میرے آقا امامِ اہلسنّت مولانا شاہ امام احمد رضا خان عَلَیْہِ رَحْمَۃُ الرَّحْمٰن فرماتے ہیں : ( امیر المؤمنین حضرتِ سیِّدُنا عمر فاروقِ اعظم رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ کے پوتے حضرتِ سیِّدُنا) سالِم رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ فرماتے ہیں : میں اپنے والِدِ ماجِد (حضرتِ سیِّدُنا ) عبدُ اللّٰہ بن عمر رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُمَاکے حُضُور حاضِر ہوا اور وہ عمامہ باندھ رہے تھے ، جب باندھ چکے، میری طرف اِلتِفات (یعنی توجُّہ) کرکے فرمایا: تم عمامے کو دوست رکھتے ہو؟ میں نے عرض کی : کیوں نہیں ! فرمایا: اسے دوست رکھّو عزّت پاؤگے اور جب شیطان تمہیں دیکھے گاتم سے پیٹھ پھیر لے گا ، میں نے صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کو فرماتے سنا کہ ’’ عمامے کے ساتھ ایک نفل نَماز خواہ فَرض بے عِمامے کی پچیس نَمازوں کے برابر ہے اور عمامے کے ساتھ ایک جمعہ بے عمامے کے ستّر جمعوں کے برابر ہے۔ ‘‘ پھر ابنِ عمر رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُمَا نے فرمایا: اے فرزند! عِمامہ باند ھ کہ فِرِشتے جُمُعہ کے دن عِمامہ باندھے آتے ہیں اور سورج ڈوبنے تک عمامے والوں پر سلام بھیجتے رہتے ہیں ۔ (فتاوٰی رضویہ مُخَرَّجہ ج ۶ص ۲۱۵ )
اگرسب اپنی مَدَنی سوچ بنالیں کہ آج سے ہم داڑھی، زُلفوں اور عمامہ شریف کی سنتیں اپنالیں گے تو میں سمجھتا ہوں کہ داڑھی ، زلفوں اور عمامہ شریف کا ایک بارپھر رَواج پڑجائیگا۔ یعنی جس طرح آج لوگ بکثرت داڑھیاں مُنڈاتے ہیں اسی طرح کثیر مسلمان داڑھیاں سجانے لگیں گے اورہر طرف داڑھی ، زلفوں اور عمامے شریف کی بہار آجائے گی۔
ہم کو میٹھے مصطفیٰ کی سنّتوں سے پیار ہے
اِنْ شَآءَاللہ دو جہاں میں اپنا بیڑا پار ہے
سرکارِ مدینہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا: (مِعراج کی رات) میں نے کچھ مَردوں کو دیکھا جن کی کھالیں آگ کی قَینچیوں سے کاٹی جارہی تھی ، میں نے کہا: یہ کون ہیں ؟ جبرئیلِ امین (عَلَیْہِ الصَّلَاۃُ وَالسَّلَام) نے بتایا: یہ لوگ ناجائز اَشیاء سے زِینت حاصل کرتے تھے۔ اورمیں نے ایک بدبودار گڑھا دیکھا جس میں شوروغَوغا برپا تھا، میں نے کہا: یہ کون ہیں ؟ تو بتایا: یہ وہ عورَتیں ہیں جو ناجائز اَشیاء سے زِینت حاصل کرتی تھیں ۔ (تاریخِ بغداد ج۱ ص۴۱۵) یاد رکھئے!نَیل پالِش کی تہ ناخُنوں پرجَم جاتی ہے لہٰذا ایسی حالت میں وضو کرنے سے نہ وُضو ہوتا ہے نہ ہی نہانے سے غسل اُترتا ہے ، جب وُضو وغسل نہ ہو تو نَماز بھی نہیں ہوتی۔
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! آج سے عَہد کر لیجئے کہ میر ی کوئی نَماز قضا نہیں ہو گی … آج کے بعد رَمَضان کا کوئی روزہ قضا نہیں ہوگا… فلمیں ڈِرامے نہیں دیکھیں گے … گانے باجے نہیں سنیں گے… داڑھی نہیں منڈائیں گے… ایک مٹھی سے نہیں گھٹائیں گے… اِنْ شَآءَ اللہ ۔ ( ) اور مردوں کے پاجامے کے پائنچے ٹخنوں سے اوپر ہونے چاہئیں کہ جوکپڑاتکبُّر سے نیچے گرتا ہے وہ آگ میں ہے ۔ حدیث پاک میں ہے: ’’ایک شخص تکبُّر سے تَہبند گھسیٹ رہا تھا زمین میں دھنسا دیا گیا اورقِیامت تک وہ زمین میں دھنستا رہے گا۔ ‘‘ (بُخاری ج۴ ص۴۷ حدیث۵۷۹۰) آج کے بعد سارے اسلامی بھائی اپنے پاجامے ٹخنوں سے اوپر رکھا کریں گے… اِنْ شَآءَ اللہ … اِنْ شَآءَ اللہ … اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! بیان کواختتام کی طرف لاتے ہوئے سنت کی فضیلت اور چند سنتیں اور آداب بیان کرنے کی سعادَت حاصِل کرتا ہوں ۔ تاجدارِ رسالت، شَہَنْشاہِ نُبُوَّت، مصطَفٰے جانِ رَحمت، شَمعِ بزمِ ہدایت ، نَوشَۂ بز م جنت صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کا فرمانِ جنت نشان ہے: جس نے میری سنت سے مَحَبَّت کی اُس نے مجھ سے مَحَبَّت کی ا و ر جس نے مجھ سے مَحَبَّت کی وہ جنت میں میرے ساتھ ہو گا ۔ ( اِبنِ عَساکِر ج۹ص۳۴۳)
سینہ تری سنت کا مدینہ بنے آقا
جنت میں پڑوسی مجھے تم اپنا بنانا
صَلُّوا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد