30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
حاضر ہوں )کہتے ہوئے اُن کے ساتھ مسجد کی طرف چل دیا اور غالباً زندگی میں پہلی بار میں مسجد میں داخل ہوا ۔ عاشقانِ رسول کی صحبت اور مسجد میں ہونے والے سنّتوں بھرے بیا ن نے میرے دل کی کیفیت کو بدل کر رکھ دیا۔میں نے اسلامی بھائیوں کے پاس آنا جانا شروع کر دیااور مکتوب کے ذریعے شیخ طریقت امیراہلسنّت حضرت علامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر قادری دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ سے مرید ہو کر عطاری بن گیا۔ایک ولی کامل سے مرید تو کیا ہوا میرے انداز بدلتے چلے گئے۔میں نے شراب پینا چھوڑ دی، نمازی بن گیا اور چہرہ سنت کے مطابق داڑھی اور سر عمامہ شریف سے سج
گیا۔ لوگ میری اس حیرت انگیز تبدیلی پر حیران تھے۔بعضوں کو تو یقین نہیں آرہا تھا کہ میں بھی سُدھر سکتاہوں !ایک روز عجیب چُٹکلہ ہوا کہ دواخباری رپورٹر میرے قریب سے گزرے تو ایک نے میری طرف اشارہ کرکے دوسرے کو بتایا یہ وہی فلاں شخص ہے ، میرا تبدیل شدہ حلیہ دیکھ کر دوسرے کو یقین نہ آیا اور اُس نے مجھ سے باقاعدہ تصدیق کی کہ کیا آپ وہی ہیں جس کا یہ تذکرہ کررہے ہیں ، میرے تصدیق کرنے پر وہ دم بخود رہ گیا اور کہنے لگا کہ اپنی تبدیلی کا راز بتائیے ہم اخبار میں آپ کی خبر چھاپیں گے مگر میں نے منع کردیا ۔اَلْحَمْدُ للہ عَزَّوَجَلَّ یہ دعوتِ اسلامی کے مَدَنی ماحول کی برکتیں کہ مجھ جیسا رُسوائے زمانہ انسان بھی صلٰوۃ وسنّت کی راہ پر چلنے لگا اور معاشرے کا ایک باعزت فرد بن گیا ۔
اللہ کرم ایسا کرے تجھ پے جہاں میں
اے دعوتِ اسلامی تری دُھوم مچی ہو
اللہ عَزَّوَجَلَّ کی امیرِ اہلسنّت پَر رَحمت ہو اور ان کے صد قے ہماری مغفِرت ہو
اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم
صَلُّوْ ا عَلَی الْحَبِیب ! صلَّی اللّٰہُ تعالٰی عَلٰی محمَّد
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!دیکھا آپ نے کہ اِخلاص واِستقامت کے ساتھ کی گئی انفرادی کوشش کی کیسی برکتیں نصیب ہوئیں اور بربادیٔ آخرت کے راستے پر چلنے والے اسلامی بھائی کو جنت میں لے جانے والے راستے پر گامزن ہونے کی توفیق مل گئی ۔ہر اسلامی بھائی کو چاہئے کہ گھبرائے اور شرمائے بغیر دیگر اسلامی بھائیوں ( خواہ ان کا تعلق کسی بھی شعبے سے ہو)کو نیکی کی دعوت ضرور پیش کیا کریں ، کیا عجب کہ ہمارے چند کلمات کسی کی دنیاو آخرت سنوارنے اور ہمارے لئے کثیر ثوابِ جاریہ کا ذریعہ بن جائیں ۔اور نیکی کی دعوت کے ثواب کی تو کیا بات ہے!
ہر کلمے کے بدلے ایک سال کی عبادت کا ثواب
ایک بار حضرتِ سیِّدُنا مُوسیٰ کلیمُ اللہ علٰی نَبِیِّنا وَعَلیہِ الصّلوٰۃ وَالسّلام نے بارگاہِ خُداوندی عَزَّوَجَلَّ میں عرض کی : یا اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ جو اپنے بھائی کو نیکی کا حکم کرے اور بُرائی سے روکے اس کی جَزا کیا ہے؟ اللہ تبارَکَ وَ تَعَالٰی نے ارشاد فرمایا : میں اُس کے ہر ہرکلمہ کے بدلے ایک ایک سال کی عبادت کا ثواب لکھتا ہوں اور اُسے جہنَّم کی سزا دینے میں مجھے حَیا آتی ہے۔
(مُکَاشَفَۃُ الْقُلُوْب ص۴۸ دارالکتب العلمیۃ بیروت)
مجھے تم ایسی دو ہمّت آقا دُوں سب کو نیکی کی دعوت آقا
بنا دو مجھ کو بھی نیک خصلت نبیِّ رحمت شفیعِ اُمّت
صَلُّو ا عَلَی الْحَبِیب ! صلَّی اللّٰہُ تعالٰی علٰی محمَّد
باب المدینہ (کراچی) کے ایک اسلامی بھائی کی حلفیہ تحریر کا خلاصہ ہے کہ میں داؤد انجینئرنگ کالج کا طالبِ علم ہوں ، بُرے اور بد عقیدہ لوگوں کی صحبتوں نے مجھے عقائد کے معاملات میں ’’ذہنی کشمکش ‘‘میں مبتلا کردیا تھا کہ کون سیدھے راستے پر ہے ۔2سال کا طویل عرصہ یونہی گزر گیا۔ایک روزمیری ملاقات ایک ایسے نوجوان سے ہوئی جن کا انداز و کردار میرے دل میں اتر گیا ۔اس عاشق ِسول کے چہرے پر عبادت کے نور کی چمک تھی۔سبز عمامہ شریف اور سفید لباس میں وہ کوئی آسمانی فرشتہ لگ رہا تھا۔اُس اسلامی بھائی نے انفرادی کوشش کرتے ہوئے مجھے صحرائے مدینہ ، مدینۃ الاولیاء ملتان شریف میں ہونے والے دعوتِ اسلامی کے بین الاقوامی سنّتوں بھرے اجتماع میں شرکت کی دعوت پیش کی ۔میں پہلے ہی اُن سے متأثر ہوچکا تھا ، انکار کیونکر ہوسکتا تھا ۔چنانچہ میں نے بین الاقوامی سنّتوں بھرے اجتماع میں شرکت کی ۔ حج کے بعد کثیر تعداد میں مسلمانوں کے جمع ہونے کا منظر دیکھ کر میری آنکھیں ڈبڈبا گئیں ، میرے دل نے گواہی دی کہ یہی ’’اہلِ حق ‘‘ہیں ۔ آخری دن ہونے والے امیرِاہلسنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ کے بیان’’ اللہ عَزَّوَجَلَّ کی خُفیہ تدبیر‘‘سن کر میرے رونگٹے کھڑے ہوگئے ۔ پھر رقت انگیز دُعا نے ایسا اثر کیا کہ میری زندگی بدل گئی، میں پہلے جانورتھا اور دعوتِ اسلامی ، امیرِ اَہلسنت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ کی نظر ولایت نے مجھے انسان بنادیاہے ۔آج میں اپنے دل میں کثرت سے نیکیاں کرنے کا جذبہ پاتا ہوں ۔چہرے پر سنّت کے مطابق داڑھی شریف بھی سجالی ہے، قرآنِ پاک حفظ کرنے کی بھی نیّت ہے۔مذہبِ مہذب اہلسنّت پر اِستقامت نصیب ہوگئی ہے ۔ایک اور اہم بات کہ جب میں اجتماع میں شرکت کیلئے مدینۃ الاولیاء ملتان جارہا تھا تو میرے والد اور والدہ کے ہاتھ پر فالج کا حملہ ہوگیا تھا ، وہ ذرا سا بھی ہاتھ نہیں ہلا سکتے تھے کہ شدید تکلیف ہوتی تھی۔اجتماع میں دُعا کی بَرَکت سے اُن کے فالج زدہ ہاتھ بھی ٹھیک ہوگئے ۔
اللہ عَزّوَجَلَّ کی امیرِ اہلسنّت پَر رَحمت ہو اور ان کے صد قے ہماری مغفِرت ہو
اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع