30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
مسئلہ۱۳: بے ضرورت کھکھار نکالنا([1] ) ، قصداً جماہی لینا مکروہِ تحریمی ہے۔ اگر جماہی خود آئے تو حر َج نہیں مگر روکنا مستحب ہے اگر روکے سے نہ رُکے تو ہونٹ دانتوں میں دبائے اور اس پر بھی نہ رُکے تو ہاتھ منہ پر رکھ لے قیام میں داہنا ہاتھ رکھے اور باقی حالتوں میں بایاں ۔
مسئلہ۱۴: صرف پائجامہ یا تہبند پہن کر نماز پڑھی اور کرتا یا چادر موجود ہے تو نماز مکروہِ تحریمی ہے اور جو دوسرا کپڑا نہیں تو معاف ہے۔
مسئلہ۱۵: کسی آنے والے کی خاطر نماز کو طول دینا مکروہِ تحریمی ہے اور اگر جماعت پا جانے کے خیال سے ایک دو تسبیح کے برابر طول دیا تو کراہت نہیں ۔ ( عالمگیری)
مسئلہ۱۶: قبر کا سامنے ہونا جب کہ کوئی چیز بیچ میں حائل نہ ہو تو مکروہِ تحریمی ہے۔ (درمختار، عالمگیری)
غیر کی زمین میں نماز پڑھنے کا حکم
مسئلہ۱۷: زمین مغصوب([2] ) یا پرائے کھیت میں ، جس میں زراعت موجود ہے یا جتے کھیت ([3] )میں نماز پڑھنا مکروہ تحریمی ہے۔ (درمختار، عالمگیری)
مسئلہ۱۸: مقبرہ([4] )میں جو جگہ نماز کے لیے مقرر ہو اور اُس جگہ میں قبر نہ ہو تو وہاں نماز پڑھنے میں حرج نہیں ۔ کراہت اس وقت ہے کہ قبر سامنے ہو اور نمازی اور قبر کے درمیان کوئی چیز بقدر سترہ حائل نہ ہو، ورنہ اگر قبر داہنے یا بائیں یا پیچھے ہو یا سترہ کے برابر کوئی چیز حائل ہو تو کچھ کراہت نہیں ۔ (عالمگیری، غنیہ، قاضی خان)
کفار کے عبادت خانوں میں جانے کا حکم
مسئلہ۱۹: کفار کے عبادت خانوں میں نماز پڑھنا مکروہ تحریمی ہے کہ وہ شیاطین کی جگہ ہے بلکہ ان میں جانابھی منع ہے۔
اُلٹا کپڑا پہن کر نماز پڑھنے کا حکم
مسئلہ۲۰: اُلٹا کپڑا پہن کر یا اُوڑھ کر نماز پڑھنا مکروہ تحریمی ہے یوں ہی اَنگرکھے([5] ) کے بند نہ باندھنا اور اَچکن شیروانی([6] ) وغیرہ کے بٹن نہ لگانا اگر اس کے نیچے کرتا وغیرہ نہیں اور سینہ کھلا رہا تو مکروہ تحریمی ہے اور اگر نیچے کرتہ وغیرہ ہے تو مکروہ تنزیہی۔
مسئلہ۲۱: جس کپڑے پر جاندار کی تصویر ہو اُسے پہن کر نماز پڑھنا مکروہ ِتحریمی ہے۔ نمازکے علاوہ بھی ایسا کپڑا پہننا ناجائز ہے۔
مسئلہ۲۲: اگر تصویر نمازی کے سر پر ہو یعنی چھت میں بنی ہو یا لٹکی ہو یا سجدہ کی جگہ میں ہو کہ اس پر سجدہ واقع ہوتا ہو تو نماز مکروہ تحریمی ہوگی۔ یوہیں نمازی کے آگے یا داہنے یا بائیں تصویر کا ہونا مکروہ ِتحریمی ہے اور پیچھے ہونا بھی مکروہ ہے۔ اگرچہ آگے اور دائیں بائیں ہونے سے کم۔
مسئلہ۲۳: اگر تصویر فرش میں ہے اور اس پر سجدہ نہیں تو کراہت نہیں ۔ (ہدایہ، فتح القدیر)
مسئلہ۲۴: اگر تصویر غیر جاندار کی ہے جیسے پہاڑ، دریا، درخت، پھول، پتی وغیرہ تو کچھ حرج نہیں ۔ (فتح القدیر)
مسئلہ۲۵: تھیلی یا جیب میں تصویر چھپی ہوئی ہو تو نماز میں کراہت نہیں ۔ (درمختار)
مسئلہ۲۶: تصویر والا کپڑا پہنے ہوئے ہے اور اس پر کوئی دوسرا کپڑا اور پہن لیا کہ تصویر چھپ گئی تو اب نماز مکروہ نہیں ہوگی۔ (ردالمحتار)
مسئلہ۲۷: اگر تصویر ذلت کی جگہ میں ہو جیسے جوتا اُتارنے کی جگہ میں ہو یا ایسے فرش میں ہو جس کو پاؤں سے روندتے ہوں تو نماز میں کراہت نہیں جب کہ اس پر سجدہ نہ ہو اور گھر میں ہونے میں بھی کراہت نہیں ۔ (درمختار)
مسئلہ۲۸: اگر تصویر اتنی چھوٹی ہو کہ کھڑے ہو کر دیکھنے میں اس کے بدن کے حصہ الگ الگ نہ دکھائی دیں تو ایسی تصویر کے نمازی کے آگے پیچھے یا دائیں بائیں ہونے میں نماز مکروہ نہ ہوگی۔
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع