سے ان کی نسل چلتی ہے ۔ اللہ تعالیٰ نے قراٰن مجید میں اولادِ شیطان کا ذکر ان الفاظ میں کیا ہے :
اَفَتَتَّخِذُوْنَهٗ وَ ذُرِّیَّتَهٗۤ اَوْلِیَآءَ مِنْ دُوْنِیْ وَ هُمْ لَكُمْ عَدُوٌّؕ- (پ ۱۵ ، الکہف : ۵۰)
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع