30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
غوثِ پاک رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہ کی تصویر کی حقیقت
سُوال:بعض لوگوں نے اپنے گھروں میں ایک خاص منظر پر مشتمل تصویر لگائی ہوتی ہے جس کے بارے میں وہ کہتے ہیں کہ یہ غوثِ پاک رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہ کی کرامت ہے ، اِس حوالے سے آپ کیا فرماتے ہیں ؟(عالَمی مَدَنی مَرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں موجود اسلامی بھائی کا سُوال)
جواب:بعض لوگ اپنے گھروں میں غوثِ پاک رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہ کی تصویر لگاتے ہیں حالانکہ وہ غوث ِپاک رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہ کی تصویر نہیں ہے کیونکہ اس وقت تک کیمرہ ہی اِیجاد نہیں ہوا تھا تو پھر یہ تصویر کس نے بنائی اور کہاں سے آئی؟ وہ ایک نقلی تصویر ہے جس میں غوثِ پاک رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہ کی داڑھی بھی چھوٹی دِکھائی گئی ہے ۔ میں نے بھی بازار میں وہ تصویر دیکھی ہے اسے دُکانوں پر فریم کر کے رکھا جاتا ہے۔ عوام ایسی چیزیں گھروں اور دکانوں میں لگاتے ہیں ، عُلَمائے کِرام کَثَّرَہُمُ اللہُ السَّلَام اور پڑھے لکھے سمجھ دار لوگ یہ تصویر اپنے گھروں میں نہیں لگاتے۔ یاد رَکھیے! جاندار کی تصویر حرام ہے اورپھر مَعَاذَ اللّٰہ غوثِ پاک رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہ کی طرف منسوب جھوٹی تصویر لگانا تو اور بھی سخت ہے۔ اس تصویر میں ایک خرابی یہ بھی ہے کہ اس میں بعض لوگوں کی رانیں اور گھٹنے کھلے ہوئے دِکھائے گئے ہیں۔ لوگ اس تصویر پر پھولوں کے ہار ڈالتے ہیں اور اس کے قریب اگربتیاں جَلاتے ہیں حالانکہ ہمارا اِسلام ان سب چیزوں سے منع کرتا ہے۔ یہ سب کاروباری لوگوں کی کارستانیاں ہیں ، لوگ ان سے یہ تصویر خریدتے رہتے ہیں اور وہ بیچتے رہتے ہیں اگر لوگ خریدنا چھوڑ دیں گے تو وہ بیچنا بھی چھوڑ دیں گے۔
میں نے تصویر کو حرام بولا ہے لہٰذا ہوسکتا ہے مَدَنی چینل پر دیکھنے والے کہیں کہ خود کی تو مدنی چینل پر تصویر آ رہی ہے اور ہمیں بولتا ہے کہ تصویر حرام ہے۔ اِس حوالے سے عرض ہے کہ مَدَنی چینل پر آنے والی تصویر ڈیجیٹل فوٹو یعنی عکس اور شعائیں ہیں جو کہ جائز ہے۔ ([1])وہ فوٹو جو پرنٹ آؤٹ کیا ہوا ہو وہ جائز نہیں ہے۔ ہاں! بعض ضرورتوں کے تحت عُلَمائے کِرام کَثَّرَہُمُ اللہُ السَّلَام نے ا س کی اِجازت دی ہوئی ہے جیسے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کی تصویر کہ کوئی کام ہو تو شناختی کارڈ کی کاپی دینا پڑتی ہے۔ (2)
سُوال: بَدنگاہی کی عادت نہیں جاتی اس سے بچنے کا کوئی طریقہ اِرشاد فرما دیجیے۔
جواب:بَد نگاہی سے بچنے کے لیے خود کو ڈرانا ہوگا اور یہ ذہن بنانا ہوگا کہ جو اپنی نظر کو حرام سے بھرے گا یعنی بَدنگاہی کرے گا قیامت کے دِناللہ پاک اس کی آنکھ میں آگ بھردے گا۔ (3) پھر یہ غور کریں کہ یہاں دُنیا میں آگ کے بجائے مِرچ کا ایک ذَرّہ یا معمولی سا تِنکا آنکھ میں پڑ جائے تو کتنی تکلیف ہوتی ہے۔ یہ بھی غور کریں کہ بَدنگاہی کرنے کی وجہ سے اگر میری آنکھ میں ڈِرل مشین چلادی گئی تو کتنی تکلیف ہو گی؟ واقعی اگر آدمی یہ سوچے تو ڈر جائے ، لیکن خدا کی قسم !بَدنگاہی کے جُرم میں اللہ پاک کی ناراضی کی وجہ سے جو آگ قیامت کے دِن آنکھوں میں بھری جائے گی وہ ایسی کروڑوں ڈرل مشینوں سے بڑھ کر تکلیف دے گی اُس تکلیف کا اِس دُنیاوی تکلیف سے کوئی مُقابلہ ہی نہیں ہو سکتا۔
حضرتِ سَیِّدُنا علّامہ ابنِ جوزی رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہ سے ایک رِوایت یہ بھی منقول ہےکہ جو بَدنگاہی کرے گا اس کی آنکھ میں آگ کی سَلائیاں پھیری جائیں گی۔ (4) ذرا تَصَوُّر کیجیے! وہ سَلائیاں کیسی خوفناک ہوں گی ، یہاں اگر ذرا سا سُرمہ تیز ہو جائے تو آنکھوں سے پانی نکل آتا ہے ، تھوڑی ہوا چلے اور دھول اُڑ کر آنکھ میں چلی جائے تو بےچینی ہو جاتی ہے۔ آنکھوں میں آگ کی سَلائی کون بَرداشت کرسکتا ہے؟ گناہوں بھرے چینلز دیکھنے والے ، فلموں ڈراموں کے شیدائی ، بے پردہ عورتوں کو تکنے والے اور اس طرح کے فحش مَناظِر میں گم رہنے والے غور کریں کہ کہیں انہیں رَب کی ناراضی کی صورت میں عذاب میں مبتلا نہ کر دیا جائے ۔ اللہ کریم ہم سب کو مُعاف فرمائے اور آنکھوں کی حفاظت بھی نصیب کرے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلہٖ وَسَلَّم
دیکھنا ہے تو مدینہ دیکھیے قصر شاہی کا نظارہ کچھ نہیں
شاعر کہہ رہا ہے : اگر دیکھنا ہے تو مدینہ دیکھو شاہی محل کا نظارہ مدینے کے سامنے کچھ بھی نہیں ہے۔
کیا ہم کام نہ ہونے پر عامل سے بکرا واپس لے سکتے ہیں؟
سُوال:اگر کسی گھر میں آسیب یا سایہ ہو یا کسی نے کوئی جادو کروا دیا ہو تو عامل لوگ کہتے ہیں کہ بکرا لے آؤ کام ہو جائے گا ، اِس حوالے سے پوچھنا یہ ہے کہ اگر ہمارا کام نہ ہو تو ہم عامل سے بکر ا واپس لے سکتے ہیں ؟
جواب:آپ اس سے بکرا واپس لے کر تو دِکھائیں! اگر کچھ کر دیا تو بھینسا دینا پڑے گا ۔ عامل اِس طرح بولتے بھی نہیں ہیں کہ مجھے بکرا لا کر دو بلکہ یہ بولتے ہیں کہ قبرستان میں آدھی رات کو بکرا ذَبح کرنا اور اسے چھوڑ کر بھاگ جانا اور پلٹ کر بھی نہیں دیکھنا!آپ گھبرا کر بولیں گے کہ میں یہ کیسے کروں گا؟ جواب ملے گا کہ “ ٹھیک ہے میں آدمی بھیج دیتا ہوں وہ یہ کام کرلے گا۔ “ اِس کے بعد آپ کا بکرا قبرستان جاتا ہے یا عامل کے پیٹ میں؟یہ کس نے جا کر دیکھنا ہے؟
[1] T.Vاور مووی ، ص۲۴۔ 2 فتاویٰ نعیمیہ ، ص ۴۶تا ۴۸ ملخصاً ۔ 3 مکاشفة القلوب ، الباب الاول فی بیان الخوف ، ص۱۰۔
4 بحر الدموع ، الفصل السابع و العشرون موابقات الزنی و عواقبه ، ص ۱۷۱ ، حدیث : ۸۳۔
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع