30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
حسن لذاتہ ولغیرہ کے رتبہ میں فرق:
حسن لغیرہ حسن لذاتہ سے مرتبہ میں کم ہوتی ہے اگر کہیں ان دونوں میں تعارض آجائے توحسن لذاتہ کو ترجیح دی جائے گی۔
نوٹ:
چونکہ حسن لغیرہ کو سمجھنا خبر ضعیف کو سمجھنے پر موقوف ہے لہذا ضمنا خبر ضعیف کی تعریف درج کی جاتی ہے۔
وہ حدیث جس کے راویوں میں صحیح اور حسن کی تمام یا بعض شرائط مفقود ہوں اور یہ کمی پوری نہ ہو۔
رُوِيَ عَنِ النَّبِيِّ صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ : ’’ اَلدِّیْکُ الْاَبْیَضُ صَدِیْقِيْ وَصَدِیْقُ صَدِیْقِيْ وَعَدُوُّ عَدُوِّ اللہِ ‘‘
سفید مرغ میرا دوست اورمیرے دوست کا خیر خواہ اوراللہ کے دشمن کا دشمن ہے۔ (کتاب الموضوعات لابن الجوزی)
حکم:
فضائل اعمال میں ضعیف حدیث مقبول ہے ([2]) نیز مواعظ، ترغیب اورترہیب کے سلسلے میں بھی ضعیف احادیث بیان کی جا سکتی ہے لیکن یہ یاد رہے کہ ضعیف حدیث کی نسبت بالجزم سرکارصَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی طرف کرنا روانہیں ہاں یوں کہا جاسکتاہے کہ روي عن رسولاللہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ یا بلغنا عنہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کذا۔
{…تتمّہ…}
بعض اوقات امام ترمذی ایک ہی حدیث کو حسن صحیح کہہ دیتے ہیں حالانکہ حسن رتبہ کے اعتبار سے صحیح سے کم ہوتی ہے جیسا کہ تعریفات کے ضمن میں گذرچکا ،اس کے جواب میں امام ابن حجر عسقلانی رَحِمَہ اللہ فرماتے ہیں :
(۱) …جب کسی حدیث کی دویازائد اَسناد ہوں توحَدِیْثٌ حَسَنٌ صَحِیْحٌ کا معنی ہوتاہے کہ ایک سند کے اعتبار سے حسن ہے جبکہ دوسری کے اعتبار سے صحیح۔
(۲) …اور اگر ایک ہی سند ہوتوایک قوم کے نزدیک اس کی شرائط کے مطابق وہ حدیث حسن جبکہ دوسری قوم کے نزدیک اس کی شرائط کے مطابق صحیح ہوتی ہے لیکن چونکہ امامِ مجتہد کو ناقل کی حالت میں تردد ہوتاہے اس لیے وہ حدیث کو ایک وصف سے متصف نہیں کرپاتااور کمالِ تقوی اور عدالت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہہ دیتاہے کہ ھَذَا حَدِیْثٌ حَسَنٌ صَحِیْحٌ یعنی حَسَنٌ أَوْ صَحِیْحٌ۔
کسی حدیث کے صحیح ہونے کیلئے جن اوصاف وشرائط کاپایاجانا ضروری ہے ان کے مختلف ہونے کی وجہ سے احادیثِ صحیحہ کے مابین آپس میں بھی تفاوت ہے کیونکہ بعض احادیثِ صحیحہ میں مذکورہ اوصاف وشرائط بدرجہ اتم پائے جاتے ہیں جبکہ بعض میں کچھ کمی کے ساتھ۔چنانچہ احادیث صحیحہ کے مراتب بیان کیے جاتے ہیں ۔
[1] ٭یاد رہے کہ حدیث میں ضعف راوی کی وجہ سے ہوتاہے ورنہ کوئی بھی حدیث جو سرکارصَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ سے ثابت ہوجائے وہ ضعیف نہیں ۔
٭تعدد طرق سے ضعیف حدیث قوت پاتی ہے بلکہ َحسن ہوجاتی ہے۔ ( فتاوی رضویہ۵ / ۴۷۲)
[2] حلیہ میں فرمایا کہ جب حدیث ِضعیف بالاجماع فضائل میں مقبول ہے تو اباحت میں بدرجہ اَولی۔(فتاوی رضویہ۱ / ۲۴۰)
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع